Tag: گرفتار

  • نیویارک میں سکھوں پر حملہ کرنے والے 2 افراد گرفتار

    نیویارک میں سکھوں پر حملہ کرنے والے 2 افراد گرفتار

    واشنگٹن: امریکی شہر نیویارک میں سکھوں پر حملہ کرنے کے جرم میں 2 افراد کو گرفتار کیا ہے، ملزمان میں سے ایک کی عمر 19 سال ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق نیویارک پولیس نے شہر میں سکھوں پر دو الگ الگ حملوں کے سلسلے میں دو افراد کو گرفتار کیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ایک 19 سالہ شخص ورنون ڈگلس کو جمعرات کو ایک 70 سالہ شخص پر 3 اپریل کو مبینہ طور پر حملہ کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

    حملے کی تفتیش نیویارک پولیس کی کرائم ٹاسک فورس نے کی تھی اور ڈگلس پر مبینہ طور سے ہیٹ کرائم کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

    پولیس نے منگل کو اسی رچمنڈ ہل کے علاقے میں دو سکھ افراد پر حملے کے فوراً بعد 20 سالہ ہجکیاہ کولمین کو گرفتار کیا تھا، کولمین اور ایک دیگر شخص نے دونوں افراد کی پگڑی اتاری، حملہ کیا اور انہیں لوٹ لیا۔

    دوسرا حملہ ایک احتجاجی مظاہرے کے دو دن بعد ہوا۔ نیویارک کے کئی لیڈرز نے سکھوں پر مبینہ حملوں کی مذمت کی ہے۔

  • کراچی: پولیس اور رینجرز کی کارروائی، بھاری اسلحے کے ساتھ ملزم گرفتار

    کراچی: پولیس اور رینجرز کی کارروائی، بھاری اسلحے کے ساتھ ملزم گرفتار

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں پولیس اور رینجرز نے بھاری مقدار میں اسلحے کے ساتھ ملزم کو گرفتار کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں پولیس اور رینجرز نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 1 ملزم کو گرفتار اور اس سے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کیا ہے۔

    ایس ایس پی ملیر کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم سے ہینڈ گرینیڈ اور بارودی مواد برآمد ہوا ہے جس میں 3 آوان بم، 3 کلو بارودی مواد، ایک ڈیٹونیٹر، پرائما کارڈ شامل، 2 میٹر وائر، بیٹری، 30 بور پستول، 1 لاکھ روپے اور موبائل فون برآمد ہوا ہے۔

    ایس ایس پی کے مطابق ملزم سنہ 1988 میں ایم کیو ایم لندن میں شامل ہوا، ملزم نے سنہ 2008 میں کنسٹرکشن کمپنی رجسٹرڈ کروائی۔

    ملزم نے کنسٹرکشن کمپنی سے رقم متحدہ لندن کے فنڈز میں جمع کروانے کا بھی اعتراف کیا ہے۔

    پولیس کے مطابق ملزم کی نشاندہی پر سرکاری کالج کی زمین سے اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔

  • سونے کے زیورات چھیننے کی درجنوں وارداتیں کرنے والا گروہ گرفتار

    سونے کے زیورات چھیننے کی درجنوں وارداتیں کرنے والا گروہ گرفتار

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں سونے کے زیورات چھیننے کی 100 سے زائد وارداتیں کرنے والا گروہ گرفتار کرلیا گیا، ملزمان ہفتے میں 3 سے 4 وارداتیں کرتے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی اعجاز احمد اور ایس ایس پی فرخ رضا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ سونے کے زیورات چھیننے کی 100 سے زائد وارداتیں کرنے والا گروہ گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ گروہ کا سرغنہ جبران، اور دیگر ملزمان انیس اور وقاص کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ملزمان اسلحے کے زور پر خواتین سے سونے کے زیورات چھینتے تھے۔

    ایس ایس پی اعجاز احمد نے بتایا کہ ملزمان کراچی کے مختلف علاقوں میں وارداتیں کرتے تھے، ملزمان نے کلفٹن اور گذری کے علاقوں میں بھی وارداتیں کیں، گرفتار ملزمان کو مختلف سی سی ٹی وی فوٹیجز میں دیکھا جا سکتا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ ملزمان 2 سال سے وارداتیں کر رہے تھے اور ہفتے میں 3 سے 4 وارداتیں کرتے تھے، ملزمان نے مجموعی طور پر 100 سے زائد وارداتیں کیں۔

