Tag: گجرانوالہ

  • کیا ساجد مسیح مسلمان ہو گیا تھا؟ ویڈیو رپورٹ دیکھیں

    کیا ساجد مسیح مسلمان ہو گیا تھا؟ ویڈیو رپورٹ دیکھیں

    کراچی کے علاقے کلفٹن سے لڑکے اور لڑکی کی لاشیں ملی تھیں، مقتول ساجد کے اہل خانہ گوجرانوالہ سے کراچی پہنچ گئے ہیں. کراچی پہنچنے والے اہل خانہ میں انصاف کی دہائی دیتی، 26 سالہ ساجد کی والدہ بھی شامل ہیں، جن کے بیٹے اور بہو ثنا کی لاشیں کلفٹن چائنا پورٹ کےقریب سے ملی تھیں۔

    کیس کی تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ ساجد مسیح نے کراچی پہنچ کر اسلام قبول کر لیا تھا، جس کے بعد دونوں نے عدالت جا کر شادی کر لی تھی، جب کہ مقتول ساجد کے اہل خانہ نے بتایا کہ دونوں کے لاپتا ہونے کے بعد گجرانوالہ میں لڑکی کے گھر والوں نے ان کا گھر جلا دیا ہے، اور ان کی جان کو خطرہ ہے اس لیے پنجاب سے کراچی آ گئے ہیں۔

    پولیس حکام کے مطابق کراچی پولیس کی ٹیم نے گجرانوالہ پہنچ کر کیس سے جڑے 4 افراد کو حراست میں لے لیا ہے، جن سے تفتیش کی جا رہی ہے۔

  • گجرانوالہ سے بھاگ کر کراچی آنے والے ساجد مسیح اور ثنا آصف کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آ گئی

    گجرانوالہ سے بھاگ کر کراچی آنے والے ساجد مسیح اور ثنا آصف کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آ گئی

    کراچی (29 جولائی 2025): گجرانوالہ سے بھاگ کر کراچی آنے والے مقتول جوڑے ساجد مسیح اور ثنا آصف کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے ساجد اور ثنا کی کلفٹن کے علاقے چائنا پورٹ سے گولیاں لگیں لاشیں ملی تھیں، دونوں کو چہروں پر قریب سے گولیاں مار کر قتل کیا گیا تھا۔

    چائنا پورٹ پر اس دہرے قتل کے معاملے میں بوٹ بیسن تھانے میں قتل کی دفعہ 302 کے تحت مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے، جس کے مطابق کلفٹن اتوار بازار کے عقب میں ایک کلو میٹر کے فاصلے پر مرد اور خاتون کی لاشیں پڑی ہوئی ملی تھیں، لاشیں ساحل سمندر کی جانب ٹیلوں کے درمیان کھڈوں کے اندر موجود تھیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ لاشوں کا پوسٹ مارٹم کر لیا گیا ہے، جس کے بعد دونوں لاشیں چھیپا سرد خانے منتقل کر دی گئی ہیں، رپورٹ کے مطابق مرد اور خاتون کے سروں میں گولیاں لگی ہوئی تھیں، عورت کے سر پر پیچھے کی جانب سے گولیاں ماری گئیں جو گردن سے نکلی، مرد کے سر پر پچھلی جانب سے گولی داخل ہوئی اور جبڑے سے باہر نکلی۔

    دونوں متوفیوں کی موت گولیاں لگنے سے ہوئی، اور ان کی شناخت تلاش ایپ کے ذریعے معلوم کی گئی۔

    اس کیس کی تحقیقات میں یہ انکشاف سامنے آیا تھا کہ مقتول لڑکے ساجد مسیح پر مقتولہ لڑکی ثنا آصف کے بھائیوں نے گجرانوالہ میں اغوا کا مقدمہ درج کرا رکھا تھا، پولیس کے مطابق مقتول ساجد کے خلاف گجرانوالہ کے تھانے تتلی میں مقتولہ ثنا کو اغوا کرنے کا مقدمہ لڑکی کے بھائی کی مدعیت میں 10 روز قبل درج کیا گیا تھا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ساجد اور ثنا کب کراچی پہنچے، کہاں رہائش پذیر تھے، اور کن سے ملاقاتیں کیں، تفتیش جاری ہے، ساوٴتھ زون پولیس نے گجرانوالہ پولیس سے رابطہ کر کے لڑکی کے بھائی مدعی مقدمہ وقاص کو حراست میں لے لیا ہے، جس سے واقعے کے متعلق مزید تفتیش بھی کی جا رہی ہے۔

