Tag: گداگر

  • صرف تین دن میں ’’10 لاکھ‘‘ بھیک جمع کرنے والا گداگر مسجد کے باہر سے گرفتار

    صرف تین دن میں ’’10 لاکھ‘‘ بھیک جمع کرنے والا گداگر مسجد کے باہر سے گرفتار

    مسجد کے باہر سے ایک ایسے گداگر کو گرفتار کیا گیا ہے جس نے صرف تین روز میں 10 لاکھ روپے سے زائد بھیک جمع کی۔

    رمضان المبارک میں عبادات کے ساتھ خیرات، زکوٰۃ اور عطیات کا رجحان بھی عام دنوں کی نسبت زیادہ ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یہ ماہ مقدس پیشہ ور بھکاریوں کا سیزن بن گیا ہے اور وہ لاکھوں روپے اس مہینے سادہ لوح عوام کی جیبوں سے اپنی جعلی مجبوریاں بیان کر کے بٹور لیتے ہیں۔

    متحدہ عرب امارات میں شارجہ پولیس نے مسجد کے باہر سے ایک ایسے گداگر کو گرفتار کیا ہے جس نے صرف تین روز میں 14 ہزار درہم (پاکستانی کرنسی میں 10 لاکھ 67 ہزار روپے سے زائد) بھیک میں حاصل کیے۔

    خلیج ٹائمز کے مطابق قانون نافذ کرنے والے حکام رمضان کے آغاز سے انسداد گداگری کے لیے کریک ڈاون کر رہے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق شارجہ پولیس نے مہم کے دوران ایک عرب شہری کو گرفتار کیا جو مسجد کے قریب بھیک مانگ رہا تھا۔

    پولیس نے گداگر کو گرفتار کرنے کے بعد اس سے 14 ہزار درہم (پاکستانی 10 لاکھ روپے سے زائد) بھی برآمد کیے جس کے بارے میں ملزم نے بتایا کہ وہ اس نے تین روز میں بھیک مانگ کر جمع کیے ہیں۔

    پولیس کی تحقیقات کے مطابق گرفتار ملزم غیر قانونی طور پر یو اے ای میں مقیم تھا۔

    امارات پولیس کا کہنا ہے کہ یو اے ای میں گداگری ایک جرم ہے۔ اس جرم کے ارتکاب پر پانچ ہزار جرمانہ اور تین ماہ تک قید کی سزا ہے۔

    گداگروں کو منظم کرنے یا امارات سے باہر بھرتی میں ملوث افراد کو چھ ماہ قید اور ایک لاکھ درہم جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اس کے علاوہ اجازت نامے کے بغیر فنڈ جمع کرنے پر پانچ لاکھ درہم تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔

    واضح رہے کہ انسداد بھکاری مہم کے دوران دبئی پولیس رمضان کے وسط تک 127 گداگروں کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 50 ہزار درہم برآمد کر چکی ہے۔ اس مہم کے دوران مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو حراست میں لیا گیا۔

    اس کے علاوہ یو اے ای پولیس نے پیشہ ور گداگروں کی ریا کاری کو عیاں کرنے کے لیے ایک آگہی ویڈیو بھی جاری کی تھی۔

    https://urdu.arynews.tv/beggars-earn-28-thousands-in-an-hour/

  • بھکاریوں کو کہاں منتقل کیا جائے گا؟ کے پی حکومت نے منصوبہ بنا لیا

    بھکاریوں کو کہاں منتقل کیا جائے گا؟ کے پی حکومت نے منصوبہ بنا لیا

    پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے پشاور سے گداگری کے خاتمے کا منصوبہ بنا لیا ہے۔

    سرکار کی طرف سے جاری سوشل ویلفیئر دستاویز میں کہا گیا ہے کہ پشاور شہر کو 1 ہزار 256 پیشہ ور بھکاریوں سے پاک کیا جا رہا ہے، اور گداگر بچوں کو ’زمونگ کور‘ منتقل کیا جائے گا۔

    سوشل ویلفیئر دستاویز کے مطابق بھکاریوں کے خلاف مختلف صوبائی محکمے مشترکہ طور پر آپریشن کریں گے، اور شہر کو بھکاریوں سے پاک کرنے کے منصوبے کے لیے فنڈز بھی خرچ کیے جائیں گے، جو کہ گداگروں کے لیے عمارتوں کے کرائے، خوراک اور دیگر امور کی مد میں خرچ ہوں گے۔

