Tag: گاڑی

  • پل میں شگاف پڑنے سے ہولناک حادثہ، ویڈیو وائرل

    پل میں شگاف پڑنے سے ہولناک حادثہ، ویڈیو وائرل

    روس میں ایک پل پر گہرا شگاف پڑ گیا جس کے بعد پیچھے آتی کار تیز رفتاری سے شگاف میں جا گری، خوش قسمتی سے خاتون ڈرائیور حادثے میں محفوظ رہیں۔

    یہ ہولناک واقعہ روس میں گزشتہ ماہ پیش آیا تھا جس کی ویڈیو اب سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے، حادثے کی ویڈیو اسی گاڑی کے ڈیش کیم میں ریکارڈ ہوگئی۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پل پر ایک واضح دراڑ موجود ہے جس کے اوپر سے ایک بھاری ٹرک گزرا، ٹرک کے گزرتے ہی پل اس مقام سے بیٹھ گیا۔

    شگاف پڑتے ہی ویڈیو میں پیچھے آتی گاڑی کے ڈرائیور کو چلاتے ہوئے سنا جاسکتا ہے، بظاہر ڈرائیور گاڑی کو روکنے کی کوشش کرتا ہے لیکن ناکام رہتا ہے اور گاڑی تیز رفتاری سے شگاف میں جا گرتی ہے۔

    بعد ازاں ایک اور ویڈیو میں ریسکیو اہلکار شگاف میں اتر کر اس جائزہ کا لیتے دکھائی دیتے ہیں۔ حادثے میں گاڑی کی خاتون ڈرائیور خوش قسمتی سے محفوظ رہیں جنہیں فوری طور پر گاڑی سے باہر نکال لیا گیا۔

  • سعودی عرب میں ڈرائیور حضرات کے لیے خوش خبری

    سعودی عرب میں ڈرائیور حضرات کے لیے خوش خبری

    ریاض: سعودی عرب میں ڈرائیور حضرات کے لیے نئی سہولت متعارف کرادی گئی۔

    عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق غیرقانونی طور پر گاڑی پارکنگ کی صورت میں ٹریفک اہلکار گاڑیاں تحویل میں لے لیتے ہیں ایسی صورت حال میں ڈرائیورز کو یہ پتا لگانا بہت مشکل ہوتا ہے کہ ان کی گاڑیوں کو کہاں رکھا گیا ہے۔

    انتظامیہ نے سعودی موبائل ایپلکیشن ابشر میں ایسی سہولت متعارف کرائی ہے جس کے تحت آن لائن اپنی گاڑی کی لوکیشن دریافت کی جاسکے گی، سعودی شہری یا مقیم غیر ملکی کو پہلے ابشر پر اپنے اکاﺅنٹ پر لاگ ان ہونا ہوگا۔

    اس سہولت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے شہری پارکنگ سے اٹھائی گئی گاڑی کی لوکیشن جان سکیں گے۔ خیال رہے کہ شہری یہ شکوہ کرتے پائے جاتے ہیں کہ گاڑی پارکنگ میں کھڑی کی تھی، معلوم نہیں کس نے گاڑی اٹھائی ہے، تاہم اب اس نئی سہولت سے یہ مسئلہ حل ہوجائے گا۔

    سعودی عرب میں نیا ٹریفک قانون متعارف

    محکمہ ٹریفک نے وضاحت کی ہے کہ نہ صرف ڈرائیور کو اس طرح آسانی میسر آئے گی بلکہ تحویل میں لی گئی گاڑیوں کی تفصیلات بھی جلد ویب سائٹ پر اپلوڈ کردی جائیں گی۔

    واضح رہے کہ محکمہ ٹریفک کے 345 سینٹر قائم ہیں جہاں تحویل میں لی جانے والی گاڑیاں رکھی جاتی ہیں۔

