Tag: گجرات

  • گول گپے بھی وینڈنگ مشین سے دستیاب

    گول گپے بھی وینڈنگ مشین سے دستیاب

    باہر کے کھانے کھانے کے شوقین افراد لاک ڈاؤن کے دنوں میں سخت مشکل کا شکار ہیں، ایسے افراد کو اگر دکانیں کھلی ہوئی مل بھی جائیں تو وہ حفظان صحت کے اصولوں کا سوچتے ہوئے باہر کا کھانا کھانے سے گریز ہی کرتے ہیں۔

    تاہم ایسے افراد کے لیے خوشخبری ہے کہ بہت جلد اب گول گپے وینڈنگ مشین سے دستیاب ہوں گے۔

    بھارتی ریاست گجرات میں بھرت پرجپتی نامی ایک شخص نے وینڈنگ مشین کی طرز پر ایسی مشین بنائی ہے جو گول گپے فراہم کرسکتی ہے۔

    اس مشین کا طریقہ استعمال بھی وینڈنگ مشین کی طرح ہے، پیسے ڈالو، اپنی پسند کے گول گپے کا بٹن دباؤ اور تھوڑی دیر میں گول گپے ہاتھ میں ہوں گے۔

    اس مشین کی بدولت صاف ستھرے گول گپے کھائے جاسکتے ہیں جن کی تیاری میں کوئی انسانی عمل دخل نہیں ہوگا۔

    اس مشین کو تیار کرنے والے بھرت پیشے کے لحاظ سے موبائل ٹیکنیشن ہیں، بھرت کا کہنا ہے کہ وہ بہت چھوٹی عمر سے اس طرح کی مشینوں کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔

    بھرت کے مطابق انہوں نے یہ مشین 40 ہزار بھارتی روپے کی لاگت سے 6 ماہ میں تیار کی ہے۔ یہ مشین بجلی سے چلتی ہے تاہم اس میں 24 وولٹ کی بیٹری بھی ہے جو ایک بار چارج کرنے پر 6 گھنٹے تک کام کرسکتی ہے۔

    بھرت کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس مشین کو مختلف الیکٹرانک ویسٹ سے بنایا ہے۔

    کیا آپ اس مشین کے بنے گول گپے کھانا چاہیں گے؟

  • گجرات: جیل میں قیدیوں کے تشدد سے 2 پولیس اہلکار زخمی

    گجرات: جیل میں قیدیوں کے تشدد سے 2 پولیس اہلکار زخمی

    گجرات: صوبہ پنجاب کے شہر گجرات میں قیدیوں کے تشدد سے 2 جیل اہلکار زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ جیل گجرات میں قیدیوں نے ہنگامہ آرائی کی،تمام قیدی جیل کی چھتوں پر چڑھ گئے،قیدیوں نے توڑ پھوڑ بھی کی۔قیدیوں نے مختلف حصوں میں آگ لگا کر جیل کا کنٹرول سنبھال لیا۔

    قیدیوں کے تشدد سے زخمی ہونے والے 2 اہلکاروں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔پولیس نے جیل کے اطراف میں اسنائپر تعینات کر دیے۔

    پولیس کی جانب سے جیل میں ہوائی فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے،آنسوگیس کا بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔

    لاڑکانہ سینٹرل جیل: قیدیوں نے جیل انتظامیہ کے 4 افراد کو یرغمال بنا لیا

    یاد رہے کہ رواں ماہ 8 جون کو صوبہ سندھ کے شہر لاڑکانہ کی سینٹرل جیل میں قیدیوں نے جیل انتظامیہ کے 4 اہلکاروں کو یرغمال بنا لیا تھا، قیدیوں کا مطالبہ تھا کہ کرونا وائرس جیل میں پھیل گیا ہے، لہٰذا قیدیوں کو بیرکوں میں بند نہ کیا جائے۔

  • وزیراعلیٰ پنجاب کی گجرات والوں کیلئے بڑے منصوبے کی منظوری

    وزیراعلیٰ پنجاب کی گجرات والوں کیلئے بڑے منصوبے کی منظوری

    لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اسپیکرپنجاب اسمبلی کی تجویز پر گجرات میں مدراینڈچائلڈاسپتال منصوبےکی اصولی منظوری دے دی اور کہا غلط فہمیاں پیدا کرنے والوں کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہو گی۔

    تفصیلات کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کی وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات ہوئی ، ملاقات میں بجٹ سیشن،سیاسی صورت حال اور فلاح عامہ کے پروگرام پر تبادلہ خیال کیا گیا اور کورونا کاپھیلاؤ روکنے کے لئے کئے جانے والے اقدامات پر بھی بات چیت ہوئی۔