    دو ہزار اکیس کی انٹیلیجنس بیورو کی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا تھا کہ پشاور میں بھیک مانگنے والے پیشہ ور گداگر گریڈ 20 اور 21 کے آفیسر کی تنخواہ سے زیادہ کماتے ہیں۔ یہ رپورٹ ضلعی انتظامیہ کو جمع کرائی گئی تھی، جس میں بتایا گیا کہ یونیورسٹی ٹاؤن اور حیات آباد جیسے پوش علاقوں میں ہر بھکاری کی یومیہ کمائی 10 ہزار جب کہ ماہانہ 3 لاکھ سے اوپر ہے، اسی طرح تجارتی مرکز صدر میں ان کی یومیہ اوسط کمائی 6 ہزار روپے تک ہے۔

    بھکاریوں کے خلاف نہ صرف پشاور بلکہ ملک کے دیر بڑے شہروں میں بھی خصوصی مہمات چلائی جاتی رہی ہیں، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ ہر بار ایسی مہمات کے چند ہی دنوں بعد راستوں، بازاروں، مارکیٹس، بس اڈوں سمیت ہر جگہ بھکاری دوبارہ نظر آنا شروع ہو جاتے ہیں۔

    یہ انکشاف بھی ہوا تھا کہ بھکاریوں کو جگہیں دینے والے ٹھیکیداروں میں ملک کے دیگر صوبوں کے ساتھ ساتھ کچھ کا تعلق افغانستان سے بھی ہے۔

  • سعودی عرب: گداگروں کو خیرات نہ دینے کی ہدایت جاری

    سعودی عرب: گداگروں کو خیرات نہ دینے کی ہدایت جاری

    سعودی عرب میں وزارت حج و عمرہ کی جانب سے عازمین حج کو گداگروں کو خیرات نہ دینے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بعض ادارے موسم حج کے دوران پیشہ ور بھکاریوں کو بھیک مانگنے کے لئے خاص طور پر مکہ اور مدینہ منورہ لاتے ہیں اور ان کے ذریعے پیسہ کماتے ہیں۔

    سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے اس بات کا نوٹس لیا گیا ہے اور عازمین کے لئے اس حوالے سے ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ وہ گداگروں کو صدقہ خیرات نہ دیں۔

    وزارت نے عازمین کو ہدایت کی ہے کہ سعودی عرب کے قانون کے مطابق گداگری قابل سزا سنگین جرم ہے جس کے انسداد کے لیے خصوصی ادارے کام کر رہے ہیں۔

    وزارت کا مزید کہنا ہے کہ حرمین شریفین کے قریب اور عازمین حج کی گزرگاہوں میں کچھ افراد گداگری کرتے نظر آسکتے ہیں۔یہ لوگ محتاج نہیں بلکہ پیشہ ور ہیں جن کا کام عازمین حج کو بے وقوف بناکر پیسے بٹورنا ہے۔

    وزارت نے کہا ہے کہ عازمین حج کے لیے ضروری ہے کہ وہ ملک کے قوانین کا احترام کریں اور ضوابط کی پابندی کے ساتھ مناسک کی ادائیگی کریں۔

    سعودی عرب، غیر ملکی عازمین حج کیلئے ڈیجیٹل آئی ڈی کی سہولت

    بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مستحقین تک صدقہ و خیرات پہنچانے کے لیے ضروری ہے کہ مستند اور اجازت یافتہ اداروں سے رجوع کیا جائے جن کے دفاتر مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں بھی موجود ہیں۔

  • گداگروں کی ویکسینیشن کا فیصلہ

    گداگروں کی ویکسینیشن کا فیصلہ

    کراچی: محکمہ صحت کراچی نے گداگروں کی ویکسینیشن کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر صحت کراچی نے کہا ہے کہ 2017 کی مردم شماری کے مطابق ملک میں 25 ملین گداگر ہیں، اور ملک بھر سے 70 ہزار گداگر کراچی آتے ہیں، جو شہر میں فلائی اوورز اور پلوں کے نیچے رہتے ہیں۔

    ڈائریکٹر صحت کراچی نے تمام ڈی ایچ اوز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں گداگروں کے حوالے سے حکمت عملی تیار کریں، اور کرونا موبائل ویکسینیشن کے ذریعے ان کی ویکسینیشن کی جائے۔

    انھوں نے یہ ہدایت بھی کی کہ گداگروں کی ویکسینیشن کے لیے سنگل ڈوز ویکسین مختص کی جائے۔

