Tag: گاڑی

  • دیو سائی میں سیاحوں کی گاڑی کھائی میں جاگری، 5 افراد جاں بحق

    دیو سائی میں سیاحوں کی گاڑی کھائی میں جاگری، 5 افراد جاں بحق

    اسکردو:  دیو سائی میں سیاحوں کی گاڑی گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    ایس ایس پی اسکردو کے مطابق دیو سائی میں سیاحوں کی گاڑی گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق  جبکہ 2 افراد زخمی ہوگئے۔

    ایس ایس پی کا بتانا ہے کہ گاڑی سے 4 لاشوں کو نکال لیا گیا، ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

    ایس ایس پی کا بتانا ہے کہ اس حادثے میں 2 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، حادثہ دو گاڑیوں کے تصادم کے باعث پیش آیا۔

  • کتوں کو گاڑی میں اٹھا کر کون لے گیا؟ سی سی ٹی وی فوٹیج وائرل

    کتوں کو گاڑی میں اٹھا کر کون لے گیا؟ سی سی ٹی وی فوٹیج وائرل

    دہلی: بھارت میں کتوں کو اغوا کرنے والا کار گینگ سرگرم ہے جس کی سی سی ٹی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    بھارت کی ریاست آسام کے ایک علاقے گوہاٹی میں کتے کے اغوا کے واقعے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہوئی ہے، جس میں دیکھا گیا ہے کہ تین نامعلوم افراد کے ایک گروپ نے کتے کو کھانا کھلایا اور موقع دیکھتے ہی کار میں ڈال کر لے فرار ہوگئے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق آسام میں پالتو کتوں کی چوری میں اضافہ دیکھا گیا ہے اس سے قبل دسمبر 2021 میں بھی اس طرح کا ایک گینگ سرگرم تھا تاہم کارروائی کرتے ہوئے 24 کتوں کو آزاد کرایا تھا۔

    اسی طرح کا ایک واقعہ فروری 2023 میں پیش آیا، دہلی پولیس نے سی سی ٹی سی فوٹیج کی مدد پالتوں کتوں کو اغوا کرنے والے 3 رکنی گینگ کو گرفتار کرلیا۔

    آسام پولیس کے مطابق تفتیش سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ غیر ملکی نسلوں کے کتوں کی چوری کی وجہ یہ ہے کہ یہ کتے مالی فائدے کے لیے دوبارہ فروخت کیے جاتے ہیں،  ایک اور وجہ یہ بھی ہے کہ اغوا کار اکثر غیر قانونی طور پر اسی نسل کی افزائش کے مقاصد کے لیے کتوں کو اٹھا کر لے جاتے ہیں۔

    ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارت اینیمل کنزرویشن کے ایک اہلکار نے بتایا کہ یہ اغوا کار پالتو جانوروں کو چرانے کے لیے خاص طور پر ان گھروں کو نشانہ بنا رہے ہیں جہاں غیر ملکی نسل کے جانور ہیں تاکہ وہ ان کی افزائش کر سکیں اور پیسہ کما سکیں۔

    اس کی ایک اور وجہ یہ بھی سامنے آئی ہے کہ آسام میں مقامی نسلوں کے کتوں کی اسمگلنگ کا تعلق ناگالینڈ میں کتوں کا گوشت کھانے سے بھی ہے۔

  • ریورس کرتے ہوئے گاڑی بے قابو، تالاب میں جا گری

    ریورس کرتے ہوئے گاڑی بے قابو، تالاب میں جا گری

    بھارت میں ایک گاڑی تالاب میں جا گرنے سے ایک شخص ہلاک ہوگیا، واقعہ سی سی ٹی وی کیمرا میں ریکارڈ ہوگیا۔

    یہ واقعہ بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں پیش آیا، سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گاڑی کا ڈرائیور اسے ریورس کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

    اچانک گاڑی قابو سے باہر ہوتی ہے اور تیزی سے پیچھے چلی جاتی ہے جہاں ایک تالاب موجود ہے، گاڑی تالاب میں گر جاتی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑی میں 3 افراد سوار تھے جن میں سے 2 کو بچا لیا گیا ہے تاہم ایک شخص کی موت ہوگئی۔

  • چالان پر مشتعل ہو کر شہری نے اپنی گاڑی تباہ کردی

    چالان پر مشتعل ہو کر شہری نے اپنی گاڑی تباہ کردی

    عمان: اردن میں ایک شہری نے 3 بار چالان کیے جانے پر مشتعل ہو کر گاڑی کو پہاڑ کی چوٹی سے دھکا دے دیا اور گاڑی تباہ کردی۔

    العربیہ نیٹ کے مطابق اردن میں ایک شہری نے مہم جوئی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی گاڑی کو پہاڑی کی چوٹی سے گرا کر اس کی ویڈیو بنائی اور اسے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک پر پوسٹ کی۔

