Tag: گاڑی

  • گاڑی کے نیچے آنے سے کیسے بچا جائے؟

    گاڑی کے نیچے آنے سے کیسے بچا جائے؟

    آج کل کی تیز رفتار زندگی میں تیز دوڑتی گاڑیوں سے بچنا بے حد مشکل ہوجاتا ہے، خصوصاً ایسی صورت میں جب آپ خود بھی جلدی میں سڑک پار کر رہے ہوں۔

    ایک پروفیشنل اسٹنٹ وومین ٹیمی بیئرڈ ایک ایسا طریقہ بتاتی ہیں جس میں گاڑی کے ایکسیڈنٹ میں کم سے کم نقصان ہو سکتا ہے۔

    گاڑی سے تصادم صرف چند سیکنڈز یا لمحوں کا کھیل ہوتا ہے اور اس مختصر سے عرصے میں بہت کم لوگ فوری طور پر اپنے بچاؤ کی تدبیر کر پاتے ہیں۔

    ویسے تو سامنے سے آتی تیز رفتار گاڑی کے سامنے سے ہٹ جانا ہی بچاؤ کا سب سے بہترین حل ہے تاہم ایسے موقع پر حواس کام کرنا چھوڑ دیتے ہیں اور سامنے کھڑا شخص کچھ بھی نہیں کر پاتا۔

    مزید پڑھیں: ٹریفک حادثے کی صورت میں کیا کیا جائے؟

    ٹیمی بیئرڈ کا کہنا ہے کہ جب بھی آپ خود کو سامنے سے آتی گاڑی کی زد میں پائیں اور تصادم یقینی ہو تو ایسی صورت میں گاڑی کے قریب آتے ہی اچھل کر اس کے بونٹ پر سوار ہوجائیں۔

    گو کہ اس طریقے میں بھی چوٹ لگے گی تاہم یہ اس سے کم ہوگی جو گاڑی سے تصادم کی صورت میں لگے گی اور جان لیوا بھی ثابت ہوسکتی ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ روڈ ایکسیڈنٹ کی صورت میں اگر آپ خود کو بالکل ٹھیک ٹھاک محسوس کریں تب بھی ڈاکٹر کے پاس ضرور جائیں۔

    ہوسکتا ہے ایکسیڈنٹ میں آپ کو کوئی اندرونی زخم لگا ہو جو کچھ دیر بعد ظاہر ہو۔ ایسا اندرونی زخم جان لیوا بھی ثابت ہوسکتا ہے۔

    مزید رہنمائی کے لیے یہ ویڈیو دیکھیں۔

  • سردیوں میں اپنی کار کو بیکار ہونے سے بچائیں

    سردیوں میں اپنی کار کو بیکار ہونے سے بچائیں

    ملک بھر میں شدید سردیاں اپنے عروج پر ہیں۔ گو کہ ایسے موسم میں غیر ضروری طور پر سفر کرنے سے گریز کرنا چاہیئے، لیکن روز مرہ کے معمولات جیسے دفاتر، اسکول وغیرہ جانا یا کسی ایمرجنسی کی صورت میں سواری کا استعمال لازمی ہے۔

    اگر آپ ذاتی کار کے مالک ہیں تو سرد موسم میں آپ کو اس کا خیال بھی ایسے ہی رکھنا ہے جیسے گھر کے کسی فرد کا۔ کیونکہ خدانخواستہ کسی ہنگامی صورتحال یا کسی بیماری میں یہی وہ ساتھی ہوگی جو آپ کو اسپتال تک پہنچائے گی۔

    تو پھر مندرجہ ذیل طریقوں سے آگاہی حاصل کریں تاکہ آپ اپنی کار کو سردیوں میں بھی فعال رکھ سکیں اور بے کار ہونے سے بچ جائیں۔


    بیٹری چیک کریں

    گاڑی کی بیٹری کے لیے ٹھنڈا پانی اسے ختم کرنے کے لیے کافی ہے۔ بیٹری کے لیے ہمیشہ معمول کے درجہ حرارت والا پانی استعمال کریں۔

