Tag: گاکا

  • عمرہ پروازیں لے جانے والی پاکستانی ایئر لائنز پر جرمانہ عائد کیے جانے کا خدشہ

    عمرہ پروازیں لے جانے والی پاکستانی ایئر لائنز پر جرمانہ عائد کیے جانے کا خدشہ

    کراچی (20 اگست 2025): عمرہ پروازوں میں تاخیر پر پاکستانی ایئر لائنز کو مبینہ طور پر جرمانے عائد کیے جانے کا خدشہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی ایوی ایشن گاکا نے ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) پاکستان کو سخت مراسلہ ارسال کر دیا ہے جس میں پروازوں کی بروقت آمد و رفت کی تاکید کی گئی ہے۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ بین الاقوامی قوانین کے مطابق پروازوں کی بروقت آمد و رفت کی شرح 80 فی صد تک ہونی چاہیے، جب کہ پاکستانی ایئر لائنز کی بروقت آمد و رفت کی شرح صرف 37 سے 69 فی صد ہے۔

    خط کے مطابق گاکا نے سختی سے ہدایت کی ہے کہ اس صورت حال کو فوری طور پر درست کرایا جائے، بہ صورت دیگر جرمانے بھی عائد کیے جائیں گے۔

    سعودی دارالحکومت میں درجنوں کاروبار بند کیوں کردیے گئے؟

    گاکا کے خط کے مطابق پروازوں کی بر وقت آمد و رفت کے حوالے سے پی آئی اے کی شرح 69 فی صد، ایئر سیال 46 فی صد، ایئر بلیو 65 فیصد، فلائی جناح 43 فی صد اور سیرین ایئر کی 37 فی صد ہے۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی ایئر لائنز کی تاخیر کے باعث شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ یہ خط سعودی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن کے صدر نے ڈی جی سی اے اے کو تحریر کیا ہے۔

  • سعودی ایئر پورٹس پر مسافروں کے لیے نئی گائیڈ لائن جاری

    سعودی ایئر پورٹس پر مسافروں کے لیے نئی گائیڈ لائن جاری

    کراچی: سعودی ایئر پورٹس پر آپریٹ کرنے والی ایئر لائنز اور مسافروں کے لیے نئی گائیڈ لائن جاری کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن گاکا نے نئی گائیڈ لائن سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کر دیا، کو وِڈ 19 ویکسین کی 2 خوراک لینے والے تمام سعودی شہریوں کو سفر کی اجازت ہوگی۔

    گاکا نے کہا ہے کہ پہلی خوراک لینے کے 14 روز گزر جانے والے سعودی شہری بھی سفر کر سکیں گے، کرونا وائرس سے صحت یاب ہونے والے شہریوں کو بھی سفر کی اجازت ہوگی۔

    سعودی ایوی ایشن کے مطابق کرونا وائرس سے صحت یابی کا دورانیہ 6 ماہ سے زائد نہ ہو، ایپ پر اسٹیٹس موجود ہونا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے، 18 سال تک کے شہریوں کو سعودی سینٹرل بینک کی منظور شدہ انشورنس کو بھی سفر کے لیے لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔

    سعودی ایئرپورٹس پر سخت احکامات جاری

    گاکا کے مطابق اس نوٹیفکیشن کا اطلاق 17 مئی سے ہوگا، اس کی خلاف ورزی کرنے والے مسافروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز سعودی ایئرپورٹس پر کارآمد ویزے کے بغیر عمرہ ادائیگی کے لیے پہنچنے والے مسافروں اور متعلقہ ایئر لائنز کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا تھا، گا کا نے اس سلسلے میں تمام ایئر لائنز کو سرکلر جاری کر دیا ہے، سرکلر کے مطابق عالمی پروازوں کی بحالی کے بعد کارآمد عمرہ ویزے کے حامل مسافروں کو جدہ اور مدینہ ایئر پورٹ اتر نے کی اجازت ہوگی، وزٹ ویزے کے حامل افراد عمرہ ادا نہیں کر سکتے۔