    گوجرنوالہ میں درج 356 بی مقدمے کے مطابق 17 سالہ ثنا آصف کو زبردستی اغوا کیا گیا تھا، یہ مقدمہ ساجد مسیح سمت دیگر افراد کے خلاف رواں ماہ 15 جولائی کو درج ہوا، پولیس حکام کا کہنا تھا کہ لڑکا کرسچن اور لڑکی مسلمان ہے، دونوں کا تعلق گوجرانوالہ سے تھا۔

    ڈی آئی جی سائوتھ اسد رضا کے مطابق ثنا کے بھائی وقاص کو گوجرانوالہ پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔

  • بجلی کی لوڈ شیڈنگ، وزیر اعظم کے معاون خصوصی کا وزیر توانائی سے شکوہ

    بجلی کی لوڈ شیڈنگ، وزیر اعظم کے معاون خصوصی کا وزیر توانائی سے شکوہ

    اسلام آباد: کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بجلی کی ترسیل کرنے والی کمپنیوں نے من مانی کرتے ہوئے عوام پر لوڈ شیڈنگ کا عذاب مسلط کر رکھا ہے، گیپکو کی جانب سے بھی گوجرانولہ میں شدید لوڈ شیڈنگ اور کنکشن کاٹنے کے واقعات سامنے آئے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے اس سلسلے میں وزیر توانائی عمر ایوب سے رابطہ کر کے شکوہ کیا کہ سی ای او گیپکو عوام کے ساتھ نا انصافی کر رہے ہیں، اور سرکاری محکموں کی نا اہلی کا بوجھ عوام پر ڈالا جا رہا ہے۔

    عثمان ڈار کا کہنا تھا سرکاری محکمے پیسے ادا نہیں کر رہے تو غریب عوام کا اس میں کیا قصور ہے، بجلی کاٹنی ہے تو نادہندہ سرکاری محکموں کی کاٹی جائے۔ انھوں نے وزیر توانائی سے کہا کہ سخت گرمی میں عوام کو لوڈشیڈنگ کے عذاب سے بچایا جائے، عوام کے ٹیکس کے پیسے سے ہی یہ سرکاری محکمے چل رہے ہیں۔

    [bs-quote quote=”25 لاکھ سے زائد صارفین اووربلنگ اور مہنگی بجلی خریدنے پر مجبور ہیں: عتیق میر” style=”style-8″ align=”left”][/bs-quote]

    عثمان ڈار کی شکایت پر وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب نے فوری ایکشن لیتے ہوئے سی ای او گیپکو کو معاملات فوری بہتر کرنے کی ہدایت کر دی۔

    کراچی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بڑھانے کا اعلان

    واضح رہے کہ گزشتہ روز صوبہ سندھ کے بڑے شہر کراچی میں بھی کے الیکٹرک نے اضافی لوڈ شیڈنگ کا اعلان کیا ہے، جب کہ عوام نے تنگ آمد بجنگ آمد کے مصداق بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف حب روڈ بند کر کے احتجاج کیا، لیکن کراچی کے شہریوں کو تاحال کسی وزیر کی توجہ حاصل نہیں ہو سکی ہے، کے الیکٹرک کی ظالمانہ من مانی جاری ہے۔

    گزشتہ روز ذرایع ایس ایس جی سی نے اے آر وائی نیوز کو بتایا تھا کہ کے الیکٹرک کو معاہدے سے کئی گنا زیادہ گیس دی جا رہی ہے، معاہدہ صرف 10 ایم ایم سی ایف ڈی کا ہے لیکن کے الیکٹرک کو اس وقت بھی 240 ایم ایم سی ایف ڈی گیس دی جا رہی ہے، نیز کے الیکٹرک ایس ایس جی سی کی اربوں روپے کی نادہندہ بھی ہے۔

