Tag: گداگری

  • عمرہ کی آڑ میں گداگری میں ملوث 10 ملزمان گرفتار

    عمرہ کی آڑ میں گداگری میں ملوث 10 ملزمان گرفتار

    ایف  آئی اے امیگریشن نے کراچی ائیرپورٹ پر عمرے کی آڑ میں گداگری کرنے والے 10 افراد کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے عمرہ کی آڑ میں گداگری میں ملوث 10 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان میں شاہنواز، افسرعلی، مجتہدحسین، محمد عادل، راحب علی، ضمیر حسین، وصید، شیراز خان، مبین علی سولنگی، خدا بخش شامل ہیں۔

    ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سعودی عرب سے پاکستان پہنچے تھے، ملزمان کو گداگری میں ملوث ہونے پر سعودی عرب سے ڈیپورٹ کیا گیا۔

    ترجمان کے مطابق ملزمان کا تعلق راجن پور،کشمور، نوشہروفیروز، لاہور، پشاور، مہمند اور لاڑکانہ سے ہے، ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان عمرہ ویزہ پر سعودی عرب گئے تھے۔

    ایف آئی اے ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ ملزمان سعودی عرب میں گزشتہ کئی ماہ سے گداگری میں ملوث رہے، گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کیلئے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل منتقل کر دیا گیا ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/umrah-pilgrims-must-vaccinated-against-meningitis/

  • عمرے کی آڑ میں گداگری میں ملوث 3 خواتین مسافر گرفتار

    عمرے کی آڑ میں گداگری میں ملوث 3 خواتین مسافر گرفتار

    گوجرانوالہ: ایف آئی اے نے عمرے کی آڑ میں گداگری میں ملوث 3 خواتین مسافر  کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) امیگریشن نے سیالکوٹ ائیرپورٹ پر عمرے کی آڑ میں گداگری میں ملوث 3 خواتین مسافروں کو گرفتار کرلیا۔

    ایف آئی اے امیگریشن نے سیالکوٹ ایئرپورٹ پر کارروائی کی، اس دوران عمرے کی آڑمیں گداگری میں ملوث 3 خواتین مسافر کو گرفتار کرلیا گیا، گرفتار خواتین کو سعودی عرب سے پاکستان پہنچنے پر گرفتار کیا گیا۔

    ایف آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار خواتین کا تعلق ملتان، مظفر گڑھ اور رحیم یار خان سے ہے، گرفتار خواتین کئی ماہ تک مکہ میں گداگری کرتی رہیں۔

    دوسری جانب ایف آئی اے نے کراچی ائیر پورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے گداگری میں ملوث سعودی عرب جانے والے مسافر کو گرفتار کرلیا، گرفتار مسافر کی شناخت الہاندو پنہور کے نام سے ہوئی۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ مسافر پرواز ایکس وائی 638 کے ذریعے سعودی عرب جارہا تھا، مسافر کا نام بلیک لسٹ کیٹیگری میں شامل تھا، ابتدائی تفتیش کے مطابق مسافر سال 2019 میں عمرہ ویزہ پر سعودی عرب گیا تھا۔

    ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ مسافر سعودی عرب میں بھیک مانگنے میں ملوث رہا ہے مسافر کو مزید قانونی کارروائی کیلئے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل کراچی منتقل کردیا گیا۔

  • حج کے دوران گداگری کے خلاف سخت وارننگ

    حج کے دوران گداگری کے خلاف سخت وارننگ

    ریاض: سعودی حکام نے وارننگ دی ہے کہ حج کے دوران گداگری ممنوع ہے اور گداگروں کو سخت سزا دی جائے گی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں پبلک پراسیکیوشن نے خبردار کیا ہے کہ حج کے دوران بالواسطہ یا بلاواسطہ گداگری قانوناً جرم ہے، کوئی بھی شخص حج سیزن سے ناجائز فائدہ نہ اٹھائے۔

    پبلک پراسیکیوشن نے بیان میں وارننگ دی کہ جو شخص گداگری کرے گا، کسی کو اس کی رغبت دلائے گا، کسی کے ساتھ مل کر گداگری کرے گا یا کسی بھی شکل میں گداگری کا پیشہ اپنانے میں تعاون دے گا، اسے 6 ماہ تک قید اور 50 ہزار ریال تک جرمانے کی سزا ہوگی۔

    پبلک پراسیکیوشن کا کہنا ہے کہ اگر کوئی شخص دوبارہ گداگری میں ملوث پایا گیا تو انتہائی سزا دگنی کردی جائے گی۔

    گداگر غیر ملکی ہوا تو اسے مملکت سے بے دخل کردیا جائے گا تاہم اگرسعودی شہری کی غیر ملکی بیوی، سعودی خاتون کا غیر ملکی شوہر یا اس کی اولاد گداگری میں ملوث ہوئی تو وہ بے دخلی کی سزا سے مستثنیٰ ہوں گے۔

