Tag: گجرپورہ زیادتی کیس

  • عابد ملہی کی گرفتاری پر انعام، چیف جسٹس ہائی کورٹ کا ردعمل

    عابد ملہی کی گرفتاری پر انعام، چیف جسٹس ہائی کورٹ کا ردعمل

    لاہور: چیف جسٹس ہائی کورٹ نے گجر پورہ زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابد ملہی کی گرفتاری پر انعام پر اظہار برہمی کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ نے لاہور موٹر وے پر خاتون سے زیادتی کے ملزم کو گرفتار کرنے کے لیے انعام کے اعلان پر حیرت کا اظہار کیا۔

    چیف جسٹس ہائی کورٹ جسٹس محمد قاسم خان نے سخت ریمارکس میں کہا ملزم کو پکڑنا پولیس کی ذمہ داری ہے اس پر انعام کیسا، کیا اب پولیس افسر انعام کا انتظار کرے اور پھر ملزم پکڑے۔ چیف جسٹس نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا پولیس سے تو ملزم پکڑا نہیں جاتا اور اہل کار قبضے کرتے پھر رہے ہیں۔

    گجرپورہ زیادتی کیس: عابد کو پولیس نے گرفتار نہیں بلکہ پیش کیا ہے، والد کا دعویٰ

    یاد رہے کہ پولیس کے ساتھ 33 دن کی آنکھ مچولی کھیلنے کے بعد مرکزی ملزم عابد کو اس کے والد نے دو دن قبل گرفتار کروایا، اس سے قبل آٹھ اسپیشل ٹیمیں بھی عابد کا سراغ نہ لگا سکی تھیں، ملزم پولیس کو 3 بار چکما دیکر فرار ہو چکا تھا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم عابد قصور، ننکانہ اور شیخوپورہ سے پولیس کو چکما دے کر فرار ہوا تھا، ملزم کی اطلاع دینے والے کو 25 لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان بھی کیا گیا۔

    عثمان بزدار کا آئی جی پنجاب اور ٹیم کے لیے 50 لاکھ انعام کا اعلان

    پولیس کے اعلیٰ حکام نے گجرپورہ زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابد علی کو گرفتار کرنے والے انویسٹی گیشن اور سی آئی اے افسران کے لیے انعام کا اعلان کیا تھا۔ گزشتہ روز وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بھی آئی جی پنجاب اور ان کی ٹیم کے لیے پچاس لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا تھا۔

  • گجرپورہ زیادتی کیس کی میڈیا کوریج پر پابندی کا نوٹیفیکیشن معطل

    گجرپورہ زیادتی کیس کی میڈیا کوریج پر پابندی کا نوٹیفیکیشن معطل

    لاہور : لاہور ہائی کورٹ نے گجر پورہ ریپ کیس کی میڈیا کوریج پر پابندی کا نوٹیفیکیشن معطل کر دیا، چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ اگر پیمرا نے پابندی لگائی تھی تو وزرا اور مشیروں کی اس کیس کے متعلق تقاریر کیوں نشر کی گٸیں۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں چیف جسٹس قاسم خان کی سربراہی میں 2بینچ نے لنک روڈزیادتی کیس میں پیمرا کے کوریج پر پابندی کے فیصلے کیخلاف ابوذر سلمان نیازی ایڈووکیٹ کی اپیل پر سماعت کی۔

    چیف جسٹس قاسم خان نے سرکاری وکلا کو روسٹرم پربلایا ، ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ یہ پیمرا کا معاملہ ہے، جس پر چیف جسٹس قاسم خان نے ریمارکس دیے کہ میٹھا ،میٹھا ہپ ہپ، کڑوا کڑوا تھو تھو ،ایسا نہیں چلے گا ، میڈیا مقدمے کی کارروائی سے متعلق رپورٹنگ کرسکتا ہے۔

    چیف جسٹس قاسم خان کا کہنا تھا کہ رائٹ آف انفارمیشن کے تحت عوام کو آگاہی سے نہیں روکا جاسکتا، ملزم عابدکی گرفتاری سے متعلق میڈیاپرپریس کانفرنس کا ریکارڈ پیش کریں ، آئین کے تحت رائٹ ٹوانفارمیشن پرپابندی نہیں لگائی جاسکتی۔

    چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے ریمارکس میں کہا کہ میڈیا ملزم اورمتاثرہ افراد کی فیملی کی تصاویر نہیں چلائے گا، پیمرا نے پابندی لگائی تو وزرا ،مشیروں کی تقریریں کیوں نشرہوئیں، وہ دورختم ہوگیا جب حکومت کے سارے گناہ معاف ہوجاتے تھے اور ا اپوزیشن کو بغیر گناہ کے سزا ملتی تھی۔

    جس کے بعد لاہور ہائی کورٹ نے پیمرا کا لنک روڈ زیادتی کیس کی رپورٹنگ پر پابندی کا نوٹیفکیشن معطل کردیا۔

    خیال رہے ابوذرسلمان خان نیازی ایڈووکیٹ نے ہائی کورٹ میں اپیل کی تھی ، جس میں کہا تھا کہ اےٹی سی حکم پرپیمرا نےلنک روڈ زیادتی کیس کی کوریج پر پابندی لگا ئی ، میڈیا کوریج پر پابندی آئین و قانون کی خلاف ورزی ہے۔

  • گجرپورہ زیادتی کیس: مرکزی ملزم عابد  ملہی  کو آج انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا جائے گا

    گجرپورہ زیادتی کیس: مرکزی ملزم عابد ملہی کو آج انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا جائے گا

    لاہور : گجرپورہ زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابد ملہی کو آج انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا جائے گا، پولیس نے گذشتہ روز مرکزی ملزم  کو مانگامنڈی سے گرفتار کیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی انوسٹی گیشن کی جانب سے گجرپورہ زیادتی کیس میں گرفتار ملزم عابد ملہی کو آج انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا جائے گا، جہاں ملزم کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی۔

    ملزم عابد ملہی کا پولی گرافک ٹیسٹ اور اایک بارپھرڈی این اے ٹیسٹ کیا جائے گا جبکہ ملزم کی شناخت پریڈ کا عمل اور بیانات قلمبند کرنے کا عمل جلد مکمل کیا جائے گا۔

    ایس ایس پی انویسٹی گیشن عبدالغفار قیصرانی کا کہنا ہے ہے عابد ملہی کو سی آئی اے ماڈل ٹاؤن پہنچا دیا گیا ہے، جہاں اس سے تفتیش جاری ہے ، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن اور ڈی ایس پی سی آئی اے ماڈل ٹاؤن تحقیقات کررہے ہیں ، تھوڑی دیر میں پریس ریلیز جاری کردی جائے گی۔

    مزید پڑھیں : گجرپورہ زیادتی کیس کا مرکزی ملزم گرفتار، تفتیشی افسران کیلئے انعام کا اعلان

    یاد رہے گذشتہ روز لاہور پولیس نے ملزم عابد ملہی تینتیس دن بعد مانگا منڈی سے گرفتار کرلیا تھا ، سی آئی اے پولیس نے خفیہ اطلاع پر مانگا منڈی علی ٹاون ملزم کے والد کے گھر چھاپہ مارا جہاں سے ملزم عابد پولیس کے ہتھے چھڑ گیا، جس کے بعد پولیس نے ملزم عابد ملہی کو سی آئی اے ماڈل ٹاون منتقل کردیا تھا۔ مرکزی ملزم عابد کے خلاف مختلف تھانوں میں سولہ مقدمات درج ہیں۔

    مرکزی ملزم عابد کے خلاف مختلف تھانوں میں سولہ مقدمات درج ہیں جبکہ کیس میں شریک دوسراملزم شفقت پہلے ہی جوڈیشل ریمانڈپرجیل میں ہے اور وہ پہلے ہی اعتراف جرم کر چکا ہے اور اس کا ڈی این اے بھی میچ ہو چکا ہے۔

    واضح رہے نوستمبرکی رات ملزم عابد ملہی نے مبینہ طور پر گجر پورہ لنک روڈ پر بچوں کے سامنےماں کوزیادتی کا نشانہ بنایا تھا، لاہورسےگوجرانوالہ جاتے ہوئے خاتون کی گاڑی کا پیٹرول ختم ہو گیا تھا۔

    پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں نے کڑیاں ملاتے ہوئےباہتر گھنٹے میں ملزمان کا سراغ لگایا جبکہ متاثرہ خاتون نے شفقت اور عابد کوشناخت کیا اور مقدمے میں دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی۔

