Tag: گجرات

  • بھارت: پولیس کے جرمانوں سے تنگ آ کر نوجوان نے بائیک کو آگ لگا دی

    بھارت: پولیس کے جرمانوں سے تنگ آ کر نوجوان نے بائیک کو آگ لگا دی

    نئی دہلی: بھارت میں ایک نوجوان نے پولیس کے جرمانوں سے دلبرداشتہ ہو کر اپنی موٹر سائیکل کو ہی آگ لگا دی، نوجوان کو ہزاروں روپے کے چالان ادا کرنے تھے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ ریاست گجرات میں پیش آیا، اتوار کی شام موضع گوتاپور کے قریب پولیس گاڑیوں کی تلاشی میں مصروف تھی جہاں اس نے سنگپا نامی نوجوان کو روکا۔

    پولیس نے نوجوان کی موٹر سائیکل روک کر دستاویزات دیکھے اور زیر التوا چالانات کی بھی جانچ کی۔ پولیس کے مطابق نوجوان پر پہلے سے 5 ہزار روپے کے چالان بقایا تھے۔

    پولیس نے زیر التوا چالانات ادا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے نوجوان کو وہاں سے روانہ کردیا۔

    تاہم مختلف مقامات پر پولیس کی جانب سے تصاویر لینے اور جرمانے عائد کرنے سے دلبرداشتہ اور جرمانوں کی رقم ادا کرنے سے قاصر سنگپا گھر پہنچا تو سخت غصے میں تھا، گھر پہنچتے ہی اس نے موٹر سائیکل پر پیٹرول چھڑکا اور اسے آگ لگا دی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق نوجوان غریب گھرانے سے تعلق رکھتا تھا اور چالان کی رقم ادا کرنے سے قاصر تھا۔

  • عجیب و غریب عمارت جس کی اینٹیں ہوا میں تیرتی ہیں

    عجیب و غریب عمارت جس کی اینٹیں ہوا میں تیرتی ہیں

    نئی دہلی: بھارتی ریاست گجرات کے شہر سورت میں ایک عجیب و غریب طور پر تعمیر شدہ عمارت کو بین الاقوامی اعزاز کے لیے نامزد کردیا گیا۔

    سورت میں قائم یہ عمارت اس طرح تعمیر کی گئی ہے جسے دیکھنے پر یوں لگتا ہے کہ اس میں لگی اینٹیں ہوا میں تیر رہی ہیں۔ عمارت کو ایک مقامی آرکیٹکٹ اشیش پٹیل نے تعمیر کیا ہے۔

    اس عمارت کی تعمیر میں اینٹوں کو ایک دوسرے کے اوپر رکھنے کے بجائے 2 سے 3 انچ کے فاصلے پر رکھا گیا ہے جبکہ انہیں لہریے دار شکل میں تعمیر کیا گیا ہے۔

    دیکھنے میں یوں لگتا ہے کہ یہ عمارت ابھی گر پڑے گی لیکن اسے نہایت مضبوطی سے تعمیر کیا گیا ہے۔

    اب اس عمارت کو انگلینڈ کی برکس ڈویلپمنٹ ایسوسی ایشن کے ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے، یہ ایوارڈ ان تعمیرات کو دیا جاتا ہے جن میں جدت پیدا کی گئی ہو۔ مذکورہ عمارت کی نامزدگی بھارت سے ہونے والی واحد نامزدگی ہے۔

    سرخ اینٹوں سے تعمیر ہوا میں تیرتی یہ عمارت نہ صرف مقامی افراد کی پسندیدہ ہے بلکہ ایوارڈ ملنے کے بعد اب اسے عالمی شہرت حاصل ہوجائے گی۔

  • گجرات: مکان میں سلنڈر دھماکے سے 2 افراد جاں بحق

    گجرات: مکان میں سلنڈر دھماکے سے 2 افراد جاں بحق

    لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر گجرات میں مکان میں سلنڈر دھماکے سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے، مکان میں گیس سلنڈرز اسٹور کیے گئے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق واقعہ گجرات کے علاقے مسلم آباد میں پیش آیا جہاں مکان کے اندر سلنڈر دھماکے ہوئے، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) عمر سلامت کا کہنا ہے کہ دھماکے میں 2 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مکان کے نیچے پیزا شاپ بنی ہوئی تھی جبکہ مکان میں گیس سلنڈرز رکھے گئے تھے۔

    پولیس کے مطابق دھماکے سے مکان زمین بوس ہو چکا ہے، لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جاچکا ہے جبکہ امدادی سرگرمیاں بھی جاری ہیں۔