    چیئرمین آل کراچی تاجر اتحاد عتیق میر کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک نے طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے کراچی کے شہریوں پر برقی عذاب نازل کر رکھا ہے، شدید گرمی میں لوڈشیڈنگ سے شہر کے بیش تر بازار ویران ہو گئے ہیں، 25 لاکھ سے زائد صارفین اووربلنگ اور مہنگی بجلی خریدنے پر مجبور ہیں۔ انھوں نے کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان کے الیکٹرک کی بدترین کارکردگی اور صارفین کے خلاف زیادتیوں کا نوٹس لیں، عوام اور تاجروں کی موجودہ مالی مشکلات کے پیش نظربجلی کی قیمتیں کم کی جائیں۔

  • گوجرانوالہ میں 8 سالہ بچی زیادتی کے بعد قتل

    گوجرانوالہ میں 8 سالہ بچی زیادتی کے بعد قتل

    لاہور: صوبہ پنجاب میں ایک اور کمسن بچی زیادتی کا نشانہ بن گئی۔ گوجرانوالہ کی 8 سالہ مریم کو مبینہ زیادتی کے بعد گلا دبا کر قتل کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں 8 سالہ مریم لاپتہ ہوگئی تھی جس کی لاش 3 روز بعد کھیتوں سے برآمد ہوئی۔

    بچی کو مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد گلا دبا کر قتل کردیا گیا تھا۔ بچی کی لاش برآمد ہونے سے قبل پولیس نے شک کی بنیاد پر ہمسائے عبد الغنی کو گرفتار کیا تھا جس نے دوران تفتیش قتل کا اعتراف کیا۔

    ملزم کی نشاندہی پر کمسن مریم کی لاش برآمد کی گئی۔

    پولیس کے مطابق ملزم عبد الغنی بچی کو چیز دلوانے کے بہانے کھیتوں میں لے گیا اور زیادتی کے بعد گلا دبا کر قتل کردیا۔ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    بچی کے ورثا نے لاش جی ٹی روڈ پر رکھ کر احتج بھی کیا، مظاہرین نے جی ٹی روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بلاک کر دیا جس سے لاہور اور گوجرانوالہ آنے جانے والی ٹریفک معطل ہوگئی۔

    چند روز قبل راولپنڈی میں 7 سال بچی سے زیادتی کا ایک اور واقعہ پیش آیا تھا۔ راولپنڈی کے علاقے ڈھوک چوہدریاں میں 7 سال کی بچی سدرہ کو مبینہ زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا تھا۔

    سی پی او راولپنڈی کے مطابق ملزم بچی کا قریبی رشتہ دار ہے، ملزم نے بچی کے قتل کا اعتراف کر لیا ہے، پولیس کی بر وقت کارروائی سے ملزم کو فرار ہونے کا موقع نہیں مل سکا۔

  • پلوامہ میں ہلاک فوجی کشمیریوں کا قتل عام کرنے آئے تھے، سینیٹر سراج الحق

    پلوامہ میں ہلاک فوجی کشمیریوں کا قتل عام کرنے آئے تھے، سینیٹر سراج الحق

    گجرانوالہ : امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پلوامہ میں ہلاک بھارتی فوجی پڑھنے نہیں بلکہ کشمیریوں کا قتل عام کرنے آئے تھے، بھارت کے خلاف پاکستان کے عوام ،فوج اور حکومت ایک پیج پر ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے گجرانوالہ میں جماعت اسلامی کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پلوامہ واقعے میں ہلاک ہونے والے فوجیوں کو کشمیری عوام کے قتل عام کیلئے بھیجا گیا تھا۔

    کشمیریوں کو بھی اپنی جان مال اور عزت کی حفاظت کیلئے لڑنے کا پورا حق ہے، پلوامہ میں ہلاک بھارتی فوجی پڑھنے نہیں، کشمیریوں کاقتل عام کرنےآئےتھے۔