  • ملزم شفقت کی شناخت پریڈ، عدالت سے پولیس کو مہلت مل گئی

    ملزم شفقت کی شناخت پریڈ، عدالت سے پولیس کو مہلت مل گئی

    لاہور: لنک روڈ پر خاتون سے زیادتی کیس میں عدالت نے پولیس کو ملزم شفقت کی شناخت پریڈ کرانے کے لیے مہلت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق آج لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں گجرپورہ زیادتی کیس کی سماعت ہوئی، عدالت نے ملزم شفقت کی شناخت پریڈ کے لیے پولیس کو مہلت دیتے ہوئے کیس کی سماعت 6 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔

    عدالت نے ملزم شفقت کے جوڈیشل ریمانڈ میں بھی توسیع کر دی، تاہم عدالت نے تفتیشی افسر کو جلد ملزم کی شناخت پریڈ کرانے کاحکم دیا ہے، عدالت نے کہا آئندہ سماعت سے قبل ملزم شفقت کی شناخت پریڈ کو یقینی بنایاجائے۔

    اس کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے کی، تفتیشی افسر نے جج کے سامنے پیش ہو کر استدعا کی کہ ملزم شفقت کی شناخت پریڈ کراناممکن نہ ہو سکا، عدالت ملزم کی شناخت پریڈ کے لیے مہلت دے۔

    تفتیشی افسر نے ملزم سے متعلق بتایا کہ ملزم شفقت کو دیپالپور سےگرفتار کیاگیا، ملزم کا ڈی این اے ابتدائی طور پر متاثرہ خاتون سے میچ کرگیا ہے، ملزم کی نشان دہی پر مرکزی ملزم عابد کوگرفتار کرنا باقی ہے، ملزم سے پستول اور ڈنڈا بھی برآمد کرنا باقی ہے۔

    خاتون زیادتی کیس :ملزم شفقت کا 6روزہ جسمانی ریمانڈ منظور ، مقدمے میں دہشت گردی کی دفعات شامل

    واضح ہے کہ 9 ستمبر کو ملزم شفقت نے عابد علی سے مل کر گجرپورہ میں خاتون سےدوران ڈکیتی زیادتی کی تھی، شفقت کو گجر پورہ زیادتی کیس میں گرفتاری دینے والے ملزم وقار الحسن کی نشان دہی پر گرفتار کیاگیا تھا، شفقت مرکزی ملزم عابد کا دوست ہے، ملزم شفقت نے خاتون سے زیادتی کا اعتراف کرتے ہوئے بیان میں کہا تھا کہ 9 ستمبر کو وہ اور عابد ڈکیتی کی غرض سے کار کے پاس گئے تھے، پہلے خاتون سے لوٹ مار کی، اور پھر زیادتی کا نشانہ بنایا۔

  • گجرپورہ زیادتی کیس: آٹھ اسپیشل ٹیمیں بھی مرکزی ملزم عابد  کا سراغ لگانے میں ناکام

    گجرپورہ زیادتی کیس: آٹھ اسپیشل ٹیمیں بھی مرکزی ملزم عابد کا سراغ لگانے میں ناکام

    لاہور : گجرپورہ لنک روڈ زیادتی کیس میں آٹھ اسپیشل ٹیمیں بھی مرکزی ملزم عابد کا سراغ نہ لگا سکیں ، ملزم پولیس کو3 بار چکما دیکر فرار ہو چکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گجرپورہ لنک روڈ زیادتی کیس کا مرکزی ملزم عابد سترہ روز بعد بھی گرفتار نہ ہوسکا، عابد کو گرفتار کرنے کے لیے 8 اسپیشل ٹیمیں کام کررہی ہیں ، ٹیموں میں سی ٹی ڈی،اسپیشل برانچ اورکوئیک رسپانس فورس کےاہلکارشامل ہیں تاہم آٹھ اسپیشل ٹیمیں بھی مرکزی ملزم عابد کا سراغ نہ لگا سکیں۔

    ملزم عابد پولیس کو3 بار چکما دیکر فرارہوچکاہے ، پولیس نےملزم عابدکوبلیک لسٹ میں بھی شامل کررکھاہے جبکہ ملزم عابد اور اس کی بیوی کا شناختی کارڈبلاک کرا دیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم عابدقصور،ننکانہ اورشیخوپورہ سے پولیس کوچکمادیکرفرارہوا، ملزم کی اطلاع دینے والے کو 25لاکھ روپے انعام دینےکااعلان کیا گیا ہے۔

