Tag: گرانٹ

  • دینی مدارس کی گرانٹ 30 ملین سے بڑھا کر 100 ملین کر دی گئی

    دینی مدارس کی گرانٹ 30 ملین سے بڑھا کر 100 ملین کر دی گئی

    پشاور: خیبر پختونخوا کی حکومت نے دینی مدارس کی گرانٹ 30 ملین سے بڑھا کر 100 ملین کر دی۔

    مشیر اطلاعات کے پی حکومت بیرسٹر سیف نے بتایا ہے کہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس میں دینی مدارس کے گرانٹ میں اضافے کی منظوری دی گئی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ دینی مدارس کے طلبہ بھی ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں، اور دینی و عصری تعلیم کا امتزاج وقت کی اہم ضرورت ہے، طلبہ کو مذہبی تعلیم کے ساتھ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے۔

    بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے وژن اور وزیر اعلیٰ کے پی کی قیادت میں صوبے میں دینی و عصری تعلیم کو فروغ دیا جا رہا ہے، اور صوبائی حکومت اسکولوں کے ساتھ مدارس پر بھی خصوصی توجہ دے رہی ہے۔


    افغانستان کیساتھ بات چیت میں شامل کیا جائے، کے پی حکومت کا وفاق سے مطالبہ


    یاد رہے کہ دو دن قبل افغانستان کے ساتھ حکومتی بات چیت کے حوالے سے مشیر اطلاعات کے پی بیرسٹر سیف نے کہا تھا کہ وفاق کا افغانستان کے ساتھ بات چیت شروع کرنا دیر آید درست آید ہے، خطے میں پائیدار امن کے لیے پڑوسی ملک سے بات چیت ناگزیر ہے۔ تاہم انھوں نے مطالبہ کیا کہ کے پی سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کو اس بات چیت میں شامل کیا جائے، اس سلسلے میں صوبائی حکومت کو نظر انداز کرنا غیر سنجیدگی کا مظاہرہ ہے۔

  • پی آئی اے کی ہوشیاری، اربوں روپے کی گرانٹ کو آمدنی میں اضافہ دکھا دیا

    پی آئی اے کی ہوشیاری، اربوں روپے کی گرانٹ کو آمدنی میں اضافہ دکھا دیا

    کراچی: باکمال ایئر لائن کی لاجواب انتظامیہ کا ایک اور کارنامہ سامنے آ گیا، ساڑھے 8 ارب روپے کی گرانٹ کو آمدنی میں اضافہ دکھا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی آڈٹ رپورٹ میں گرانٹ کا دیگر مقاصد کے لیے استعمال کا انکشاف ہوا ہے، ساڑھے 8 ارب روپے کی گرانٹ کو ایئرلائن کی آمدنی میں اضافہ بتایا گیا۔

    وفاقی حکومت نے پی آئی اے ملازمین کی رضاکارانہ ریٹائرمنٹ کی مد میں بقایا جات کی ادائیگی کے لیے گرانٹ جاری کی تھی، اس گرانٹ کو زیادہ ٹیکس ادائیگی اور شیئر ہولڈرز کی ایکویٹی کو بہتر بنانے کے لیے پی اینڈ ایل اکاؤنٹ کی ونڈو ڈریسنگ کی گئی۔

    وی ایس ایس اسکیم کی گرانٹ کو دیگر مقاصد کے لیے استعمال پر آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے بھی اعتراض اٹھایا۔

    آڈٹ برائے 2021-22 کے مطابق گرانٹ کو وزارت خزانہ کی منظوری کے بغیر دیگر آمدنی کے طور پر ظاہر کیا جانا متعلقہ قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔

    پی آئی اے کے پائلٹس کا پروازیں آپریٹ نہ کرنے پرغور، ذرائع

    آڈیٹرز نے کہا کہ وزارت خزانہ سے ایئر لائن انتظامیہ کی خط و کتابت کا ریکارڈ بھی فراہم نہیں کیا گیا، آڈٹ رپورٹ میں کہا گیا کہ انتظامیہ نے دعویٰ کیا ہے کہ تمام اکاؤنٹنگ قوانین اوراسٹینڈرڈز ملحوظ خاطر رکھا گیا ہے، تاہم انتظامیہ کو تصدیق شدہ آڈٹ کے ذریعے اپنی پوزیشن کلیئر کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے۔

  • پولیو کا خاتمہ: فرانس ساڑھے 5 کروڑ ڈالر دے گا

    پولیو کا خاتمہ: فرانس ساڑھے 5 کروڑ ڈالر دے گا

    اسلام آباد: پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے فرانسیسی ترقیاتی ایجنسی نے ساڑھے 5 کروڑ ڈالر کی فنڈنگ کا اعلان کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فرانسیسی ترقیاتی ایجنسی (اے ڈی ایف) نے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے 5.5 کروڑ ڈالر کی فنڈنگ کا اعلان کیا ہے۔

    اے ڈی ایف پاکستان میں پولیو کے خاتمے میں تعاون کے لیے پرعزم ہے اور انسداد پولیو کی کوششوں میں عالمی شراکت داروں کی فہرست میں شامل ہے۔

    وفد نے عالمی ادارہ صحت اور یونیسیف کے نمائندوں سے ملاقات کے دوران کہا کہ پولیو کے خاتمے میں پاکستان کی پیش رفت قابل تحسین ہے، عالمی سطح پر پولیو کے خاتمے کی کوششیں قابل ستائش ہیں۔

    خیال رہے کہ دو روز قبل ملک میں سال 2023 کا پہلا پولیو کیس رپورٹ ہوا۔

    قومی ادارہ صحت کی لیبارٹری نے پولیو کیس کی تصدیق کی، ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیو کیس صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع بنوں سے رپورٹ ہوا ہے۔

  • کھیلوں کا فروغ، سالانہ گرانٹس کے اجرا کی منظوری

    کھیلوں کا فروغ، سالانہ گرانٹس کے اجرا کی منظوری

    لاہور: پنجاب میں کھیلوں کی ایسوسی ایشنز کے لیے سالانہ گرانٹس کے اجرا کی منظوری دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ اسپورٹس ایسوسی ایشنز کو گرانٹس شفاف طریقے سے جاری ہوں گے، گرانٹ شفاف طریقے سے ہی استعمال ہوں گی۔

    انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے اقدامات کریں گے، سابق دور کی طرح پک اینڈچوز نہیں میرٹ پر کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، پنجاب اولمپک محکمہ کھیل کے ساتھ مل کر اسپورٹس کیلنڈر مرتب کرے، کرونا کے باعث کھیلوں کی محدود سرگرمیوں کی اجازت دی گئی۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ کرونا کی صورت حال بہتر ہونے پر بڑے مقابلے کرائے جائیں گے۔

    اس حوالے سے وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ پنجاب گیمز کا دوبارہ اجرا پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا اعزاز ہے، کبڈی چیمپئن شپ کے انعقاد سے شائقین کو بہترین کھیل دیکھنے کو ملا ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ عالمی اسپورٹس کے ساتھ علاقائی کھیلوں کو بھی فروغ دیا جائے گا۔

  • ورلڈ بینک کی طرف سے نالوں کی صفائی کے لیے سوا ارب روپے کی گرانٹ کہاں گئی؟ خرم شیر زمان

    ورلڈ بینک کی طرف سے نالوں کی صفائی کے لیے سوا ارب روپے کی گرانٹ کہاں گئی؟ خرم شیر زمان

    کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان کا کہنا ہے کہ ایک محکمے کے 2 وزیر ہونے کے باوجود کراچی کا یہ حال ہے، ورلڈ بینک کی طرف سے سوا ارب روپے کی گرانٹ کہاں گئی؟ سندھ میں 17 سال اقتدار کے باوجود پیپلز پارٹی کچھ نہ کر سکی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان کا کہنا ہے کہ کراچی شہر ڈوب رہا تھا اور پیپلز پارٹی سالگرہ منا رہی تھی، کراچی میں 2 گھنٹے کی بارش کے بعد صورتحال سب کے سامنے ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ایک محکمے کے 2 وزیر ہونے کے باوجود کراچی کا یہ حال ہے، کراچی میں بارش نے صوبائی حکومت کی کارکردگی عیاں کردی۔ نالوں کی صفائی کا فنڈ بے ضابطگی کی نذر ہوچکا ہے، ورلڈ بینک کی طرف سے سوا ارب روپے کی گرانٹ کہاں گئی؟

    خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی وجہ سے دنیا میں پاکستان کا نام بدنام ہو رہا ہے، ہر سال 40 سے 50 کروڑ روپے 6 نالوں کے لیے جاری ہوتے ہیں، کراچی میں بارشیں بلدیاتی حکومت کے لیے کمانے کا سیزن ہے، پیپلز پارٹی نے لاڑکانہ، سیہون اور نواب شاہ کے ساتھ بھی کراچی جیسا حال کیا ہے۔ جو دودھ اور سبزی کی قیمتیں کنٹرول نہیں کر سکے وہ کراچی کو چلا رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پورا کراچی اور میڈیا غلط ہے کوئی سچا ہے تو وہ بلاول اور ان کے وزیر ہیں، سندھ حکومت کے 5 وزیروں کا ٹولہ پورے صوبے کی بربادی کا ذمہ دار ہے، 5 وزیروں کے ٹولے میں سے ایک وزیر تو ملک سے بھاگا ہوا ہے، سندھ میں 17 سال اقتدار کے باوجود پیپلز پارٹی کچھ نہ کر سکی۔

    خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ سندھ میں 33 ارب روپے لگے مگر کہاں لگے پتہ نہیں، پیپلز پارٹی کی جمہوریت صرف عوام کا خون چوسنا ہے۔ سندھ پر آنے والی ہر مصیبت کا ذمہ دار زرداری ٹولہ اور سندھ حکومت ہے، پیپلز پارٹی کے ہوتے کراچی میں کبھی بہتری نہیں آئے گی۔

  • وزیراعلیٰ پنجاب کا لاک ڈاؤن سے متاثر ثقافتی،ادبی تنظیموں واداروں کے لیےگرانٹ کا اعلان

    وزیراعلیٰ پنجاب کا لاک ڈاؤن سے متاثر ثقافتی،ادبی تنظیموں واداروں کے لیےگرانٹ کا اعلان

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لاک ڈاؤن سے متاثر ثقافتی،ادبی تنظیموں واداروں کے لیےگرانٹ کا اعلان کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا ایک اور احسن اقدام سامنے آیا ہے۔عثمان بزدار نے وبا اور لاک ڈاؤن سے متاثرثقافتی،ادبی تنظیموں واداروں کے لیے فنڈز کے اجرا کی منظوری دیتے ہوئے محکمہ اطلاعات وثقافت کو منظور شدہ فنڈز جلد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن سے زندگی کا ہر طبقہ متاثر ہوا ہے،متاثرہ طبقات کی ضروریات پوری کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اداروں کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

    سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب حکومت ثقافتی وادبی اداروں کی معاونت جاری رکھےگی،ثقافت وادب سے لگاؤ رکھنے والی قومیں ہی آگے بڑھتی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ صورت حال بہتر ہونے پر ثقافتی وادبی سرگرمیوں کو زیادہ فروغ دیں گے۔

    یاد رہے کہ دو روز قبل وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کے باعث دیگر طبقوں کی طرح فنکاروں کو بھی مالی مشکلات کا سامنا ہے اور تحریک انصاف کی حکومت کو فنکاروں کی مشکلات کا احساس ہے لہٰذا مالی امداد کوئی احسان نہیں بلکہ فنکاروں کا حق ہے۔