  • ساحل سمندر پر گاڑی چلانے والی سعودی لڑکی کو کیوں گرفتار کیا گیا؟

    ساحل سمندر پر گاڑی چلانے والی سعودی لڑکی کو کیوں گرفتار کیا گیا؟

    ریاض: سعودی عرب میں پولیس نے ٹائر اسکریچنگ کرنے والی ایک لڑکی کو گرفتار کرلیا، لڑکی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو کے بعد ویڈیو میں دکھائی دینے والی لڑکی کو قطیف کمشنری سے گرفتار کرلیا گیا، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لڑکی اسپورٹس کار سے ساحل سمندر کے قریب ٹائر اسکریچنگ کررہی ہے۔

    لڑکی کے ٹائر چرچرانے کا انداز دیکھ کر لوگ حیران رہ گئے۔

    محکمہ ٹریفک کے ڈائریکٹر جنرل محمد البسامی کے مطابق ویڈیو کلپ وائرل ہونے کے بعد پولیس نے ٹائر اسکریچنگ کرنے والی لڑکی کو گرفتار کرکے متعلقہ ادارے کی تحویل میں دے دیا ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ زیر حراست سعودی لڑکی کے خلاف ٹریفک قانون کے تحت تادیبی کارروائی کی جا رہی ہے۔

    خیال رہے کہ سعودی ٹریفک قانون میں خلاف ورزیوں کا ایک چارٹ جاری کیا گیا ہے جس میں ٹائر اسکریچنگ کو ممنوع قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہ ایسی خلاف ورزی ہے جس سے عوامی سلامتی کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔

    حکام کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ ٹریفک خلاف ورزیوں پر جو سزائیں مقرر ہیں ان میں صنفی بنیاد پر کسی کے ساتھ کوئی امتیاز نہیں برتا جائے گا۔

    مذکورہ چارٹ میں سعودی محکمہ ٹریفک نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ وہ ٹریفک کے حوالے سے لاحق خطرات کی خلاف ورزیاں نہ کریں، 9 ایسے کام ہیں جن سے ہر صورت اجتناب کرنا ہے بصورت دیگر قانون کی خلاف ورزی ہوگی۔

    محکمہ ٹریفک کی جانب سے واضح طور پر بتایا گیا ہے کہ حد سے زیادہ رفتار سے گاڑی ڈرائیو کرنا، نشے کی حالت میں گاڑی چلانا، سگنل توڑنا، اسپیڈ میں اوور ٹیک کرنا اور غلط سمت (رانگ وے) گاڑی چلانا سنگین جرائم ہیں۔

  • سعودی عرب میں بچوں کے لیے نیا قانون

    سعودی عرب میں بچوں کے لیے نیا قانون

    ریاض: سعودی عرب میں کم عمر بچوں کو گاڑی میں مخصوص کرسی کے بغیر بٹھانے والے ڈرائیورز کو چالان کیا جائے گا۔

    سعودی ٹریفک پولیس کے مطابق کم عمر بچوں کو گاڑی میں بغیر مخصوص کرسی کے سوار نہ کیا جائے، قانون کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیورز کو چالان کیا جائے گا، کم عمر بچوں کے لیے مخصوس کرسی کا استعمال لازمی ہے۔

    ترجمان ٹریفک پولیس نے بتایا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو 300 سے 5 سو ریال چالان کیا جا سکتا ہے، چالان پولیس اہلکار خلاف ورزی کی نوعیت کے مطابق کریں گے۔ بچوں کے حوالے سے یہ قانون پرانا ہے لیکن اب اس قانون پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

    گاڑی کی اگلی نشست پر بچے کو بغیر کرسی کے بٹھانا سنگین نوعیت کی خلاف ورزی ہے کیونکہ اگلی سیٹ پر تنہا چھوٹے بچے کو سوار کرنا خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔ گاڑی میں بچوں کے لیے مخصوص کرسی میں حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جاتا ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال جنوری میں سعودی ٹریفک پولیس کے اعلیٰ حکام کا کہنا تھا کہ 10 سال سے کمر عمر بچوں کو کسی کی نگرانی کے بغیر گاڑی میں اکیلے چھوڑ کر جانا قابل سزا جرم ہے ۔

