Tag: گجرپورہ واقعہ

  • شہباز شریف نے اسمبلی میں گجرپورہ واقعے کے بیان پر معذرت کر لی

    شہباز شریف نے اسمبلی میں گجرپورہ واقعے کے بیان پر معذرت کر لی

    اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف نے قومی اسمبلی میں اپنے بیان پر معذرت کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے اسمبلی میں گجر پورہ واقعے کے بیان پر معذرت کر لی ہے، انھوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں خطاب کے دوران اپنی بات درست طریقے سے نہ کہہ سکا تھا۔

    شہباز شریف کا کہنا ہے کہ اسمبلی فلور پر اپنی بات صحیح طور پر نہ کہہ سکنے سے میری بات میں بے حسی کا تاثر ابھرا، میری بات سے جو تاثر ابھرا میرا مقصد وہ نہیں تھا۔

    قیام امن اور قانون کی عملداری میں حکومت ناکام ہوچکی ہے، شہبازشریف

    انھوں نے کہا گجرپورہ واقعہ آپ سب کی طرح میرے لیے بھی دل دہلانے والا ہے۔

    قبل ازیں، ترجمان ن لیگ نے بھی شہباز شریف کے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا تھا کہ گجرپورہ واقعے سے متعلق شہباز شریف کے بیان کا غلط مطلب لیا گیا، بیان میں گجرپورہ واقعے پر بد انتظامی کی نشان دہی کی گئی تھی۔

    مریم اورنگ زیب نے کہا کہ شہباز شریف کا مقصد یہ تھا کہ نواز شریف نے موٹر وے بنائی، لیکن حکومت نظام بنانے کی اہلیت نہیں رکھتی، جس کی وجہ سے یہ واقعہ رونما ہوا۔ انھوں نے کہا کہ قوم مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے ہم آواز ہے۔

  • خواتین اور بچوں سے زیادتی کے مجرم کو سرعام پھانسی دی جائے: وزیر اعظم

    خواتین اور بچوں سے زیادتی کے مجرم کو سرعام پھانسی دی جائے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ گجرپورہ واقعے نے پوری قوم کو ہلا کر رکھ دیا ہے، خواتین اور بچوں سے زیادتی کے مجرم کو سر عام پھانسی دی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ گجر پورہ واقعے نے پوری قوم کو ہلا کر رکھ دیا، زیادتی کے مجرموں کو سر عام لٹکایا جائے، ہم اقتدار میں آئے تو آئی جیز نے بریفنگ میں بتایا تھا کہ ملک میں جنسی جرائم بڑھ رہے ہیں۔

    وزیر اعظم نے کہا جنسی جرائم میں ملوث مجرموں کے لیے نئے قانون کی ضرورت ہے، جنسی جرائم میں ملوث مجرموں کی سرجری کر کے ناکارہ کر دینا چاہیے۔ مجھے بتایا گیا ہے سرعام لٹکانے سے متعلق عالمی دباؤ آئے گا، جب اس کے بارے میں گفتگو کی تو کہا گیا کہ یہ عالمی سطح پر قابل قبول نہیں ہوگا۔ بتایا گیا کہ یورپی یونین نے ہمیں جی ایس پی اسٹیٹس دیا ہے وہ متاثر ہوگا، لیکن ان مجرموں کی آختہ کاری ہونی چاہیے، کیمیائی آختہ کاری، تاکہ ظلم کے قابل نہ رہیں۔

    انھوں نے کہا صرف پولیس کا معاملہ نہیں، گند پورے معاشرےمیں پھیل چکا ہے، جیل سے رہا ہونے والوں کی کوئی رجسٹریشن نہیں ہوتی، معاشرے میں فحاشی کی وجہ سے فیملی سسٹم ٹوٹتے ہیں، جب فحاشی لائی جاتی ہے تو اس سے جنسی جرائم بڑھتے ہیں، ہمیں ہالی ووڈ کی بجائے اسلامی ڈراموں کو پروموٹ کرنا چاہیے۔

