Tag: گجرات

  • مسافروں سے بھرے طیارے میں آگ بھڑک اٹھی

    مسافروں سے بھرے طیارے میں آگ بھڑک اٹھی

    ممبئی: بھارتی ریاست گجرات میں احمد آباد ایئرپورٹ پر ٹیک آف کے دوران ایک طیارے کے انجن میں آگ بھڑک اٹھی، تمام مسافر اور عملہ محفوظ رہے۔

    مذکورہ واقعہ احمد آباد ایئرپورٹ پر گو ایئر کے اے 320 ایئر کرافٹ میں پیش آیا، فلائٹ نمبر جی ایٹ 802 احمد آباد سے بنگلور جارہی تھی جب ٹیک آف کی تیاری کرتے ہوئے طیارے کے ایک انجن میں آگ بھڑک اٹھی۔

    طیارہ کمپنی کے ترجمان کے مطابق ٹیک آف کے وقت طیارے کو بیرونی طور پر کسی شے سے نقصان پہنچا جو حادثے کی وجہ بنا۔

    ان کے مطابق آگ معمولی نوعیت کی تھی جس پر فوری قابو پا لیا گیا، طیارے میں موجود تمام مسافر اور عملہ محفوظ رہا اور ان کے ہنگامی اخراج کی ضرورت پیش نہیں آئی۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ طیارے کو ٹو کر کے رن وے سے اتارا جارہا ہے جس کے بعد تمام مسافروں کو جہاز سے اتار لیا جائے گا۔ متبادل طیارے کا انتظام بھی کرلیا گیا ہے جو کچھ ہی دیر میں مسافروں کو لے کر منزل کی جانب روانہ ہوجائے گا۔

  • ٹرمپ کے دورہ بھارت سے قبل مودی سرکار کی ’شرمناک حرکت‘

    ٹرمپ کے دورہ بھارت سے قبل مودی سرکار کی ’شرمناک حرکت‘

    نئی دہلی: بھارتی قوم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی آمد پر حواس باختہ ہوگئی، بھارت میں جابجا پھیلی جھونپڑ پٹیوں کو امریکی صدر کی نظروں سے چھپانے کے لیے دیواروں کے گرد محصور کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

    ریاست گجرات کے شہر احمد آباد کی مقامی انتظامیہ نے ایک کچی بستی کے گرد دیوار تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو صدر ٹرمپ کے راستے میں نظر آسکتی ہے۔

    امریکی صدر اپنے دورہ بھارت کے دوران گجرات میں عوامی اجتماع سے خطاب کریں گے اور اس اجتماع کا نام ’کیم چھو ٹرمپ‘ ہوگا، یہ اجتماع نریندر مودی کے دورہ امریکا کے دوران ہیوسٹن میں منعقد ہوئے اجتماع ’ہاؤی ڈی مودی‘ کی طرز پر کیا جارہا ہے۔

    اجتماع میں شرکت کے لیے امریکی صدر اور بھارتی وزیر اعظم اس راستے سے گزریں گے تو یہ کچی بستی انہیں نظر آئے گی۔

    کچی بستی کوچھپانے کے لیے تعمیر کی جانے والی یہ دیوار 7 فٹ اونچی ہوگی اور نصف کلو میٹر تک تعمیر کی جائے گی۔ اس کچی بستی میں تقریباً ڈھائی ہزار افراد آباد ہیں۔

    یہاں رہنے والوں نے اس دیوار کی تعمیر پر سخت اعتراض کیا ہے، مقامی افراد کا کہنا ہے حکومت غربت چھپانا چاہتی ہے تو وہ پکے مکان کیوں نہیں تعمیر کروا دیتی۔

    کچی بستی کی رہائشی ایک خاتون کا کہنا ہے کہ دیوار کی تعمیر شروع ہوچکی ہے، اس دیوار کے بننے سے ہماری بستی محصور ہوجائے گی، ہوا پانی بند ہوجائے گا۔ یہاں نہ سیوریج کا انتظام ہے اور نہ ہی بجلی اور پانی، اندھیرے میں گزارا کرنا پڑتا ہے۔ بارش میں یہاں گھٹنوں گھٹنوں پانی بھر جاتا ہے۔