    مزید پڑھیں: مودی سن لو اب پاکستان 65 اور 71 والا نہیں ، سینیٹرسراج الحق

    انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف پاکستان کے عوام ،فوج اورحکومت ایک پیج پر ہیں، مودی سرکار بھارت میں اقلیتوں کا بھی قتل عام اور معاشی استحصال کررہی ہے۔

    مزید پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی فائرنگ‘ 1کشمیری شہید

    سینیٹرسراج الحق کامزید کہنا تھا کہ ایک طرف مودی پاکستان پر جنگ مسلط کرنے کی دھمکیاں دے رہا ہے اور دوسری طرف ہمارے حکمران کروڑوں روپے اجلاسوں پر خرچ کرنے کے بعد اسمبلی میں قانون سازی کے بجائے دھینگا مشتی کرتے نظر آتے ہیں، حکومت غیر سنجیدہ لوگوں کے ہاتھ میں ہے، حکمران ڈلیور کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔

  • شہباز شریف کی نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن پر الزامات کی بارش

    شہباز شریف کی نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن پر الزامات کی بارش

    گجرانوالہ: پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن پر الزامات کی بارش کردی، کہا صرف ن لیگیوں کے خلاف پرچے کاٹے جا رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع گجرانوالہ کے قصبے علی پور چھٹہ میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کرپشن کیس میں پکڑے گئے مجرم نواز شریف کا بھر پور دفاع کیا۔

    ن لیگی رہنما نے کہا ’نگراں حکومت صرف ن لیگ کے خلاف پرچے کاٹ رہی ہے، اربوں روپے لوٹنے والوں کو کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔‘

    شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ن لیگ کے رہنماؤں کی قومی احتساب بیورو (نیب) میں روز روز پیشیاں ہو رہی ہیں، دوسری طرف اربوں روپے لوٹنے والوں کو کوئی نہیں پوچھ رہا۔

    پنجاب پاور کمپنی اسکینڈل: شہبازشریف نے نیب میں طلبی کا نوٹس ہوا میں اڑا دیا

    شہباز شریف نے الیکشن کمیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ’انتخابی ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر الیکشن کمیشن کٹھ پتلی بنا ہوا ہے۔‘

    انھوں نے کہا 13 جولائی پاکستان کی تاریخ کا سیاہ دن تھا، نواز شریف نے بہادری دکھائی اور پاکستان واپس آئے۔ خیال رہے کہ تیرہ جولائی بہ روز جمعہ سابق وزیر اعظم نواز شریف ایون فیلڈ ریفرنس میں گرفتاری دینے پاکستان آئے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • زرداری اورنیازی کا گٹھ جوڑ دفن کردیں گے، شہبازشریف

    زرداری اورنیازی کا گٹھ جوڑ دفن کردیں گے، شہبازشریف

    گجرانوالہ : وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ زرداری اور نیازی کا گٹھ جوڑ عوام کو سمجھ میں آرہا ہے، عوام اس گٹھ جوڑ کو دفن کردیں گے، گوجرانوالہ میں بھی میٹرو بس منصوبہ تعمیر کیا جائے گا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے گجرانوالہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، شہباز شریف نے کہا کہ نندی پور بجلی منصوبہ نوازشریف کی قیادت میں مکمل کیا گیا، یہ منصوبہ پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں4سال تک کراچی پورٹ پر دفن رہا، ایک زمانہ تھا کہ بجلی جاتی تھی تو واپس نہیں آتی تھی لیکن اب ایسا نہیں ہے۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ آج کراچی موہن جو دڑو لگتا ہے، کراچی کی روشنیوں کو ختم کرکے اسےاندھیرے میں دھکیل کر تباہ کردیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ زرداری اور نیازی آپس میں مل گئے ہیں، ان دونوں کا گٹھ جوڑ آپ کو سمجھ آرہا ہے؟ اللہ کو منظورہوا تو زرداری، نیازی گٹھ کو دفن کردیں گے، دونوں نے اپنے اپنے صوبوں میں کچھ نہیں کیا۔