    اردنی شہری شادی المداحہ اپنے غصے پر قابو نہ رکھ سکا کیونکہ اسے جنوبی اردن کی الکراک گورنری میں 3 مقامات پرٹریفک خلاف ورزی پر چالان ہوا، اس لیے اس کے پاس اپنی گاڑی کو پہاڑ کی چوٹی سے دھکیلنے کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا۔

    اس نے گاڑی کا چالان بھرنے سے انکار کرتے ہوئے اپنی گاڑی ہی کو تباہ کردیا۔

    مشتعل شہری جعفر المداحدہ نے فیس بک پر لائیو ویڈیو میں اس کی وضاحت کی کہ اس کے ساتھ کیا ہوا۔

    اس نے وضاحت کی کہ وہ کل صبح بیدار ہوا اور ایک کلو لیموں خریدنے گیا، جہاں ایک ٹریفک سارجنٹ نے اسے روکا اور اس کا چالان کیا۔

    اس نے کہا کہ خلاف ورزی ایک شق سے ہونی چاہیئے تھی، بحث بڑھ کر 3 شقوں کی خلاف ورزی بن گئی، جس سے اس شخص نے انکار کر دیا۔ اس کے اس رویے پر سوشل میڈیا پر ملا جلا رد عمل سامنے آیا ہے۔

    دوسری طرف اردنی پبلک سکیورٹی ڈائریکٹوریٹ کے میڈیا ترجمان کرنل عامر السرتاوی نے گاڑی کی ٹریفک خلاف ورزی کی تفصیلات بتائی۔

    انہوں نے تصدیق کی کہ گاڑی کے ڈرائیور نے اسے اس طرح روکا جس سے ٹریفک میں رکاوٹ پیدا ہوئی، ٹریفک سارجنٹ کی جانب سے ایک سے زائد بار پوچھے جانے کے باوجود اس نے تعاون سے انکار کیا۔

  • بیٹے کی جان بچانے کے لیے باپ حد سے گزر گیا

    بیٹے کی جان بچانے کے لیے باپ حد سے گزر گیا

    والدین اپنی اولاد کو نقصان سے بچانے کے لیے ہر حد سے گزر سکتے ہیں، اور ایسا ہی قدم ایک باپ نے بھی اٹھایا جس میں اس نے اپنے بیٹے کو بچانے کے لیے کروڑوں کا نقصان کردیا۔

    اسپین میں ایک شخص نے اپنے نشے میں دھت بیٹے کو کار چلانے سے روکنے اور اسے کسی ممکنہ حادثے سے بچانے کے لیے کدال سے اس کی لگژری گاڑی کو سخت نقصان پہنچایا۔

    لوگرونو کے 60 سالہ شخص نے پہلے تو شراب کے نشے میں دھت بیٹے کو ڈرائیونگ سے باز رکھنے کے لیے اسے سمجھانے کی کوشش کی لیکن ناکامی پر انتہائی اقدام کرتے ہوئے لوہے کی کدال سے بیٹے کی چمچاتی قیمتی بی ایم ڈبلیو کار کے نہ صرف شیشے توڑ ڈالے بلکہ کار کے پہیوں کی ہوا نکالنے کے بعد کار کی باڈی پر بھی کدال چلائے۔

    گزشتہ ہفتے پیش آنے والے اس واقعے کے حوالے سے مزید معلوم ہوا ہے کہ جب یہ معمر شخص یہ حرکت کر رہا تھا تو مقامی پولیس کو ایک کال موصول ہوئی کہ ایک شخص عوامی سڑک پر کھڑی گاڑی کو کدال مار کر نقصان پہنچا رہا ہے۔

    پولیس اسکواڈ وہاں پہنچی تو انہوں نے دیکھا کہ ایک سفید وین انہیں دیکھ کر وہاں سے تیزی سے نکلی ہے، تاہم پولیس نے اسے روک لیا اور دیکھا کہ اس کے اندر ایک معمر شخص ایک نشے میں مست نوجوان کے ساتھ بیٹھا ہے۔

    پولیس نے دونوں سے سوالات کیے تو معلوم ہوا کہ یہ دونوں باپ بیٹے ہیں اور معمر شخص نے اپنے 32 سالہ بیٹے کی گاڑی کو نقصان پہنچایا ہے۔

    معمر شخص نے پولیس کو ساری صورتحال سے آگاہ کیا، پولیس نے بعدازاں اس واقعے کو سوشل میڈیا پر ٹویٹ کیا جس پر یہ وائرل ہوگئی۔

