Tag: گجرات کے گاؤں

  • گجرات: پیشی پر جانے والے ایک ہی خاندان کے 4 افراد قتل

    گجرات: پیشی پر جانے والے ایک ہی خاندان کے 4 افراد قتل

    گجرات کے گاؤں کھاریاں میں پیشی پر جانے والے ایک ہی خاندان کے 4 افراد کو گھات لگا کر قتل کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گجرات کے گاؤں لادیاں کے قریب کھاریاں میں پیشی پر جانے والے ایک ہی خاندان کے چار افراد کو دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا۔

      پولیس کا کہنا ہے کہ تھانہ ککرالی کے گاؤں سمرالہ کے رہائشی دو بھائی محمد عرفان نمبردار اور عطاالرحمان عرف طاہر اپنے بیٹوں محمد شہزاد اور سفیان کے ہمراہ سوزوکی بولان میں سوار کھاریاں سیشن کورٹ تاریخ پیشی پر جا رہے تھے جونہی انکی گاڑی گاؤں لادیاں کے قریب پہنچی تو مخالف گروپ کے چار افراد جو دو موٹر سائیکلوں پر سوار تھے انہوں نے گھات لگا کر مقتولین کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے نتیجہ میں گاڑی میں سوار ایک ہی خاندان کے چاروں افراد موقع پر ہی جانبحق ہو گئے ملزمان چار افراد کو قتل کرنے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    واقع کی ملتے ہی ڈی پی او گجرات مستنصر عطا باجوہ موقع پر پہنچ گئے، پولیس نے مقتولین کی میتوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے کھاریاں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    پولیس کے مطابق مقتولین پر الزام ہے کہ انھوں نے حملہ آور گروپ فاروق کے بیٹے کو قتل کیا تھا جسکی آج تاریخ پیشی تھی، دوسری جانب آئی جی پنجاب نے اس واقعے کا نوٹس لے لیا۔

    آئی جی پنجاب عثمان انور نے آر پی او گوجرانوالہ سے رپورٹ طلب کر لی ساتھ ہی ڈی پی او گجرات کو ملزمان کی گرفتاری کیلئے اسپیشل ٹیم تشکیل  دینے کی ہدایت دی ہے۔