Tag: گرفتاری

  • سعودی عرب میں 13 پاکستانی کیوں گرفتار ہوئے؟

    سعودی عرب میں 13 پاکستانی کیوں گرفتار ہوئے؟

    ریاض: سعودی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے چوری میں ملوث 13 افراد پر مشتمل پاکستانی گروہ کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق گرفتار پاکستانی نقدی، قیمتی اشیاء یا پھر موبائل نہیں بلکہ مبینہ طور پر بھیڑیں چوری کیا کرتے تھے۔ پولیس نے سعودی شہر قصیم میں کارروائی کرتے ہوئے 13 پاکستانیوں کو گرفتار کیا۔

    عرب میڈیا کے مطابق قصیم ریجن کی پولیس املاک کو نقصان پہنچانے والے ملزمان کی تلاش کررہی تھی کہ اسی دوران پتا چلا کہ 13 پاکستانیوں پر مشتمل ایک گروہ بھی چوری میں ملوث ہے، بعد ازاں کامیاب کارروائی میں ان کی گرفتاری عمل میں آئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کی عمریں تیس سے چالیس کے درمیان ہیں۔

    ابتدائی تفتیش کے دوران چوروں نے 400 سے زائد بھیڑیں چوری کرنے کا اعتراف کیا۔

    سعودی عرب میں غیر اخلاقی حرکتوں پر 100 افراد گرفتار

    دوسری جانب پولیس نے سعودی شہر مدینہ اور جازان میں غیر اخلاقی لباس پہن کر عوامی مقامات پر گھومنے والے 100 افراد کو گرفتار کیا۔ ترجمان پولیس کے مطابق جازان میلے میں سماجی تہذیب کے منافی غیر اخلاقی لباس پہن کر آنے والے 33 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ زیر حراست نوجوان مختلف اوقات میں عوامی مقامات پر نازیبا لباس پہن کر گھوم رہے تھے۔

    خیال رہے کہ سعودی عرب میں وژن 2030 تک تحت جہاں مختلف شعبوں میں اصلاحات اور سعودائزیشن کا سلسلہ جاری ہیں وہیں چوری ڈکیٹی سمیت دیگر جرائم کے قوانین بھی سخت کیے جارہے ہیں۔

  • کراچی والے ہوشیار ہوجائیں ! ون وے کی خلاف ورزی پر جیل کی ہوا کھانی پڑے گی

    کراچی والے ہوشیار ہوجائیں ! ون وے کی خلاف ورزی پر جیل کی ہوا کھانی پڑے گی

    کراچی : ایڈیشنل آئی جی نے کراچی والوں کو خبردار ہے کہ ون وے کی خلاف ورزی پر گرفتاری ہوگی جبکہ مقدمہ بھی درج کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل آئی جی کراچی کی زیر صدارت ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں اہم فیصلہ کرتے ہوئے حادثات کی روک تھام کیلئے کریک ڈاؤن کی تیاریاں شروع کرنے کی ہدایت دی گئی۔

    ایڈیشنل آئی جی غلام نبی میمن نے کہا ہے کہ ون وے کی خلاف ورزی کرنیوالوں کا چالان کرنے کے بجائے گرفتارکیا جائے، آپریشن میں ٹریفک، مقامی پولیس کارروائی کرے گی جبکہ خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔

    ایڈیشنل آئی جی نے پمپس سے بوتل میں پیڑول بھروانے والوں کیخلاف بھی کارروائی کی بھی ہدایت کردی ہے۔

    گذشتہ سال جولائی میں شہر قائد میں ہیلمٹ کی پابندی کی مہم کی کامیابی کے بعد ٹریفک پولیس ون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مہم کا آغاز کیا تھا۔

    ڈی آئی جی ٹریفک کا کہنا تھا کہ کراچی کی ٹریفک پولیس ون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے جارہی ہے، ہمیں محسوس ہوا کہ ون وے کی خلاف ورزی کرنے پر شہری بہت پریشان ہیں، ہیلمٹ مہم اور اب ون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مہم کا مقصد قانون کی پاسداری کرنے والے شہریوں کے ساتھ ہونے والی زیادتی کو روکنا ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ عموماً ٹریفک پولیس ون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں کو نظر انداز کرتی ہے لیکن اس مہم کے دوران ٹریفک پولیس خلاف ورزی کرنے والوں کی گرفتاریاں بھی کرے گی۔