    بیان میں مزید کہا گیا کہ عام غیر ملکی کو گداگری پر حج یا عمرے کے سوا کسی بھی غرض سے سعودی عرب آنے سے روک دیا جائے گا۔

  • سعودی عرب: انسداد گداگری کی مہم تیز، بھاری جرمانے عائد

    سعودی عرب: انسداد گداگری کی مہم تیز، بھاری جرمانے عائد

    ریاض: سعودی عرب میں وزارت داخلہ کی ہدایت پر گداگری کے انسداد کی مہم تیز کردی گئی، گداگری کا پیشہ اپنانے یا گداگر کی مدد کرنے پر بھاری جرمانے عائد ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی محکمہ امن عامہ کے اہلکار مملکت کے مختلف علاقوں میں گداگروں کو پکڑنے کی مہم جاری رکھے ہوئے ہیں، وزارت داخلہ کی ہدایت پر گداگری کے انسداد کی مہم تیز کردی گئی ہے۔

    محکمہ امن عامہ نے مقامی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں سے کہا ہے کہ اگر مکہ مکرمہ اور ریاض ریجنوں میں انہیں کہیں گداگر نظر آئیں تو رابطہ کر کے مطلع کریں۔

    محکمہ امن عامہ کا کہنا تھا کہ عطیات کے سرکاری پلیٹ فارم مملکت میں موجود ہیں، ضرورت مندوں تک عطیات کی ترسیل کو یقینی بنانے کے لیے سرکاری عطیات پلیٹ فارم سے رجوع کیا جائے۔

    یاد رہے کہ گداگری کا پیشہ اپنانے، گداگری پر آمادہ کرنے یا گداگر کی مدد کرنے پر 6 ماہ تک قید یا 50 ہزار ریال تک جرمانے کی سزا ہے۔ دونوں میں سے کوئی ایک سزا بھی دی جاسکتی ہے۔

    گداگری کا پیشہ اپنانے یا گداگروں سے بھیک منگوانے پر ایک سال کی قید یا ایک لاکھ ریال تک جرمانے کی سزا ہوسکتی ہے۔

    اگر کوئی غیر ملکی گداگری میں ملوث پایا جائے گا تو اسے قید کی سزا مکمل کرنے کے بعد مملکت سے بے دخل اور بلیک لسٹ کردیا جائے گا۔

  • سعودی عرب: گداگری میں ملوث افراد کے خلاف سخت سزاؤں کا اعلان

    سعودی عرب: گداگری میں ملوث افراد کے خلاف سخت سزاؤں کا اعلان

    ریاض: سعودی حکام نے گداگری میں ملوث افراد اور گروہوں کے خلاف سخت ہدایات جاری کردیں، گداگری میں ملوث مقامی افراد کو جرمانے و قید کی سزا ہوگی جبکہ غیر ملکیوں کو ڈی پورٹ کردیا جائے گا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق ادارہ پبلک پراسیکیوشن کا کہنا ہے کہ کسی بھی قسم کی گداگری میں ملوث ایک یا ایک سے زائد افراد، گداگری کی معاونت کرنے یا ناجائز طریقے سے رقم جمع کرنا خلاف قانون ہے۔

    گداگری میں ملوث افراد کے لیے 6 ماہ قید اور 50 ہزار ریال جرمانے کی سزا مقرر ہے، غیر ملکی ہونے کی صورت میں سزا مکمل کرنے کے بعد اسے مملکت سے ڈی پورٹ کر کے ہمیشہ کے لیے بلیک لسٹ کر دیا جائے گا۔

    پراسیکیوشن کے ٹویٹر پر اس حوالے سے مزید کہا گیا ہے کہ کوئی بھی ایسا فرد جو براہ راست یا بالواسطہ گداگری میں ملوث ہو، اس کی ترغیب دے یا معاونت کرے، اسے گرفتار کر کے اس کے خلاف مقدمہ دائر کیا جائے گا۔ ایسے افراد کو 6 ماہ قید اور 50 ہزار ریال جرمانے کی سزا دی جائے گی۔

    گداگری کا نیٹ ورک چلانے والے یا کسی بھی طور پر اس مکروہ پیشے سے وابستگی رکھنے والے خواہ وہ براہ راست ہو یا بالواسطہ انہیں 1 برس قید اور 1 لاکھ ریال جرمانے کا سامنا کرنا ہوگا۔

    غیر ملکی ہونے کی صورت میں ایسے افراد کو مملکت سے بے دخل کر کے انہیں ہمیشہ کے لیے بلیک لسٹ کر دیا جائے گا، ایسے افراد جنہیں بلیک لسٹ کیا جائے گا وہ صرف عمرے یا حج ویزے پر ہی مملکت آسکیں گے۔