    چوہدری پرویزالٰہی نے ریلیف بجٹ پیش کرنے پرعثمان بزدار کو مبارکباد دی جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب نے بجٹ سیشن احسن طریقے سے چلانے پر پرویز الٰہی کی کاوشوں کو سراہا۔

    وزیراعلیٰ پنجاب اور اسپیکرپنجاب اسمبلی نے عوام کی خدمت کیلئےملکرکام کرنےکےعزم کااعادہ کیا اور دونوں رہنماؤں کا بہترین ورکنگ ریلیشن شپ پر اطمینان کا اظہار کیا۔

    عثمان بزدار نے کہا کہ اتحادی ساتھ رہیں گے اور اتحاد بھی مضبوط تر ہو گا، ق لیگ سےاتحادپہلےسے مضبوط اورورکنگ ریلیشن شپ بہترہوئی، آس لگانے والوں کو یاس کے سوا کچھ نہیں ملے گا، پہلے بھی ایک تھے، اب بھی ایک ہیں اور آئندہ بھی ایک رہیں گے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ غلط فہمیاں پیدا کرنے والوں کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہو گی، اپوزیشن کے پاس فلاح عامہ کا کوئی ایجنڈا نہیں، صرف نان ایشوز پر سیاست چمکائی جا رہی ہے، تنقیدکی پرواکئےبغیرعوام کی خدمت کےسفرکوتیزی سےآگےبڑھائیں گے۔

    چوہدری پرویزالٰہی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کے ساتھ ہیں اور رہیں گے، اپوزیشن کے پاس فلاح عامہ کا ایجنڈا ہے نہ کورونا سےنمٹنےکا، سابق حکمرانوں نےمیرےدورکےلینڈمارک منصوبوں کوختم کرکےعوام پر ظلم کیا، اتحادمیں دراڑڈالنےکی خواہش رکھنے والوں کے ارمان پورے نہیں ہوں گے۔

    ملاقات کے دوران وزیر اعلی پنجاب نےگجرات میں مدراینڈچائلڈاسپتال منصوبےکی اصولی منظوری دے دی ، اسپیکرپنجاب اسمبلی کی تجویز پر گجرات میں500 بستروں پرمشتمل مدر اینڈ چائلڈ اسپتال بنے گا۔

    عثمان بزدار نے کہا گجرات میں مدر اینڈ چائلڈ اسپتال کیلئے فنڈز ترجیحی بنیادوں پر فراہم کریں گے، گجرات سمیت پنجاب کے دیگر اضلاع میں بھی مدر اینڈ چائلڈ اسپتال قائم کررہے ہیں، ماں اور بچے کی صحت کے منصوبے ہماری ترجیحات میں شامل ہیں۔

  • رقم کے تنازع پر زمین میں زندہ دفنایا جانے والا شخص باہر کیسے نکلا؟

    رقم کے تنازع پر زمین میں زندہ دفنایا جانے والا شخص باہر کیسے نکلا؟

    راجکوٹ: رقم کے تنازع پر زمین میں زندہ گاڑا جانے والا شخص معجزانہ طور پر باہر نکلنے میں کامیاب ہو کر پولیس کے پاس پہنچ گیا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست گجرات کے شہر راجکوٹ میں ایک ایسا واقعہ پیش آیا جس نے 80 کی دہائی کی دوسرے درجے کی فلموں کی یاد تازہ کر دی۔

    رپورٹس کے مطابق تین افراد نے اتوار کی رات کو راجکوٹ کے علاقے گوندل ٹاؤن میں ایک 30 سالہ شخص کپل مراکانا کو اغوا کر کے رقم کے تنازع پر تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر انتقاماً اسے زمین کھود کر زندہ دفن کر دیا۔

    کپل نے مٹی میں زندہ دفن ہونے کے بعد موت کے خوف سے ہاتھ پیر مارنے شروع کر دیے، اس کی خوش قسمتی تھی کہ مٹی سرکتے سرکتے سب سے پہلے اس کے پاؤں باہر نکلے، مزید محنت کے بعد وہ سر نکالنے میں بھی کامیاب ہو گیا اور پھر باہر نکل کر بھاگا۔