    جاوید علی مہر نے شہریوں کو متنبہ کیا تھا کہ ون وے کی پابندی ان کی اپنی جان کے تحفظ کے لیے ہے ، لہذا شہری اب ون وے کی خلاف ورزی کرنے سے گریز کریں۔

  • جےیوآئی (ف) کے رہنما مفتی کفایت اللہ کی گرفتاری چیلنج

    جےیوآئی (ف) کے رہنما مفتی کفایت اللہ کی گرفتاری چیلنج

    ایبٹ آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مرکزی رہنما مفتی کفایت اللہ کی گرفتاری چیلنج کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق تھری ایم پی او کے تحت جے یو آئی ف کے رہنما مفتی کفایت اللہ کی گرفتاری ہائیکورٹ ایبٹ آباد بینچ میں چیلنج کی گئی۔

    ہائیکورٹ ایبٹ آباد بینچ نے ڈپٹی کمشنر سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کردیا، کفایت اللہ کی گرفتاری کے خلاف عدالت کل سماعت کرے گی۔

    یاد رہے کہ مفتی کفایت اللہ کو 27 اکتوبر کی صبح ساڑھے 4بجے گرفتار کیا گیا، مانسہرہ اور اسلام آباد پولیس کی مشترکہ کارروائی میں یہ گرفتاری عمل میں آئی تھی۔

    ذرائع کے مطابق مفتی کفایت اللہ کو نفرت انگیزتقریر اور اشتعال پھیلانے پر گرفتار کیا گیا ہے، وہ سینٹرل جیل ہری پور میں موجود ہیں۔

    جے یو آئی (ف) کے مرکزی رہنما مفتی کفایت اللہ گرفتار

    یاد رہے کہ مفتی کفایت اللہ ستمبر 2015 میں بھی اشتعال انگیز تقاریر کرنے پر انسدادِ دہشت گردی ڈیپارٹمنٹ کے ہاتھوں گرفتار ہوچکے ہیں۔

    آزادی مارچ؛ پشاور ہائیکورٹ کا شاہراہیں بند نہ کرنے کا حکم

    دوسری جانب حال ہی میں نادرا نے جے یو آئی ف کے رہنما حافظ حمداللہ کی شہریت بھی منسوخ کر دی ہے اور پیمرا نے ٹی وی چینلز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ حمداللہ غیرملکی ہیں انہیں ٹاک شوز میں نہ بلایا جائے۔

  • جے یو آئی (ف) کے مرکزی رہنما مفتی کفایت اللہ گرفتار

    جے یو آئی (ف) کے مرکزی رہنما مفتی کفایت اللہ گرفتار

    مانسہرہ: جمعیت علمائے اسلام(ف) کے مرکزی رہنما مفتی کفایت اللہ کو اسلام آباد سے گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق آزادی مارچ سے پہلے جے یوآئی(ف)کی پہلی بڑی گرفتاری عمل میں آئی، امیر جمعیت علمائے اسلام ف مانسہرہ مفتی کفایت اللہ کو اسلام آباد سے گرفتار کرلیا گیا۔

    خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ مفتی کفایت اللہ کو صبح ساڑھے 4بجے گرفتار کیا گیا، مانسہرہ اور اسلام آبادپولیس کی مشترکہ کارروائی میں یہ گرفتاری عمل میں آئی۔

    ذرائع کے مطابق مفتی کفایت اللہ کو نفرت انگیزتقریر اور اشتعال پھیلانے پر گرفتار کیا گیا، انہیں سینٹرل جیل ہری پور منتقل کردیا گیا ہے۔

    بھائی حبیب الرحمان کا کہنا ہے کہ مفتی کفایت اللہ کو 3ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا، وہ اس وقت سینٹرل جیل ہری پور میں موجود ہیں۔

    پیمرا کا سینیٹر حافظ حمداللہ سے متعلق تمام ٹی وی چینلز کو نوٹس

    یاد رہے کہ مفتی کفایت اللہ ستمبر 2015 میں بھی اشتعال انگیز تقاریر کرنے پر انسدادِ دہشت گردی ڈیپارٹمنٹ کے ہاتھوں گرفتار ہوچکے ہیں۔