    حکومت کا جنسی زیادتی کے مجرموں کو نامرد بنانے کا قانون لانے کا فیصلہ

    وزیر اعظم کا کہنا تھا پنجاب کی پولیس اور بیوروکریسی سیاسی ہو چکی ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کرپٹ نہیں ہیں، وہ ایک بڑی مشکل حکومت کو چلا رہے ہیں، حمزہ شہباز نے چن چن کر اپنے تھانے دار لگوائے تھے، عثمان بزدار کی کم زوری ہے وہ میڈیا فیسنگ نہیں، وہ شہباز شریف کی طرح مشہوری پر کروڑوں خرچ نہیں کرتے، بد قسمتی سے ہمارے کچھ لوگ ہیں جو وزیر اعلیٰ بننے کے خواہش مند ہیں۔

    عمران خان نے آئی جی پنجاب کے تبادلے پر کہا کہ پنجاب میں چیف ایگزیکٹو بھی بدلے ہیں، تبدیلیاں ہو رہی ہیں اور آگے بھی ہوں گی، لاہور میں کئی جگہ پولیس قبضہ کروپ کے ساتھ ملی تھی، عوام نے یہ پوچھنا ہے کہ ہماری حفاظت ہو رہی ہے یا نہیں، عوام نے یہ نہیں پوچھنا کہ کتنے لوگوں کا تبادلہ کیا گیا۔

    انھوں نے کہا میں چیلنج کرتا ہوں میری کابینہ میں کسی نے کرپشن نہیں کی، نچلے لیول کی کرپشن نے جڑیں پکڑی ہوئی ہیں، سی سی پی او لاہور کی تبدیلی پر بہت شور ہوا، پولیس قبضہ گروپس کے ساتھ ملی ہوئی ہے، ای گورننس کی طرف جائیں گے تو نچلے درجے پر کرپشن ختم ہوگی، جب وزرا کرپشن کرتے ہیں تو وہ ادارے تباہ کر دیتے ہیں۔

    کراچی

    شہر قائد سے متعلق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ہم نے گزشتہ لوکل گورنمنٹ سسٹم کو اسٹڈی کیا ہے، نیا لوکل گورنمنٹ سسٹم بہتر ہوگا جس سے ملک بدل جائے گا، کراچی کے لوگوں کے مردم شماری پر تحفظات درست ہیں، مردم شماری پر شک ٹھیک ہے لیکن یہ وقت نہیں، پہلے ہونا چاہیے تھا، اس وقت کراچی کی ضروریات کچھ اور ہیں۔

    انھوں نے کہا ایسا لوکل گورنمنٹ سسٹم لائیں گے جس میں میئر براہ راست منتخب ہوگا، کراچی صرف سندھ کا نہیں پورے پاکستان کا شہر ہے، پنجاب اور کے پی میں جو نیا سسٹم آ رہا ہے وہ بہت بہتر ہوگا، جب شہر کو ملک کی طرح چلایا جائے گا تب ہی بہتری ہوگی، میئر ملک کی طرح شہر چلائے گا تو کراچی کا مسئلہ حل ہوگا، نئے لوکل گورنمنٹ سسٹم میں برہ راست پیسہ گاؤں جائے گا۔

    وزیر اعظم نے کہا کراچی کے لیے ایک کمیٹی بنائی جس میں تمام اسٹیک ہولڈر ہیں، کمیٹی نے 3 سال میں تمام منصوبے پورے کرنے ہیں، کراچی کا اپنا سسٹم نہیں، کراچی کو ٹھیک کرنا بہت ضروری ہے، وسائل سندھ کے پاس ہیں، نہیں جانتا سندھ حکومت کو وفاق سے مسائل کیا ہیں۔

  • زیادتی کیس میں زندہ جلا دیں، سر عام پھانسی دے دیں جیسے بیانات پر فواد چوہدری کا ردِ عمل