    پولیس ذرائع کے مطابق پولیس نے ملزم کی گرفتاری کے لئے کچے کے علاقوں میں بھی مخبری کا نیٹ ورک تیز کر دیا ہے، کیس کا مرکزی ملزم شفقت پولیس کے پاس چودہ روزہ ریمانڈ پر ہے۔

    پولیس نے مرکزی ملزم عابد علی کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کے لئے پمفلٹ تیار کر کے اس کی تلاش کر رہے ہیں، صوبائی سطح پر مختلف صوبوں میں پولیس نے عابد علی کی تصاویر اور پمفلٹس اور حلیہ جات فراہم کردئیے ہیں جبکہ پولیس قبائلی علاقوں میں بھی ملزم کی گرفتاری کےلیے رابطے میں ہے۔

    خیال رہےگرفتار شفقت علی اور دیگر ملزمان عابد کی بیوی،سالی دوقریبی عزیز،عابد کا ساتھی بالامستری ،وقارالحسن سے تفتیش جاری ہے جبکہ شفقت اعتراف جرم بھی کرچکا ہے۔

  • گجرپورہ زیادتی کیس:  مرکزی ملزم عابد کے 2 بہنوئی  گرفتار

    گجرپورہ زیادتی کیس: مرکزی ملزم عابد کے 2 بہنوئی گرفتار

    قصور : گجرپورہ زیادتی کیس میں پولیس نے مرکزی ملزم عابد کے 2 بہنوئیوں کو گرفتار کرلیا، ملزم عابد کچھ دن قبل دونوں کے ساتھ رابطے میں رہا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب پولیس گجرپورہ لنک روڈ زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابدکوگرفتار کرنے میں تاحال ناکام ہے، پولیس نے قصورآپریشن کےدوران ملزم کے 2 بہنوئی حراست میں لئے، زیرحراست افراد کی شناخت عارف علی اور صابرعلی کے نام سےہوئی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں افراد کا تعلق بہاولنگر سے ہے، ملزم عابد کچھ دن قبل دونوں کےساتھ رابطے میں رہا تھا۔

    یاد رہے عابد کے حلیہ بدلنے کی اطلاعات پر پنجاب پولیس نے ملزم کے مختلف روپ میں خاکے جاری کردیئے ہیں اور ملزم کی گرفتاری کےلئےدائرہ دوسرے صوبوں تک بھی بڑھا دیا گیا ہے۔

    پولیس نےعابدعلی کے سات مختلف خاکے تیار کرالیے جو تفشیشی ٹیموں کے حوالے کر دئیے گئے ہیں ، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم بغیر داڑھی، بغیر مونچھوں، بغیر بالوں اور کلین شیو ہو سکتا ہے۔

    عابد کی بیوی،سالی دوقریبی عزیز،عابد کاساتھی بالامستری ،وقارالحسن شفقت گرفتار ہیں جبکہ شفقت اعتراف جرم بھی کرچکا ہے۔

  • گجرپورہ زیادتی کیس، ملزم عابد کی گرفتاری کیلئے دائرہ کار دیگر صوبوں تک بڑھا دیا گیا

    گجرپورہ زیادتی کیس، ملزم عابد کی گرفتاری کیلئے دائرہ کار دیگر صوبوں تک بڑھا دیا گیا

    لاہور : گجرپورہ زیادتی کیس کے ملزم عابد کی گرفتاری کیلئے دائرہ کار دیگرصوبوں تک بڑھا دیا گیا اور صوبے کے داخلی وخارجی راستوں پر ناکہ بندی کے احکامات جاری کردیئے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق گجرپورہ زیادتی کیس میں پنجاب پولیس نے مرکزی ملزم عابد کی گرفتاری کیلئے دائرہ کار دیگرصوبوں تک بڑھاتے ہوئے دوسرے صوبوں سے رابطہ کرلیا ہے اور ملزم کی تفصیلات شیئرکردیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب پولیس نے صوبے کے داخلی وخارجی راستوں پر ناکہ بندی کے احکامات کردیے ہیں جبکہ ملزم عابد کی گرفتاری کے لئے ٹیموں کے مختلف شہروں میں بھی رابطے جاری ہے۔