    چونکہ یہ علاقہ ائیرپورٹ کے نزدیک ہے لہٰذا اکثر کسی خاص مہمان کی آمد پر یہاں پردہ ڈال دیا جاتا ہے لیکن اب حکومت یہاں دیوار بنا کر اسے مکمل طور پر چھپانا چاہتی ہے۔

    ایک خاتون کا کہنا تھا کہ ہماری غربت کو پردے اور دیوار سے ڈھانپنے کے بجائے سرکار ہمیں سہولیات مہیا کرئے تاکہ ہماری زندگی بہتر ہو۔

    یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنی اہلیہ میلانیا ٹرمپ کے ساتھ 24 اور 25 فروری کو بھارت کا دورہ کریں گے، 2 روزہ دورے کے دوران وہ دہلی اور گجرات جائیں گے۔

  • برطانیہ سے لوٹنے والی بہنیں پراسرار موت کا شکار ہوگئیں

    برطانیہ سے لوٹنے والی بہنیں پراسرار موت کا شکار ہوگئیں

    گجرات: پنجاب کے ضلع گجرات کے شہر دولت نگر میں برطانیہ سے لوٹنے والی بہنیں پراسرار موت کا شکار ہوگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق 3 روز قبل گجرات کے علاقے دولت نگر میں 2 برطانوی نژاد بہنوں کی پراسرار موت کا واقعہ پیش آیا تھا، والدین کا کہنا ہے کہ دونوں بہنوں کا انتقال گیزر سے گیس لیک ہونے سے ہوا۔

    دولت نگر پولیس نے کہا ہے کہ متوفی جوان بہنوں کے والدین نے موت کے واقعے کو اتفاقیہ حادثہ قرار دے دیا ہے، انھوں نے قانونی کارروائی سے انکار کیا اور موت کو حادثہ قرار دے کر مزید کارروائی نہ کرنے کی درخواست جمع کروائی۔

    رپورٹ کے مطابق تین دن قبل 18 سالہ نادیہ اور 25 سالہ ماریہ باتھ روم میں مردہ پائی گئی تھیں، معلوم ہوا کہ دونوں نہاتے ہوئے جاں بحق ہوئیں، والدین کا کہنا تھا کہ لڑکیوں کی ہلاکت باتھ روم میں لگے گیزر سے گیس خارج ہونے سے ہوئی۔

    دونوں بہنیں 10 روز قبل لندن سے پاکستان آئی تھیں، پولیس کا کہنا تھا کہ واقعہ حادثہ لگتا ہے لیکن پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد اصل صورت حال واضح ہوگی، تاہم لڑکیوں کے والدین نے کارروائی کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

    دوسری طرف اہل علاقہ نے بہنوں کی موت سے متعلق شکوک و شبہات کا اظہار کیا ہے، پولیس کی فرانزک ٹیم نے باتھ روم اور لڑکیوں کے بیڈ روم سے شواہد بھی جمع کیے۔

  • گھر میں آگ لگنے سے 6 افراد جاں بحق

    گھر میں آگ لگنے سے 6 افراد جاں بحق

    گجرات: صوبہ پنجاب کے شہر گجرات میں گھر میں آگ لگنے سے 6 افراد جاں بحق ہوگئے، آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔

    تفصیلات کے مطابق دلدوز حادثہ گجرات کے علاقے کوٹلہ میں پیش آیا، ریسکیو حکام کے مطابق گھر میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگی۔

    حکام کا کہنا ہے کہ آگ اتنی شدید اور اچانک تھی کہ اہلخانہ کو بچاؤ کا موقع نہ مل سکا۔ اہل علاقہ نے گھر سے دھواں اٹھتے دیکھا تو مرکزی دروازہ توڑ کر گھر والوں کی مدد کرنے کی کوشش کی۔

    حادثے میں 3 خواتین اور 3 مرد جاں بحق ہوگئے جن کی لاشیں اسپتال منتقل کردی گئیں۔ پوسٹ مارٹم کے بعد لاشیں اہلخانہ کے حوالے کردی جائیں گی۔

    جاں بحق ہونے والوں میں ماں نسیم بی بی، بیٹا کاشف اور فیصل اور 3 بیٹیاں طیب، ضوبیہ اور مدیحہ شامل ہیں۔

