Tag: گرفتار

  • اینٹی کرپشن پنجاب نے لیگی رہنما کو گرفتار کرلیا

    لاہور: پنجاب اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ (اے سی ای) نے لیگی ایم این اے چوہدری محمداشرف کوگرفتار کر لیا ہے۔

    اینٹی کرپشن حکام کے مطابق لیگی رہنما چوہدری محمد اشرف نے157 ایکڑ سرکاری اراضی پر قبضہ کر رکھا تھا، جعلسازی اور فراڈ سے جعلی دستاویزبنا کر زمین قبضے میں رکھی ہوئی تھی۔

    حکام نے بتایا کہ ملزم نے محمد سلیم پٹواری اور ریاست علی گرداور سے ملکر زمین پر قبضہ کیا، ان  پر الزام ثابت ہونے پرگرفتارکیاگیا۔

    حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ محمد اشرف نےفرضی شخص شریف احمد کوجعلی الاٹی ظاہر کرکے زمین پرقبضہ کیا تھا، محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب نے انکوائری کے بعد مقدمہ درج کرلیا۔

    واضح رہے کہ چوہدری محمد اشرف ساہیوال این اے 161 سے ن لیگ کے رکن قومی اسمبلی ہیں۔

  • این ای ڈی یونیورسٹی کے طالب علم کو قتل کرنے والا ملزم گرفتار، پولیس

    این ای ڈی یونیورسٹی کے طالب علم کو قتل کرنے والا ملزم گرفتار، پولیس

    کراچی: پولیس نے این ای ڈی یونیورسٹی کے طالب علم بلال ناصر کو دوران ڈکیتی مزاحمت پر قتل کرنے والے ملز م نظام کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

    پولیس کے مطابق این ای ڈی یونیورسٹی کے طالبعلم بلال کے قتل میں ملوث ملزم نظام کو سپر ہائی وے  کے قریب گوٹھ سے گرفتار کیاگیا جبکہ  دوسرے ملزم کی نشاندہی بھی ہوچکی جلد گرفتار کرینگے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم نظام سے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے، ملزم نے متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف بھی کیا ہے۔

    پولیس کے مطابق  ملزم اس سے قبل پولیس مقابلوں میں زخمی بھی ہوچکا ہے، ملزم ایک مقدمے میں جیل بھی گیا لیکن 8 روز بعد ضمانت پر رہا ہوگیا۔

    واضح رہے کہ گذشتہ روز کراچی میں ڈاکوؤں نے این ای ڈی یونیورسٹی گیٹ کے قریب ہوٹل پر لوٹ مار کی ، اکیس سالہ بلال ہوٹل پردوستوں کےساتھ چائے پی رہا تھا۔

    موبائل فون چھیننے کی کوشش پر این ای ڈی میں پٹرولیم انجینئرنگ کے تھرڈ سمیسٹر کے طالبعلم نے مزاحمت کی اور ڈاکو پرقابو پالیا لیکن ڈاکو نے انتہائی قریب سے گولی چلادی، بلال کوسینے اور پاؤں پرگولی لگی، جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

  • متعدد اداروں کو مطلوب لیاری گینگ وار کا اہم کمانڈر گرفتار

    متعدد اداروں کو مطلوب لیاری گینگ وار کا اہم کمانڈر گرفتار

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں رینجرز اور پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے متعدد اداروں کو مطلوب لیاری گینگ وار کے کمانڈر ملا نثار کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ رینجرز اور پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی۔

    کارروائی میں پولیس کو انتہائی مطلوب لیاری گینگ وار کا کمانڈر ملا نثار گرفتار کرلیا گیا، گرفتار ملزم کا نام محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی انتہائی مطلوب دہشت گردوں کی ریڈ بک میں شامل ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزم کی گرفتاری پر سندھ حکومت کی جانب سے 5 لاکھ روپے انعام بھی مقرر ہے۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار دہشت گرد قتل، اقدام قتل، ٹارگٹ کلنگ، دہشت گردی، پولیس مقابلوں اور بھتہ خوری میں ملوث رہا ہے، علاوہ ازیں ملزم اسلحے کی خرید و فروخت میں بھی ملوث ہے۔