  • راولپنڈی بڑی تباہی سے بچ گیا، اسلحے سے بھری گاڑیاں پکڑی گئیں

    راولپنڈی بڑی تباہی سے بچ گیا، اسلحے سے بھری گاڑیاں پکڑی گئیں

    راولپنڈی: پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے راولپنڈی کو بڑی تباہی سے بچا لیا، اسلحے سے بھری دو گاڑیاں پکڑی گئیں، اسلحہ مختلف شہروں میں سپلائی کیا جانا تھا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق راولپنڈی میں صدر ڈویژن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اسلحے سے بھری گاڑیاں پکڑ لیں جبکہ چونترہ پولیس نے اسلحے سے بھری دونوں گاڑیاں قبضے میں لے لی ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ 2 ملزمان گرفتار بھی ہوئے، گاڑیوں سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا۔ گاڑیوں سے 36پستول، 3کلاشنکوف اور ایک رائفل برآمد ہوئی۔

    کراچی میں رینجرز کی کارروائیاں، کالعدم تنظیم کے 2 دہشت گرد گرفتار

    پولیس نے بتایا کہ گاڑیوں سے بڑی تعداد میں دھماکاخیز مواد اور میگزین بھی شامل ہے، اسلحہ مختلف علاقوں میں سپلائی کیا جانا تھا۔ اس اہم کارروائی سے ملک بڑی تباہی سے بچ گیا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے شہر قائد کے مختلف علاقوں میں رینجرز نے کارروائیاں کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے 2 مطلوب دہشت گرد گرفتار کیے تھے۔

  • گاڑی سمندر میں جا گری، دو افراد جاں بحق

    گاڑی سمندر میں جا گری، دو افراد جاں بحق

    کراچی: شہر قائد کے علاقے ڈیفنس فیز 8 میں بے قابو گاڑی سمندر میں جاگری جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق حادثے کی شکار ہونے والی سفید رنگ کی گاڑی میں دو افراد سوار تھے جس میں سے ایک نوجوان گاڑی چلانا سیکھ رہا تھا کہ اس دوران گاڑی بے قابو ہو کر سمندر میں جا گری۔

    اطلاع ملنے پر پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور ڈوبنے والے افراد کو نکالنے کے لیے امدادی کاررائیوں کا آغاز کیا، اس دوران ایدھی کے رضاکار اور غوطہ خور بھی مدد کو آن پہنچے اور دونوں افراد کو نکال کر تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کر دیا۔

    جناح اسپتال کے ایمرجنسی میں ڈاکٹرز نے دونوں افراد کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا۔

    دونوں افراد آپس میں رشتے دار تھے جن کی شناخت محمد افتخار اور دانیال کے نام سے ہوئی، میتوں کو جناح اسپتال کے مردہ خانے منتقل کردیا گیا ہے اور ضابطے کی کارروائی کے بعد میتوں کو لواحقین کے حوالے کیا جائے گا۔

    ادھر کرین کی مدد سے ڈوبی ہوئی کار کو سمندر سے نکال کر متعلقہ تھانے منتقل کر دیا گیا ہے اور پولیس واقعے سے متعلق عینی شاہدین کے بیانات قلمبند کر رہی ہے۔

  • گاڑی اسٹارٹ چھوڑ کر جانے پر اب جرمانہ ہوگا

    گاڑی اسٹارٹ چھوڑ کر جانے پر اب جرمانہ ہوگا

    ریاض: سعودی ٹریفک پولیس نے اعلان کیا ہے کہ اسٹارٹ حالت میں گاڑی چھوڑ کر جانے سے گاڑی چوری کی وارداتوں اور دیگر حادثات میں اضافہ ہوگیا ہے جس کے باعث اب ایسی گاڑیوں پر جرمانہ عائد ہوگا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق ادارہ ٹریفک پولیس نے بیان جاری کیا ہے کہ گاڑی اسٹارٹ حالت میں چھوڑ کر جانا قانونی خلاف ورزی شماری کی جائے گی، ٹریفک اہلکار کو یہ اختیار ہے کہ اگر گاڑی میں کوئی نہ ہو اور وہ اسٹارٹ حالت میں کھڑی ہو تو مالک کے خلاف چالان کاٹے۔