    دوسری طرف سندھ نے اقلیتی برادری کی عبادت گاہوں میں بھی ویکسینیشن ڈرائیو کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں ہندو، پارسی، میسحی و دیگر برادریوں کی عبادگاہوں میں ویکسینیشن کی جائے گی۔

    محکمہ صحت نے ہدایت کی ہے کہ چرچ، مندر اور کمیونٹی ہالز میں موبائل وین کے ذریعے ویکسینیشن کی جائے، ڈائریکٹر صحت کا کہنا تھا کہ عبادت گاہیں کرونا کے پھیلاؤ کے لیے ہاٹ اسپاٹ ہیں، اس لیے شہر کے اضلاع کے ڈی ایچ اوز ویکسینیشن کے لیے حکمت عملی تیار کریں۔

  • لاہور کی کون سی 5 سڑکیں ہیں جن پر اب کوئی گداگر نہیں ملے گا؟

    لاہور کی کون سی 5 سڑکیں ہیں جن پر اب کوئی گداگر نہیں ملے گا؟

    لاہور: بلدیہ عظمیٰ نے لاہور کی پانچ اہم سڑکوں کو گداگروں سے پاک قرار دے دیا ہے، ایک نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کمشنر و ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ ذوالفقار گھمن نے لاہور کی پانچ اہم سڑکوں کو بھکاری فری قرار دے دیا، بلدیہ عظمیٰ لاہور ان سڑکوں سے تمام بھکاریوں کو ہٹائے گی اور انھیں مکمل بھکاری فری بنائے گی۔

    ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ لاہور کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق بھکاریوں سے پاک سڑکوں میں مال روڈ، لوئر مال روڈ، جیل روڈ، ایم ایم عالم روڈ اور مین فیروزپور روڈ شامل ہیں۔

    کمشنر لاہور ذوالفقار گھمن نے ایم سی ایل کو ان سڑکوں سے بھکاریوں کو ہٹانے کے لیے انتظامات کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایم سی ایل ان سڑکوں پر کسی بھکاری کو داخل نہ ہونے کے لیے مستقل انتظامات رکھے گی۔

    لاہور کی ترقی کیلیے اربوں روپے کے میگا منصوبوں کا اعلان

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ لاہور کی ترقی کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اربوں روپے کے میگا منصوبوں کا اعلان کیا تھا، انھوں نے کہا فیروز پور روڈ پر 9 ارب روپے کی لاگت سے ایک ہزار بیڈ کا جنرل اسپتال بنایا جائے گا، 400 بیڈز جنرل، 400 کارڈ یالوجی، 200 بیڈز پر بلڈ ڈیزیز کا اسپتال بنے گا، یہ نیا اسپتال ارفع کریم ٹیکنالوجی ٹاور کے قریب ایل ڈی اے کی اراضی پر بنایا جائے گا۔

    انھوں نے یہ بھی کہا کہ لاہور میں تمام بڑی سڑکوں پر ٹریفک جام معمول بن چکا ہے، شاہ کام چوک اور کریم بلاک مارکیٹ چوک پر فلائی اوور بنائے جائیں گے، دونوں منصوبوں پر تقریباً 6 ارب روپے لاگت آئے گی۔

    فیروزپور روڈ پر ایک ارب روپے کی لاگت سے انڈر پاس بھی بنایا جائے گا، ریلوے اسٹیشن سے شیرانوالہ گیٹ تک ساڑھے 4 ارب سے اوور ہیڈ برج بنایا جائے گا۔

  • پشاور: صوبائی حکومت گداگروں کو معاشرے کا کارآمد شہری بنانے کے لیے سرگرم عمل

    پشاور: صوبائی حکومت گداگروں کو معاشرے کا کارآمد شہری بنانے کے لیے سرگرم عمل

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ میں پیشہ ور گداگروں کے خلاف کارروائی جاری ہے، گداگروں کو اینٹی بیگرز فورس اور پولیس کی مدد سے فلاحی اداروں میں منتقل کیا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر پشاور کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں کچھ پولیس اہلکار ایک ضعیف گداگر کو زبردستی اپنے ساتھ لے جانے کی کوشش کر رہے تھے۔

    اس حوالے سے صوبائی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر حبیب آفریدی نے اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے اس واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس پر معذرت کی اور بتایا کہ حکام نے اس کا سخت نوٹس لیا ہے۔

    حبیب آفریدی نے بتایا کہ گزشتہ برس صوبے میں بھیک مانگنا جرم قرار دے دیا گیا ہے اور اس کے خلاف بل بھی منظور کرلیا گیا ہے لہٰذا اب پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے اور اس کے لیے اینٹی ڈرگ اینڈ بیگرز فورس کو تربیت دی گئی ہے۔