    ملزم لیاری گینگ وار پیپلز امن کمیٹی کی سرگرمیوں میں شامل رہا، سنہ 2013 میں ملزم عذیر بلوچ گروپ میں شامل ہوگیا تھا۔

  • خیرپور سے کراچی آ کر وارداتیں کرنے والا خادم لنگڑا گروہ سمیت گرفتار

    خیرپور سے کراچی آ کر وارداتیں کرنے والا خادم لنگڑا گروہ سمیت گرفتار

    کراچی: کراچی کے علاقے بلال کالونی میں پولیس نے 100 سے زائد ڈکیتیوں میں ملوث گروہ کے 3 کارندے گرفتار کر لیے ہیں۔

    ترجمان ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس کے مطابق کارروائی ٹیکنیکل بنیادوں اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے کی گئی ہے، ملزمان نے 100 سے زائد دوکانوں اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں ملوث رہا ہے۔

    پولیس ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں خادم عرف لنگڑا ، اعظم کمانڈو اور نعیم بکک شامل ہیں، خادم عرف لنگڑا گروہ کا سرغنہ ہے اور خیرپور سندھ سے وارداتوں کے لئے کراچی آتا ہے۔

    پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزمان نے بلال کالونی کی حدود میں کرائے پر ایک کوارٹر لیا ہوا تھا جہاں سے یہ نیٹ ورک آپریٹ کررہے تھے، نعیم بکک اور اعظم کمانڈو دیگر ساتھی ملزمان کے ساتھ ملکر اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں کرتے تھے۔

    ترجمان ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزمان دورانِ واردات مزاحمت پر فائرنگ بھی کرتے تھے، ملزمان کوارٹر سے شراب کا نشہ کرکے واردات کرنے نکلتے تھے اور واردات کے بعد واپس کوارٹر میں لوٹے ہوا مال آپس میں بانٹا کرتے تھے۔

    ترجمان پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم خادم لنگڑا اور اعظم کمانڈو چھینے ہوئے موبائل فون اپنے ساتھ لے جاتے اور بلاک موبائل فون سافٹویئر کے ذریعے کھلواکر فروخت کرتے تھے، ملزمان اس سے قبل بھی متعدد بار گرفتار ہوچکے ہیں۔

    پولیس ترجمان نے مزید بتایا کہ دورانِ گرفتاری ملزمان کے قبضے سے 20 سے زائد چھینے ہوئے موبائل فون، 4 عدد ٹی ٹی پسٹل 30 بور لوڈ میگزین 15 راؤنڈز، 12 ہزار روپے نقد اور 1 125 موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے۔

    ترجمان ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔

  • سعودی عرب: سر عام لڑکی کو ہراساں اور حملہ کرنے والے 2 نوجوان گرفتار

    سعودی عرب: سر عام لڑکی کو ہراساں اور حملہ کرنے والے 2 نوجوان گرفتار

    ریاض: سعودی عرب میں سر عام ایک لڑکی کو ہراساں اور اس پر حملہ کرنے والے 2 نوجوانوں کو گرفتار کرلیا گیا، واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔

    العربیہ نیوز کے مطابق سعودی عرب میں عوامی مقام پر لڑکی کو ہراساں کرنے والے 2 افراد کو گرفتار کر لیا گیا، وائرل ہونے والے ایک ویڈیو کلپ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دو نوجوانوں نے ایک لڑکی پر حملہ کیا اور اسے زمین پر گرا دیا۔

    سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے اور صارفین کی تنقید کے بعد ریاض کی الفلج گورنری کی پولیس نے حملہ کرنے والے دونوں افراد کو گرفتار کر لیا۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حملہ آوروں نے الفلج کی ایک گلی میں لڑکی کو دھکا دیا تو وہ زمین پر گر گئی، اس کے بعد نوجوان اسے چھوڑ کر نوجوانوں کے ایک گروپ میں شامل ہوگئے جو اس سارے تماشے کو دیکھ رہے تھے۔

