لاہور : جناح اسپتال میں پیٹ درد کا علاج کروانے آنے والے شہری کا گردہ نکال لیا گیا، ایک ماہ گزر جانے کے باوجود گروہ پولیس کے قابو نہ آسکا۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی دارلحکومت لاہور میں سادہ لوح شہریوں کے گردے نکالنے والا گروہ ایک بار پھر سرگرم ہوگیا۔
لاہور کے جناح اسپتال میں پیٹ درد کا علاج کروانے آنے والے شہری کا گردہ نکال لیا گیا، ملزمان نے شہری کو بے وقوف بنا کر گردہ نکالا۔
متاثرہ شہری عمر فریدنے بتایا کہ پیٹ میں شدید درد پر ہمسائی سونیا بی بی جناح اسپتال لے گئی، جہاں مشتاق نامی شخص نے کہا کہ ڈاکٹر ظفر سلطان اپنے کلینک پر علاج کریں گے، شدید پیٹ درد کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مشتاق اور سونیا بی بی گاڑی میں بٹھا کر موٹر وے سٹی لے گئے اور وہاں ایک گھر میں جاکر مجھے بے ہوش کردیا گیا۔
عمر فرید کا کہنا تھا کہ اگلے روز ہوش آیا تو 3، 4 دن علاج جاری رہا، ڈاکٹرعثمان نامی شخص کوٹ عبد المالک لے گیا جہاں روزانہ چیک اپ ہوتا رہا، 20 ہزار روپے دیکر ویڈیو بنائی گئی کہ صحت کارڈ کے بقایا جات ہیں، جس کے بعد میں سونیا بی بی کے ہمراہ واپس گھر بھیج دیا گیا۔
متاثرہ شہری کے مطابق کئی روز زخم ٹھیک نا ہونے پر مقامی اسپتال دکھایا تو ڈاکٹروں نے کہا کہ آپ کا گردہ نکال لیا گیا ہے۔
تھانہ گارڈن ٹاؤن پولیس نے متاثرہ شخص عمر فرید کی مدعیت میں 13 اگست کو مقدمہ درج کیا تھا تاہم گزشتہ ماہ شہری کا گردہ نکالنے والے ملزمان تاحال پولیس کی گرفت میں نہ آ سکے، انویسٹیگیشن پولیس تاحال نامزد ملزمان کو گرفتار کرنے میں ناکام ہے۔