    ان کے مطابق فورس کو پولیس کی مدد حاصل ہے اور ہر کارروائی کے موقع پر پولیس ان کے ساتھ موجود ہوتی ہے، فورس کو تربیت دی جاتی ہے کہ بزرگ افراد کو کس طرح سے ڈیل کرنا ہے علاوہ ازیں خواتین گداگروں کے لیے فورس میں 3 خواتین اہلکاروں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

    حبیب آفریدی نے بتایا کہ نوجوان اور کم عمر گداگروں کے خلاف کارروائی کے وقت چائلڈ پروٹیکشن ویلفیئر کا نمائندہ بھی موجود ہوتا ہے، کم عمر گداگروں کو ماڈل انسٹیٹیوٹ فار اسٹیٹ چلڈرن میں رکھا جاتا ہے جہاں ایک ہزار افراد کے رہنے کی گنجائش ہے اور وہاں انہیں مفت رہائش، کھانا اور تعلیم فراہم کی جاتی ہے۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ ان تمام سرگرمیوں کے لیے فنڈ صوبائی حکومت فراہم کرتی ہے جبکہ کچھ غیر منافع بخش تنظیموں سے بھی شراکت داری کی جاتی ہے، چائلڈ ویلفیئر کے بہت سے ادارے پرائیوٹ سیکٹر کی مدد سے چلائے جارہے ہیں۔

    ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت پیشہ ور گداگروں کی عادت بد چھڑا کر انہیں معاشرے کا کارآمد شہری بنانا چاہتی ہے اور اس کے لیے پوری کوششیں کر رہی ہے۔

  • 4 فلیٹس کی مالک گداگر خاتون بہو کے ہاتھوں قتل

    4 فلیٹس کی مالک گداگر خاتون بہو کے ہاتھوں قتل

    نئی دہلی: بھارت میں ایک گداگر خاتون کو ان کی بہو نے قتل کردیا، قتل کی وجہ وہ 4 فلیٹس بنے جو گداگر خاتون کی ملکیت تھے اور بہو انہیں ہتھیانا چاہتی تھی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق قتل کا واقعہ ممبئی میں پیش آیا، بہو انجنا اپنی 70 سالہ ساس کو شدید زخمی حالت میں لے کر اسپتال پہنچیں اور بتایا کہ وہ باتھ روم میں سلپ ہو کر گر گئی تھیں۔

    70 سالہ خاتون اسپتال پہنچنے سے قبل ہی دم توڑ چکی تھیں۔ خاتون کو 14 کے قریب زخم آئے تھے جبکہ ان کی گردن پر بھی نشانات تھے جس کے بعد ڈاکٹرز نے پولیس کو اطلاع دے دی۔

    پولیس کی تفتیش کے مطابق 70 سالہ مقتولہ سنجنا کے شوہر کچھ عرصہ قبل وفات پاچکے تھے جس کے بعد سنجنا نے اپنے دیور کے بیٹے کو گود لے لیا تھا۔

    سنجنا 4 عدد فلیٹس کی مالک تھیں جن میں سے 3 انہوں نے کرایے پر دے رکھے تھے جبکہ ایک میں وہ خود اپنے لے پالک بیٹے اور اس کی بیوی کے ساتھ رہتی تھیں۔

    تاہم سنجنا ممبئی کے ایک جین مندر کے باہر بھیک مانگا کرتی تھیں، پولیس کے مطابق سنجنا اپنی بھیک کی کمائی کہیں چھپا دیتی تھیں اور اس کے بعد اپنی بہو سے پیسے مانگا کرتیں جس کے باعث دونوں میں اکثر جھگڑا رہتا۔

    وقوعے کے روز بھی دونوں ساس بہو کے درمیان سخت لڑائی ہوئی جس کے بعد انجنا نے غصے میں کرکٹ بیٹ سے ساس پر حملہ کردیا، اس نے ایک موبائل چارجر ساس کی گردن کے گرد لپیٹ دیا جس سے سنجنا کا دم گھٹ گیا۔

    پولیس کی حراست میں انجنا نے بتایا کہ وہ روز روز کے لڑائی جھگڑوں سے تنگ آگئی تھی اور ساس کے 4 فلیٹس کی ملکیت بھی چاہتی تھی اسی لیے اس نے یہ قدم اٹھایا۔