    ٹریفک پولیس نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مختلف شہروں میں گاڑی چوری کی وارداتوں میں ہونے والے اضافے کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کے تحت چالان کیے جارہے ہیں۔

    اسٹارٹ حالت میں گاڑی چھوڑنے کا مطلب یہ ہے کہ چوروں کو خود دعوت دی جائے، اس لیے احتیاط کا تقاضہ ہے کہ انہیں اپنی جانب سے کسی قسم کا موقع فراہم نہ کیا جائے۔

    ٹریفک پولیس کے مروجہ قانون میں سٹارٹ حالت میں گاڑی چھوڑنے پر کم از کم 100 اور زیادہ سے زیادہ 150 ریال چالان کیا جاتا ہے۔

    ٹریفک پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ لوگوں کو چاہیئے کہ وہ اپنی اشیا کی حفاظت کریں تاکہ انہیں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ کئی ماہ سے مملکت کے مختلف شہروں میں کار چوری کی متعدد وارداتیں ہو رہی ہیں جن میں سے بیشتر واقعات میں گاڑی اسٹارٹ حالت میں ہوتی ہے جس میں چور بغیر کسی زحمت کے باآسانی گاڑی چرا لیتے ہیں۔

    محکمہ سیفٹی کا کہنا ہے کہ آٹو میٹک گاڑیوں کے بیشتر حادثات اس وجہ سے بھی ہوتے ہیں کہ گاڑی بچوں کی موجودگی میں اسٹارٹ حالت میں چھوڑ دی جاتی ہے۔ بچے کھیل ہی کھیل میں گیئر لگا دیتے ہیں جس سے گاڑی حادثے کا شکار ہو جاتی ہے۔

    حفاظتی قوانین کے تحت خاص ہدایت کی گئی ہے کہ گاڑی میں بچوں کی موجودگی میں اسے کبھی اسٹارٹ حالت میں نہ چھوڑا جائے۔

  • ایسا کار حادثہ جس پر قہقہے لگ گئے

    ایسا کار حادثہ جس پر قہقہے لگ گئے

    واشنگٹن: آپ نے سڑکوں پر ٹریفک حادثات تو دیکھے ہوں گے لیکن امریکا میں ایک ایسا عجیب وغریب حادثہ پیش آیا جو سوشل میڈیا پر مذاق بن گیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا میں ہوٹل کے واٹرپول میں ایک تیرتی ہوئی کار نظر آئی، اپنی نوعیت کے اس منفرد حادثے کے ردعمل میں سوشل میڈیا پر قہقہے بکھر گئے اور صارفین نے ڈرائیور کو مزاحیہ انداز میں شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق فلوریڈا کے شہر ویسٹ پالم کی پولیس نے حادثے سے متعلق سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر تصاویر شیئر کیں۔ ایسا عجیب وغریب منظر دیکھ کر صارفین ورطہ حیرت میں مبتلا ہوگئے۔

    حادثے کی اصل وجہ سامنے نہیں آئی البتہ پولیس کا کہنا ہے کہ کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔

    صارفین نے فیس بک پر دلچسپ تبصرے کیے، ایک نے لکھا ایسا لگتا ہے کار کو واٹرپول میں باقاعدہ رکھا گیا ہے۔

    کس نے طنزیہ انداز میں کہا یہ تیرنے والی گاڑی کی نئی تعریف ہے۔

  • نمبر پلیٹ کے ساتھ دو نمبری آپ کو بھاری نقصان پہنچا سکتی ہے

    نمبر پلیٹ کے ساتھ دو نمبری آپ کو بھاری نقصان پہنچا سکتی ہے

    ریاض: سعودی محکمہ ٹریفک نے واضح کیا ہے کہ کسی اور گاڑی کی نمبر پلیٹ استعمال کرنا ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ہے جس پر 5 سے 10 ہزار ریال تک جرمانہ مقرر ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق محکمہ ٹریفک پولیس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے اعلامیے میں کہا ہے کہ کسی بھی گاڑی کا مالک دوسری گاڑی کی نمبر پلیٹ استعمال نہیں کر سکتا۔ ایسا کرنے پر پابندی ہے اور اس کی خلاف ورزی پر جرمانہ مقرر ہے۔