    اس موسم میں گاڑی کی بیٹری کو گھر کے اندر چارج کرنا مناسب رہے گا۔ گو کہ یہ ایک مشکل عمل ہوگا لیکن آپ کو کئی پریشانیوں سے بچا لے گا۔ پھر بھی اگر آپ کی بیٹری کام نہیں کر رہی تو اس کا مطلب ہے کہ آپ کو نئی بیٹری کی ضرورت ہے۔


    اینٹی فریز چیک کریں

    2

    جیسا کہ نام سے ظاہر ہے، گاڑی کا اینٹی فریز انجن کے کولنگ سسٹم میں پانی کو جمنے سے روکتا ہے۔

    اس کی کارکردگی چیک کرنے کے لیے آپ کو اینٹی فریز ٹیسٹر کی ضرورت ہے جو ارزاں قیمت میں بازار میں دستیاب ہے۔

    اس کے لیے اسے بونٹ میں موجود کولینٹ ریزرور کیپ میں ڈال کر دیکھا جاسکتا ہے کہ آیا پانی جم تو نہیں گیا۔


    اسکرین واش کی بوتل

    سردیوں کا موسم بعض اوقات نمی پیدا کرنے کا باعث بھی بنتا ہے۔ اگر آپ کی گاڑی میں اسکرین واش کی بوتل خالی ہوگی، جو سردیوں میں اکثر پانی جمنے یا خشک ہونے کی صورت میں ہوجاتی ہے، تو اسکرین پر چلتے وائپرشیشوں پر کالک پھیر سکتے ہیں۔


    بیرونی روشنیوں کا خیال رکھیں

    3

    کار کی بیرونی روشنیوں کا خاص خیال رکھیں۔ سردیوں میں اکثر آپ کو دھند، بارش یا برفباری کا سامنا ہوسکتا ہے لہٰذا کوشش کریں کہ کار کی بیرونی روشنیاں مستقل کام کر رہی ہوں۔

    کار کی روشنیوں کو باقاعدگی سے صاف کریں۔

    دھول مٹی سے ان کی روشنی کم ہوسکتی ہے لہٰذا ان کی صفائی ضروری ہے۔

    گاڑی میں اضافی بلب بھی رکھیں تاکہ وقت ضرورت کام آسکیں۔


    سرد موسم کے خصوصی ٹائرز

    4

    سردیوں میں بہتر ہے کہ گاڑی میں خصوصی موٹے ٹائرز لگائے جائیں۔

    یہ ٹائر عام ٹائروں کے مقابلے میں موٹے اور مضبوط ہوتے ہیں اور بارش یا برفباری کی صورت میں پھسلتے نہیں۔

    علاوہ ازیں ونٹر ٹائرز یا نارمل ٹائرز کا پریشر روزانہ کی بنیاد پر چیک کریں تاکہ دوران سفر کسی پریشانی سے بچ سکیں۔


    ساز و سامان سے آراستہ رہیں

    سردیوں کے موسم میں گاڑی میں کچھ اضافی سامان ضرور رکھیں تاکہ اگر راستے بند ہونے کی وجہ سے آپ کہیں پھنس جائیں تو صورتحال کو کسی قدر آسان بنا سکیں۔

    5

    گاڑی میں رکھا جانے والا سامان یہ ہونا چاہیئے۔

    ایک اضافی موبائل فون اور چارجر

    وارننگ کا نشان

    ابتدائی طبی امداد یا فرسٹ ایڈ کٹ

    6

    برف کھرچنے والا ڈی آئسر

    بیلچہ

    لمبے بوٹس

    گاڑی کو کھینچنے کے لیے مضبوط رسہ

    ٹارچ

    7

    گرم کپڑے

    غذائیں اور جوسز

    اور بارش میں کار کو گندے اور گیلے قدموں سے بچانے کے لیے غالیچے جو وقت ضرورت گاڑی کو آگے بڑھانے کے لیے پہیوں کے نیچے بھی رکھے جاسکتے ہیں۔