    دوسری جانب گذشتہ روز نادرا نے جے یو آئی ف کے رہنما حافظ حمداللہ کی شہریت بھی منسوخ کر دی ہے اور پیمرا نے ٹی وی چینلز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ حمداللہ غیرملکی ہیں انہیں ٹاک شوز میں نہ بلایا جائے۔

  • گلوکارہ رابی پیرزادہ گرفتاری سے  بچ گئیں

    گلوکارہ رابی پیرزادہ گرفتاری سے بچ گئیں

    لاہور : عدالت نے گلوکارہ رابی پیرزادہ کے خلاف خطرناک جانور رکھنے کے معاملے پر وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیے ، جوڈیشل مجسریٹ نے رابی پیر زادہ کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق خطرناک جانور رکھنے کے معاملے پر گلوکارہ رابی پیرزادہ عدالت میں پیش ہوئیں، جس پر عدالت نے ان کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیے۔

    جوڈیشل مجسریٹ حارث صدیقی نے عدم حاضری پر رابی پیر زادہ کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔

    مزید پڑھیں : گلوکارہ رابی پیرزادہ کے وارنٹ گرفتاری جاری

    رابی پیرزادہ کے خلاف وائلڈ لائف نے غیر قانونی طور پر سانپ اور مگرمچھ پالنے کے الزام میں چالان پیش کر رکھا ہے، ذرائع کا کہنا تھا کہ رابی پیرزادہ کے خلاف کارروائی سوشل میڈیا پر موجود ویڈیوز کا نوٹس لے کر عمل میں لائی گئی۔

    محکمہ جنگلی حیات نے رابی پیرزادہ پر الزام عائد کیا تھا کہ انہوں نے مگرمچھ، سانپ ، اژدھے رکھے ہیں جو کہ وائلد لائف ایکٹ کی خلاف ورزی ہے۔

    واضح رہے کہ گلوکارہ رابی پیرزادہ اکثر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ٹویٹر اور انسٹاگرام پر سانپ، اژدھے اور مگر مچھ کے ہمراہ ویڈیو اور تصاویر شیئر کرچکی ہیں۔

    خیال رہے کہ رابی پیرزادہ نے سانپ اور مگرمچھ کے ساتھ ایک ویڈیو بنائی تھی، جس میں انہوں نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ نریندری مودی کے لیے تحفہ ہے۔

  • سلمان شہباز کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

    سلمان شہباز کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

    لاہور : احتساب عدالت نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے فرزند سلمان شہباز کو گرفتار کرکے 10 اگست تک پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کرتے ہوئے سلمان شہباز کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری دئیے۔

    نیب لاہور نےسلمان شہباز کی جائیداد ضبطی کی کاروائی کےلیے عدالت سے رجوع کیاہے،نیب نے عدالت کو بتایا کہ منی لانڈرنگ کیس میں سلمان شہباز کو6 دفعہ کال اپ نوٹس جاری کیے گئے تھے۔

    نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ سلمان شہباز نے نیب انوسٹی گیشن جوائن نہیں کی، چیئرمین نے گرفتاری کےلیے وارنٹ جاری کررکھے ہیں۔

    نیب نے عدالت سے درخواست کی ہے کہ سلمان شہباز ملک سے باہر فرار ہوچکے ہیں، عدالت سلمان شہباز کی جائیداد ضبط کرنے کی کارروائی شروع کرنے کا حکم دے۔

    یاد رہے کہ نیب نے 25 اکتوبر 2018 کو سلمان شہباز کو طلبی کا نوٹس بھیجا تھا، جس میں انھیں 30 اکتوبر کو طلب کیا گیا، لیکن سلمان شہباز نیب پیشی سے 3 دن پہلے ملک چھوڑ کر 27 اکتوبر کو لندن فرار ہو گئے۔

    نیب کی جانب سے سلمان شہباز کو 25 اکتوبر کو بھیجے گئے نوٹس میں نیب نے چند سوالات پوچھے گئے تھے، نوٹس میں 2000 سے اب تک غیر ملکی ترسیلات اور بینک اکاؤنٹس کی تفصیل مانگی گئی تھی۔

    نیب نے نوٹس میں ترسیلات بھیجنے والے کا نام، ملک اور رقوم بھیجنے کا مقصد کیا تھا، دریافت کیا تھا، کہا گیا تھا کہ اگر کوئی آف شور کمپنی یا کاروبار ہے تو اس کی تفصیل بھی دیں، 2000 سے اب تک بنائی گئی کمپنیوں اور ڈائریکٹر شپ کی تفصیل بھی مانگی گئی۔