    پولیس نے انجنا کے پاس سے مقتول ساس کے طلائی زیورات بھی برآمد کیے۔ پولیس کی مزید تفتیش جاری ہے۔

  • لاہور پولیس نے کریک ڈاؤن میں 42 بھکاری گرفتار کر لیے

    لاہور پولیس نے کریک ڈاؤن میں 42 بھکاری گرفتار کر لیے

    لاہور: پولیس کی جانب سے گداگری ایکٹ کی خلاف ورزی پر لاہور میں کریک ڈاﺅن جاری ہے، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 42 بھکاری گرفتار کر لیے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں گداگری ایکٹ کی خلاف ورزی پر کریک ڈاؤن جاری ہے، پولیس نے گزشتہ روز بھکاری مافیا کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے مختلف مقامات سے 42 گداگروں کو حراست میں لے لیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ بھکاریوں کے خلاف متعلقہ تھانوں میں 42 مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔

    ترجمان پولیس کے مطابق صدر ڈویژن سے 16، سٹی سے 06، اقبال ٹاؤن سے 02، کینٹ سے 06، سول لائنز سے 01 جب کہ ماڈل ٹاؤن ڈویژن سے 11 گداگروں کو گرفتار کیا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  چابی گم ہونے پر پولیس کو ہتھکڑی کھلوانے کے لیے ملزم کو لاک ماسٹر کے پاس لے جانا پڑا

    مقدمات تھانہ رنگ محل، لوہاری گیٹ، داتا دربار، لاری اڈہ، شمالی چھاؤنی، ہیئر، قلعہ گجر سنگھ، وحدت کالونی، گلشنِ راوی میں درج کیے گئے۔

    دیگر تھانوں میں تھانہ سبزہ زار، چوہنگ، مانگا منڈی، سندر، ٹاؤن شپ، گرین ٹاؤن، تھانہ اچھرہ، غالب مارکیٹ ،گارڈن ٹاؤن، فیصل ٹاؤن اور تھانہ نشتر کالونی شامل ہیں۔

    واضح رہے کہ لاہور میں بھکاریوں کی بڑھتی تعداد ماضی میں بھی ایک مسئلہ رہا ہے، جس کے تدارک کے لیے انتظامیہ متعدد بار کارروائی کر چکی ہے تاہم خاطرِ خواہ نتائج بر آمد نہیں ہوئے۔

    بھکاریوں میں خواتین کی بہت بڑی تعداد بھی شامل ہے، جن کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ خواتین بچوں کے اغوا میں بھی ملوث رہی ہیں۔

  • لاہور:‌ عوام کو بیوقوف بنانے والے گداگر کا بھانڈا پھوٹ گیا

    لاہور:‌ عوام کو بیوقوف بنانے والے گداگر کا بھانڈا پھوٹ گیا

    لاہور:  پیشہ ور گدا گر کا بھانڈا پھوٹ گیا، معذور بن کر عوام کو بیوقوف بنانے والا شخص ڈولفن فورس نے دھر لیا.

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں‌ گداگر ی کے پردے میں عوام کو بیوقوف بنانے کا سلسلہ جاری ہے، پیشہ ور بھکاری ڈھونگ کرکے عوام سے پیسے بٹورتے ہیں.

    ایسے ہی ایک ڈھونگی کا بھانڈا ڈولفن فورس نے پھوڑ دیا. اپنی اداکاری سے عوام کو لوٹنے والا نام نہاد بھکاری سیکیورٹی فورس کے ہتھے چڑھ گیا.

    حماد نامی یہ شاطر شخص لاہور کے علاقے کینال روڈ پر بیساکھیاں تھامے کھڑا ہوجاتا اور شہریوں سے بھیک مانگتا. البتہ اُسے بیساکھیوں کی ضرورت نہیں‌ تھی، عام حالات میں وہ بنا کسی سہارے کے  چلتا پھرتا نظر آتا.


    مزید پڑھیں: سندھ حکومت کا گداگروں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

    ڈولفن فورس کے اہل کاروں نے حماد نامی اس شخص کو گرفتار کر لیا، ساتھ ہی عوام کو ہدایت کی ہے کہ ہمدردی کے جذبے کے تحت کسی شخص کی مدد کرتے ہوئے یہ ضرور دیکھ لیں‌ کہ وہ  مدد کا مستحق ہے یا نہیں.

    یاد رہے کہ گذشتہ دنوں سندھ حکومت نے کراچی میں پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا اعلان کیا تھا۔  ساتھ ہی چائلڈ پروٹیکشن اتھارٹی کو ۔بھی مزید فعال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