  • کار ایکسیڈنٹ کے دوران جانی نقصان سے بچنے کی تجاویز

    کار ایکسیڈنٹ کے دوران جانی نقصان سے بچنے کی تجاویز

    گاڑی چلانا ایک ایسا کام ہے جس کے لیے نہایت مشاقی و مہارت کی ضرورت ہوتی ہے۔ ڈرائیونگ کے دوران دماغی طور پر حاضر رہنا بھی نہایت ضروری ہے تاکہ کسی ہنگامی صورتحال میں سیکنڈ کے ہزارویں حصہ میں فیصلہ کر کے اپنی اور گاڑی میں بیٹھے دیگر افراد کی جانیں بچائی جائیں۔

    لیکن ہر شخص ان اصولوں کی پاسداری نہیں کرتا۔ ڈرائیونگ کے دوران آپ کا واسطہ بے شمار ایسے افراد سے پڑے گا جو نہایت لاپرواہی سے گاڑی چلا کر اپنی اور دوسروں کی جانوں کو خطرے میں ڈال دیں گے۔

    یہاں ہم آپ کو کچھ ایسی تجاویز بتارہے ہیں جن کو اپنا کر کسی حادثے کی صورت میں آپ اپنا بچاؤ کر سکتے ہیں۔

    یہ تجاویز آپ کو شدید زخمی ہونے سے بچائیں گی جن کے بعد آپ اپنے ہوش و حواس بحال رکھتے ہوئے قریبی اسپتال جا کر ابتدائی طبی امداد حاصل کرسکتے ہیں۔

    گاڑی خریدنے کا پہلا اصول

    accident-5

    جب بھی آپ گاڑی خریدیں تو اس سے پہلے کچھ ہوم ورک ضرور کریں۔ انٹرنیٹ پر اس گاڑی کے ماڈل کی سیفٹی ریٹنگز سے ضرور آگاہی حاصل کریں۔

    یہ ریٹنگز بتاتی ہیں کہ کسی حادثے کی صورت میں گاڑی میں بیٹھے افراد کو اگلی گاڑی نے زیادہ نقصان پہنچایا یا جس گاڑی میں وہ بیٹھے تھے وہی گاڑی ان کے زخمی ہونے کا سبب بنی۔

    سیٹ بیلٹ کا استعمال

    accident-4

    سفر کے دوران سیٹ بیلٹ کا استعمال ایک ایسی مفید عادت ہے جو آپ کو کسی بھی خطرناک صورتحال سے بچا سکتی ہے۔

    نہ صرف حادثے کی صورت میں، بلکہ سڑک پر اگر ایمرجنسی بریک بھی لگائے جائیں تب بھی آپ کا سر اگلی سیٹ یا شیشے سے ٹکرا سکتا ہے جس سے بچنے کا واحد حل سیٹ بیلٹ پہننا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق سڑک پر پیش آنے والے کار ایکسیڈنٹس میں 98 فیصد اموات سیٹ بیلٹ نہ پہننے کے باعث ہوتی ہیں۔

    یہ عمل اس وقت اور بھی ضروری ہے جب آپ کے ساتھ گاڑی میں بچے بھی موجود ہوں۔ بچوں کو گاڑی میں بٹھا کر سیٹ بیلٹ باندھنے سے قبل کبھی بھی گاڑی نہ چلائیں۔

    گاڑی میں موجود ایئر بیگ

    accident-2

    گاڑی کے اسٹیئرنگ وہیل پر لگا ائیر بیگ کسی حادثے کی صورت میں آپ کے سر اور چہرے کو شدید زخمی ہونے سے بچا سکتا ہے تاہم اس کے لیے بھی کچھ احتیاطی تدابیر اختیار کرنی ضروری ہیں۔

    ڈرائیونگ کے دوران ہاتھوں میں گھڑی یا زیورات پہننے سے گریز کریں۔ اکثر حادثات میں ایئر بیگ اور چہرے کے درمیان ہاتھ آگئے جن میں پہنی گھڑیاں اور زیورات چہرے کو شدید زخمی کرنے کا سبب بنیں۔