    زیادتی کیس میں زندہ جلا دیں، سر عام پھانسی دے دیں جیسے بیانات پر فواد چوہدری کا ردِ عمل

    اسلام آباد: گجر پورہ زیادتی کیس کے سلسلے میں شدت پسندانہ بیانات دینے پر وفاقی وزیر فواد چوہدری نے سخت ردِ عمل دے دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور موٹر وے پر ایک خاتون کے ساتھ اجتماعی زیادتی کے افسوس ناک واقعے کے ردِ عمل میں ایسے متشدد بیانات سامنے آ رہے ہیں جن میں کہا جا رہا ہے کہ مجرموں کو پکڑ کر زندہ جلا دیا جائے، انھیں سر عام پھانسی دے دی جائے، اور ان کے جسمانی اعضا کاٹ دیے جائیں۔

    فواد چوہدری نے اس قسم کے بیانات پر اپنے ایک ٹویٹ میں ردِ عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کا ردِ عمل عوام کی جانب سے آنا تو سمجھ میں آتا ہے لیکن وزرا اور پڑھے لکھے طبقات کی جانب سے ایسی باتوں کا سامنے آنا متشدد سوچ کو ظاہر کرتا ہے۔

    لنک روڈ کے افسوس ناک واقعے پر وزرا کی جانب سے بھی اسی طرح کے سخت بیانات جاری ہوئے ہیں، جس پر ردِ عمل میں فواد چوہدری نے کہا کہ یہ وہ سوچ ہے جو تشدد کو ہر مسئلے کا حل سمجھتی ہے۔

    وقار کے بیان کے بعد ملزم عابد علی سے متعلق پولیس کو اہم معلومات مل گئیں

    واضح رہے کہ بدھ کی رات تین بجے کے قریب گجر پورہ میں تین بچوں کی ماں سے اجتماعی زیادتی کا واقعہ پیش آیا تھا، خاتون بچوں کے ساتھ سفر کر رہی تھی، پٹرول ختم ہونے پر گاڑی بند ہو گئی، اس دوران دو ملزمان کھڑی گاڑی کا شیشہ توڑ کر خاتون کو قریبی جھاڑیوں میں لے گئے اور بچوں کے سامنے زیادتی کا نشانہ بنایا، ملزمان نے ایک لاکھ نقدی اور زیورات بھی لوٹ لیے تھے۔

    خاتون زیادتی کیس، مرکزی ملزم کے والد اور بھائی گرفتار

    گجرپورہ گینگ ریپ کیس میں ایک ملزم وقار الحسن آج سی آئی اے کے دفتر میں پیش ہو کر گرفتاری دے دی ہے، اس نے بتایا کہ وہ جرم میں شریک نہیں تھا، مرکزی ملزم عابد بدستور مفرور ہے جب کہ وقار کے بیان کے بعد ایک اور مشتبہ شخص عباس سامنے آ گیا ہے جو وقار کا برادر نسبتی ہے اور لاپتا ہے۔

    دوسری طرف پولیس نے چھاپے مار کر عابد کے والد، بیٹی اور دو بھائی حراست میں لے لیے، عابد شیخوپورہ سے عباس کے بھی دو بھائی بوٹا اور سلامت حراست میں لے لیے گئے ہیں۔