    کچھ عرصہ قبل کراچی میں بھی موسمیات کے علاقے میں سلنڈر کی دکان میں دھماکے سے ماں اور 2 بچے جاں بحق ہوگئے تھے، واقعے میں 6 افراد زخمی بھی ہوئے۔

    دھماکے کے نتیجے میں 3 دکانیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں تھی جبکہ اطراف میں کھڑی کئی گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا تھا،

  • گجرات میں طوفانی آندھی اور موسلادھار بارش نے تباہی مچادی، 4 خواتین سمیت 6 افراد جاں  بحق

    گجرات میں طوفانی آندھی اور موسلادھار بارش نے تباہی مچادی، 4 خواتین سمیت 6 افراد جاں بحق

    لاہور:گجرات میں طوفانی آندھی اور موسلادھار بارش چار خواتین سمیت چھ افراد کی زندگیاں نگل گئی، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے گجرات میں بارش کے باعث حادثات میں اموات پر اظہار افسوس کیا۔

    تفصیلات کے مطابق گجرات میں طوفانی آندھی اور موسلادھار بارش نے تباہی مچادی ، مختلف علاقوں میں حادثات کے دوران 4 خواتین سمیت 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    ریسکیوذرائع کا کہنا تھا کہ لاری اڈا کے قریب سائن بورڈ گرنے کے باعث 70 سالہ مہندی خان اور اس کی بیوی جانبحق ہوئے جبکہ سبزی منڈی کے قریب بزرگ شہری دیوار گرنے سے زندگی کی بازی ہار گیا۔

    اسی طرح مدینہ سیداں میں گھر کی دیوار گرنے سے 2 بہنیں بیس سالہ سحر نور اور 15 سالہ مہتاب جاں بحق ہو گئیں جبکہ تھانہ سول لائنز کے علاقہ گرین ٹاؤن میں دیوار گرنے سے 4 بچوں کی ماں اس میں سمینہ رانی دم توڑ گئی۔

    شدید طوفانی بارش کے دوران پولیس اور ریسکیو کا عملہ زخمیوں کو اسپتال منتقل کرتا رہا، گجرات میں میں سائن بورڈ گرنے کے واقعات پہلے بھی رونما ہو چکے ہیں تاہم سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم کے باوجود سائن بورڈ سڑکوں پر موجود ہے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے گجرات میں بارش کےباعث حادثات میں اموات پراظہارافسوس کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی واظہار تعزیت کیا۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی کہ زخمی افراد کوعلاج معالجےکی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔

  • بھارت: آکسیجن سلنڈر کی ری فلنگ پر دو گروپوں میں تصادم

    بھارت: آکسیجن سلنڈر کی ری فلنگ پر دو گروپوں میں تصادم

    نئی دہلی: بھارت میں کرونا وائرس کا خوفناک پھیلاؤ اور آکسیجن کی قلت امن و امان کے مسائل بھی کھڑے کرنے لگی، ریاست گجرات میں آکسیجن سلنڈر کے معاملے پر دو گروپوں میں تصادم ہوگیا جس کے دوران فائرنگ بھی ہوئی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق گجرات میں آکسیجن سلنڈرز کی ری فلنگ کے دوران طویل قطار میں کھڑے دو افراد آپس میں لڑ پڑے۔

    دونوں افراد اسپتالوں میں آکسیجن کی فراہمی کا کام کرتے ہیں، دونوں کے درمیان پہلے زبانی تلخ کلامی ہوئی جس کے دوران ایک شخص نے جیب سے پستول نکال کر زمین کی طرف گولی چلا دی۔

    اس موقع پر وہاں موجود پولیس کانسٹیبل نے اسے روکنے کی کوشش کی تو اس نے مزید فائرنگ کی جس کے بعد وہاں موجود افراد میں بھگدڑ مچ گئی۔

    کانسٹیبل نے فوری طور پر مزید پولیس فورس طلب کی، لیکن اس سے قبل ہی دونوں کے ساتھ آئے افراد آپس میں گتھم گتھا ہوچکے تھے جبکہ انہوں نے وہاں پارک کی ہوئی گاڑیوں کو بھی توڑ پھوڑ کا نشانہ بنایا تھا۔

    پولیس کے آنے سے قبل دونوں گروپوں کے افراد منتشر ہوگئے۔

    مقامی پولیس نے متعدد افراد کے خلاف انتشار پھیلانے اور اقدام قتل کا مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔

  • جا بجا پلاسٹک میں لپٹی لاشیں، بھارتی گجرات کے اسپتال میں دل دہلا دینے والے حالات

    جا بجا پلاسٹک میں لپٹی لاشیں، بھارتی گجرات کے اسپتال میں دل دہلا دینے والے حالات

    نئی دہلی: بھارت میں کرونا وائرس نے خوفناک تباہی مچار کھی ہے، ریاست گجرات کے ایک اسپتال میں دل دہلا دینے والے حالات سامنے آئے ہیں اور ملک کے تقریباً تمام اسپتالوں کا کم و بیش یہی حال ہے۔

    بھارتی ریاست گجرات کے ایک اسپتال میں مردہ خانے کی حالت ابتر ہے، یہاں آخری رسومات کے لیے لاش کو اہل خانہ کے سپرد کرنے سے قبل لواحقین کو پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار کرنا پڑتا ہے۔

    اگر مریض کی رپورٹ کووڈ 19 پازیٹو ہو تو اسپتال انتظامیہ رشتہ داروں کو صرف دور سے ان کے آخری دیدار کی اجازت دیتی ہے، کووڈ 19 کے مریضوں کی لاش آخری رسومات کے لیے گھر والوں کے حوالے بھی نہیں کی جارہی۔

    اسپتال کے ایک کمرے میں لاشوں کو پلاسٹک میں لپیٹ کر رکھا گیا ہے، لاشوں کی پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے میں 3 سے 4 دن کا وقت لگتا ہے تب تک لاشیں وہاں یونہی پڑی رہتی ہیں۔

    اسپتال نے کچھ لاشوں کو لواحقین کو سونپ دیا ہے جبکہ کئی لاشیں آخری رسومات کے لیے بھیج دی گئی ہیں۔

    کرونا وائرس انفیکشن میں تیز رفتار اضافے کی وجہ سے مذکورہ اسپتال کے سبھی وارڈ کرونا مریضوں کے لیے مختص کردیے گئے ہیں، کئی کووڈ کے مریضوں کو بیڈ خالی ہونے کا انتظار بھی کرنا پڑ رہا ہے۔ کچھ مریض اسی انتطار کے دوران دم توڑ گئے۔

    مرنے والوں کے اہل خانہ کو لاش اس وقت تک نہیں دی جارہی جب تک یہ معلوم نہ ہوجائے کہ مرنے والا کرونا سے متاثرہ نہیں تھا۔ اس دوران اسپتال انتظامیہ اور لواحقین کے درمیان کئی لڑائی جھگڑے بھی ہوئے۔

  • ٹائم بم کی اطلاع پر بی ڈی ایس اہل کار بغیر یونیفارم پہنچ گیا

    ٹائم بم کی اطلاع پر بی ڈی ایس اہل کار بغیر یونیفارم پہنچ گیا

    گجرات: پنجاب کے شہر گجرات کے ایک علاقے میں ٹائم بم کی اطلاع پر بم ڈسپوزل اسکواڈ کا اہل کار بغیر یونی فارم بم ناکارہ کرنے پہنچ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گجرات کے علاقے نیو شادمان کالونی میں ٹائم بم کی اطلاع پر بم ڈسپوزل اسکواڈ جب کارروائی کے لیے پہنچا تو معلوم ہوا کہ ایک پیکٹ کو گھڑی لگا کر بم کی شکل دی گئی تھی۔

    بم ڈسپوزل اسکواڈ کے اہل کار اشرف بغیر یونی فارم کے ٹائم بم کو ناکارہ بنانے لگے تو بم جعلی نکلا، سڑک کنارے کھڑی گاڑی میں گھڑی لگا کر ایک پیکٹ کو بم کی شکل دی گئی تھی۔

    بم ڈسپوزل اسکواڈ کا کہنا تھا کہ شرپسند عناصر عوام میں خوف پھیلانے کے لیے ایسی کارروائیاں کرتے ہیں۔

    جعلی بم جیل چوک سے بادشاہی روڈ کی طرف جاتے ہوئے راستے میں ایک گاڑی میں رکھا گیا تھا، اطلاع ملنے پر ڈی ایس پی حافظ امتیاز سمیت تمام متعلقہ ریسکیو ادارے موقع پر پہنچ گئے تھے۔

    سیکورٹی اہل کاروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر لوگوں سے خالی کرایا، تاہم کارروائی کے دوران پتا چلا کہ واردات لوگوں میں خوف و ہراس پھیلانے کے لیے کی گئی ہے۔