    بازؤں کو اسٹیئرنگ وہیل پر ترچھا (کراس) کر کے مت رکھیں۔ دایاں ہاتھ دائیں جانب اور بایاں ہاتھ بائیں جانب رکھ کر گاڑی چلائیں۔

    اسی طرح ڈرائیونگ کے دوران اپنی گود میں کوئی ایسی چیز رکھنے سے گریز کریں جو حادثے کے دوران آپ کا چہرہ ایئر بیگ تک پہنچنے سے روک دے۔

    ایئر بیگ کو کچھ عرصے بعد اچھی طرح چیک کرتے رہیں تاکہ اگر اس میں کوئی خرابی ہے تو اس کا علم ہوسکے اور فوری طور پر اس کو درست کیا جاسکے۔

    گاڑی میں غیر ضروری سامان

    accident-3

    گاڑی میں بغیر کسی سہارے کے رکھا ہوا ہلکا پھلکا سامان جیسے بیگ، موبائل فون، کھانے پینے کی اشیا یا لیپ ٹاپ وغیرہ کسی حادثے کی صورت میں اپنی جگہ سے اچھل کر آپ سے ٹکرا سکتے ہیں جس سے آپ کے زخمی ہونے کے امکانات میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

    ایکسیڈنٹ کے بعد

    ایکسیڈنٹ کے فوراً بعد قریبی اسپتال ضرور جائیں۔ ہوسکتا ہے آپ کو کوئی ظاہری چوٹ نہ لگی ہو، لیکن جھٹکے سے آپ کو کوئی اندرونی جسمانی یا دماغی چوٹ لگنے کا امکان ہو سکتا ہے جس کی درست تشخیص کوئی ڈاکٹر ہی کرسکتا ہے۔

    مزید پڑھیں: ٹریفک حادثے کی صورت میں کیا کیا جائے؟

  • لاہور: اسٹیج اداکاراکرم اداس کی گاڑی پر فائرنگ

    لاہور: اسٹیج اداکاراکرم اداس کی گاڑی پر فائرنگ

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے قریب معروف اسٹیج اداکار اکرم اداس کی گاڑی پر نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کی تاہم وہ حملے میں محفوظ رہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے قریب اسٹیج اداکار اکرم اداس کی گاڑی پرنامعلوم ملزمان نے فائرنگ کی تاہم وہ حملے میں محفوظ رہے، گاڑی پرگولیاں لگیں۔

    معروف اسٹیج اداکار لاہور سے گوجرانوالہ جا رہے تھے کہ راستے میں موٹرسائیکل پرسوار نامعلوم ملزمان نے ان کی گاڑی پرفائرنگ کردی۔

    اکرم اداس کا میڈیا سے گفگتوکرتے ہوئے کہنا تھا کہ چند نامعلوم افراد پیچھا کررہے تھے، میں گاڑی روک کر دوڑنے لگا تو حملہ آوروں نے فائرنگ کردی، تاہم میں محفوظ رہا۔

    پولیس حکام کے مطابق ملزمان کی جانب سے گاڑی پرفائرنگ کی گئی، واقعے کی تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

    خیال رہے کہ 5 اگست کو فیصل آباد میں معروف اسٹیج اداکارہ ندا چوہدری کی گاڑی پرنامعلوم ملزمان نے فائرنگ کی تھی تاہم وہ حملے میں محفوظ رہی تھیں۔

    اسٹیج اداکارہ ندا چوہدری کا کہنا تھا کہ میری کسی کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں ہے۔

    اداکارہ نور کو سابق شوہر نے گھر میں گھس کر قتل کردیا

    یاد رہے کہ رواں سال 19 فروری کو ایبٹ آباد میں مقامی اسٹیج ڈانسر اور اداکارہ نور کو سابق شوہر شازی خان نے گھر میں گھس کر قتل کردیا تھا۔