    نیب نے نوٹس میں 2000 سے اب تک ڈائریکٹر کی حیثیت سے جس جس کمپنی کو قرضہ دیا اس کی تفصیل، غیر ملکی کمپنیوں سے 2000 سے آنے والی سرمایہ کاری کی سالانہ تفصیل، رقم ٹرانسفر کا طریقہ، کمپنیوں کی تفصیل، منقولہ و غیر منقولہ جائیداد کی قیمت خرید کی تفصیل مانگی گئی تھی۔

    سلمان شہباز ملک سے کیوں فرار ہوا؟ پروگرام پاور پلے میں دستاویز پیش

    اس کے بعد نیب نے سلمان شہباز کو 19 دسمبر 2018 کو دوسرا نوٹس بھیجا، اس بار نیب نے 12 سوال سلمان شہباز کو بھیجے، جن میں سے 5 نئے سوالات تھے، نوٹس میں ذاتی اکاؤنٹ، رمضان شوگر ملز کے اکاؤنٹ، ٹرانزکشن کی تفصیلات مانگی گئیں، اور 2004 سے 2008 تک ٹیکس ریٹرن اور ویلتھ اسٹیٹمنٹ مانگی گئی۔

  • ناکام فوجی بغاوت کا الزام، 122 ترک فوجیوں کی گرفتاری کا حکم جاری

    ناکام فوجی بغاوت کا الزام، 122 ترک فوجیوں کی گرفتاری کا حکم جاری

    انقرہ : ترک حکام نے مزید 122مشتبہ افراد کو گرفتار کرنے کے احکامات جاری کر دیئے، مذکورہ افراد میں 40 حاضر سروس فوجی بھی شامل ہیں جبکہ کچھ کو فوج سے نکالا جاچکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترکی میں جولائی 2016 میں حکومت مخالفین فوجیوں نے فوجی بغاوت کی کوشش کی تھی جسے صدر رجب طیب اردوان کی اپیل پر عوام نے ناکام بنادیا تھا، جس کے بعد اب مسلسل ناکام فوجی بغاوت میں ملوث افراد و سرکاری و صحافیوں کو گرفتار و برطرف کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کا کہناتھا کہ استنبول، ازمیر اور قونیا کے دفتر استغاثہ نے بتایاکہ یہ افراد 2016ءکی ناکام فوجی بغاوت میں ملوث تھے۔

    پولیس نے ان افراد کو گرفتار کرنے کے لیے ازمیر سمیت 17 دیگر صوبوں میں چھاپے مارے ، ان 122 افراد میں چالیس حاضر سروس فوجی بھی شامل ہیں جبکہ کچھ کو ماضی میں ہی فوج سے نکال دیا گیا تھا۔

    ترکی میں ناکام فوجی بغاوت کو تقریباً تین سال گزر چکے ہیں اور اب تک 77 ہزار سے زائد افراد کو اس سازش میں ملوث ہونے کے الزام میں جیل بھیجا جا چکا ہے۔

    ترکی: ناکام فوجی بغاوت میں ملوث 104 فوجی افسران کو عمر قید کی سزا

    خیال رہے کہ رواں سال مئی میں ترکی میں طاقت کے بل بوتے پر حکومتی تختہ الٹنے کی ناکام کوشش کرنے والے 104 فوجی افسران کو عدالت نے عمر قید کی سزا سنائی تھی۔

    واضح رہے کہ دو سال قبل ترکی میں فوجی بغاوت کے ذریعے سول حکومت کا تختہ الٹنے کی کوشش کی گئی تھی جس کے بعد پورے ملک کے مختلف شہروں میں ہنگامی پھوٹنے سے 200 سے زائد افراد ہلاک اور 2 ہزار سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

    یاد رہے کہ 18 جولائی 2016 کو ترکی میں فوج کے باغی گروہ نے اقتدار پر قابض ہونے کی کوشش کی تھی جسے عوام نے ناکام بنادیا تھا، اس دوران عوام سڑکوں پر نکل کر آئے اور فوجی ٹینکوں کے سامنے ڈٹ گئے تھے جس کے بعد ترک فوج کے باغی ٹولے نے ہتھیار ڈال کر اپنی شکست تسلیم کی تھی اور پھر انہیں گرفتار کرلیا گیا تھا۔