    ایس ایچ او سول لائن میر عباس نے کا کہنا تھا کہ کسی نے ون فائیو پر کال کی تو پولیس نے فوراً ریسپانس کیا، ہو سکتا ہے کسی بچے نے اسے پھینکا تھا یا کسی نے ہمیں چیک کرنے کے لیے ایسا کیا، عوام میں خوف و ہراس پھیلانے والوں کو تلاش کیا جا رہا ہے۔

  • گوجرانوالہ جلسے میں ضرور پہنچیں گے: بلاول بھٹو کا اعلان

    گوجرانوالہ جلسے میں ضرور پہنچیں گے: بلاول بھٹو کا اعلان

    لالہ موسیٰ: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ گوجرانوالہ کے جلسے میں ضرور پہنچیں گے اور عمران خان کوگوجرانوالہ کےعوام کی آواز پہنچائیں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے پنجاب کے ضلع گجرات کے شہر لالہ موسیٰ میں نیوز کانفرنس میں کیا، انھوں نے کہا حکومت کی بوکھلاہٹ سب کے سامنے ہے، پیپلز پارٹی کے کارکنان اور عہدے داران کو ہراساں کیاجا رہا ہے، گوجرانوالہ کے پارٹی صدر کے گھر پر چھاپا مارا گیا ہے۔

    انھوں نے کہا پنجاب کے دل گوجرانوالہ سے پی ڈی ایم کی تحریک کا آغاز ہو رہا ہے، پیپلز پارٹی کے قافلے کی قیادت میں خود کر رہا ہوں، آج عوام بتائیں گے کہ حکومت کے جانے کا وقت آ گیا، کیوں کہ آپ بھوک پر ایف آئی آر نہیں کاٹ سکتے، اور بے روزگاری کو قید نہیں کر سکتے، اسی لیے آج پاکستان کے عوام کا سمندر آپ کو جواب دے گا۔

    بلاول بھٹو نے کہا عوام کے جمہوری حق کو ماننا پڑے گا، غیر جمہوری کوششیں آج بھی جاری ہیں، ایک جلسہ برداشت نہیں ہوتا، گلگت بلتستان میں انتخابات سے پہلے پری پول ریگنگ شروع ہو چکی ہے، دھاندلی ہوئی تو یہ سب سے زیادہ نیشنل سیکورٹی تھریٹ ہے، جو ٹریلر 2018 میں دیکھا وہی گلگت بلتستان میں دیکھنے کو مل رہاہے، میں خود وہاں جا کر انتخابی مہم کی قیادت کروں گا۔

    پی پی چیئرمین کا کہنا تھا قربانی کافی دے دی اب آپ کو ہمارے خون کے ساتھ انصاف کرنا ہوگا، ہمارے کارکنان آمرانہ دور کو پھر سے نہیں دیکھنا چاہتے، آج قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس بلانا مذاق بن چکا ہے، پارلیمنٹ سے زبردستی دھاندلی کر کے قانون منظور کرائے گئے۔

    انھوں نے کہا ہم پارلیمان کو گھر بھیجنے کا سوچ نہیں سکتے، ہم چاہتے ہیں پارلیمان میں جمہوری طریقہ اپنایا جائے، جمہوریت کو نقصان نہیں پہنچانے دیں گے، ٹوٹی پھوٹی جمہوریت بھی آمریت سے بہتر ہے۔ ہم عوامی بیانیہ لے کر نکلے ہیں، ساتھ ساتھ ہر جماعت کا اپنا منشور بھی ہے، آج ہم ساتھ ہیں، کل ایک دوسرے کے خلاف الیکشن بھی لڑیں گے یہی جمہوریت ہے۔

  • کامیاب جوان پروگرام: 1 سے 10 لاکھ روپے تک کا قرض کس طرح دیا جائے گا؟

    کامیاب جوان پروگرام: 1 سے 10 لاکھ روپے تک کا قرض کس طرح دیا جائے گا؟

    گجرات: وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا ہے کہ 10 لاکھ نوجوانوں کو 100 ارب روپے قرض دیا جائے گا، یہ قرض ذاتی ضمانت اور 4 فی صد سود پر دیا جائے گا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آج گجرات میں کامیاب جوان پروگرام کے تحت چیک تقسیم کرنے کی تقریب میں عثمان ڈار نے کہا کہ ایک لاکھ سے 10 لاکھ تک ذاتی ضمانت پر نوجوان کو قرض ملے گا، جب کہ 10 لاکھ سے ایک کروڑ قرض 4 فی صد مارک اپ پر دیا جائے گا۔