    ویڈیو سے واضح ہوگیا کہ دونوں نوجوان اور وہ لڑکی لوگوں کے ایک بڑے گروپ کا حصہ تھے۔ اس گروپ میں شامل افراد سارا معاملہ دیکھتے رہے مگر انہوں نے ان دو نوجوانوں کی کوئی سرزنش نہیں کی۔

    ویڈیو دیکھ کر سوشل میڈیا پر غم و غصے کی لہر دوڑ گئی اور دونوں نوجوانوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا۔ حکام بھی فوری طور پر حرکت میں آئے اور نوجوانوں کو گرفتار کرلیا۔

  • 2 سال پہلے کی گئی ٹویٹس پر بھارتی اداکار گرفتار

    2 سال پہلے کی گئی ٹویٹس پر بھارتی اداکار گرفتار

    نئی دہلی: معروف بھارتی فلمی ناقد اور بالی وڈ اداکار کمال راشد خان المعروف کے آر کے کو، سنہ 2020 میں کی گئی ٹویٹس پر ممبئی پولیس نے گرفتار کرلیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق کمال راشد کو آنجہانی اداکار رشی کپور اور مرحوم عرفان خان سے متعلق 2020 میں کی گئی متنازعہ ٹویٹس کی وجہ سے ممبئی ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا ہے۔

    کے آر کے کو 30 اگست یعنی آج ہی ممبئی کی مقامی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

    کے آر کے، کے خلاف سیاسی جماعت شیو سینا کے رکن راہول کنال نے ایف آئی آر درج کروائی تھی جس کے بعد اب پولیس کی جانب سے کارروائی کی گئی ہے۔

    ایف آئی آر میں کہا گیا تھا کہ اداکار نے مرحوم اداکاروں کے خلاف ٹویٹس کیں اور نامناسب الفاظ استعمال کیے۔

    واضح رہے کہ کمال راشد فلمی ناقد کے طور پر جانے جاتے ہیں جو آئے دن بالی ووڈ کی معروف شخصیات پر الزام تراشی اور تنقید کرتے نظر آتے ہیں۔

  • کراچی سے انتہائی مطلوب 4 رکنی ڈکیت گروہ گرفتار

    کراچی سے انتہائی مطلوب 4 رکنی ڈکیت گروہ گرفتار

    کراچی : ڈسٹرکٹ سینٹرل بلال کالونی پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے  انتہائی مطلوب چار رکنی ڈکیت گروہ  کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں بلال کالونی پولیس نے اہم کارروائی کی ، کارروائی کے دوران انتہائی مطلوب 4 رکنی ڈکیت گروہ کو گرفتار کرلیا گیا۔

    ایس ایس پی سینٹرل معروف عثمان نے بتایا کہ ملزمان اندرون سندھ اور کراچی کی سینکڑوں تلا توڑ وارداتوں میں ملوث ہیں جن سے 1 کلاشنکوف 4 ٹی ٹی پستول 2 رپیٹر اور تالا کاٹنے کے کٹرز،شہزور ٹرک اور ایک کار برآمد ہوئی ہے

    عثمان معروف کا کہنا تھا کہ ملزمان آئل گودام،جیولری شاپس اورپیٹرول پمپ پر واردات کرتے تھے، ملزمان میں گروہ سرغنہ لیاقت عرف کشمیری عرف استاد، شہزاد، یعقوب عرف بنگالی اورفرحان عرف قصائی شامل ہے۔

    ایس ایس پی سینٹرل نے کہا کہ ملزمان جیولری شاپس دکانوں اور پیٹرول پمپز پر رکھی تجوریاں لوٹنے کے ماہر ہیں اور رات کے آخری پہر واردات کیا کرتے تھے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ملزمان نے 2020 ملیر سعوداباد میں جیولرز کی دکان میں ڈکیتی کے دوران 4 کروڑ کے زیورات لوٹے، 8 ماہ قبل نیو کراچی صرافہ بازار سے 30لاکھ کے زیورات لوٹے اور اورنگی ٹاوٴن سے 20 لاکھ روپے مالیت کے زیورات لوٹنے کا اعتراف کیا۔

    گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج مزید تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔

  • کویت: کلینک میں صفائی کا ملازم، مریضوں کا علاج کرتے ہوئے گرفتار

    کویت: کلینک میں صفائی کا ملازم، مریضوں کا علاج کرتے ہوئے گرفتار

    کویت سٹی: کویت میں ایک نجی طبی مرکز میں کام کرنے والا خاکروب ڈاکٹر کی خدمات سرانجام دیتے ہوئے پکڑا گیا، حکام نے مرکز کو سیل کردیا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق کویتی وزارت صحت کی اسسٹنٹ انڈر سیکریٹری برائے پرائیوٹ میڈیکل سروسز امور ڈاکٹر فاطمہ النجر کا کہنا ہے کہ سالمیہ میں ایک نجی طبی مرکز نے متعدد خلاف ورزیوں کا ارتکاب کیا۔

    سیکریٹری کا کہنا تھا کہ ہیلتھ لائسنسنگ ڈپارٹمنٹ، وزارت صحت کے میڈیسن انسپکشن ڈپارٹمنٹ اور پبلک اتھارٹی برائے افرادی قوت کے ارکان پر مشتمل کمیٹی نے کویت کے گنجان آباد علاقے سالمیہ میں کارروائی کی۔

    انہوں نے بتایا کہ ایک صفائی کارکن جو بغیر لائسنس کے لیزر ڈیوائس چلاتے ہوئے پکڑا گیا تھا جس کی وجہ سے متعلقہ پرائیوٹ میڈیکل سینٹر کو سیل کر دیا گیا ہے۔

    ڈاکٹر النجر کا کہنا تھا کہ ایک ڈاکٹر اور کچھ کارکنوں کو بغیر لائسنس کے کام کرنے پر گرفتار کیا گیا ہے، اس کے علاوہ میعاد ختم ہونے والی ادویات بھی ضبط کی گئی ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ گرفتار کیے گئے تمام افراد کو قانونی کارروائی کے لیے پبلک پراسیکیوشن اور میڈیکل متعلقہ اتھارٹی کے پاس بھیجا جائے گا، انہوں نے وضاحت کی کہ چھاپہ خلاف ورزیوں کے بارے میں رپورٹ موصول ہونے کے بعد کیا گیا تھا۔

  • امریکا میں طویل عرصے سے مقیم میاں بیوی روسی جاسوس نکلے

    امریکا میں طویل عرصے سے مقیم میاں بیوی روسی جاسوس نکلے

    واشنگٹن: امریکا میں کئی سالوں سے جعلی ناموں سے مقیم ایک جوڑے کے بارے میں انکشاف ہوا ہے کہ وہ روسی خفیہ ایجنسی کے جی بی کا ملازم ہے، پولیس نے دونوں کو گرفتار کرلیا۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکا میں کئی دہائیوں سے جعلی ناموں کے ساتھ رہنے والے ایک جوڑے کو گرفتار کیا گیا ہے۔

    جمعے کو گرفتار ہونے والا یہ جوڑا فوت ہو جانے والے بچوں کے چوری کیے گئے ناموں کے ساتھ امریکہ میں مقیم تھا، اس جوڑے پر شناخت کی چوری اور حکومت کے خلاف سازش کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

    والٹر پرائمروز اور ان کی اہلیہ گیوین موریسن دونوں 1955 میں پیدا ہوئے تھے، دستاویزات کے مطابق جوڑے کے گھر کی تلاشی کے دوران روس کی خفیہ ایجنسی کے بی جی کی وردی میں ملبوس جوڑے کی ایک پرانی تصویر سامنے آئی۔