    خیال رہے کہ ایک روز قبل ہی چلتی گاڑی میں آتشزدگی کے واقعے میں 6 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے تھے۔

    مذکورہ واقعہ کراچی میں دو منٹ چورنگی کے قریب پیش آیا جہاں گاڑی اور رکشے میں ٹکر کے بعد آگ لگی، حادثے میں گاڑی میں سوار میاں بیوی 4 بچوں سمیت جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔

  • 4 بچوں کو قتل کرنے والے باپ کو عدالت نے 4 بار سزائے موت سنا دی

    4 بچوں کو قتل کرنے والے باپ کو عدالت نے 4 بار سزائے موت سنا دی

    سرائےعالمگیر: 4 بچوں کو قتل کرنے والے باپ کو عدالت نے سزائے موت سنا دی۔

    تفصیلات کے مطابق گجرات کی تحصیل سرائے عالم گیر میں غربت سے تنگ 50 سالہ باپ ایوب نے دو سال قبل 3 بیٹیوں سمیت اپنے 4 بچوں کو قتل کر دیا تھا، ایڈیشنل سیشن جج نے قاتل باپ کو 4 بار سزائے موت اور 16 لاکھ جرمانے کی سزا سنائی۔

    مقتول بچیوں کی عمریں 6، 8 اور 10 سال تھیں، بیٹا معذور تھا جس کی عمر 12 سال تھی، مجرم ایوب کے خلاف 2018 میں قتل کا مقدمہ درج ہوا تھا۔

    یہ واقعہ تھانہ صدر کے علاقے ڈیرہ پہاڑیاں میں پیش آیا تھا، جب سنگ دل باپ نے اپنے 4 جگر گوشوں کو کلہاڑی کے وار سے ابدی نیند سلا دیا تھا، جب کہ ایک بچے نے بھاگ کر جان بچائی تھی، قتل ہونے والوں میں 12 سالہ علی شان، 10 سالہ زینب، 8 سالہ عشا، اور 6 سالہ ایمن شامل تھیں۔

    سنگ دل باپ نے بچوں کو کمرے میں بند کر کے کلہاڑی مار کر قتل کیا تھا، بعد ازاں اہل علاقہ نے اسے پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔

  • گجرات، شاپنگ سینٹر میں خوفناک آتشزدگی، بچی جاں بحق، 2 افراد زخمی

    گجرات، شاپنگ سینٹر میں خوفناک آتشزدگی، بچی جاں بحق، 2 افراد زخمی

    گجرات: پنجاب کے شہر گجرات کے شاپنگ سینٹر میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں ایک بچی جھلس کر جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق گجرات میں بھمبر روڈ پر پلازہ میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، آتشزدگی کے نتیجے میں 12 سالہ بچی جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہوگئے۔

    [bs-quote quote=”آگ لگی نہیں لگائی گئی ہے” style=”style-8″ align=”left” author_name=”مالک شاپنگ سینٹر”][/bs-quote]

    شاپنگ سینٹر کے بیسمنٹ میں لگی آگ نے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لیا، فائر بریگیڈ کی 8 گاڑیوں نے کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔

    آتشزدگی کے باعث 30 دکانیں، 60 فلیٹس اور 20 سے زائد گاڑیاں جل گئیں جس کے نتیجے میں کروڑوں روپے کا نقصان ہوا۔

    عمارت میں پھنسی 100 خواتین اور بچوں کو باحفاظت ریسکیو کرلیا گیا.

    گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ سے ریسکیو کی گاڑیاں اور 100 سے زائد اہلکاروں کو طلب کیا گیا جنہوں نے امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔

    شاپنگ سینٹر کے مالک کا کہنا ہے کہ آگ لگی نہیں لگائی گئی ہے، آتشزدگی کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

  • نوبیل انعام یافتہ بھارتی اکانومسٹ نے مودی حکومت کا پردہ فاش کردیا

    نوبیل انعام یافتہ بھارتی اکانومسٹ نے مودی حکومت کا پردہ فاش کردیا

    نیویارک: بھارت سے تعلق رکھنے والے نوبل انعام یافتہ ماہرمعیشت امرتیا سین کو کہنا ہے کہ بھارت میں لوگ خوفزدہ ہیں ، مودی کی سب سے بڑی کامیابی خود پر سے گجرات قتل عام کے مقدمات ختم کرانا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی خبر رساں ادارے دی نیویارکر سے گفتگو کرتے ہوئے امرتیا سین کا کہنا تھا آج کے بھارت میں خوف ہے ، عوام فون پربھی حکومت کے خلاف بات کرتے ہوئے ڈرتے ہیں۔ یہ جمہوریت ہے اور نہ ہی جمہوریت ایسے چلائی جاتی ہے۔