  • تیز رفتار گاڑی کو خطرناک حادثہ، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    تیز رفتار گاڑی کو خطرناک حادثہ، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    دنیا بھر میں اکثر ٹریفک حادثات تیز رفتار گاڑیوں کی وجہ سے ہوتے ہیں اور تیز رفتاری کے خطرات جاننے کے باوجود ڈرائیورز تیز گاڑی چلانا پسند کرتے ہیں۔

    ماہرین کے مطابق ایک تیز رفتار اور ایک کم رفتار گاڑی کو کوئی حادثہ ہو تو دونوں کے الگ اثرات مرتب ہوں گے، اس بات کا ثبوت ایک ویڈیو سے بھی ملتا ہے جو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

    ایک بھارتی شخص نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں دکھایا گیا ہے کہ مختلف رفتار پر کوئی گاڑی اگر کسی چیز جیسے کسی پلر سے ٹکراتی ہے تو اس پر کیا اثرات ہوتے ہیں۔

    ویڈیو کی شروعات میں گاڑی کو 30 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے آتے ہوئے دکھایا گیا ہے اور اس کے پلر سے ٹکرانے پر گاڑی کے اگلے حصے کو نقصان پہنچتا ہے۔

    اس کے بعد گاڑی کی رفتار اور تصادم کے بعد پہنچنے والے نقصان میں اضافہ ہوتا جاتا ہے۔

    دراصل ویڈیو کا مقصد آگاہی پھیلانا ہے کہ کم رفتار پر گاڑی چلائی جائے تو کسی حادثے کی صورت میں اندر موجود افراد کی جانیں بچ سکتی ہیں، لیکن گاڑی کی رفتار جتنی زیادہ ہوگی اندر بیٹھے افراد کو بھی اتنا ہی خطرہ ہے۔

    تیز رفتار گاڑی کو ہونے والا معمولی سا حادثہ بھی کئی افراد کے لیے جان لیوا ثابت ہوسکتا ہے کیونکہ اس صورت میں گاڑی تصادم میں بالکل تباہ ہوجاتی ہے۔

    ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین نے مختلف تبصرے کیے، ایک شخص نے کہا کہ گاڑی کی صحیح رفتار وہی ہے جس میں آپ گاڑی کو کنٹرول کر سکیں۔

  • چور اندر موجود بچے سمیت گاڑی لے کر فرار، بس ڈرائیوروں نے بچے کی جان کیسے بچائی؟

    چور اندر موجود بچے سمیت گاڑی لے کر فرار، بس ڈرائیوروں نے بچے کی جان کیسے بچائی؟

    امریکا میں بس ڈرائیورز نے گم ہوجانے والے بچے کو والدین سے ملوا دیا جس کے بعد بس ڈرائیورز ہیرو بن گئے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست مشی گن میں پیش آیا، والدہ دو بچوں کو کار میں لے کر نکلیں اور پھر 2 سالہ بچے کو گاڑی میں ہی چھوڑ کر دوسرے بچے کو بس میں بٹھانے کے لیے گاڑی سے اتریں۔

    اسی وقت ایک کار چور نے جھپٹ کر گاڑی کی ڈرائیونگ سیٹ سنبھالی اور اندر موجود بچے سمیت گاڑی بھگا دی۔

    والدہ اس اچانک صورتحال سے نہایت گھبرا گئیں اور روتے ہوئے بس ڈرائیور سے مدد کی اپیل کی۔ ڈرائیور نے حاضر دماغی سے کام لیتے ہوئے روٹ پر موجود دیگر بس ڈرائیورز کو مطلع کیا۔

    میڈیا کی جانب سے جاری کی جانے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک اور بس ڈرائیور کو سڑک کنارے ایک بچہ دکھائی دیتا ہے جسے وہ بس میں بٹھا کر حادثے کے مقام پر لے آتا ہے۔

    یہ وہی بچہ تھا جسے کار چور تھوڑی دیر بعد سڑک پر چھوڑ کر فرار ہوگیا تھا۔

    دونوں بس ڈرائیورز نے بچے کو والدین کے حوالے کیا تو ان کی جان میں جان آئی، لوگوں نے ڈرائیورز کی حاضر دماغی اور پھرتی پر انہیں سراہا اور ان کی تعریف کی۔

    پولیس تاحال کار اور اسے چوری کرنے والے کو تلاش کر رہی ہے۔

  • ڈرائیونگ کے دوران سوجانے والے شخص کے ساتھ کیا ہوا؟

    ڈرائیونگ کے دوران سوجانے والے شخص کے ساتھ کیا ہوا؟

    بیلجیئم میں ایک خوش قسمت شخص ڈرائیونگ کے دوران سوگیا اور گاڑی 25 کلو میٹر تک صحیح سلامت چلتی رہی۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق سوتے ہوئے ڈرائیور کو چند بائیک سواروں نے دیکھا، وہ گاڑی کو نہیں روک سکتے تھے چنانچہ انہوں نے فوری طور پر ایمرجنسی سروس اور پولیس کو مطلع کیا۔