  • سی سی پی او لاہور سے متنازع بیان پر 7 دن میں جواب طلب کیا ہے: عثمان بزدار

    سی سی پی او لاہور سے متنازع بیان پر 7 دن میں جواب طلب کیا ہے: عثمان بزدار

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ گجرپورہ واقعے کی متاثرہ خاتون سے متعلق متنازع بیان پر سی سی پی او لاہور عمر شیخ سے 7 دن میں جواب طلب کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج لاہور میں گجرپورہ زیادتی و تشدد کیس کے سلسلے میں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے نیوز بریفنگ میں کہا اس واقعے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، سی سی پی او لاہور سے متنازع بیان پر 7 دن میں جواب طلب کر لیا ہے، ان کا جواب آنے کے بعد قانونی ایکشن لیا جائے گا۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا کہ غیر ضروری بیان پر سی سی پی او لاہور کو شوکاز جاری کر دیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ سی سی پی او نے کہا تھا کہ زیادتی کا نشانہ بننے والی خاتون کو رات کو اکیلے نہیں نکلنا چاہیے تھا اور گاڑی میں پٹرول چیک کرنا چاہیے تھا۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا متاثرہ خاتون سے بھی رابطہ ہوا ہے، انھیں انصاف کی یقین دہانی کرائی گئی ہے، ایسے واقعات میں ملوث ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

    گجرپورہ واقعہ: ملزمان کی اطلاع دینے والوں کو 25،25 لاکھ انعام دینے کا اعلان

    واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے گجرپورہ واقعے میں ملوث ملزمان کی اطلاع دینے والوں کو 25،25 لاکھ انعام دینے کا اعلان بھی کر دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم 72 گھنٹے سے بھی کم وقت میں ملزمان تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے، ملزمان جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا ملزمان کی گرفتاری میں مدد دینے والوں کے نام صیغہ راز میں رکھےجائیں گے، ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی، کوشش کریں گے کہ قانون کے مطابق ملزمان کو سخت سے سخت سزا ہو۔

    ادھر آئی جی پنجاب انعام غنی نے آج اہم نیوز بریفنگ میں گرفتاریوں کی تردید کرتے ہوئے بتایا کہ گجر پورہ زیادتی واقعے میں ملوث ملزمان کو ابھی تک گرفتار نہیں کیا جا سکا ہے تاہم ملزمان جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے۔

  • گجرپورہ واقعہ: ملزمان کی اطلاع دینے والوں کو 25،25 لاکھ انعام دینے کا اعلان

    گجرپورہ واقعہ: ملزمان کی اطلاع دینے والوں کو 25،25 لاکھ انعام دینے کا اعلان

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے گجرپورہ واقعے میں ملوث ملزمان کی اطلاع دینے والوں کو 25،25 لاکھ انعام دینے کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق آج لاہور میں گجرپورہ زیادتی و تشدد کیس کے سلسلے میں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے نیوز بریفنگ میں کہا کہ ہم 72 گھنٹے سے بھی کم وقت میں ملزمان تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے، ملزمان جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا ملزمان کی اطلاع دینے والوں کو پچیس، پچیس لاکھ انعام دیا جائے گا، اور ملزمان کی گرفتاری میں مدد دینے والوں کے نام صیغہ راز میں رکھےجائیں گے۔

    انھوں نے کہا ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی، کوشش کریں گے کہ قانون کے مطابق ملزمان کو سخت سے سخت سزا ہو، ملزم عابد علی پر 7 اور ملزم وقار پر 2 مقدمات پہلے بھی درج ہیں، ملزم عابد علی پر زیادتی اور ڈکیتی کے مقدمات ہیں، جب کہ ملزم وقارالحسن 14 دن پہلے ہی جیل سے رہا ہوا تھا۔

    ملزمان جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے: آئی جی پنجاب

    وزیر اعلیٰ نے کہا گجرپورہ واقعے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، ایسے واقعے میں ملوث ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

    واضح رہے کہ بدھ کی رات تین بجے کے قریب گجر پورہ میں خاتون سے اجتماعی زیادتی کا واقعہ پیش آیا تھا، خاتون بچوں کے ساتھ سفر کر رہی تھی، پٹرول ختم ہونے پر گاڑی بند ہو گئی، اس دوران دو ملزمان کھڑی گاڑی کا شیشہ توڑ کر خاتون کو قریبی جھاڑیوں میں لے گئے اور بچوں کے سامنے زیادتی کا نشانہ بنایا، ملزمان نے ایک لاکھ نقدی اور زیورات بھی لوٹ لیے تھے۔