  • غزہ: طالبعلم سمیت متعدد فلسطینیوں کی گرفتاری کا معاملہ، حماس کا شدید ردعمل

    غزہ: طالبعلم سمیت متعدد فلسطینیوں کی گرفتاری کا معاملہ، حماس کا شدید ردعمل

    غزہ: فلسطین میں اسرائیلی سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں طالبعلم سمیت متعدد فلسطینیوں کی گرفتاری پر حماس نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ناقابل قبول قرار دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قابض اسرائیلی فوج کی نہتے فلسطینیوں کے خلاف کارروائیاں عروج پر ہیں، وحشیانہ کریک ڈاؤن میں گزشتہ روز صبح کے وقت 21 فلسطینیوں کو گرفتار کیا گیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ حماس نے غرب اردن سے فلسطینی اتھارٹی کی پولیس کے ہاتھوں فلسطینی طالبعلم موسیٰ الدویکات کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ غرب اردن میں فلسطینی قوم کو عباس ملیشیا ءکی شکل میں ہیجان خیز مافیا کا سامنا ہے۔

    حماس کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ موسیٰ الدویکات کی گرفتاری غیر قانونی اور غیر اخلاقی اقدام ہے، فلسطینی اتھارٹی غرب اردن میں شہریوں کےخلاف خوف کی فضاءپیدا کرنے اور ہیجان انگیزی کی کوشش کر رہی ہے۔

    بیان میں مزید کہا گیا تھا کہ غرب اردن میں فلسطینی اتھارٹی کی جانب سے بے گناہ فلسطینیوں کے خلاف کریک ڈاﺅن جاری ہے اور اس کریک ڈاﺅن کے دوران عباس ملیشیا آئین اور قانون کی دھجیاں اڑا رہی ہے۔

    اسرائیلی فوج کا وحشیانہ کریک ڈاﺅن ،21 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا

    واضح رہے کہ اسرائیلی فوج نے ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ گرفتار فلسطینیوں میں بعض اسرائیل کے خلاف مزاحمتی کارروائیوں میں سیکورٹی اداروں کو مطلوب تھے۔

  • شریف خاندان کے ملازم کے انکشافات حمزہ شہباز کے گلے کا پھندہ بن گئے

    شریف خاندان کے ملازم کے انکشافات حمزہ شہباز کے گلے کا پھندہ بن گئے

    لاہور: قومی ادارہ احتساب (نیب) کی زیر حراست 2 ملزمان قاسم قیوم اور فضل داد کے انکشافات کے بعد حمزہ شہباز شریف کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے، مذکورہ ملزمان نے شریف خاندان کی آمدن سے زائد اثاثے بنانے میں مدد کی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ادارہ احتساب (نیب) کی جانب سے حمزہ شہباز پر لگائے گئے الزامات کی تفصیلات اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلیں۔ حمزہ شہباز کے وارنٹ گرفتاری منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار قاسم قیوم اور فضل داد کے انکشافات کے بعد جاری کیے گئے۔

    قاسم قیوم منی چینجر کا غیر قانونی کاروبار کرتا تھا، قاسم نے غیر قانونی طور پر اکاؤنٹ میں ڈالرز اور درہم منتقل کیے، رقم شہباز شریف، حمزہ اور سلمان شہباز کے اکاؤنٹ میں منتقل کی گئی۔

    دوسرا ملزم فضل داد عباسی شریف گروپ کا پرانا ملازم ہے، ملزم فضل داد سلمان شہباز کے پاس سنہ 2005 سے کام کر رہا تھا۔ فضل داد مختلف لوگوں سے رقوم جمع کر کے قاسم قیوم کو پہنچاتا تھا اور قاسم مشکوک ٹرانزیکشنز سے رقوم شہباز خاندان کو منتقل کرتا تھا۔

    ملزمان رقوم اپنے ملازمین کے شناختی کارڈ کے ذریعے بھجوایا کرتے تھے، ملازمین کو رقوم بھیجنے سے متعلق کاروباری شخصیت کے طور پر پیش کرتے تھے۔

    عدالت نے گزشتہ روز دونوں ملزمان کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کیا تھا، عدالت نے دونوں کو 19 اپریل کو پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔ ملزمان سے تحقیقات میں انکشافات پر چیئرمین نیب نے حمزہ شہباز کے وارنٹ کی منظوری دی تھی۔