    ٹریفک پولیس کے مطابق خلاف ورزی پر 5 ہزار ریال سے 10 ہزار ریال تک جرمانہ مقرر ہے جبکہ صحیح نمبر پلیٹ لگانے تک گاڑی کو محکمے کی تحویل میں لے لیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ سعودی ٹریفک قانون میں یہ سہولت دی گئی ہے کہ ایک ہی مالک کی ایک گاڑی کی نمبر پلیٹ دوسری گاڑی میں منتقل کی جاسکتی ہے بشرطیکہ محکمہ ٹریفک میں اس کا اندراج کروایا گیا ہو اور اس کی فیس ادا کردی جائے۔

    ایک شرط یہ بھی ہے کہ گاڑی کا ملکیت نامہ جسے سعودی عرب میں ’رخصتہ السیر‘ کہا جاتا ہے ایک ہی مالک کے نام پر ہو۔ گاڑی کی ملکیت کی منتقلی اور رخصتہ السیر کی تجدید کے لیے مؤثر انشورنس دستاویز بھی ضروری ہے۔

    مذکورہ انشورنس گاڑی فروخت ہونے کے بعد بھی مؤثر رہتی ہے، بس نئے مالک کو انشورنس کمپنی میں نجی معلومات کا اندراج کروانا پڑتا ہے۔ انشورنس کمپنی انشورنس کے مکمل دورانیے کی پابند ہوتی ہے خواہ گاڑی کا ملکیت نامہ انشورنس سکیم کے مؤثر ہونے کے دوران ختم کیوں نہ ہوگیا ہو۔

  • دوسروں کی گاڑی چلانے والے ہوجائیں ہوشیار

    دوسروں کی گاڑی چلانے والے ہوجائیں ہوشیار

    ریاض: سعودی عرب میں ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ دوسروں کی گاڑی عارضی اتھارٹی لیٹر کے بغیر نہ چلائی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں دوسروں کی گاڑی عارضی لیٹر کے بغیر چلانے اور خلاف ورزی ریکارڈ ہونے کی صورت میں چالان گاڑی کے مالک کو بھرنا پڑے گا۔

    سعودی عرب میں ڈیجیٹل چالان سسٹم نافذ ہے جس کے تحت ٹریفک کی خلاف ورزی پر کیا جانے والا چالان براہ راست گاڑی کے مالک کے نام کاٹا جاتا ہے، چالان ہونے کی صورت میں گاڑی کے مالک کو چالان کی رقم ادا کرنا ہوگی۔

    ٹریفک پولیس کے مطابق گاڑی چلانے کے لیے جاری کیے جانے والے اتھارٹی لیٹر میں ڈرائیور کے کوائف درج کیے جاتے ہیں، خلاف ورزی پر چالان اسی پر ہوگا جس کے کوائف اتھارٹی لیٹر میں درج کیے گئے ہوں گے۔

    ٹریفک پولیس کی جانب سے ابشر ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے گاڑی چلانے کے لیے عارضی یا مستقل بنیادوں پر اتھارٹی لیٹر جاری کرانے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

    محکمہ ٹریفک کی جانب سے جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ غیر ملکی ڈیجیٹل طریقے سے عارضی اتھارٹی لیٹر جاری کرانے کے اہل ہیں جن کے ایک کفیل ایک ہی ہوں۔

    ٹریفک پولیس کے مطابق وہ سعودی جنہوں نے ڈرائیور رکھے ہیں وہ بھی اپنے ڈرائیوروں کے نام پر اتھارٹی لیٹر جاری کراسکتے ہیں۔