Tag: گجرات

  • نئی دہلی: گجرات کی وزیراعلیٰ آنندی بین پٹیل نے استعفی دے دیا

    نئی دہلی: گجرات کی وزیراعلیٰ آنندی بین پٹیل نے استعفی دے دیا

    نئی دہلی : بھارتی شمالی ریاست گجرات کی خاتون وزیراعلیٰ آنندی بین پٹیل نے وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت پر بڑھتے ہوئے دباؤ اور دلت برادری کے احتجاج کے پیش نظر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا.

    تفصیلات کے مطابق آنندی بین پٹیل ریاست گجرات کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ بنی اور تیرہ سال تک اس عہدے پر فائز رہیں،انہوں نے اپنے استعفے کی کاپی فیس بک پر شیئر کی اور لکھا کہ کیوں کہ ان کی عمر پچھتر برس ہوگئی ہے اور وزیراعظم مودی بھی ان کے ریٹائر ہونے کی توقع رکھتے ہیں.

    وزیراعلیٰ آنندی بین پٹیل نے ایک ایسے وقت میں استعفیٰ دیا ہے جب ریاست میں ایک ہندو انتہا پسند گروپ کی جانب سے گائے کی کھال اتارنے پر ایک دلت خاندان کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد احتجاجی مظاہرے جاری ہیں.

    یاد رہے کہ گذشتہ دنوں چار دلت نوجوانوں کو ایک مردہ گائے کی کھال اتارنے پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا جس پر دلت برادری میں غم و غصہ پایا جاتا ہے.

    دوسری جانب عام آدمی پارٹی کے رہنما اور دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے دعویٰ کیا ہے کہ آنندی بین پٹیل کے استعفیٰ نے آئندہ اسمبلی کے انتخابات میں ان کی پارٹی کے لیے چیلنجز میں مزید اضافہ کردیا ہے.

    واضح رہے کہ 31 جولائی کو دلت برادری نے انتہاپسند گروپ کے خلاف ریلی نکالی اور حکمران جماعت بھارتی جنتا پارٹی کی اس معاملے پر توجہ دلاتے ہوئے کہا تھاکہ بی جے پی آئندہ الیکشن کے لیے اس سے ضرور سبق سیکھے گی.

  • پاکستان کو حکمران نہیں اللہ ہی چلارہا ہے، شجاعت حسین، پرویزالٰہی

    پاکستان کو حکمران نہیں اللہ ہی چلارہا ہے، شجاعت حسین، پرویزالٰہی

    گجرات : مسلم لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین اور پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ اسلام اور پاکستان دشمنوں کے خلاف اتحاد کا عہد کیا جائے، وزیراعظم اور وزراء ملک سے باہر ہیں، پاکستا ن کو اللہ ہی چلارہا ہے۔

    گجرات میں نماز عید کے بعد عید ملنے والوں اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ وزیراعظم اور وزراء تو پہلے ہی ملک سے باہر ہیں، پاکستان کو اللہ ہی چلارہاہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ حکمران خود تو شاپنگ کر رہے ہیں یہاں غریب پینشنر مارے مارے پھر رہے ہیں۔ چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ اللہ کریم ہمارے بزرگوں کی جدوجہد، قربانیوں اور دعاﺅں سے رمضان المبارک میں قائم ہونے والی اسلامی جمہوریہ پاکستان کی سلامتی و یکجہتی کی حفاظت کرے، اسے خوشحالی دے، بداَمنی، لوڈشیڈنگ اور دیگر بحرانوں سے نجات دلائے۔

    انہوں نے پاکستان کیلئے جانیں قربان کرنیوالے پاک فوج، پولیس اور دیگر سکیورٹی فورسز کے افسروں، جوانوں اور شہریوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہر پاکستانی ان کا ممنون ہے کیونکہ ان شہداءکی قربانیوں کی بدولت ہی آج ہم آزادی سے یہ تہوار منا رہے ہیں۔

    انہوں نے بداَمنی کا شکار ہونیوالوں کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قوم ان کے دکھ میں برابر کی شریک ہے، اللہ تعالیٰ امت مسلمہ اور ہمارے معاشرہ میں بداَمنی پیدا کرنیوالوں کو بھی اسلامی تعلیمات پر عمل کرنے کی توفیق دے اور ہماری اس مملکت خداداد کے تمام حصوں میں مکمل امن قائم ہو۔

    عید کے موقع پر اپنے پیغام میں مسلم لیگی قائدین نے کہا کہ ہمیں آج شہداء کے خاندانوں کو یاد رکھنا چاہئے اور بیواﺅں، یتیموں کو عید کی خوشیوں میں شامل کریں۔

     

  • گجرات : نجی اسکول مالکان کا اسکول بند کرنے سے انکار

    گجرات : نجی اسکول مالکان کا اسکول بند کرنے سے انکار

    گجرات:صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود کے احکامات کے باوجود شہر بھر میں نجی اسکول مالکان نے گرمیوں کی چھٹیاں دینے سے انکار کرتے ہوئے اسکول کھلے رکھنے کا اعلا ن کر دیا.