    دوسری جانب پولیس کی جانب سے زیر حراست افراد سے بازپرس کا عمل جاری ہے جبکہ سادہ کپڑوں میں مزارات پر بھی اہلکار تعینات کردیے ہیں۔

    اس سے قبل گجرپورہ زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابد علی کی تصویر اور معلومات فرانزک ڈیپارٹمنٹ سے لیک ہونے کا انکشاف سامنے آیا تھا اور ملزم عابد کی تصویر اورمعلومات لیک ہونےکےمعاملےکی ابتدائی رپورٹ ایوان وزیراعلیٰ کوموصول ہوگئی تھی۔

    جس کے مطابق عابد کی تصویر اور معلومات لیک کرنے والے شخص کی نشاندہی کرلی گئی ، حتمی رپورٹ وزیراعلیٰ کو دورہ جنوبی پنجاب سے واپسی پر پیش کی جائے گی۔

    پنجاب کابینہ اجلاس میں عابد کی تصویر لیک ہونے پر ارکان نے احتجاج کیاتھا، ذرائع کے مطابق تصویر اور معلومات لیک ہونے سے ملزم عابد کو فرار ہونے کا موقع ملا۔

  • گجرپورہ زیادتی کیس : مرکزی ملزم  عابد کیخلاف درج مقدمات کا مکمل ریکارڈ سامنے آگیا

    گجرپورہ زیادتی کیس : مرکزی ملزم عابد کیخلاف درج مقدمات کا مکمل ریکارڈ سامنے آگیا

    ‌‌لاہور : گجرپورہ زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابد کیخلاف پنجاب کےمختلف تھانوں میں زیادتی اور ڈکیتی کے 16 مقدمات درج ہیں تاہم مرکزی ملزم اب تک پولیس کی گرفت میں نہ آسکا۔

    تفصیلات کے مطابق گجرپورہ زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابد کیخلاف درج مقدمات کا مکمل ریکارڈ سامنے آگیا ، عابد کیخلاف پنجاب کےمختلف تھانوں میں زیادتی اور ڈکیتی کے 16 مقدمات درج ہیں۔

    ملزم عابدکیخلاف ضلع بہاولنگرمیں10مقدمات درج ہیں جبکہ تھانہ کھجی والا،فقیروالی ،فیکٹری ایریا اور گجرپورہ لاہورمیں ڈکیتی کاایک مقدمہ بھی درج ہے۔

    عابدکیخلاف تھانہ فورٹ عباس،کھچی والا،گجرپورہ میں زیادتی کے 3مقدمات درج ہے ، ملزم نے2013میں فورٹ عباس میں ڈکیتی کےدوران خاتون سےزیادتی کی جبکہ تھانہ کھچی والامیں2017میں ساتھیوں کیساتھ خاتون سے زیادتی کامقدمہ اور لاہورکےتھانہ باغبانپورہ میں ڈکیتی کامقدمہ درج ہے۔

    مزید پڑھیں : گجرپورہ زیادتی کیس کا مرکزی ملزم پولیس کو چکمہ دے کر فرار

    عابدکیخلاف آخری مقدمہ تھانہ گجرپورہ میں موٹروےزیادتی کا درج ہوا تاہم موٹروے زیادتی کیس کامرکزی ملزم عابدتاحال پولیس کی گرفت میں نہ آسکا جبکہ عابد کی بیوی، بیٹی اور کزنز کے بعد سالی کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    کشور بی بی نے انکشاف کیا کہ عابد نے پارک میں بلوایا تھا مگر پولیس کے آنے کی اطلاع پر عابد فرار ہوگیا جبکہ ننکانہ میں پولیس ایلیٹ فورس اورمختلف تھانوں کی نفری نےسرچ آپریشن کیامگرکامیابی نہ ملی۔

  • گجرپورہ زیادتی کیس کا مرکزی ملزم پولیس کو چکمہ دے کر فرار

    گجرپورہ زیادتی کیس کا مرکزی ملزم پولیس کو چکمہ دے کر فرار

    لاہور: گجرپورہ زیادتی کیس کا مرکزی عابد علی ننکانہ صاحب پولیس کو چمکا دے کر فرار ہوگیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق گجرپورہ لنک روڈ زیادتی کیس کے ملزم عابد علی کو پولیس گرفتار کرنے پہنچی تو وہ پولیس کو چمکہ دے کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ننکانہ صاحب پولیس کی بھاری نفری عابد ملہی کو ڈھونڈے میں مصروف ہے، پولیس کی بھاری نفری نے دھولر والے قبرستان کو گھیرے میں لے لیا۔