    نیازی اور زرداری صوبے کے لوگوں کو شکل دکھانے کے قابل بھی نہیں ہیں، زرداری صاحب نے سندھ میں جو کیا وہ سب کے سامنے ہے، وہ صرف الزامات کی سیاست کررہے ہیں۔

    شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب میں تعلیم کا اعلیٰ معیارہے،اسپتالوں میں دوائیں موجود ہیں، پنجاب میں پکی سڑکیں بن چکی ہیں، فلائی اوورزتعمیرکئےجارہےہیں۔

    شہبازشریف کا مزید کہنا تھا کہ کھرےاور کھوٹے کی تمیز گوجرانوالہ کے عوام کو کرنی آتی ہے، آئندہ الیکشن کے بعد موقع ملاتو گوجرانوالہ میں میٹرو سروس بنائیں گے، میٹرو بس کے لئےروٹ آپ نے خود طے کرنا ہے، ملک کو قائد اعظمؒ اور علامہ اقبالؒ کا پاکستان بنانا ہے تو آئندہ بھی ن لیگ کو ووٹ دینا۔

    علاوہ ازیں گوجرانوالہ میں جلسے کے دوران پہلوان بھی اسٹیج پر پہنچ گئے، پہلوان شاہد بابر جیسے ہی وزیراعلیٰ کےقریب پہنچے تو شہبازشریف نے انہیں داؤ لگا کر چت کردیا۔

    شہبازشریف پہلوان سے گرمجوشی سے ملے، پہلوان شاہد بابرنے وزیراعلیٰ کو بھی اٹھالیا، پہلوانوں نے شہبازشریف کو گرس پیش کیا اور پگڑی بھی باندھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔  

  • نندی پور پاور پلانٹ کئی ماہ سے بند، نیپرا کا نوٹس

    نندی پور پاور پلانٹ کئی ماہ سے بند، نیپرا کا نوٹس

    گوجرانوالہ: نندی پور پاور پلانٹ سے بجلی کی پیداوار کئی ماہ سے بند ہے، نیپرا نے وزارت بجلی سے جواب طلب کرلیا، ناردرن پاور کو بھاری جرمانہ عائد کیے جانے کا بھی امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نندی پور پاورپلانٹ سے بجلی کی پیداوار چھ ماہ سے بند ہونے کا انکشاف ہوا ہے، نیپرا نے معاملے کا نوٹس لے کر وزارت پانی وبجلی سےجواب طلب کرلیا۔

    نیپرا حکام کا کہنا ہے کہ نندی پورپاورپلانٹ بند ہونے سے اب تک اربوں روپے کا نقصان ہوچکا ہے۔ حکام کے مطابق پلانٹ اب کمرشل آپریشن میں ہے اس صورت حال میں پاور پلانٹ سے کئی ماہ گزرنے کے باوجود بجلی کی پیداوار نہ ہونا معاہدے کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔

    حکام نے متنبہ کیا کہ پلانٹ بند ہونے سے ناردرن پاور کمپنی پر بھی بھاری جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے جبکہ دیگر ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا بھی امکان ہے۔

    واضح رہے کہ نندی پور پاور پلانٹ کا افتتاح سال 2014ء  کو وزیراعظم نواز شریف نے کیا تاہم یہ منصوبہ اول روز سے ہی متنازع رہا، مذکورہ منصوبہ 2011 کو مکمل ہونا تھا لیکن ناگزیر وجوہات کی بنا پر کام رکا رہا۔

    مزید پڑھیں : تنازعات کا شکار نندی پور پاور منصوبے کے پروجیکٹ ڈائریکٹر شاہد سہیل برطرف

    یاد رہے کہ نندی پور پاور پلانٹ پر خرچ ہونے والی کثیرلاگت اورانتہائی مختصرعرصے تک فعال رہنے کے باعث اعتراضات اٹھائے جارہے ہیں۔

    مزید پڑھیں : نندی پور پاوراسٹیشن،ریکارڈ ضائع کرنے کی تحقیقات جاری

    نندی پور پاور پراجیکٹ 425 میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کا منصوبہ تھا جس کی ابتدائی لاگت 23 ارب روپے تھی جو کہ بڑھ کر 57.38ارب روپے تک پہنچ گئی تھی اور بعض ذرائع کے مطابق منصوبہ کل 84 ارب کی لاگت سے مکمل کیا گیا۔