    پولیس کے مطابق تینوں ملزمان اروند بمبھاوا، روی وکاتر، اور چندو بھرواد کو گرفتار کر لیا گیا ہے، تینوں ملزمان نے ڈیری میں رکھے گئے ملازم کپل مراکانا کو غبن کے الزام میں یہ سزا دی، جب وہ کپل کو زخمی کر کے اور ہاتھ پیر باندھ کر مٹی میں دفن کر کے ایک کیبن میں چلے گئے تو اس دوران کپل نے جدوجہد کر کے خود کو باہر نکالا۔

    کپل مراکانا قبر سے نکل کر جب جان بچانے کے لیے بھاگا تو ملزمان نے اسے دیکھ لیا، اور پھر پکڑنے کے لیے اس کے پیچھے بھاگے، تاہم وہ پولیس کے پاس پہنچنے میں بھی کامیاب ہو گیا، بعد ازاں پولیس نے تینوں کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق تینوں کا کرونا ٹیسٹ کیا گیا ہے، نتیجہ آنے کے بعد انھیں باقاعدہ حراست میں لے لیا جائے گا۔

  • سینیٹائیزر اسپرے سے موٹر سائیکل کو آگ لگ گئی، کمزور دل افراد نہ دیکھیں

    سینیٹائیزر اسپرے سے موٹر سائیکل کو آگ لگ گئی، کمزور دل افراد نہ دیکھیں

    گجرات: بھارتی شہر احمد آباد میں سینیٹائیزر اسپرے سے موٹر سائیکل کو آگ لگنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی شہر احمد آباد میں کرونا وائرس کے حوالے سے چلائی جانے والی آگاہی مہم کے دوران اس وقت حادثہ پیش آیا، جب ایک حکومتی اہلکار نے موٹرسائیکل پر سینیٹائیزر اسپرے کیا جس سے اس میں آگ لگ گئی۔

    واقعے کی وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ احمد آباد میں ایک کمپلیکس کے باہر لگے چیک پوائنٹ پر رکنے والے شخص کی بائیک پر سینیٹائیزر اسپرے کرنے سے آگ لگ گئی جس نے موٹر سائیکل کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

    آگ لگنے کے بعد موٹر سائیکل سوار نے اپنی بائیک سڑک پر پھینک دی جس کے بعد اسپرے کرنے والے اہلکار نے موٹرسائیکل کو کھینچ کر دور کر دیا۔ ویڈیو میں وہاں موجود دوسرے اہلکار کو پانی سے آگ بجھاتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔

  • مودی سرکار نے کورونا کے مسلم مریضوں کو بھی نہ بخشا

    مودی سرکار نے کورونا کے مسلم مریضوں کو بھی نہ بخشا

    گجرات : بھارت میں کورونا وائرس کی وبا میں بھی مودی سرکار کی مسلمان دشمنی کم نہ ہوئی، بھارتی وزیراعظم کے آبائی علاقے گجرات کے ایک اسپتال میں کورونا کے مسلمان مریضوں کوالگ کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت میں کورونا وائرس کی شدت کے دوران بھی مودی سرکارکی مسلمان دشمنی اور متعصبانہ سلوک عروج پرہے۔ بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کے آبائی علاقے گجرات میں کورونامریضوں کا اسپتال مذہب کی بنیادپرتقسیم کردیا گیا۔

    بھارتی میڈیا کےمطابق احمد آباد کے اسپتال کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہندومریضوں کے لئے الگ وارڈ اورمسلمان مریضوں کے لئے علیحدہ وارڈ حکومت کے حکم پربنائے گئے ہیں۔

    اسپتال کے ایک ڈاکٹر نے کہا کہ عام طور پر مرد اور خواتین مریضوں کے لیے علیحدہ علیحدہ وارڈز ہوتے ہیں، لیکن یہاں ہم نے ہندو اور مسلمان مریضوں کے لیے الگ الگ وارڈز بنائے ہیں۔

    اسپتال کے ذرائع کے مطابق 150میں سے کم از کم 40 مریض مسلمان ہیں، جنہیں گزشتہ ہفتے اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔

    ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ نتن پٹیل مذہب کی بنیاد پر وارڈز کے فیصلے سے نا واقف نکلے اور کہا عام طور پر مرد و خواتین کے لیے علیحدہ علیحدہ وارڈز ہوتے ہیں، تاہم میں معاملے کی تحقیقات کروں گا۔

    دوسری جانب عالمی مذہبی آزادی کے امریکی کمیشن (یو ایس سی آئی آر ایف) نے گجرات کے اسپتال میں ہندو اور مسلمان مریضوں کو علیحدہ رکھنے کی رپورٹس پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے بھارت میں صرف مسلمانوں کے حوالے سے کورونا پھیلانے کی جھوٹی افواہوں میں اضافہ ہوگا۔