    پولیس ذرائع کے مطابق ننکانہ صاحب میں ملزم عابد ملہی آج دوپہر اپنی سالی کے گھر آیا تھا، عابد کی سالی کشور بی بی پرانا ننکانہ کی رہائشی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس کو عابد کی موجودگی کی اطلاع پہلے ہی مل چکی تھی لیکن پولیس 30 منٹ تاخیر سے پہنچی۔

    مزید پڑھیں: لنک روڈ زیادتی کیس ، مرکزی ملزم عابد کا نام بلیک لسٹ میں ڈال دیا گیا

    مرکزی ملزم کی سالی کشور بی بی نے پولیس کو دئیے گئے بیان میں بتایا کہ عابد ملہی رائے بلار بھٹی پارک میں میرے ساتھ موجود تھا، پولیس اہلکاروں نے عابد کو پکڑنے کی کوشش کی تو ملزم دھکا دے کر فرار ہوگیا۔

    ملزم کی سالی کشور بی بی کا کہنا ہے کہ عابد کے فرار ہونے کے بعد ہماری جان کو بھی خطرات لاحق ہیں۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل گجرپورہ لنک روڈ پر خاتون کو بچوں کے ہمراہ اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا، کیس میں نامزد دو ملزمان شفقت اور بالامستری گرفتار ہوچکے ہیں جبکہ مرکزی ملزم عابد کی گرفتاری میں پولیس کو ابھی تک کامیابی نہیں مل سکی ہے۔

  • گجرپورہ زیادتی کیس : متاثرہ خاتون نےعابد علی سمیت دونوں ملزمان کی شناخت کرلی

    گجرپورہ زیادتی کیس : متاثرہ خاتون نےعابد علی سمیت دونوں ملزمان کی شناخت کرلی

    لاہور : وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے گجرپورہ زیادتی کیس میں متاثرہ خاتون کی جانب سے عابدعلی سمیت دونوں ملزمان کی شناخت کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا متاثرہ خاتون نے تعاون کی یقین دہانی کرادی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گجرپورہ زیادتی کیس میں وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ متاثرہ خاتون نےعابد علی سمیت دونوں ملزمان کی شناخت کرلی اور پولیس کے ساتھ تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔

    فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ ک روڈ زیادتی کیس کی تفتیش مکمل ہوچکی ہے، زیادتی کیس کے 2 مرکزی ملزمان میں سے ایک گرفتار نہیں ہوا ، ملزمان کی بیویاں ، والد اورباقی قریبی لوگ گرفتار ہیں۔

    وزیراطلاعات پنجاب نے کہا کہ ملزم وقارکو محلے داروں نے 25 لاکھ کے لالچ میں گرفتار کرایا، وقارالحسن کے ذریعے تک ہی مرکزی ملزمان تک پہنچے ہیں، وقار الحسن کو جیوفنسنگ کے تحت ٹریک کیا تھا، وقار الحسن پر دباؤ پڑا تو اس نے خود گرفتاری دی ، وقار الحسن نے بتایا عباس،مستری بالا،شفقت کون ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ سی سی پی اوعمر شیخ نے جو بات کی غلط تھی اس پر معافی مانگی، شہبازشریف نے جو بیان دیا اس سے پاکستانیوں کا سرشرمندگی سے جھک گیا، ایسے ایشو پر فلور آف دی ہاؤس کیا گفتگو کرنی چاہیے یہ پتہ ہی نہیں ، شہبازشریف نے معافی مانگی مگر فلور آف دی ہاؤس نہیں۔

    خیال رہے پنجاب کی پولیس گجرپورہ واقعہ کے مرکزی ملزم عابد کواب تک گرفتار نہیں کر سکی، عابد کی گرفتاری کے لیے رات گئے قصور میں سرچ آپریشن کیا گیا تاہم پولیس ایک بار پھر ملزم کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی۔

    پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم عابد علی کی اہلیہ کو حراست میں لے لیا تھا اور اہلیہ بشریٰ سے تفتیش کی جارہی ہے۔