  • ڈرائیونگ سیٹ کی جگہ بالٹی پر بیٹھ کر گاڑی چلانے والا شخص گرفتار

    ڈرائیونگ سیٹ کی جگہ بالٹی پر بیٹھ کر گاڑی چلانے والا شخص گرفتار

    لندن : برطانوی پولیس نے بغیر  اسٹیرنگ اور  ڈرائیونگ سیٹ کے تباہ حال گاڑی چلانے والے شخص کو متعدد دفعات کے تحت گرفتار کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے شہر نورفولک میں ایک شخص نے بغیر اسٹیرنگ اور ڈرائیونگ سیٹ کے گاڑی چلاکر سب کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا ہے۔ برطانوی پولیس نے مذکورہ شخص کو  تباہ حال گاڑی چلانے کے جرم گرفتار کرلیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ حراست میں لیا جانے والا شخص گاڑی کو ڈرائیونگ سیٹ کی جگہ لوہے کی بالٹی پر بیٹھ کر چلا رہا تھا۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق حیران کن بات یہ ہے کہ مذکورہ شخص گاڑی کو  بغیر اسٹیرنگ کے محض ایک پلایئر سے ڈرائیو کر رہا تھا، برطانیہ کی پیٹرولنگ پولیس کے اہلکار گاڑی کی حالت دیکھ کر  دنگ رہ گئے۔

    برطانوی پولیس کے ایک آفیسر  نے بتایا کہ مذکورہ گاڑی میں نہ ہیڈلائٹس تھیں، نہ بمپر  اور گاڑی کے ٹائر  بھی بلکل فلیٹ تھے، جب گاڑی کے اندر  دیکھا تو ڈیش بورڈ اور اسپیڈو میٹر بھی موجود نہیں تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکاروں نے تباہ حال گاڑی کی تصاویر  لے کر  سماجی رابطوں کی ویب سایٹ پر  پوسٹ کی تو تصاویر فوراً وائرل ہوگی۔ پولیس اہلکار نے پوسٹ میں لکھا کہ ڈرائیور کو متعدد دفعات کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • امریکا: اڑنے والی کم قیمت گاڑی متعارف

    امریکا: اڑنے والی کم قیمت گاڑی متعارف

    نیویارک: امریکی ماہرین نے فضا میں اڑنے والی جدید گاڑی متعارف کرادی جو انتہائی کم قیمت اور چارچنگ سے چلنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کی گاڑیاں بنانے والی کمپنی نے ’بلیک فلائی نامی‘ گاڑی متعارف کروائی جو بجلی سے چلتی اور ایک بار چارج ہونے کے بعد 25 میل تک کا سفر طے کرسکتی ہے۔

    کمپنی کے مطابق فضائی کار 62 میل فی گھنٹی کی رفتار سے اڑتی ہے جبکہ اس میں صرف ایک ہی سیٹ لگائی گئی جس پر ڈرائیور بیٹھ سکتا ہے۔

    اسٹارٹ اپ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گاڑی کو چلانے کے لیے پائلٹ کو ایوی ایشن کا لائسنس لینا ضروری نہیں البتہ کمپنی کی جانب سے خریدار کو معمولی تربیت دی جائے گی جس کے بعد وہ مکمل مہارت حاصل کر لے گا۔

    کمپنی کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ گاڑی انتہائی کم قیمت ہوگی جسے عام صارفین کے لیے مارکیٹ میں اگلے برس پیش کیا جائے گا۔

    ماہرین کے مطابق گاڑی محفوظ ہے جسے آسانی کے ساتھ لینڈ اور ٹیک آف کیا جاسکتا ہے۔

    امریکا کے محکمہ ٹرانسپورٹ اور ایوی ایشن نے  کمپنی کو گاڑی کی منظوری دیتے ہوئے اس کے فروخت کی اجازت بھی دے دی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • فضائی آلودگی سے  قلم کی سیاہی تیار