    اعجاز احمد کا کہنا تھا کہ مرکزی ملزم ساؤتھ افریقہ میں رہا ہے، ملزمان سے سونا خریدنے والے سنار کو بھی گرفتار کریں گے۔

  • پہلی بیوی کی اجازت کے بغیر دوسری شادی کرنے والا شخص جیل پہنچ گیا

    پہلی بیوی کی اجازت کے بغیر دوسری شادی کرنے والا شخص جیل پہنچ گیا

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں پہلی بیوی کی اجازت کے بغیر دوسری شادی کرنے والا شخص جیل پہنچ گیا، پولیس نے احاطہ عدالت سے گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم نے شہری غلام حسین کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔

    درخواست گزار کے وکیل کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ ان کے مؤکل غلام حسین نے پہلی بیوی نیلم امتیاز کی اجازت کے بغیر کلثوم بی بی سے شادی کی، جس پر پہلی بیوی نے مقدمہ درج کروا دیا۔

    بعد ازاں سول کورٹ نے 5 لاکھ روپے جرمانہ اور 6 ماہ قید کی سزا سنائی۔

    وکیل کا کہنا تھا کہ سیشن کورٹ نے اپیل خارج کرتے ہوئے ماتحت عدالت کا فیصلہ برقرار رکھا، ہائیکورٹ سے استدعا ہے کہ سیشن کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے عبوری ضمانت منظور کی جائے۔

    عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ملزم کی عبوری ضمانت خارج کردی، جس کے بعد پولیس نے ملزم کو حراست میں لے کر تھانہ پرانی انار کلی منتقل کر دیا۔

  • کراچی میں افغان گینگ کا ملزم گرفتار

    کراچی میں افغان گینگ کا ملزم گرفتار

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں افغان گینگ کے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا، ملزم ساتھیوں کے ساتھ گاڑیوں کے شیشے توڑ کر لوٹ مار کرتا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق گزری پولیس نے افغان گینگ کے خلاف کارروائی کی، ایس ایس پی ساؤتھ زبیر نذیر کا کہنا ہے کہ گاڑیوں کے شیشے توڑ کر لوٹ مار کرنے والا ملزم پکڑا گیا، ملزم کو سی سی ٹی وی کی مدد سے گرفتار کیا۔

    ایس ایس پی ساؤتھ کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم افغانی شہریت رکھتا ہے، گرفتار ملزم ساتھیوں سمیت اپنی گاڑی میں وارداتیں کرتا تھا، ملزم کی گاڑی سے کئی لیپ ٹاپ اور لوٹا ہوا سامان برآمد ہوا۔

    زبیر نذیر کے مطابق ملزم کو لٹنے والے 2 شہریوں نے بھی شناخت کرلیا، ملزم کے دیگر ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔

  • پنجاب میں درجنوں کارروائیاں، کئی مبینہ دہشت گرد گرفتار

    پنجاب میں درجنوں کارروائیاں، کئی مبینہ دہشت گرد گرفتار

    لاہور: صوبہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں درجنوں کارروائیاں کی گئیں جن کے دوران 6 مبینہ دہشت گرد گرفتار کر لیے گئے، ملزمان کا تعلق مختلف کالعدم جماعتوں سے ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں 29 کارروائیاں کی گئیں، کارروائیوں کے دوران 6 مبینہ دہشت گرد گرفتار کر لیے گئے۔

    ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ ملزمان سے بھاری مقدار میں بارودی مواد برآمد کیا گیا۔

    ترجمان کے مطابق ملزمان کو صوبے کے مختلف شہروں سے گرفتار کیا گیا، ملزمان کا تعلق مختلف کالعدم جماعتوں سے ہے۔