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر گجرات میں گرمی کی شدت میں روز بروز اضافہ کے پیش نظر صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود نے اعلان کیا تھا کہ چوبیس مئی سے پندرہ اگست تک تمام سرکاری اور نجی سکول بند رہیں گے.

    صوبائی وزیرتعلیم کا کہنا تھا کہ اگرکوئی نجی اسکول کھلا ہوا پایا گیا تو ناصرف اس اسکول کی رجسٹریشن منسوخ ہو گی بلکہ اسکول بھی سیل کر دیا جائے گا.

    صوبائی حکومت کے احکامات کے باوجود گجرات میں نجی اسکول مالکان نے اپنے تعلیمی ادارے کھلے رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے اپنی تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھیں جبکہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ مکمل طور پر بے بس نظر آتی ہے.

  • ادارے فروخت ہوتے رہے تو ملک کیسے قائم رہ سکے گا،غنویٰ بھٹو

    ادارے فروخت ہوتے رہے تو ملک کیسے قائم رہ سکے گا،غنویٰ بھٹو

    گجرات : پیپلزپارٹی بھٹو شہید کی چیر پرسن غنویٰ بھٹو نے کہا ہے کہ زرداری اور نواز شریف نے سامراجی قوتوں کے ہاتھوں ملک کے تمام سرکاری ادارے فروخت کر دیئے ہیں اگر ملکی ادارے اسی طرح فروخت ہوتے رہے تو ملک کیسے قائم رہ سکے گا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے گجرات کے شہر ڈنگہ میں ورکر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ غنویٰ بھٹو کا کہنا تھا کہ بھٹو نے اپنی زندگی میں کہا تھا کہ پاکستان میں دو بھٹو ہیں ایک میں اور دوسرے عوام مگر آج پارلیمنٹرینز نے پیپلزپارٹی پر قبضہ کر کے اسے عوام کا دشمن بنا دیا ہے۔

    بھٹو کی پارٹی پر جنرل ضیاء الحق کے دور سے پابندی ہے کیونکہ بھٹو کا نشان تلوار تھا، انہوں نے کہا کہ میں انیس سالوں سے جبر اور ظلم برداشت کر رہی ہوں۔

    سندھ کے عوام کبھی بھی پنجاب کے مخالف نہیں رہے مگر پانی کی تقسیم پر انصاف ہونا چاہیئے، غنویٰ بھٹو کا کہنا تھا کہ بھٹو شہید نے غریب عوام کو شعور دیا روزگاردیا، بولنے کی طاقت دی بڑے بڑے ملکی اداروں کو نیشلائز کیا مگر آج زرداری اور نواز شریف نے ملک کے تمام ادارے نجکاری کے نام پر فروخت کر دیئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے نام پر لوٹ مار کر کے ملک سے فرار ہونے والوں کو بھٹو شہید کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے اگرعوام چاہتے ہیں تو وہ زرداری اور نواز شریف کے خلاف گھروں سے نکل کر سڑکوں پر آ جائیں جب تک عوام بیدار نہیں ہوں گے اس وقت تک بھٹو شہید کا نام لینے والے پستے رہیں گے۔

  • محبت سے مجبوربھارتی دوشیزہ نے پاکستان آکر نوجوان سے شادی کرلی

    محبت سے مجبوربھارتی دوشیزہ نے پاکستان آکر نوجوان سے شادی کرلی

    گجرات : پاکستانی لڑکے کی محبت بھارت کی امیر النساء کو پاکستان کھینچ لائی۔ گجرات کے اعجاز علی نےامیر النساء سے کورٹ میرج کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست جھاڑ کھنڈ کے ضلع دھن باد کے گاؤں سا کی رہائشی 22 سالہ امیرالنسا کی ایک برس قبل گجرات کے نوجوان اعجازعلی سے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ فیس بک کے ذریعے دوستی ہوئی۔

    یہ دوستی کچھ عرصے بعد محبت میں بدلی اور پھر یوں بھارت کی امیر النساء پاکستان کے اعجاز علی کی محبت میں اپنا وطن چھوڑ آئی، جھاڑ کھنڈ کی رہائشی امیر النساءگھر بار چھوڑ کر اعجازعلی کی تلاش میں گجرات آئی تھی جہاں ان دونوں نے مقامی عدالت میں کورٹ میرج کر لی۔

    عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے امیر النساء نے کہا کہ بھارت میں پاکستان کے خلاف زہراگلا جاتا ہے حالانکہ پاکستان میں اسے ہرجانب سے محبت ہی ملی ہے،پاکستان کے لوگ محبت کرنے والے ہیں، وہ چاہتی ہے کہ اپنے شوہر کے ساتھ اسی ملک میں خوش و خرم زندگی گزاریں۔

    امیر النساء کا کہنا ہے وہ اعجاز علی کے ساتھ بہت خوش ہے۔ اُس نے خواہش کا بھی اظہار کیا کہ کاش پاکستان  اوربھارت میں کشیدگی کم اور محبت بڑھ جائے۔

  • گجرات میں شوہر نے بیوی کو تھنر ڈال کر آگ لگا دی

    گجرات میں شوہر نے بیوی کو تھنر ڈال کر آگ لگا دی

    گجرات : سفاک خاوند نے معمولی گھریلو رنجش پر اپنی والدہ کے ساتھ مل کر اپنی خافظ قرآن بیوی کو تھنر چھڑک کر زندہ جلا ڈالا جھلسنے والی حناء تشویش ناک خالت میں اسپتال منتقل جبکہ پولیس نے پانچ روز بعد مقدمہ درج کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق سفاک خاوند نے معمولی گھریلوتنازعہ پر اپنی حافظ قرآن بیوی کو تھینرڈال کر جلا دیا نواحی گاؤں خسر کی رہائشی حافظ قرآن حناء عارف کی دوسال قبل بشارت علی سے شادی ہوئی اور شادی کے کچھ عرصے بعد ہی معمولی باتوں پر لڑائی جھگڑے شروع ہو گئے۔

    ایک سال بعد ان کے گھر ایک بیٹی فجرکی پیدا ئش ہوئی، بیٹی کی پیدائش کے بعد سسرالیوں کا رویہ مزید سخت ہونا شروع ہو گیا، چند روز قبل معمولی جھگڑے پر بشارت علی نے اپنی ماں کے ساتھ مل کر مبینہ طور پر حناء پر تھنر چھڑک کے آگ لگا دی جس کو تشویشناک حالت میں عزیز بھٹی شہید ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    اس کا 80فیصد جسم جھلس گیا ہے پولیس چوکی مانوچک نے چار روز بعد مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے ملزمان گھر کو تالہ لگا کر فرار ہوگئے ہیں، جبکہ عزیز بھٹی شہید ہسپتال کے ڈاکٹروں کے مطابق جسم زیادہ جل جانے کی وجہ سے حناء عارف کی حالت تشویشناک ہے۔

    جھلسنے والی حناء عارف کا کہنا تھا کہ اس کے سسرال والوں نے چار روز تک نہ تو کسی ڈاکٹر سے طبی امداد دلوائی اور نہ ہی کسی اسپتال لے کر گئے جبکہ جھلسنے والی حناء چار روز تک بہوش رہی اور جب اس کے گھر والوں کو واقعے کا علم ہوا تو اس کا خاوند اپنی والدہ کے ہمرا ہ فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

    دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ وہ دونوں ماں بیٹا ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مار رہے ہیں ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

  • گجرات: اغواکیس میں نامزد7سالہ بچہ مقدمےسےبری

    گجرات: اغواکیس میں نامزد7سالہ بچہ مقدمےسےبری

    گجرات : عدالت نے اغواء کیس میں نامزد سات سالہ بچے سمیر کو مقدمے سے بری کردیا۔

    گجرات کی مقامی عدالت نے اغواء کیس میں نامزد سات سالہ بچے سمیر کو مقدمے سے بری کردیا، سمیراسکول یونیفارم میں عدالت میں پیش ہوا۔

    واضح رہے کہ گجرات کے تھانہ سول لائنز میں 30 سالہ عامر اقبال نامی شخص کی مدعیت میں درج کرائے گئے مقدمے میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ  7 سالہ سُمیر بٹ نے معمولی تلخ کلامی کے بعد اسے اغوا کرنے کے بعد اسلحے کے زور پر اس سے موبائل فون اور نقدی چھین لی۔

     پولیس نے سُمیر بٹ پر دفعہ 365 کے تحت اغوا ور اسلحے کے زور پر لوٹ مار کا مقدمہ درج کرلیا۔

  • گجرات: دوطالبان دہشت گرد پولیس مقابلے میں ہلاک

    گجرات: دوطالبان دہشت گرد پولیس مقابلے میں ہلاک

    گجرات : تحریک طالبان کے دودہشت گردپولیس مقابلےمیں مارے گئے جبکہ ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق گجرات میں پولیس نے مقابلے کے دوران دو طالبان دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

    ڈی پی او رائے اعجاز احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دونوں دہشت گرد پہلے الفرقان نامی کالعدم تنظیم سے تعلق رکھتے تھے جو بعد میں تحریک طالبان پاکستان کے لئے کام کرنا شروع ہوگئے ۔