    ایک فیڈرل جج نے جمعرات کو شوہر کے فرار ہو جانے کا خطرے کے پیش نظر اسے مسلسل حراست میں رکھنے کا حکم دیا جبکہ اہلیہ اگلے ہفتے جج کے سامنے پیش ہوں گی۔

    فرد جرم کے مطابق اس جوڑے نے 1970 کی دہائی میں ٹیکسس میں ایک ساتھ تعلیم حاصل کی اور 1980 میں وہیں شادی کی، نامعلوم وجوہات کی بنا پر 1987 میں انہوں نے بابی فورٹ اور جولی مونٹیگ کی شناخت اختیار کی۔

    یہ برسوں پہلے انتقال کر جانے والے بچوں کے نام تھے جو وہاں قریبی قبرستان میں دفن ہیں۔

    اس جوڑے نے 1988 میں فرضی شناخت کے تحت دوبارہ شادی کی، 1994 میں بابی فورٹ کوسٹ گارڈ میں شامل ہوا جہاں اس نے 20 سال تک خدمات انجام دیں، بعد ازاں اس نے محکمہ دفاع کے کنٹریکٹر کے طور پر کام شروع کر دیا۔

    ان برسوں کے دوران اس جوڑے نے اپنی غلط شناخت کے تحت متعدد سرکاری دستاویزات حاصل کیں جن میں ڈرائیونگ لائسنس اور کئی پاسپورٹ شامل ہیں۔

    اگرچہ فرد جرم میں ان پر جاسوسی کا الزام نہیں ہے لیکن ان کی ضمانت کی مخالفت میں دائر کی گئی دستاویز ایک پیچیدہ کیس کی نشاندہی کرتی ہے۔

    وفاقی پراسیکیوٹر کلیئر کونرز نے کہا کہ ایف بی آئی نے جوڑے کے نام خطوط ضبط کیے ہیں جو بوبی، جولی، والٹر یا گیوین کے علاوہ بھی کئی ناموں سے حوالہ دیتے ہیں، وہ متعدد عرفی نام استعمال کر رہے ہیں۔

    کونرز نے کہا کہ موریسن کے ایک رشتہ دار نے ایف بی آئی کے اہلکاروں کو بتایا کہ وہ رومانیہ میں اس وقت مقیم تھی جب وہ کمیونسٹ بلاک کا حصہ تھا۔

    پراسیکیوٹر نے بتایا کہ والٹر پرائمروز کو اپنے تمام غیر ملکی سفروں کی اطلاع دینی تھی لیکن وہ کینیڈا کے اپنے کئی دوروں کے بارے میں بتانے میں ناکام رہا تھا۔

    موریسن کے وکیل میگن کاؤ کا کہنا ہے کہ ان کے مؤکل نے الزامات کی تردید کی ہے۔

  • پنجاب میں درجنوں آپریشنز، 9 دہشت گرد گرفتار

    پنجاب میں درجنوں آپریشنز، 9 دہشت گرد گرفتار

    لاہور: صوبہ پنجاب میں محکمہ انسداد دہشت گردی نے درجنوں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 9 دہشت گرد اور 70 مشتبہ افراد گرفتار کرلیے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران محکمہ انسداد دہشت گردی نے صوبہ پنجاب میں 38 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے، کارروائیوں کے دوران کالعدم تنظیم کے مبینہ 9 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا۔

    مختلف اضلاع کی مقامی پولیس کی مدد سے 452 کومبنگ آپریشنز کیے گئے، آپریشنز کے دوران 15 ہزار 55 افراد کو چیک کیا گیا اور 70 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔

    سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ 40 مشتبہ افراد سے تفتیش کی گئی، 2 ملزمان کو دھماکہ خیز مواد کی چوری پر گرفتار کیا گیا، آپریشن میں ریکوریز کے 7 مقدمات درج کیے گئے۔

    سی ٹی ڈی کے مطابق ملزمان سے 5 کلو دھماکہ خیز مواد، 40 ڈیٹو نیٹرز، 30 فیوز، 5 ہینڈ گرنیڈ، اسلحہ، گولیاں، ممنوعہ مواد اور نقدی برآمد کی گئی۔