  • پیرالمپکس مقابلوں میں پاکستانی کھلاڑی حیدر علی کی شاندار کارکردگی

    پیرالمپکس مقابلوں میں پاکستانی کھلاڑی حیدر علی کی شاندار کارکردگی

    ریو ڈی جنیرو: پاکستان کے پیرالمپیئن حیدر علی نے برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں جاری پیرالمپکس میں کانسی کا تمغہ جیت لیا۔

    برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں جاری پیرالمپکس میں ایتھلیٹ حیدر علی نے لانگ جمپ مقابلوں میں کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔

    para-2

    حیدر علی نے اس مقابلے میں 6.28 میٹر طویل چھلانگ لگائی۔ مقابلے میں چین کے شانگ گوانگزو نے نئے عالمی ریکارڈ کے ساتھ سونے کا تمغہ جیتا۔

    اکتیس سالہ حیدر علی کا تعلق صوبہ پنجاب کے شہر گجرانوالہ سے ہے اور وہ ریو پیرالمپکس میں شرکت کرنے والے واحد پاکستانی ہیں۔

    para-3

    یہ پیرالمپکس میں حیدر کا دوسرا تمغہ ہے۔انہوں نے 8 سال قبل بیجنگ پیرالمپکس میں بھی لانگ جمپ مقابلے میں ہی چاندی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔

    اس سے قبل قومی پیرالمپکس کمیٹی مالی مسائل کا شکار تھی اور کمیٹی نے کھلاڑیوں کو ریو بھیجنے کے لیے مالی تعاون کی درخواست کی تھی۔ بعد ازاں پاکستان اسپورٹس بورڈ کے تعاون سے حیدر علی اور ان کے ٹرینر کو ریو بھیجا گیا۔

    para-4

    واضح رہے کہ 1992 سے پیرالمپکس مقابلوں میں پاکستانی کھلاڑی بھیجے جانے کے بعد حیدر واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے اب تک پاکستان کے لیے تمغے حاصل کیے ہیں۔

  • نندی پور پاور پراجیکٹ کے سیکیورٹی آفس میں اہم ریکارڈ پھاڑ دیا گیا

    نندی پور پاور پراجیکٹ کے سیکیورٹی آفس میں اہم ریکارڈ پھاڑ دیا گیا

    گجرانوالہ: نندی پور پاور پراجیکٹ کے سیکیورٹی آفس میں نامعلوم افراد نے اہم ریکارڈ پھاڑ دیا۔ پھاڑے جانے والے کاغذات میں ادائیگیوں اور آئل خریداری کا ریکارڈ شامل تھا۔

    ذرائع کے مطابق واقعہ کل نصف شب کو اسسٹنٹ ڈائریکٹر سیکیورٹی کے دفتر میں پیش آیا۔

    واضح رہے کہ یہ واقعہ اس جگہ پیش آیا ہے جہاں قانون نافذ کرنے والے اداروں، رینجرز، پولیس اور ایلیٹ فورس کے درجنوں اہلکار سیکیورٹی کے فرائض پر مامور ہیں۔ اس جگہ عام افراد کا داخلہ بند ہے جبکہ کچھ مقامات پر وی آئی پی شخصیات کا داخلہ بھی ممنوع ہے۔

    پروجیکٹ انتظامیہ نے ضلعی حکومت اور پولیس کو واقعہ کی اطلاع دی جس کے بعد پولیس نے تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔

    پولیس کے مطابق صبح ساڑھے 3 بجے کے قریب کچھ نامعلوم افراد اسسٹنٹ ڈائریکٹر سیکیورٹی مہتاب عالم کے دفتر میں داخل ہوئے اور اہم ریکارڈ پھاڑ دیا۔

    فرانزک لیب کے اہلکار بھی جائے وقوع سے انگلیوں کے نشانات اور دیگر شواہد اکٹھے کرنے میں مصروف ہیں۔