    فضائی آلودگی سے قلم کی سیاہی تیار

    آپ یقیناً اپنے شہر کی آلودگی سے بہت پریشان ہوں گے۔ گاڑیوں کا دھواں، مٹی اور آلودگی انسانی جسم پر منفی اثرات مرتب کرتی ہے۔ لیکن کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ اس آلودگی سے کوئی ایسی چیز تخلیق کی جائے جو فائدہ مند ثابت ہو؟

    حال ہی میں ماہرین نے فضائی آلودگی کے اہم جز کاربن سے ایک کارآمد شے تخلیق کرنے پر کام شروع کیا ہے، وہ شے کچھ اور نہیں بلکہ سیاہی ہے۔

    air-ink-1

    ایئر انک نامی یہ سیاہی میسا چوسٹس انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے ماہرین نے تیار کی ہے۔

    carbon

    اسے تیار کرنے کے لیے کار کے ایگزاسٹ (دھواں خارج کرنے والے سائلنسر) سے کاربن اکٹھی کی جاتی ہے جس کے بعد اسے مختلف کیمیائی عوامل کے ذریعے سیاہی میں تبدیل کردیا جاتا ہے۔

    مزید پڑھیں: فضائی آلودگی کن کن نقصانات کا سبب بنتی ہے؟

    کار سے 45 منٹ کے کاربن اخراج سے ایک اونس سیاہی تیار کی جاسکتی ہے اور اس سیاہی سے مصوری سمیت کوئی بھی تخلیقی کام کیا جاسکتا ہے۔ گویا اب آلودگی تخلیقی کاموں میں معاون ثابت ہوگی۔

    air-ink-2

    یاد رہے کہ گاڑیوں سے نکلنے والے دھویں میں کاربن کی بڑی مقدار شامل ہوتی ہے جو فضا کو آلودہ اور زہریلا بنا دیتی ہے۔

    اس سے قبل بھی امریکی ماہرین نے ایک تکنیک متعارف کی تھی جس کے ذریعے کاربن کو کنکریٹ کی شکل میں تبدیل کر کے تعمیری مقاصد میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔

    اسے تیار کرنے کے لیے چمنیوں کے ذریعہ دھواں جمع کیا گیا اور بعد ازاں ان میں سے کاربن کو الگ کر کے اسے لیموں کے ساتھ ملا کر تھری ڈی پرنٹ کیا گیا۔ اس طرح ماحول اور صحت کو نقصان پہنچانے والی گیس تعمیری اشیا میں تبدیل ہوگئیں۔

    آئس لینڈ میں کیے جانے والے ایک اور تجربے میں سائن سدانوں نے کاربن گیس کو پانی کے ساتھ مکس کر کے زیر زمین گہرائی میں پمپ کیا۔ اسے اتنی گہرائی تک پمپ کیا گیا جہاں آتش فشاں کے ٹھوس پتھر موجود ہوتے ہیں اور وہاں یہ فوری طور پر ٹھوس پتھر میں تبدیل ہوگیا۔

    ماہرین کے مطابق کاربن سے تیار شدہ یہ پتھر بھی تعمیری مقاصد کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

    مزید پڑھیں: فضائی آلودگی دماغی بیماریاں پیدا کرنے کا باعث

    یاد رہے کہ عالمی ادارہ صحت ڈبلیو ایچ او کے مطابق فضائی آلودگی ہر سال 50 لاکھ سے زائد افراد کی موت کی وجہ بن رہی ہے۔ صرف چین میں ہر روز 4 ہزار (لگ بھگ 15 لاکھ سالانہ) افراد بدترین فضائی آلودگی کے سبب موت کے گھاٹ اتر جاتے ہیں۔

    دوسری جانب اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال یونیسف کا کہنا ہے کہ دنیا کا ہر 7 میں سے ایک بچہ بدترین فضائی آلودگی اور اس کے خطرات کا شکار ہے۔ رپورٹ کے مطابق فضا میں موجود آلودگی کے ذرات بچوں کے زیر نشونما اندرونی جسمانی اعضا کو متاثر کرتے ہیں۔