    خیال رہے بھارت میں مہلک کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 11 ہزار سے تجاوز کر گئی اور اس دوران وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 377 تک پہنچ گئی ہے۔

  • وبا کی وجہ سے خالی سڑکوں پر شیر نکل آیا

    وبا کی وجہ سے خالی سڑکوں پر شیر نکل آیا

    گجرات: بھارتی شہر کی سڑکوں پر کرونا کی وبا سے پھیلے ہوئے سناٹے کو دیکھ کر جنگل کا شیر بھی باہر نکل کر چہل قدمی کرنے لگا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی شہر گجرات کے علاقے گیر میں سڑکوں پر ایک شیر نکل آیا، جسے دیکھ کر لوگ خوف زدہ ہو گئے، شیر خالی سڑکوں پر اطمینان کے ساتھ چہل قدمی کرتا رہا۔

    امریکا: چڑیا گھر کے شیر کا کرونا ٹیسٹ بھی مثبت آگیا

    ایک بھارتی فاریسٹ سروس افسر نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر شیر کی چہل قدمی کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس کے مقابلے میں یہ وجہ لوگوں کو گھروں میں رہنے پر زیادہ مجبور کرے گی۔

    محکمہ جنگلات کی افسر سوزنتا نندا نے بتایا کہ یہ ویڈیو گیر کے علاقے میں ایک شہری نے بنائی تھی جب اس نے اپنے گھر کی کھڑکی سے ایک شیر کو چہل قدمی کرتے دیکھا۔ سوزنتا نے لکھا کہ گھر سے باہر نکلنے پر آپ کرونا وائرس کو نہیں بلکہ اس سے زیادہ بڑی چیز کو پائیں گے، اس لیے گھروں پر ہی رہیں تاکہ محفوظ رہیں۔

  • وبا کے دنوں میں پہلا لرزہ خیز قتل، ڈاکٹر کے خلاف مقدمہ درج

    وبا کے دنوں میں پہلا لرزہ خیز قتل، ڈاکٹر کے خلاف مقدمہ درج

    گجرات: ایک طرف پاکستان سمیت پوری دنیا نئی وبا سے بچنے کے لیے تگ و دو کر رہی ہے، دوسری طرف پنجاب کے ضلع گجرات میں اس وبا کی آڑ میں قتل کی لرزہ خیز واردات سامنے آ گئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کرونا وائرس سے پھیلنے والی وبا کی آڑ میں ضلع گجرات کے شہر کھاریاں میں 20 سالہ ایک گھریلو ملازمہ کا مبینہ طور پر قتل کر دیا گیا ہے، پولیس کا کہنا تھا کہ گھریلو ملازمہ کی لاش کو بغیر پوسٹ مارٹم دفنا دیا گیا تھا۔

    پولیس کے مطابق ملازمہ رمشا کے والد غلام یاسین کی مدعیت میں ڈاکٹر محمد علی کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، مقدمہ تھانہ کھاریاں کینٹ میں درج کیا گیا، جس میں ڈاکٹر سمیت 2 افراد نامزد کیے گئے ہیں۔

    مقتولہ رمشا کے والد اور بہن، جن کا دعویٰ ہے کہ رمشا پر تشدد بھی کیا گیا تھا

    مقتولہ کے والد نے بتایا کہ ڈاکٹر نے ان کی بیٹی رمشا کی موت کرونا وائرس سے بتائی اور جلدی دفن کرا دیا، ہم نے ٹیسٹ کا مطالبہ کیا تو کرونا رپورٹ منفی آنے سے ثابت ہوا کہ میری بیٹی کو قتل کیا گیا۔ انھوں نے مزید بتایا کہ ڈاکٹر محمد علی نے میری بیٹی رمشا کو 8 ہزار روپے ماہوار پر گھر میں ملازمہ رکھا تھا۔

    بیس سالہ رمشا کے کرونا ٹیسٹ کی رپورٹ، جو منفی آئی

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کھاریاں کینٹ کے رہایشی ڈاکٹر محمد علی نے عزیز بھٹی شہید اسپتال میں اطلاع دی تھی کہ گھریلو ملازمہ رمشا کرونا وائرس کی شکار ہو کر انتقال کر گئی ہے جس پر اسپتال کے عملے نے رمشا کے نمونے لیبارٹری بھجوا دیے ہیں۔ بعد ازاں، ڈاکٹر نے رمشا کی میت کو تابوت میں بند کروا کر آبائی شہر بھلوال تدفین کے لیے بھجوا دی۔ دوسری طرف ڈاکٹر نے ڈراما رچا کر پولیس اور میڈیکل عملے کے ساتھ اپنی رہایش گاہ کھاریاں کینٹ میں اسپرے شروع کروائی، تاہم گزشتہ روز رمشا کا کرونا ٹیسٹ منفی آنے کے بعد کیس کی نوعیت ایک دم بدل گئی۔

