Tag: گراؤنڈ طیارے

  • گراؤنڈ طیاروں کے حوالے سے قومی ایئر لائن کا بڑا اعلان

    گراؤنڈ طیاروں کے حوالے سے قومی ایئر لائن کا بڑا اعلان

    کراچی: گراؤنڈ طیاروں کے حوالے سے قومی ایئر لائن پی آئی اے نے کہا ہے کہ انھیں نئے سال میں فضائی آپریشن کے لیے فعال کر دیا جائے گا۔

    سی ای او پی آئی اے خرم مشتاق نے کہا ہے کہ نئے سال میں پی آئی اے کے گراؤنڈ طیاروں کو فعال کر کے فضائی آپریشن میں استعمال کیا جائے گا، آئندہ 6 ماہ میں پی آئی اے کے بوئنگ 777 ایئر بس طیاروں کو فعال کر کے تعداد 24 تک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    خرم مشتاق نے کہا ’’تین ہفتے قبل جب مجھے بورڈ نے قائم مقام سی ای او لگایا، تو اس وقت 34 میں سے صرف 16 طیارے اڑان بھر رہے تھے، تین ہفتوں میں پی آئی اے ٹیم نے محنت کر کے فوری طور پر 3 طیاروں کو فعال کر لیا ہے۔‘‘

    سی ای او کے مطابق بوئنگ 777، ایئر بس 320 اور ایک اے ٹی آر کو فضائی آپریشن کے لیے فعال کر لیا گیا ہے، اور فضائی آپریشن میں اب فعال طیاروں کی تعداد 19 ہو گئی ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ بوئنگ 777 کو یورپی ملکوں کے فضائی آپریشن کے لیے استعمال کیا جائے گا، نیز، حج آپریشن 2025 کی تیاری بھی تیز کر دی گئی ہے، کوشش ہے کہ پی آئی اے کے تمام 34 طیاروں کو اسی سال فعال کر کے مکمل قوت سے پی آئی اے کا فضائی آپریشن چلایا جائے۔

    خرم مشتاق کا کہنا تھا کہ ان اقدامات سے پی آئی اے کی آمدنی میں دگنا اضافہ ہوگا، پی آئی اے ملازمین کی تنخواہوں میں بھی 25 فی صد اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس پر جلد عمل درآمد کیا جائے گا۔

  • اے آر وائی نیوز کی خبر کا اثر، گراؤنڈ طیاروں کی مرمت شروع

    اے آر وائی نیوز کی خبر کا اثر، گراؤنڈ طیاروں کی مرمت شروع

    کراچی: اے آر وائی نیو ز کی خبر پر پی آئی اے انتظامیہ حرکت میں آ گئی، قومی ایئر لائن کی انتظامیہ نے گراؤنڈ ہونے والے طیاروں کی مرمت کا کام شروع کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے آپریشنل فلیٹ میں اضافہ ہونے لگا ہے، قومی ایئر لائن کے بیڑے میں نئے انجنوں کے ساتھ 11 واں ایئر بس 320 AP-BOM شامل کر لیا گیا ہے۔

    جہاز کو نئے پینٹ اور کیبن کی تزئین و آرائش کے ساتھ ہینگر سے رول آؤٹ کر دیا گیا ہے، پی آئی اے کے آپریشنل بیڑے میں اگلے چند دنوں میں طویل عرصے سے گراؤنڈ بوئنگ 777 اور ATR طیارے بھی شامل ہو جائیں گے۔

    پی آئی اے

    فلیٹ بحالی سے پی آئی اے کے نیٹ ورک میں وسعت اور پراڈکٹ کے معیار میں بہت بہتری آئے گی، رواں ہفتے سے پی آئی اے نے اندرون ملک پروازوں میں آن فلائٹ انٹرنیٹ سسٹم بھی متعارف کروایا گیا ہے، جو کہ مسافروں میں مقبولیت اختیار کر رہا ہے۔

    پابندی اٹھنے کے بعد پی آئی اے کا یورپ فلائٹ آپریشن متاثر ہونے کا نیا خدشہ

    سی ای او پی آئی اے خرم مشتاق کا کہنا ہے کہ پروازوں کے شیڈول پر سختی سے عمل کرنا، مسافروں کو محفوظ اور اعلیٰ معیار کے پراڈکٹ فراہم کرنا اوّلین ترجیح ہے، پی آئی اے کے فلائٹ شیڈول میں 90 فی صد ریگولیرٹی، آپریشنل بیڑے میں اضافہ اور پراڈکٹ میں بہتری کے لیے اٹھائے گئے اقدامات ہماری کمٹمنٹ کا حصہ ہیں۔