    ورلڈ بینک کا کہنا ہے کہ فضائی آلودگی نہ صرف طبی مسائل کا باعث بنتی ہے، بلکہ یہ کسی ملک کی معیشت کے لیے بڑے خسارے کا سبب بھی بنتی ہے۔ سنہ 2013 میں فضائی آلودگی کی وجہ سے مختلف ممالک کی معیشتوں کو مجموعی طور پر 225 بلین ڈالرز کا نقصان اٹھانا پڑا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • کوئٹہ میں سیکیورٹی فورسزکی گاڑی پرفائرنگ‘ 4 اہلکار شہید

    کوئٹہ میں سیکیورٹی فورسزکی گاڑی پرفائرنگ‘ 4 اہلکار شہید

    کوئٹہ : صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں نامعلوم مسلح افراد کی سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پرفائرنگ کے نتیجے میں ایف سی کے 4 اہلکار شہید ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے علاقے لانگوآباد میں نامعلوم افراد کی سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پرفائرنگ کے نتیجے میں ایف سی کے 4 اہلکار شہید ہوگئے۔

    واقعے کے فوری بعد پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پرپہنچ گئیں جبکہ علاقے کو گھیرے میں لے سرچ آپریشن شروع کردیا۔

    پولیس حکام کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں کی گاڑی گشت پر تھی کہ نامعلوم افراد نے فرنٹیئرر کور کی گاڑی پر فائرنگ کی۔


    آئی جی بلوچستان معظم جاں انصاری


    آئی بلوچستان معظم جاں انصاری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں نے آج پھر ایف سی اہلکاروں کو نشانہ بنایا۔

    انہوں نے کہا کہ 3 سے 4 حملہ آوروں نے کلاشنکوف ، 9 ایم ایم پستول سے فائرنگ ایف سی اہلکاروں پر فائرنگ کی۔

    آئی جی بلوچستان نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسزکی کارروائیاں جاری ہے، دہشت گردوں کوانجام تک پہنچائے بغیرچین سے نہیں بیٹھیں گے۔

    معظم جاں انصاری نے کہا کہ عوام کے جان ومال کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے، کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔


    بلاول بھٹو کی کوئٹہ میں سیکیورٹی فورسز پرحملے کی مذمت


    پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کوئٹہ میں فورسزکی گاڑی پردہشت گرد حملےکی شدید مذمت کرتے ہوئے 4 سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پرافسوس کا اظہارکیا۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ فورسزبہادری سے دہشت گردی کے خلاف لڑرہی ہیں، شہدا کی قربانی کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔

    چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ قوم اورمسلح افواج مل کردہشت گردی کوشکست دیں گے۔


    وزیراعلیٰ بلوچستان کی کوئٹہ میں سیکیورٹی فورسز پرحملے کی مذمت


    وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے کوئٹہ میں سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پراظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے فورسزکی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

    انہوں نے کہا کہ شہید اہلکاروں کے پسماندگان کے دکھ میں برابرکے شریک ہیں، شہید اہلکاروں نے عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لیے جانیں قربان کیں۔

    وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ دہشت گردوں کو کیفرکردارتک پہنچایا جائے گا، دہشت گردی کے خاتمےتک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ ماہ 21 جنوری کو کوئٹہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے کوئٹہ پولیس کے سابق ایس ایچ او فضل الرحمن جاں بحق ہوگئے تھے۔

    اس سے قبل 16 جنوری 2018 کو کوئٹہ میں رئیسانی روڈ پرنامعلوم موٹرسائیکل سوار مسلح افراد کی فائرنگ سے ٹریفک پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا تھا۔