    ڈاکٹر محمد علی کے گھر کے باہر پولیس اور طبی عملہ موجود ہے
  • گجرات میں دو موٹرسائیکلوں میں تصادم، 4 افراد جاں بحق

    گجرات میں دو موٹرسائیکلوں میں تصادم، 4 افراد جاں بحق

    گجرات: صوبہ پنجاب کے شہر گجرات میں دو موٹرسائیکلوں میں تصادم کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق گجرات میں کڑیانوالہ روڈ پر 2 موٹرسائیکلوں میں تصادم ہوا، افسوس ناک واقعے میں 4 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ ایک خاتون زخمی ہوگئیں۔

    پولیس حکام نے بتایا کہ چاروں افراد ٹکر لگنے سے سڑک پر گرے،ٹریکٹر چاروں کے اوپر سے گزر گیا۔ جاں بحق افراد کی شناخت شعبان، جمشید، ارسلان اور اسلم کے نام سے ہوئی ہے۔

    اس سے قبل گزشتہ ہفتے خانیوال کی تحصیل میاں چنوں میں 2 موٹرسائیکلوں میں تصادم کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے تھے،حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا تھا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ مانگا منڈی رائے ونڈ روڈ پر دو موٹرسائیکلوں میں تصادم کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا تھا۔

  • 19 سالہ طالبعلم آپے سے باہر، کالج پرنسپل سے بدتمیزی اور تشدد

    19 سالہ طالبعلم آپے سے باہر، کالج پرنسپل سے بدتمیزی اور تشدد

    بھارتی ریاست گجرات میں ایک طالبعلم نے خاتون لیکچرر کے ساتھ بدزبانی کے بعد، پرنسپل کو شکایت پر پرنسپل پر بھی حملہ کر کے زخمی کردیا۔

    افسوسناک واقعہ گجرات کے شہر جام نگر کے آرٹس اینڈ کامرس کالج میں پیش آیا جہاں 19 سالہ طالبعلم یوگیش نے اساتذہ کے خلاف پرتشدد رویہ اپنایا۔

    بدھ کے روز یوگیش لیکچر کے دوران بغیر اجازت کلاس روم کے اندر داخل ہوا، جب کلاس میں موجود خاتون لیکچرر نے اسے روکا اور کلاس سے باہر انتظار کرنے کو کہا تو یوگیش آپے سے باہر ہوگیا اور لیکچرر کے ساتھ زبانی بدتمیزی شروع کردی۔

    بعد ازاں اس نے بدتمیزی کی انتہا کرتے ہوئے لیکچرر کو کلاس سے باہر جانے کا کہا جس کے بعد لیکچرر فوراً پرنسپل کے کمرے میں گئیں اور انہیں کلاس میں لے آئیں۔

    پرنسپل نے آ کر یوگیش سے بات کرنے کی کوشش کی تو یوگیش نے نہ صرف ان سے بھی بدتمیزی کی بلکہ ہاتھا پائی بھی شروع کردی، یوگیش کے دھکے سے پرنسپل زمین پر گر گئے اور انہیں معمولی چوٹیں بھی آئیں۔

    اس موقع پر دیگر اسٹاف ممبر اور طالبعلموں نے یوگیش کو قابو کیا، یوگیش نے جاتے ہوئے پرنسپل کو دھمکی دی کہ وہ اس کے خلاف کسی سے شکایت کر کے دکھائیں اور انہوں نے ایسا کیا تو وہ انہیں جان سے مار دے گا۔

    بعد ازاں پرنسپل نے پولیس کو بلوایا جنہوں نے آ کر کالج کی سی سی ٹی وی فوٹیجز کا جائزہ لیا۔

    ٹیچرز کا کہنا ہے کہ یوگیش اس سے قبل بھی کئی استادوں سے بدتمیزی کرچکا ہے جبکہ وہ امتحانات میں نقل بھی کرتا رہتا ہے۔ پولیس میں شکایت درج کروانے کے بعد مذکورہ طالبعلم روپوش ہوچکا ہے۔