    ایک مقام پر گاڑی کو روکا جاسکا تب بھی 41 سالہ ڈرائیور سو رہا تھا، ڈرائیور کے غشی کی نیند سونے کے دوران گاڑی 25 کلومیٹر تک سفر کرتی رہی۔

    راستے میں ملنے والے ڈرائیورز کا کہنا تھا کہ مذکورہ گاڑی بہت تیز چل رہی تھی اور لین میں دائیں بائیں بھی ہورہی تھی۔

    پولیس کے مطابق ممکنہ طور پر گاڑی کے فیچرز لین اسسٹ اور کروز کنٹرول نے گاڑی کو کسی حادثے سے بچایا، لین اسسٹ گاڑی کو واپس لین کے درمیان میں لاتی رہی جبکہ کروز کنٹرول نے گاڑی کی رفتار یکساں رکھی۔

  • بم اور میزائل حملے سے بھی محفوظ امریکی صدر کی مہنگی ترین گاڑی

    بم اور میزائل حملے سے بھی محفوظ امریکی صدر کی مہنگی ترین گاڑی

    واشنگٹن: امریکی صدر کے زیر استعمال کار، دنیا کی مہنگی ترین گاڑی ہے، یہ بم پروف ہے جس پر نہ میزائل حملہ اثر کرتا ہے نہ ہی اس کو دھماکے سے اڑایا جا سکتا ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق امریکی صدر کی مشہور زمانہ گاڑی کا نام بیسٹ ہے اور یہ دنیا کی مہنگی اور محفوظ ترین کار ہے۔

    اس گاڑی کی خصوصیت یہ ہے کہ یہ بم پروف ہے جس پر نہ میزائل حملہ اثر کرتا ہے نہ ہی اس کو دھماکے سے اڑایا جا سکتا ہے۔

    یہ کار 6 طاقت ور سلنڈروں کے ساتھ زمین پر ایک قسم کا چلتا پھرتا جہاز بھی ہے، اس گاڑی کی تیاری پر کم و بیش 1.5 ملین ڈالر کے اخراجات بتائے جاتے ہیں۔

    جو بائیڈن امریکا کے 46 ویں صدر ہیں اور اسی مناسبت سے گاڑی کی نمبر پلیٹ پر بھی 46 لکھا گیا ہے۔ یہ گاڑی کیڈلک کمپنی کی تیار کردہ ہے جس میں 7 افراد سوار ہو سکتے ہیں۔

    گاڑی میں تاریکی میں دیکھنے کے لیے خصوصی کیمروں کے علاوہ کیمیائی حملوں سے محفوظ رکھنے والے خصوصی انتظامات بھی ہیں، اس کی خاص بات یہ بھی ہے کہ اس کے ٹائر فائرنگ سے نہیں پھٹ سکتے جبکہ دروازوں کی موٹائی 20 انچ ہے۔

  • خوفناک روڈ ایکسیڈنٹ، راہ گیروں نے بائیک سوار کی جان کیسے بچائی؟

    خوفناک روڈ ایکسیڈنٹ، راہ گیروں نے بائیک سوار کی جان کیسے بچائی؟

    امریکا میں ایک ٹریفک ایکسیڈنٹ کے دوران بائیک سوار گاڑی کے نیچے پھنس گیا، آس پاس موجود راہ گیروں نے مل کر گاڑی کو وہاں سے ہٹایا جس کے بعد مذکورہ شخص کی جان بچ گئی۔

    مذکورہ واقعہ امریکی ریاست جنوبی کیرولینا میں پیش آیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے ایک گاڑی بائیک سے ٹکراتی ہے جس پر ایک مرد اور خاتون سوار ہیں۔

    خاتون بچ جاتی ہیں لیکن مرد بائیک سمیت گاڑی کے نیچے پھنس جاتا ہے، آگے جانے والا ایک اور بائیک سوار یہ منظر دیکھ کر فوراً گاڑی کی طرف دوڑتا ہے اور نیچے پھنسے شخص کو بچانے کی کوشش کرتا ہے۔

    اس دوران آس پاس لوگ جمع ہوجاتے ہیں، تمام افراد گاڑی کے گرد جمع ہوجاتے ہیں اور نیچے موجود شخص کو نکالنے کے لیے سب مل کر گاڑی کو اوپر اٹھا لیتے ہیں۔

    نیچے موجود شخص بحفاظت نکل آتا ہے جس کے بعد دونوں بائیک سواروں کو اسپتال پہنچا دیا جاتا ہے۔ پولیس کے مطابق دونوں افراد کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔

    سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد لوگوں نے اس پر تعریفی کمنٹس کیے اور راہ گیروں کو سراہا۔