Tag: گردوں کا مرض

  • خانیوال میں گردوں کا مرض تیزی سے پھیلنے لگا

    خانیوال میں گردوں کا مرض تیزی سے پھیلنے لگا

    خانیوال: پنجاب کے شہر خانیوال اور اس کے مضافات میں گردوں کا مرض تیزی سے پھیلنے لگا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق خانیوال میں گردوں کا مرض تیزی سے پھیلنے لگا ہے، دوسری طرف ٹی ایچ کیو اسپتال میاں چنوں کے ڈائلیسز یونٹ میں ادویات کا فقدان ہو گیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق ڈائلیسز کے لیے مریضوں کے اہل خانہ مہنگی ادویات بازار سے خریدنے پر مجبور ہیں، جس پر مریضوں اور ان کے اہل خانہ نے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    میاں چنوں کے ٹی ایچ کیو اسپتال میں 400 مریض ڈائلیسز کے لیے اپنی باری کے منتظر ہیں، ڈیڑھ ماہ قبل سیکریٹری ہیلتھ نے 10 ڈائلیسز مشینوں کا اعلان بھی کیا تھا تاہم اعلان کے باوجود تا حال مشینیں مہیا نہیں کی گئیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ برس جون میں خانیوال کے ڈسٹرکٹ اسپتال کو پنجاب حکومت کی جانب سے ڈائلیسز مشین فراہم کی گئی تھی۔ جب کہ رواں برس جنوری میں ڈونر کی جانب سے ٹی ایچ کیو اسپتال میاں چنوں اور ڈی ایچ کیو اسپتال کو متعدد ڈائلیسز مشینیں فراہم کی گئی تھیں۔

    ایک رپورٹ کے مطابق خانیوال میں جہانیاں کے سرکاری اسپتالوں میں بھی ادویات کا شدید فقدان ہے۔

  • نواز شریف کے گردوں کا مرض اسٹیج تھری تک پہنچ چکا ہے، مریم نواز

    لاہور : سابق وزیراعظم نواز شریف سے کوٹ لکھپت جیل میں ملاقات کے بعد مریم نواز نے ٹویٹ کیا ہے کہ نوازشریف کےگردوں کا مرض اسٹیج تھری تک پہنچ چکا ہے اور بازو میں بھی بدستور تکلیف ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا آج جیل میں نوازشریف سےملاقات ہوئی، نوازشریف کےگردوں کامرض مزیدبڑھ گیاہے، گزشتہ روزگردوں کے ٹیسٹ کےنتائج ٹھیک نہین آئے۔

    مریم نواز کا کہنا تھا نوازشریف کےگردوں کا مرض اسٹیج تھری تک پہنچ چکا ہے اور ان کے بازو میں بدستور تکلیف ہے۔

    اس سے قبل مریم نواز اپنے والد نواز شریف سے ملاقات کیلئے کوٹ لکھپت جیل پہنچیں تو نون لیگی کارکنان نے ان کا زبردست استقبال کیا اور نعرہ بازی کی۔ کارکنوں نے مریم نواز کی گاڑی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑا بھی ڈالا۔

    کارکن مریم نواز کے ساتھ پولیس رکاوٹیں توڑتے ہوئے جیل کی طرف چل پڑے تو جیل انتظامیہ نے مریم نواز کو کارکنوں کے ساتھ آنے پر اندر جانے سے روک دیا، جیل حکام نے مریم نواز کو کہا کہ وہ کارکنوں کو واپس بھیجیں ورنہ انہیں بھی اندر نہیں جانے دیا جائے گا۔

    مزید پڑھیں : مریم نواز کی کوٹ لکھپت جیل میں نواز شریف سے ملاقات ، ن لیگی کارکنوں کی ہلڑ بازی

    جس کے بعد مریم نواز نے کارکنوں کو واپس بھیج دیا اور خود ملاقات کیلئے چلی گئیں۔

    اس دوران جیل کے باہر نون لیگی کارکنان نے ہلڑ بازی شروع کر دی، ٹریفک جام ہو گئی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں جبکہ مظاہرین نے جیل کے باہر کھڑی گاڑیوں کے شیشے اتار لئے۔

    مسلم لیگی کارکنان نے کراچی سے آنے والی ٹرین بھی روک لی، گلو بٹ سمیت متعدد کارکنان انجن پر چڑھ گئے، سیلفیاں بنائیں جبکہ مسافروں سے بھی چھیڑ خانی کرتے رہے، لیگی کارکنوں نے ٹرین کو پندرہ منٹ تک روکے رکھا جبکہ موقع پر موجود سکیورٹی اہلکاروں نے کوئی ایکشن نہیں لیا۔

    مریم نواز والد سے ملاقات کے بعد سیکورٹی کے ہمراہ جیل کے دوسرے گیٹ سے نکل گئیں اور کارکنان ان کی راہ دیکھتے رہ گئے۔