    انھوں نے کہا پہلے فیز میں ڈیڑھ لاکھ نوجوانوں کو قرضے دیں گے، تاحال 3 لاکھ درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، گجرات کے مزید 10 ہزار 500 نوجوانوں نے قرض کی درخواست دی ہے۔

    عثمان ڈار نے کہا ’ہم گولڈن ٹرائی اینگل گجرات، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ کی صنعت کے مسائل حل کریں گے، کاٹیج اندسٹری اور چھوٹے کاروبار کامیاب جوان پروگرام کا ہدف ہے، پہلے تین تھے اب پروگرام میں 18 نئے بینک شامل ہو چکے ہیں۔‘

    معاون خصوصی کا کہنا تھا گجرات چیمبر آف کامرس میں کامیاب جوان پروگرام کا ڈیسک بنایا جا سکتا ہے، چیمبر آف کامرس کے ارکان کو قرض کے لیے ترجیح دی جائے گی۔

    انھوں نے کہا ایس ایم ای سیکٹر ہی ملازمت پیدا کر سکتے ہیں، ہم اس سلسلے میں ایک لاکھ جوانوں کو فنی تعلیم دے رہے ہیں، ٹائیگر فورس اپنے علاقوں میں مسائل کی نشان دہی کر رہی ہے، ہم اس طرح نوجوانوں کو پالیسی سازی میں حصہ دار بنا رہے ہیں۔

  • بھارت: بینک ڈکیتی کے دوران ڈکیت کے ساتھ دہشت ناک واقعہ

    بھارت: بینک ڈکیتی کے دوران ڈکیت کے ساتھ دہشت ناک واقعہ

    گجرات: بھارتی ریاست گجرات کے شہر ودودرا میں بینک ڈکیتی کے دوران ایک ڈکیت کے ساتھ دہشت ناک واقعہ پیش آیا، حادثاتی طور پر اس نے تجوری کی جگہ اپنا گلا کاٹ ڈالا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق بھارتی شہر ودودرا کے ایک بینک کے اندر ڈکیت تجوری کو کاٹنے کے لیے لانے والے الیکٹرک کٹر سے اپنا ہی گلا کاٹ بیٹھا جس کی وجہ سے وہ موقع ہی پر مر گیا۔

    رپورٹس کے مطابق پولیس نے کہا ہے کہ بینک کے اندر ایک شخص کی لاش ملی جو اپنے ہی خون کے تالاب میں لت پت تھا، اس کے قریب برقی کٹر بھی پڑا ہوا تھا جسے وہ مبینہ طور پر تجوری کاٹنے کے لیے لایا تھا، لیکن اپنا ہی گلا کاٹ بیٹھا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ رواں ہفتے ودودرا کے اجیون اسمال فنانس بینک میں پیش آیا، ڈکیت رات پونے ایک بجے بینک میں داخل ہوا، لیکن اس سے قبل کہ تجوری کاٹ کر اندر سے رقم نکالتا، حادثاتی طور پر کٹر اس کے اپنے گلے پر پھر گیا۔

    حکام کا خیال ہے کہ ڈکیت نے اندھیرے میں مشین کے پھنسے ہوئے تار کو کھینچا ہوگا، جس پر کٹر کا رخ اس کی طرف ہو گیا ہوگا۔

    چنائی میں بینک کی سیکورٹی ٹیم نے سی سی ٹی وی پر ڈکیت کو پہلے ہی دیکھ لیا تھا اور برانچ منیجر کو اس کی موجودگی سے مطلع بھی کر دیا تھا، جب منیجر پرشانت شرما بینک پہنچا تو اس نے ڈکیت کو اپنے ہی خون میں ڈوبا ہوا پایا۔

    حکام کی جانب سے ڈکیت کی باضابطہ شناخت کے لیے خاندان کے افراد کا انتظار کیا جا رہا ہے، جس کے بعد اس کی شناخت بھی میڈیا میں جاری کر دی جائے گی، پولیس نے ڈکیتی کی کوشش کا مقدمہ بھی درج کر لیا ہے۔

    مقامی پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر کا کہنا تھا کہ تجوری کے آس پاس کی جگہ بہت چھوٹی ہے اور اس میں صرف ایک بندہ ہی کھڑا ہو سکتا ہے، اندھیرے کی وجہ سے چور تنگ جگہ پر اپنی حرکات بھی نہیں سمجھ سکا ہوگا، اس نے تار کھینچا ہوگا اور اس وقت کٹر اس کے گلے کی طرف ہو گیا ہوگا۔