    نریندر مودی کی کامیابیوں کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ مودی کی سب سے بڑی کامیابی دوہزاردومیں گجرات قتل عام کا کیس خود پراور وزیر داخلہ امیت شاہ سے ختم کرانا ہے۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ بھارت میں میڈیا آزاد ہو، دیگرپابندیاں نہ ہوں اورلوگوں کوبات کرنے کا موقع ملے توپتا چلے گا کہ جس ہندوتوا نظریے کے نفاذ اور کامیابی کے دعوے کئے جارہے ہیں وہ کتنے درست ہیں۔ اس وقت وہاں جبر کا ماحول ہے اگر اس موضوع پر مباحثہ ہو تو حقیقت سامنے آسکے گی ورنہ محض دعوے تک بات رہے گی۔

    کشمیر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ علیحدگی پسندوں کے ساتھ بھارت کا رویہ درست نہیں رہا ہے ، انہیں نشانہ بنانا آسان ہے ، وہ کہیں فرار نہیں ہوسکتے ۔ انہی اسباب کے سبب جو لوگ پاکستان کے حامی نہیں تھے وہ بھی اب پاکستان کی بات کرتے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ آج کے بھارت میں سب کچھ تبدیل ہوچکا ہے ، آج وہاں صدر ، وزیراعظم ، قیادت سب کے سب ہندو ہیں جبکہ ماضی میں ایسا نہیں تھا۔ محض کچھ سال پہلے یعنی 2007 میں بھارت میں ایک مسلمان صدر تھا، سکھ وزیر اعظم تھااور کرسچن پارٹی لیڈر تھا، یہ بھارت کی خوبصورتی تھی جسے مودی اور ہندو توا کے نظریے نے مسخ کردیا ہے، اب محض گوشت کھانے پر آپ وہاں کسی بھی مسلمان کو قتل کرسکتے ہیں، حالانکہ ہندو ویدوں میں کہیں بھی گوشت کھانے کی ممانعت نہیں ہے۔

  • سیلفی کا جنون: ریلوے لائن پر دو دوست ٹرین کی زد میں آ گئے

    سیلفی کا جنون: ریلوے لائن پر دو دوست ٹرین کی زد میں آ گئے

    گجرات: سیلفی کا جنون ایک اور نوجوان کی جان لے بیٹھا، گجرات میں ریلوے ٹریک پر دو دوست اس وقت ٹرین کی زد میں آئے جب وہ چلتی ریل کے بیک گراؤنڈ میں سیلفی لینے لگے۔

    تفصیلات کے مطابق گجرات میں ریلوے لائن پر سیلفیاں بناتے ہوئے دو دوست ٹرین کی زد میں آ گئے، جس کے نتیجے میں ایک موقع پر جاں بحق ہو گیا جب کہ دوسرے دوست کی حالت تشویش ناک ہے۔

    مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ زعیم شاہ کی لاش اور زخمی مبین کو عزیز بھٹی شہید اسپتال منتقل کیا جا چکا ہے، زخمی مبین کو طبی امداد دی جا رہی ہے لیکن اس کی حالت تشویش ناک ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ زعیم شاہ نے اپنے دوست کے ہم راہ چلتی ٹرین کے ساتھ سیلفی لینے کی کوشش میں جان گنوائی۔

    یہ بھی پڑھیں:  صلاح الدین کو انصاف دو! شہریوں کی اے ٹی ایم کو زبان چڑاتی سیلفیاں

    یاد رہے کہ ماضی میں بھی پنجاب کے مختلف شہروں میں متعدد نوجوان ریلوے ٹریک پر چلتی ٹرین کے ساتھ سیلفی لینے کے شوق میں اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔

    21 دسمبر 2018 کو فیصل آباد میں ایک نوجوان نے پستول تھامے سیلفی لینے کی کوشش کی لیکن غلطی سے ٹریگر دبنے کے باعث وہ موت کے منہ میں چلا گیا۔ دو سال قبل گجرات ہی کے کولیاں شاہ حسین کے قریب واقع اتوال نہر میں سیلفی لینے کی کوشش کے دوران دو بھائی نہر میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئے تھے۔

    خیال رہے کہ سیلفیاں لینا جب ذہنی مرض بن جائے تو جان کے لیے خطرناک ہو سکتا ہے تاہم اس رجحان کو سماجی احتجاج کے لیے بھی استعمال کیا جا رہا ہے جیسا کہ پولیس حراست میں حال ہی میں ذہنی مریض صلاح الدین کی موت پر لوگوں نے اے ٹی ایم بوتھس میں طنزیہ سیلفیاں لے کر احتجاج کیا۔

  • پنجاب کے عوام کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں گی، چودھری پرویزالٰہی

    پنجاب کے عوام کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں گی، چودھری پرویزالٰہی

    گجرات : قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ پورے پنجاب میں ہیلتھ پروگرام کو اَپ ڈیٹ کردیا گیا ہے، عوام کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

    یہ بات انہوں نے عزیز بھٹی شہید ہسپتال گجرات ٹراما سنٹر کے دورے کے موقع پر آئی سی یو بلاک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر انہوں نے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کے مسائل بھی سنے اور انہیں حل کرانے کی یقین دہانی کروائی۔

    چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ میری شروع سے یہی کوشش رہی ہے کہ پنجاب کے عوام باالخصوص اہل گجرات کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں، ہم نے صوبے بھر کے اضلاع میں کارڈیالوجی انسٹیٹیوٹ بنائے جن میں وزیرآباد، ملتان اور فیصل آباد شامل ہیں۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ جلد ہی گجرات کے عوام کو مزید بہترین ہیلتھ کی سہولیات میسر ہوں گی، گجرات کی ترقی کیلئے ہم سب کو مل کام کرنا ہو گا۔

    انہوں نے کہا کہ عزیز بھٹی شہید ہسپتال کے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کو جو مشکلات درپیش ہیں،ان کو وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے بات کر کے ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔

    اس موقع پر سابق صوبائی وزیر میاں عمران مسعود، ڈی سی ڈاکٹر خرم شہزاد، ڈاکٹر عابد غوری ایم ایس، چودھری ندیم اختر ملہی اور دیگر رہنما بھی ان کے ہمراہ تھے۔

  • گجرات، غربت سے تنگ باپ 4 بچوں سمیت نہر میں کود گیا

    گجرات، غربت سے تنگ باپ 4 بچوں سمیت نہر میں کود گیا

    گجرات: صوبہ پنجاب کے شہر گجرات میں غربت سے تنگ باپ چار بچوں سمیت نہر میں کود گیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر گجرات میں غربت سے پریشان باپ چار بچوں سمیت نہر میں کود گیا، شاویز نے 4 بچے موٹر سائیکل پر سوار کرکے نہر میں گرادی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ریسکیو ٹیم نے باپ اور تین بچوں کو نہر سے زندہ باہر نکال لیا جبکہ چوتھے بیٹے کی تلاش کے لیے نہر میں ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

    واضح رہے کہ رواں سال فروری میں گھریلو حالات سے تنگ آکر ماں نے مبینہ طور پر 2 بچیوں کو نہر میں پھینک دیا تھا، بچیوں کی عمریں ساڑھے سات سال اور تین سال تھیں۔

    مزید پڑھیں: غربت سے بدحال ماں نے دو بچیاں نہرمیں پھینک دیں

    یاد رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں کراچی کے علاقے ناظم آباد میں غربت کے مارے رکشہ ڈرائیور نے سی این جی نہ ملنے پر رکشہ جلادیا، پمپ سے پیٹرول خریدا اور کچھ دور جاکر رکشے پر چھڑکا اور آگ لگائی اور خودسوزی کی کوشش کی جسے شہریوں نے ناکام بنادیا۔

    خیال رہے کہ غربت اور سماجی تفریق کے سبب ملک میں اس قسم کے واقعات بڑھتے ہی جارہے ہیں، غربت اور بیروزگاری سے تنگ آکر نوجوان بھی خودسوزی پر مجبور ہیں۔