    کوئٹہ فائرنگ، ایس پی قائدآباد سمیت 4 پولیس اہلکارشہید


    یاد رہے کہ گزشتہ سال 13 جولائی کو کوئٹہ میں کلی دیبہ کے قریب مسلح افراد کی فائرنگ سے ایس پی قائدآباد سمیت 4 پولیس اہلکارشہید اور ایک زخمی ہوگیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • لاڑکانہ: ایس ایچ او نےگاڑی شہریوں پرچڑھا دی‘ 2 افراد جاں بحق

    لاڑکانہ: ایس ایچ او نےگاڑی شہریوں پرچڑھا دی‘ 2 افراد جاں بحق

    لاڑکانہ : صوبہ سندھ کے شہر لاڑکانہ میں ایس ایچ او نے گاڑی شہریوں پر چڑھا دی جس کے نتیجے میں‌ 2 افراد جاں بحق جبکہ 6 زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کے شہر لاڑکانہ میں تھانہ ولید کے ایس ایچ او نے گاڑی شہریوں پرچڑھا دی جس کے نتیجے میں 2 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 6 افراد زخمی ہوگئے۔

    ڈی آئی جی لاڑکانہ کے مطابق ایس ایچ اوعلی مرتضیٰ چانڈیوکوگرفتارکرکے گاڑی تحویل میں لے لی گئی ہے۔

    ڈی آئی جی کا کہنا ہے کہ ایس ایچ اوعلی مرتضیٰ چانڈیو کومیڈیکل کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    دوسری جانب لاڑکانہ سول اسپتال میں سٹی اسکین مشین بند اور عملہ غائب ہونے کے باعث زخمی تڑپتے رہے۔ زخمیوں میں سے ایک کی حالت تشویش ناک ہے جسے آئی سی یو میں منتقل کردیا گیا ہے۔

    وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وزیرداخلہ سندھ سہیل انور سیال نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے حادثے کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔


    لاڑکانہ میں اے ایس آئی نے کانسٹیبل کو قتل کردیا


    یاد رہے کہ گزشتہ سال 13 اپریل کو صوبہ سندھ کےشہرلاڑکانہ میں ضمنی بلدیاتی انتخاب کےدوران ڈیوٹی پرمعمورپولیس اہلکار لڑ پڑے تھے، فائرنگ میں ایک اہلکارجاں بحق ہوگیا تھا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • ٹورنٹوایئرپورٹ پرپی آئی اے کےطیارے سےفیول بھرنےوالی گاڑی ٹکرا گئی

    ٹورنٹوایئرپورٹ پرپی آئی اے کےطیارے سےفیول بھرنےوالی گاڑی ٹکرا گئی

    ٹورنٹو: کینیڈا کے ٹورنٹو ایئرپورٹ پر پی آئی اے کے طیارے سے فیول بھرنے والی گاڑی ٹکرا گئی جس کے باعث طیارے کو نقصان پہنچا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ٹورنٹو ایئرپورٹ سے لاہور روانگی کے لیے ایئرپورٹ پر قومی ایئرلائنز کے طیارے سے فیول بھرنے والی گاڑی ٹکرا گئی، گاڑی ٹکرانے سے طیارے کو نقصان پہنچا۔

    ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ طیارے کومرمت کے لیے مینٹی نیس ہینگرپہنچا دیا گیا۔


    پی آئی اے کےطیارے کی لاہورایئرپورٹ پرٹیکنیکل لینڈنگ


    پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق طیارے کے ساتھ پیش آنے والے حادثے کے باعث پی کے 798 پرواز 16 گھنٹے تاخیر کا شکار ہوگئی ہے اور پرواز پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے ٹورنٹو سے روانہ ہوگی۔

    ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ طیارے کے مسافروں کو مقامی ہوٹل میں رہائش فراہم کردی گئی ہے۔


    مشیرہوابازی سردار مہتاب اور صاحبزادی کا اکانومی کلاس کے ٹکٹ پر بزنس کلاس میں سفر


    یاد رہے کہ گزشتہ روز مشیرہوابازی سردارمہتاب عباسی اور صاحبزادی نے پیرس روانگی پر اکانومی کلاس کے ٹکٹ پر بزنس کلاس میں سفر کیا تھا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