    ان دہشت گردوں نے 13مارچ 2012ءکو کھٹالہ چناب پولیس ناکہ پر حملہ کر کے ہیڈکانسٹیبل ارشد محمود، کانسٹیبل قمر بٹ، شفقت اعظم اورسیرت عباس کو شہید کیا تھا ۔

    جبکہ 14اگست 2013ءکو محلہ چاہ بڈھے والا میں ایک کانسٹیبل سرفراز کو فائرنگ کر کے شہید کیا تھا دہشت گردوں نے دو شہریوں کو تاوان کے غرض سے اغواءکرنے کے بعد نالہ بھمبر میں لے جا کر ذبح کر دیا تھا۔

    ڈی پی اوگجرات کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں میں افضل عرف فوجی کا تعلق گجرات سے جبکہ احمد عرف بابا کا تعلق ٹوبہ ٹیک سنگھ سے تھا۔

    ان دونوں دہشت گردوں اورتحریک طالبان پاکستان کو فنڈزفراہم کرنے والے تین افراد پولیس کی حراست میں ہیں جن میں ڈاکٹر اسلم ڈسٹرکٹ جیل میں بند ہےمارے جانے والے دہشت گردوں نے دوران تفتیش انکشافات کرتے ہوئے بتایا تھا کے وہ پولیس لائن فیصل آباد اورگجرات کی اہم سیاسی شخصیات پر حملہ کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

    ڈی پی او کا کہنا تھا کہ مارے جانے والے دہشت گردوں کے ساتھی ہر اس پولیس اہلکار کو دھمکیاں دیتے تھے جو ان کی تفتیش کرتا تھا۔

  • پی ٹی آئی کے کارکنان پرگجرات پولیس کا مبینہ تشدد

    پی ٹی آئی کے کارکنان پرگجرات پولیس کا مبینہ تشدد

    گجرات : گزشتہ روزپی ٹی آئی پنجاب کے صدر اعجاز چودھری کے تیس نومبر کو اسلام آباد جانے والے قافلے کے گجرات میں استقبال کے بعد واپس گھر جانے والے پی ٹی آئی کے دوکارکنوں کو پولیس نے وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔

    پاکستان تحریک انصاف کے 30نومبر کے اسلام آباد جلسے میں شرکت کے لیے پنجاب کے صدر اعجاز چودھری کا قافلہ گجرات پہنچا تو مقامی کارکنوں نے قافلے کا استقبال کیا۔

    قافلے کے استقبال کے بعد گھر واپس جانے والے دو کارکن اسد اور ظہیر کو جاتریہ پولیس چوکی کے اہلکاروں نے روکا اور کاغذات پورے ہونے کے باوجودچھ اہلکاروں نے دونوں کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا اور جسم پر رولر پھیرے جس سے ایک نوجوان اسد شدید زخمی ہوگیا اسے اسپتال پہنچادیا گیا ہے۔

    تشدد کا شکار ہونے والے دونوں نوجوانوں کا کہنا تھاکہ انہیں مبینہ طور پر ڈی پی او گجرات کے واضح احکامات ہیں کہ پی ٹی آئی کا جو بھی کارکن ملے اسے نشانہ عبرت بنا دو۔8گھنٹے تک پولیس دونوں نوجوانوں کو تشدد کا نشانہ بناتی رہی بعد میں ورثا نے پچاس ہزار روپے رشوت دیکر دونوں کی جان چھڑوائی جبکہ لالہ موسیٰ پولیس کی جانب سے مقدمہ درج نہ کرنے پر ورثاء نے سول جج کھاریاں کو طبی معائنے کی درخواست دے دی جس پر اب دونوں نوجوانوں کا عزیز بھٹی شہید اسپتال گجرات میں طبی معائنہ کروایا اجا رہاہے

  • تحریکِ انصاف آج گجرات میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی

    تحریکِ انصاف آج گجرات میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی

    گجرات : پاکستان تحریکِ انصاف آج گجرات میں عوامی طاقت مظاہرہ کرے گی، اس وقت گجرات میں موسم ابر آلود ہے اور تیز ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے، جلسے کی تیاریاں اور سیکورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں۔

    تحریکِ انصاف کے جلسے کا پنڈال ظہور الہٰی اسٹیڈیم گجرات میں سج گیا ہے ، تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ دھرنا ہر اس مظلوم کے لئے ہے جنھیں حکمران بھول گئے ہیں،  نئے پاکستان میں ان کی قدر ہوگی، جن کو پرانے پاکستان نے کچلا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف جلدی استعفی نہ دیں ابھی تحریکِ انصاف کا پیغام ملک کے تمام مظلوموں تک پہنچانا ہے۔

    پی ٹی آئی کارکنوں کی بڑی تعداد اپنے قائد کا بھرپور استقبال کرنے کے لیے تیار ہے ۔