Tag: گرفتار امریکی شہری

  • بھارتی جاسوس کی گرفتاری پر امریکی خاموشی حیران کن ہے، دفتر خارجہ

    بھارتی جاسوس کی گرفتاری پر امریکی خاموشی حیران کن ہے، دفتر خارجہ

    اسلام آباد: دفتر خارجہ نے امریکی وزارت خارجہ کے نائب ترجمان کے بیان پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف بہت قربانیاں دی ہیں، نائب ترجمان کا بیان حقائق سے لاعلمی پر مبنی ہے، بھارتی حاضر سروس افسر کی گرفتاری پر امریکا کا اب تک کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔

    دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے جاری بیان میں کہا ہے کہ امریکی وزارت خارجہ کے نائب ترجمان کے بیان کو سنجیدگی سے لیا گیا ہے ، امریکی سینیٹر جان مکین نے اسلام آباد سے واپسی پر اپنےدورے کے حوالے سے آرٹیکل بھی لکھا اور تسلیم کیا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیاں اور اقدامات قابل تعریف ہیں، جان مکین نے خود میران شاہ کا دورہ کیا اور زمینی حقائق کا مشاہدہ کیا۔

    ترجمان نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی پھیلانے والے عناصر موجود ہیں، ہمسایہ ملک کا خفیہ ادارے کا حاضر سروس افسر پاکستان سے پکڑا گیا جس نے خود پاکستان میں دہشت گردی کی وارداتوں میں ملوث ملزموں کی مالی معاونت کا اعتراف کیا لیکن امریکی حکام کی جانب سے اس معاملے پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا امریکا کی اس معاملے پر خاموشی حیران کن ہے۔

    انہوں نے کہاکہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف اقدامات کیے ہیں، پاکستان میں دہشت گردی کے واضح شواہد موجود ہیں اس کی قربانیوں کا اعتراف کرنے کے بجائے اس پر تنقید کرنا درست نہیں۔

  • وزیر داخلہ کا امریکی جاسوس کو دوبارہ ویزا ملنے کی تحقیقات کا حکم

    وزیر داخلہ کا امریکی جاسوس کو دوبارہ ویزا ملنے کی تحقیقات کا حکم

    اسلام آباد: وفاقی دار الحکومت سے گرفتار امریکی جاسوس میتھیو بیرک کو دوبارہ ویزا ملنے کے حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے تحقیقات کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ داخلہ کی زیر صدارت امیگریشن اور غیر ملکیوں کو ویزے کے اجرا کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں وزارتِ داخلہ، ایف آئی اے اور پولیس کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

    اجلاس میں وزیر داخلہ نے سوال کیا کہ مشکوک امریکی شہری میتھیو کو ہیوسٹن میں واقع پاکستانی قونصل خانے نے بلیک لسٹ ہونے کے باوجود دوبارہ ویزا کیسے جاری کردیا؟

    اس واقعے کی ذمہ داری ہیوسٹن میں تعینات پاکستانی سفارت خانے کی ویزا افسر اور اسلام آباد ایئرپورٹ پر امیگریشن کاﺅنٹر پر موجود ایف آئی اے کے اہلکار پر عائدکی گئی۔ اطلاعات کے مطابق بلیک لسٹ امریکی شہری میتھیو کو ویزا جاری کرنے والی خاتون اسسٹنٹ ڈائریکٹر کی معطلی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا۔خاتون افسر کے خلاف کارروائی کے لیے وزارت داخلہ نے وزارت خارجہ سے رابطہ کیا تھا۔خاتون سے تحریری وضاحت بھی طلب کرلی گئی ہے۔


    اسلام آباد سےامریکی شہری گرفتار


    چو ہدری نثار علی خان نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر تعینات اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایف آئی اے سمیت تمام شفٹ کو معطل کردیا ہے جبکہ ایڈیشنل سیکریٹری وزارتِ داخلہ کی سربراہی میں ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو سرکاری تعطیل ہونے کے باوجود 24 گھنٹے کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔

    وزیر داخلہ نے معاملے کی مکمل تفتیش کے لیے ایس پی انویسٹی گیشن کیپٹن (ر) الیاس کی سربراہی میں ایف آئی اے،آئی بی اور آئی ایس آئی کے افسران پر مشتمل جے آئی ٹی تشکیل دے دی، ہوسٹن میں پاکستانی قونصلیٹ کے ویزا افسران سے بھی جواب طلبی کی جا رہی ہے کہ بلیک لسٹ پر موجود امریکی شہری میتھیو بریٹ کو کیوں اور کس کے کہنے پر پاکستانی ویزا جاری کیا گیا۔

    واضح رہے کہ زیرِ حراست امریکی شہری کا نام میتھیو بیرک ہے جسے سال 2011ء میں جاسوسی کے شک میں پاکستان سے نکال دیا گیا تھا، میتھیو بیرک کا نام بلیک لسٹ ہونے کے باوجود وہ گزشتہ روز لینڈنگ کارڈ پر غلط اندراج کرکے پاکستان میں داخل ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا۔

    امریکی شہری کی پاکستان میں غیر قانونی آمد پر ایف آئی اے نے اسلام آباد ائیر پورٹ پر کلیئرنس دینے والے 2 اہلکاروں کو معطل کر کے محکمانہ تحقیقات شروع کردی ہےجب کہ وزارت داخلہ نے  امیگریشن افسران کو ہدایت دی کہ بلیک لسٹ اور امیگریشن سسٹم مزید اپ گریڈ کیا جائے۔

    ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ میتھیو کو ویزا جاری کرنے والے پاکستانی سفارتی اہلکار کے خلاف بھی مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    دریں اثنا امریکی جاسوس میتھیو کی دوبارہ آمد کی نشاندہی کرنے پر وزارت داخلہ کی جانب سے آئی بی ایم ایس سسٹم انچارج فہد قیوم کے لیے ایک لاکھ روپے انعام کا اعلان کردیا گیا۔ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ نے تسلیم کیا کہ سسٹم انچارج کی نشاندہی کی بدولت ہی میتھیو کی گرفتاری ممکن ہوئی۔

  • اسلام آباد سےامریکی شہری گرفتار

    اسلام آباد سےامریکی شہری گرفتار

    اسلام آباد : اسلام آباد کے ایک گیسٹ ہاؤس سے امریکی شہری میتھیو بیرک کو حراست میں لے لیا گیا ہے،امریکی شہری غیر قانونی طور پر پاکستان میں داخل ہوا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے گیسٹ ہاؤس سے ایک امریکی شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہے،زیرِ حراست امریکی شہری کا نام میتھیو بیرک ہے جسے 2011 میں جاسوسی کے شک میں پاکستان سے نکال دیا گیا تھا۔

    USA-

    ایف آئی اے کے ذرائع کا کہنا ہے کہ میتھیو بیرک کا نام بلیک لسٹ میں ہے اس کے باوجود وہ گزشتہ روز لینڈنگ کارڈ پر غلط اندراج کرکے پاکستان میں داخل ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا۔

    امریکی شہری کی غیر قانونی طور پر پاکستان میں داخل ہونے پر ایف آئی اے نے اسلام آباد ائیر پورٹ پر کلیئرنس دینے والے 2 اہلکاروں کو معطل کر کے محکمانہ تحقیقات شروع کردی ہے۔

    ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے کلیئرنس دینے والے اسلام آباد ائیر پورٹ کے ملازم احتشام الحق کوگرفتارکرلیا ہے جب کہ دوسرے اہلکارسب انسپکٹرراجہ آصف کی گرفتاری کیلئےچھاپےمارے جا رہے ہیں۔

    ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ میتھیو کو ویزہ جاری کرنےوالے پاکستانی سفارتی اہلکارکےخلاف بھی مقدمہ درج کرلیا گیا۔