  • شہباز شریف جعلی اکاؤنٹس کیس: ایم سی بی کے نائب صدر عاصم سوری گرفتار

    شہباز شریف جعلی اکاؤنٹس کیس: ایم سی بی کے نائب صدر عاصم سوری گرفتار

    لاہور: وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے خلاف جعلی اکاؤنٹس کیس میں ایم سی بی کے نائب صدر عاصم سوری کو گرفتار کرلیا جبکہ گروپ ہیڈ اظہر محمود کی گرفتاری کے لیے بھی ٹیمیں روانہ کردی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے خلاف جعلی اکاؤنٹس کیس میں اہم کارروائی کرتے ہوئے ایم سی بی کے نائب صدر اور ہیڈ آف کمپلائنس عاصم سوری کو گرفتار کرلیا۔

    ذرائع ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ایم سی بی کے گروپ ہیڈ اظہر محمود کی گرفتاری کے لیے بھی ٹیمیں روانہ کردی گئی ہیں۔

    ذرائع کے مطابق اظہر محمود ایف آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر کے عہدے سے ریٹائرڈ ہوئے تھے، اظہر محمود ایف آئی اے کی اندرونی باتیں نکال کر میاں منشا کو دیتے تھے۔

    ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اظہر محمود میاں منشا کے خاص آدمی ہیں۔

    یاد رہے کہ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز رمضان شوگر ملز اور العربیہ شوگر ملز کے ذریعے 25 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کے مقدمے کا سامنا کر رہے ہیں، دونوں اس وقت ضمانت پر ہیں۔

    ایف آئی اے کی تحقیق کے مطابق شہباز شریف اور ان کے صاحبزادوں نے چپڑاسی، کلرک، کیشیئرز اور مینیجرز کے نام پرمنی لانڈرنگ کی، منی لانڈرنگ میں شوگر ملز ہی کے 20 ملازمین کے بینک اکاؤنٹس استعمال کیے گئے۔

    ذرائع کے مطابق نقد رقوم سلمان شہباز کے دفتر پہنچائی جاتی تھیں جس کے بعد سلمان شہباز کے دفتر سے تمام رقم ہنڈی اور حوالے کے ذریعے بیرون ملک بھیج دی جاتی تھی۔

  • سانحہ مہران ٹاؤن : فیکٹری مالک اور منیجر کو  گرفتار کرلیا گیا

    سانحہ مہران ٹاؤن : فیکٹری مالک اور منیجر کو گرفتار کرلیا گیا

    کراچی : پولیس نے سانحہ مہران ٹاؤن فیکٹری سے متعلق کیس میں فیکٹری مالک اور منیجر کی ضمانت مسترد ہونے کے بعد دونوں کوگرفتار کرلیا جب کہ مکان مالک طارق فیصل پولیس کو چکمہ دیکر فرار ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کی ڈسٹرکٹ اینڈسیشن کورٹ میں سانحہ مہران ٹاؤن فیکٹری سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی ، عدالت نے مقدمے میں نامزد فیکٹری مالکان اور منیجر کی درخواست ضمانت مسترد کردی ، ملزمان میں مکان مالک طارق فیصل، فیکٹری مالک علی حسن اور منیجر عمران زیدی شامل ہیں۔

    عدالت کی جانب سے ضمانت مسترد ہونے کے بعد مکان مالک طارق فیصل پولیس کو چکمہ دیکر فرار ہوگیا ، ملزم طارق فیصل ججز کے لئے مختص راستےسےسٹی کورٹ سے فرار ہوئے۔

    پولیس نے فیکٹری مالک اور منیجر کو گرفتار کرلیا ، جس کے بعد پولیس فیکٹری مالک حسن مہتا اور منیجر عمران زیدی کو سٹی کورٹ سے لیکر روانہ ہوگئی۔

    گذشتہ سماعت میں مقامی عدالت نے فیکٹری مالکان کی ضمانت میں 7ستمبر تک توسیع کی تھی ، تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ فیکٹری مالک برطانوی شہری ہے، فرار ہو جائیں گے۔

    یاد رہے کہ کراچی کے علاقے مہران ٹاؤن میں چمڑا رنگنے کی فیکٹری میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی تھی جس میں فیکٹری کے 16 ملازمین جاں بحق ہوگئے تھے، بعد ازاں پولیس نے مقدمہ درج کر کے فیکٹری کے چوکیدار، مینیجر اور سپر وائزر کو حراست میں لے لیا تھا۔