  • سعودی ایئرپورٹس پر سخت احکامات جاری

    سعودی ایئرپورٹس پر سخت احکامات جاری

    کراچی: کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے سعودی ایئر پورٹس پر آپریٹ ہونے والی ایئر لائنز کے لیے گا کا نے سخت احکامات جاری کر دیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی ایئرپورٹس پر کارآمد ویزے کے بغیر عمرہ ادائیگی کے لیے پہنچنے والے مسافروں اور متعلقہ ایئر لائنز کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن گا کا نے تمام ایئر لائنز کو سرکلر جاری کر دیا، کارروائی کے حوالے سے سرکلر میں سول ایوی ایشن ایکٹ کے 2 آرٹیکلز اور گاکا کے 2 سرکلرز کا حوالہ دیا گیا ہے۔

    سرکلر کے مطابق عالمی پروازوں کی بحالی کے بعد کارآمد عمرہ ویزے کے حامل مسافروں کو جدہ اور مدینہ ایئر پورٹ اتر نے کی اجازت ہوگی، وزٹ ویزے کے حامل افراد عمرہ ادا نہیں کر سکتے۔

    سرکلر میں کہا گیا ہے کہ کوئی بھی ایئر لائن سعودی منسٹری برائے فارن افیئرز سسٹم سے منظور کردہ کار آمد عمرہ ویزے کے بغیر مسافر کو پرواز کا ٹکٹ جاری نہ کرے۔

    خیال رہے کہ سعودی ایئر پورٹس پر عالمی پروازوں کی بندش پر پابندی 14 مئی سے ختم ہونے کا امکان ہے، ادھر گاکا ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت پر پابندی برقرار رکھنے پر غور کیا جا رہا ہے، اس سلسلے میں فیصلہ آئندہ چند روز میں کیا جائے گا۔

  • سعودی عرب: غیر ملکی مسافروں کے لیے خوش خبری

    سعودی عرب: غیر ملکی مسافروں کے لیے خوش خبری

    کراچی: سعودی ایوی ایشن گا کا نے ایئر لائنز کو غیر سعودی مسافروں کو ملک سے باہر لے جانے کی اجازت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق گاکا نے نیا سفری ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے جس کے تحت اب ایئر لائنز غیر سعودی مسافروں کو ملک سے باہر لے جا سکیں گی۔

    تاہم اس ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ کرونا کی دوسری لہر سے متاثرہ ممالک کی ایئر لائنز کے لیے یہ اجازت نامہ کارآمد نہیں ہے۔

    جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن نے اس سلسلے میں ایئر لائنز کو ایک مراسلہ ارسال کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ایئر لائنز اپنے فضائی آپریشن میں کو وِڈ 19 کے لیے جاری ایس او پیز پر عمل درآمد کرنے کی پابند ہوں گی۔

    سعودی عرب کا فضائی آپریشن پر پابندی کا اعلان، پی آئی اے کی پروازیں بھی منسوخ

    مراسلے کے مطابق ایئر لائنز کے عملے کو طیارے سے اترنے اور گراؤنڈ اسٹاف سے فزیکل رابطے کی اجازت نہیں ہوگی، جب کہ پروازیں آپریٹ کرنے سے قبل متعلقہ ایئر لائنز ایس او پیز کے بارے میں ایئر ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ سے رابطے کی پابند ہوں گی۔

    یاد رہے کہ سعودی عرب نے 21 دسمبر کو ایک ہفتے کے لیے پروازوں کی معطلی کا اعلان کیا تھا۔

    برطانیہ میں مہلک وبا کرونا وائرس کی نئی قسم کے سامنے آنے کے بعد کرونا مریضوں کی تعداد میں ایک دم اضافہ ہوگیا ہے جس سے اپنے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو بچانے کے لیے سعودی حکام نے بین الااقوامی فضائی آپریشن پر پابندی عائد کی تھی۔