    نیب ٹیم نے گزشتہ روز حمزہ شہباز کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا تھا جس کا مقصد حمزہ شہباز کو گرفتار کرنا تھا، نیب ٹیم کے پاس وارنٹ گرفتاری بھی موجود تھا۔

    تاہم اس موقع پر حمزہ شہباز کے محافظوں نے نیب اہلکاروں پر تشدد کیا اور انہیں سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئیں، صورتحال ناخوشگوار ہونے پر نیب ٹیم گرفتاری کی کارروائی مکمل کیے بغیر ہی وہاں سے روانہ ہوگئی۔

    نیب اعلامیہ کے مطابق ٹیم سپریم کورٹ کے فیصلےکی روشنی اور ٹھوس شواہد کی بنیاد پر حمزہ کی گرفتاری کے لیے گئی تھی۔

    اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ نیب حکام ملزم حمزہ شہباز کی گرفتاری کے وارنٹ لے کر گئے تھے، نیب کو کسی ملزم کی گرفتاری کے لیے پہلے سے آگاہ کرنا ضروری نہیں، حمزہ شہباز کی جانب سے قانون کی خلاف ورزی کی گئی، کار سرکار میں مداخلت کرنے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔

  • سابق ایڈمنسٹریٹر کراچی فہیم الزمان کو ضرور گرفتار کیا جائےگا ،امیر شیخ

    سابق ایڈمنسٹریٹر کراچی فہیم الزمان کو ضرور گرفتار کیا جائےگا ،امیر شیخ

    کراچی : ایڈیشنل آئی جی امیر شیخ کا کہنا ہے سابق ایڈمنسٹریٹر کراچی فہیم زمان کو ضرور گرفتار کیا جائے گا ان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں ، کوئی قانون سے بالاتر نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل آئی جی کراچی امیر شیخ نے اپنے بیان میں کہا سابق ایڈمنسٹریٹر کراچی فہیم الزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں، انہیں ضرور گرفتار کیا جائےگا، کوئی قانون سے بالاتر نہیں ہے، وردی کی عزت کرنی ہوگی۔

    امیر شیخ نے صورتحال ضبط کرنے پر پولیس اہلکاروں کیلئے5 ،5 ہزارانعام کا اعلان کرتے ہوئے کہا اگر پولیس اہلکار کوئی چیزطلب کررہاہے تودینی چاہیے، اگرمطلوبہ دستاویزنہیں ہےتو شائستہ اندازسےبتایاجاسکتاہے۔

    ایڈشنل آئی جی کا کہنا تھا اگرہم بیرون ملک میں ہوتےہیں توہمارارویہ ایسانہیں ہوتا، اگرپولیس والاغلط ہوتو میں خوداس کےخلاف ایکشن لیتاہوں، ہمارامقصدشہریوں کوتنگ کرنانہیں ہے، حفاظت ہیں۔

    مزید پڑھیں : سابق ایڈمنسٹریٹر کراچی کی اہلکاروں کو دھمکیاں، مقدمہ درج، گرفتاری متوقع

    گذشتہ روز سابق ایڈمنسٹریٹر کراچی فہیم الزماں نے پی آئی ڈی سی کے قریب اسنیپ چیکنگ کے دوران شناختی کارڈ دکھانے کا کہنے پر پولیس اہلکاروں سے بدتمیزی  کی اور دھمکیاں دی تھیں، جس کا ڈی آئی جی ساؤتھ نے نوٹس لیتے ہوئے مقدمہ درج کرنے کا حکم دیتے ہوئے گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا۔

    پولیس حکام کا کہنا تھا پولیس اہلکاروں سے بدتمیزی کسی صورت بھی برداشت نہیں کی جائے گی، پولیس اہلکاروں نے فہیم الزماں سے بدکلامی نہیں کی۔

    بعد ازاں سابق ایڈمنسٹریٹر کراچی فہیم زمان کے خلاف تھانہ سول لائن میں مقدمہ درج کرلیا گیا تھا، مقدمہ اہلکار عدنان کی مدعیت میں درج کیا گیا، پولیس کے مطابق مقدمے میں 4 دفعات لگائی گئی ، کارسرکار میں مداخلت، دھمکی، گالم گلوچ، ٹریفک میں خلل کی دفعات شامل ہیں۔