  • نور مقدم قتل کیس: ملزم ظاہر جعفر کے والدین بھی گرفتار

    نور مقدم قتل کیس: ملزم ظاہر جعفر کے والدین بھی گرفتار

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سابق سفارتکار کی بیٹی نور مقدم کا لرزہ خیز قتل کرنے والے ملزم ظاہر جعفر کے والدین کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد پولیس نے ملزم ظاہر جعفر کی والدہ عصمت آدم اور والد ذاکر جعفر کو بھی گرفتار کرلیا، پولیس نے مقتولہ نور مقدم کے والد شوکت مقدم کا تفصیلی بیان ریکارڈ کیا جس کی روشنی میں ملزم کے والدین کو شامل تفتیش کرلیا گیا۔

    ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقت نے بھی اپنے ٹویٹ میں اس کی تصدیق کی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ 2 گھریلو ملازمین سمیت دیگر افراد کو بھی شامل تفتیش کرلیا گیا ہے، ملازمین کو شواہد چھپانے اور اعانت جرم کے الزامات پر گرفتار کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ عید کی رات وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے سیکٹر ایف سیون سے ایک سربریدہ لاش ملی تھی، جسے سابق سفیر شوکت مقدم کی 27 سالہ بیٹی نور مقدم کے نام سے شناخت کیا گیا۔

    پولیس کے مطابق ملزم ظاہر جعفر نے نور کو تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کیا بعد ازاں اس کا سر دھڑ سے الگ کردیا۔

    پوسٹ مارٹم رپورٹ میں کہا گیا کہ مقتولہ کی موت دماغ کو آکسیجن سپلائی بند ہونے سے ہوئی، مقتولہ کے جسم پر تشدد کے متعدد نشانات بھی پائے گئے۔

    ملزم ظاہر جعفر کو گرفتار کیا گیا جس کے بعد پولیس نے تصدیق کی کہ جرم کے وقت ملزم نشے میں نہیں تھا جبکہ دماغی طور پر بھی وہ بالکل صحت مند ہے، مقامی عدالت نے قاتل کے جسمانی ریمانڈ میں 2 دن کی توسیع کرتے ہوئے مزید تفتیش کے لیے پولیس کے حوالے کردیا ہے۔

  • ڈینٹل کلینک میں ڈکیتی کے لیے آنے والے چور نے مریض کے دانتوں پر ہاتھ صاف کردیا

    ڈینٹل کلینک میں ڈکیتی کے لیے آنے والے چور نے مریض کے دانتوں پر ہاتھ صاف کردیا

    مریکا میں ایک ڈینٹل کلینک پر ڈکیتی کے لیے آنے والی خاتون کو جب کچھ نہ ملا تو انہوں نے مریض کی دانتوں کی سرجری کر ڈالی اور اس کے 13 دانت نکال دیے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق واقعہ ریاست نواڈا میں پیش آیا، لورل ایچ نامی خاتون اس سے قبل ایک ڈینٹل کلینک میں کام کرچکی تھیں لیکن ان کے پاس اس کا لائسنس نہیں تھا۔

    جب وہ مذکورہ کلینک میں ڈکیتی کے لیے داخل ہوئیں تو انہیں پتہ چلا کہ کلینک میں پہلے ہی نقب لگ چکی ہے اور تمام نقد رقم غائب ہے، انہیں اور کچھ نہ سوجھا تو انہوں نے وہاں موجود مریض پر ہاتھ صاف کر ڈالے اور اس کے دانتوں کی سرجری کر کے 13 دانت نکال دیے۔

    بعد ازاں پولیس کلینک میں ڈکیتی کی تفتیش کرنے پہنچی۔ نامعلوم چور 32 ہزار ڈالرز کی رقم اور چیکس لے کر فرار ہوچکا تھا۔ کلینک کی ایک کھڑکی کا شیشہ اور لاکرز ٹوٹے ہوئے تھے۔

    پولیس کی تفتیش نے انہیں لورل ایچ تک پہنچایا جو وہاں ڈکیتی کی منصوبہ بندی کر رہی تھی لیکن اپنے منصوبے میں ناکام رہی۔

    پولیس نے ڈکیتی کرنے والے چور کی تلاش شروع کردی جبکہ ایچ پر ڈکیتی کی منصوبہ بندی اور بغیر لائسنس سرجری کرنے کا مقدمہ دائر کردیا۔