Tag: گردے میں پتھری

  • ٹماٹر کھانے سے گردے میں پتھری کا تعلق کیا ہے؟ حقیقت عیاں ہوگئی

    ٹماٹر کھانے سے گردے میں پتھری کا تعلق کیا ہے؟ حقیقت عیاں ہوگئی

    عام طور پر یہ تاثر پایا جاتا ہے کہ روزانہ یا زیادہ ٹماٹر کھانے سے گردے میں پتھری کی شکایت ہوجاتی ہے، اس بات میں کہاں تک حقیقت ہے؟

    کسی بھی نمکین پکوان کیلیے ٹماٹر کو لازمی جز سمجھا جاتا ہے، یہ وہ سبزی ہے جو تقریباً ہر سالن میں پیاز کی طرح زیادہ مقدار میں استعمال ہوتی ہے۔

    اس کے علاوہ اگر گھر میں سبزی نہ بھی ہو لوگ گھر میں موجود ٹماٹر کی چٹنی بنا کر کھا لیتے ہیں جو بہت آسان ہے۔

    کچھ لوگوں کا ماننا ہے کہ ٹماٹر کے جتنے فوائد ہیں اس کے اتنے ہی نقصانات بھی ہیں، کچھ لوگوں کے مطابق روزانہ ٹماٹر کھانے سے گردے میں پتھری ہو سکتی ہے۔ کیا یہ سچ ہے؟

    مندرجہ ذیل سطور میں اس کی حقیقت سے متعلق تفصیلی بات کی گئی ہے کہ ٹماٹر کھانے سے گردے پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

    اگر ٹماٹر کے فوائد کی بات کی جائے تو اس حوالے سے کچھ مطالعات میں کہا گیا ہے کہ روزانہ ٹماٹر کھانے سے بلڈ پریشر اور کولیسٹرول کم ہوتا ہے۔

    ٹماٹر میں بہت سے غذائی اجزاء ہوتے ہیں۔ وہ وٹامن سی اور پوٹاشیم سے بھرپور ہوتے ہیں۔ اس کے ساتھ ان میں لائکوپین نامی اینٹی آکسیڈنٹ بھی ہوتا ہے۔ یہ سب صحت کے لیے بہت مفید ہیں۔

    پوٹاشیم دل کو صحت مند رکھتا ہے۔ بی پی کو کم کرنا ہو یا ہارٹ اٹیک جیسے مسائل سے بچنے کے لیے، ان مسائل میں ٹماٹر فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔ یہی نہیں اس میں موجود لائکوپین جسم میں کینسر کے خلیات کو بننے سے روکتا ہے۔

    دوسری جانب ان فوائد کے ساتھ ساتھ ٹماٹر کے کچھ نقصانات بھی ہیں، یاد رکھیں !! یہ سبزی صحت کے کچھ مسائل بھی پیدا کر سکتی ہے، وہ کیا ہیں؟

    ٹماٹر میں آکسیلیٹ کی مقدار زیادہ ہوتی ہے، یہ جسم میں کیلشیم کے ساتھ مل کر کرسٹل بناتے ہیں۔ جو پتھروں کی طرح سخت ہو جاتے ہیں۔ یہ آہستہ آہستہ گردوں میں جمع ہو جاتے ہیں۔ اگر آپ کو پہلے ہی گردے کے مسائل ہیں تو بہت زیادہ ٹماٹر کھانے سے یہ مسئلہ مزید بڑھ سکتا ہے۔

    جیسا کہ کچھ لوگوں کو کچے ٹماٹر کھانے کی عادت ہوتی ہے۔ ایسی صورتحال میں اگر آپ کو پہلے سے گردے کی تکلیف ہے تو ٹماٹر کا استعمال آپ کے لیے خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔

    دراصل کچے ٹماٹر کے بیج پتھری کا سبب بن سکتے ہیں تاہم جن لوگوں کو گردے کے مسائل نہیں ہیں انہیں ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ وہ ٹماٹر کھا سکتے ہیں لیکن اس بات کا خیال رکھیں کہ ان کا استعمال مناسب مقدار میں کیا جائے۔

    اس بات کا بھی خیال رکھیں کہ ٹماٹر کے ساتھ دیگر غذائیں بھی کھائیں۔ اسے اکیلے اور زیادہ مقدار میں کھانے سے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔

    سال 2019 میں ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق جو جرنل آف نیفرولوجی اینڈ رینل ڈیزیز میں شائع ہوئی تھی میں بتایا گیا تھا کہ 12 ہفتوں تک روزانہ 100 گرام سے زیادہ ٹماٹر کھانے والے افراد میں گردے میں پتھری پائی گئی۔

    ان مریضوں کے پیشاب میں آکسالیٹ کی مقدار بڑھ گئی تھی۔ اگرچہ یہ اضافہ عام تھا لیکن ماہرین اب بھی مشورہ دیتے ہیں کہ زیادہ ٹماٹر کھانے میں احتیاط برتیں۔ بصورت دیگر گردے میں پتھری کا احتمال ہے۔

  • وزیراعظم صحت مند ہیں،گردے میں معمولی پتھری ہے، مریم نواز

    وزیراعظم صحت مند ہیں،گردے میں معمولی پتھری ہے، مریم نواز

    لاہور : مریم نواز نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کے گردے میں ایک معمولی پتھری ہے جو کے قابلِ تشویش نہیں جب کہ اس حوالے سے گردش کرتی منفی خبریں بے بنیاد اور لغو ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم پاکستان نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے اپنے والد کی طبعیت کے حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں بتایا کہ ان کے گردے میں مومعمولی نوعیت کی پتھری ہے جو بے ضرر ہے صرف احتیاط کی ضرورت ہے۔

    مریم نواز نے وزیراعظم کی بیماری کے حوالے سے میڈیا میں گردش کرتی حساس خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ الحمد اللہ وزیراعظم نواز شریف صحت مند ہیں انہیں گردے میں تکلیف کے باعث اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔


    وزیراعظم نوازشریف ایک بار پھر علیل*


    انہوں نے کہا کہ اسپتال میں جانچ پڑتال کے بعد گردے میں معمولی پتھر کی تشخص ہوئی ہے جو کہ قابل تشویش بات نہیں اور نہ ہی اس کے لیے کسی قسم کے ٹریٹمنٹ کی ضرورت ہے بلکہ معمولی احتیاط سے اس پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

    واضح رہے وزیراعظم نواز شریف پیٹ میں درد کی شکایت کے باعث اسپتال میں داخل ہوئے تھے جس کے بعد میڈیا میں ان کی طبیعت کے حوالے سے چہ موگوئیاں شروع ہو گئی تھیں اور منفی خبریں گردش کرتی رہی تھیں۔