  • سعودی عرب: غیر ملکی ایئر لائنز کی آمد و رفت کے سلسلے میں نیا نوٹم جاری

    سعودی عرب: غیر ملکی ایئر لائنز کی آمد و رفت کے سلسلے میں نیا نوٹم جاری

    کراچی: سعودی عرب میں غیر ملکی ایئر لائنز کی آمد و رفت پر پابندی کی مدت میں توسیع کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس سے بچاؤ کے اقدامات کے پیش نظر سعودی عرب نے غیر ملکی ایئر لائنز کے سلسلے میں پابندی کی مدت میں توسیع کر دی۔

    جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن (گاکا) نے توسیع کا نوٹم ’نوٹس ٹو ایئر مین‘ جاری کر دیا، جس کے مطابق غیر ملکی ایئر لائنز کی سعودیہ آمد و رفت پر پابندی 29 ستمبر رات 11 بج کر 59 منٹ تک برقرار رہے گی۔

    نوٹم میں کہا گیا ہے کہ سعودی فضائی حدود میں اوور فلائنگ کی حامل کارگو پروازیں اس پابندی سے مستشنیٰ ہوں گی، ٹیکنیکل لینڈنگ کرنے والی پروازوں سمیت ایمرجنسی لینڈنگ کرنے والی پروازوں کو بھی پابندی سے استشنیٰ حاصل ہوگا۔

    سعودی ایوی ایشن سے خصوصی اجازت کی حامل پروازیں بھی اس پابندی سے مستشنیٰ ہوں گی۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب میں شہریوں کی بڑی تعداد بین الاقوامی پروازوں کی بحالی کے انتظار میں ہیں لیکن حکومت نے اب تک عالمی پروازوں سے پابندیاں نہیں اٹھائیں۔

  • ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل عملے کی واپسی کے لیے سعودی عرب کا بڑا فیصلہ

    ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل عملے کی واپسی کے لیے سعودی عرب کا بڑا فیصلہ

    کراچی: سعودی عرب نے پاکستان سمیت دنیا بھر سے اپنے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی واپسی کا بڑا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن (GACA) نے اہم قدم اٹھاتے ہوئے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل عملے کی واپسی کا فیصلہ کر لیا، پاکستان سمیت دنیا بھر سے طبی عملہ واپس بلایا جائے گا۔

    اس سلسلے میں بتایا گیا ہے کہ اقامہ ہولڈرز اور درست ویزے کے حامل ڈاکٹرز اور طبی عملے کو سعودی عرب داخلے کی اجازت ہوگی۔ لاک ڈاؤن کے باعث جو طبی عملہ بیرون ملک پھنس گیا تھا اسے سعودی عرب واپس لانے کے لیے ہدایات جاری کر دی گئیں۔

    سعودی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے طبی عملے کو واپس لانے کے انتظامات شروع کر دیے، گاکا نے اس سلسلے میں دیگر فضائی کمپنیوں کو بھی طبی عملے کو لانے کے لیے ٹریول ایڈوائزری جاری کر دی۔

    سعودی عرب میں پھنسے مزید پاکستانیوں کی وطن واپسی

    گاکا نے کہا ہے کہ جو ڈاکٹرز، نرسز اور دیگر طبی عملہ سعودی عرب واپس آنا چاہتا ہے اسے ترجیحی بنیادوں پر لایا جائے گا۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کی وطن واپسی کا سلسلہ بھی جاری ہے، گزشتہ روز پی آئی اے نے ریاض اور دمام سے پاکستان کے لیے خصوصی پروازیں آپریٹ کی تھیں، پی آئی اے کے اسٹیشن مینجر ریاض کا کہنا تھا کہ خصوصی پروازوں کے ذریعے 4 ہزار800 سے زائد ہم وطنوں کو پاکستان پہنچایا گیا، دمام سے 2 ہزار 400 سے زائد ہم وطنوں کو ان کی منزل مقصود تک پہنچا دیا گیا ہے۔