Tag: گرفتار

  • کراچی: بھتہ خور گروہ کا انتہائی مطلوب کارندہ گرفتار

    کراچی: بھتہ خور گروہ کا انتہائی مطلوب کارندہ گرفتار

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں بھتہ خور گروہ کا انتہائی مطلوب کارندہ ناصر گرفتار کرلیا گیا، ملزم نے تاجر کو بھتہ نہ دینے پر جان سے مارنے اور بیٹے کو اغوا کرنے کی دھمکی دی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کی جس میں بھتہ خور گروہ کا انتہائی مطلوب کارندہ ناصر گرفتار کرلیا گیا۔

    ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم نے 14 جون کو تیسر ٹاؤن کے تاجر سے بھتہ مانگا تھا، بھتہ نہ دینے پر جان سے مارنے اور بیٹے کو اغوا کرنے کی دھمکی دی گئی تھی۔

    ترجمان کے مطابق تاجر نے رینجرز ہیلپ لائن پر اطلاع دی جس کے بعد ملزم کو گرفتار کیا گیا، ملزم کو قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

  • بھارتی پولیس کی مسلمان دشمنی، مسلمان ملزم نہ ملنے پر حاملہ اہلیہ کو گرفتار کرلیا

    بھارتی پولیس کی مسلمان دشمنی، مسلمان ملزم نہ ملنے پر حاملہ اہلیہ کو گرفتار کرلیا

    نئی دہلی: بھارت میں پولیس نے اخلاقیات کی حدیں پار کردیں، ایک مقدمے میں نامزد مسلمان ملزم جب ہاتھ نہیں آیا تو اس کی حاملہ بیوی کو گرفتار کر کے جیل لے جایا گیا جہاں وہ اگلے دو روز تک بند رہی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست اتر پردیش کے شہر رامپور میں پیش آیا، نامزد ملزم کے بھائی دین محمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس کے بھائی کو کسی مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے۔

    دین محمد کے مطابق گزشتہ روز پولیس جب اس کے بھائی کو گرفتار کرنے اس کے گھر پہنچی تو وہ موجود نہیں تھا جس کے بعد رامپور پولیس اس کی 7 ماہ کی حاملہ بھابھی آسیہ کو حراست میں لے کر تھانے پہنچ گئی۔

    معاملے کی خبریں میڈیا پر آئیں تو مقامی سیاسی رہنماؤں نے سخت غم و غصے کا اظہار کیا، عام آدمی پارٹی کے صوبائی نائب صدر فیصل خاں لالہ کا کہنا ہے کہ پولیس کی جانب سے اس قسم کا رویہ قابل مذمت ہے، انہوں نے کہا کہ رامپور پولیس بتائے کہ وہ کس قانون کی بنیاد پر ملزم نہ ملنے پر اس کی اہلیہ کو گرفتار کر سکتی ہے۔

    انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آسیہ 7 ماہ کی حاملہ ہے اور پولیس اس کو گزشتہ شب سے اپنی حراست میں رکھے ہوئے ہے، وہ اس معاملے کو لے کر اعلیٰ افسران کے پاس جا رہے ہیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق رامپور میں پولیس کی جانب سے مسلمان خاتون کی اس قسم کی گرفتاری کا ایک ہفتے کے اندر یہ دوسرا واقعہ ہے۔

    کچھ دن قبل رامپور کے علاقے ڈونگر پور میں بھی پولیس جب ملزم کو پکڑنے میں ناکام رہی تو پولیس ٹیم ملزم کی اہلیہ اور اس کی 3 ماہ کی معصوم بیٹی کو اپنے ساتھ تھانے لے آئی اور دونوں کو رات بھر تھانے میں رکھا۔

  • سشانت سنگھ کا ایک اور قریبی دوست گرفتار

    سشانت سنگھ کا ایک اور قریبی دوست گرفتار

    نئی دہلی: گزشتہ سال خودکشی کرنے والے بھارتی اداکار سشانت سنگھ راجپوت کے قریبی دوست کو گرفتار کرلیا گیا، دوست پر منشیات خریدنے اور سشانت سنگھ کو فراہم کرنے کا الزام ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق آنجہانی اداکار سشانت سنگھ کے قریبی دوست سدھارتھ پٹانی کو منشیات کیس میں گرفتار کیا گیا ہے، نارکوٹکس کنٹرول بیورو(این سی بی) نے حیدر آباد سے سدھارتھ پٹانی کو گرفتار کیا جس کے بعد انہیں ممبئی لایا گیا۔

    این سی بی نے سدھارتھ پر منشیات خریدنے اور آنجہانی اداکار سشانت سنگھ کو فراہم کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔

    این سی بی نے عدالت کو بتایا کہ سدھارتھ پٹانی کے خلاف سشانت سنگھ منشیات کیس میں ٹھوس ثبوت و شواہد موجود ہیں، عدالت نے ملزم کو یکم جون تک جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے۔

    یاد رہے کہ آنجہانی اداکار سشانت سنگھ نے گزشتہ سال اپنے کمرے میں پنکھے سے لٹک کر مبینہ طور پر خودکشی کرلی تھی، اس وقت ان کے گھر میں 4 افراد موجود تھے جن میں سدھارتھ پٹانی بھی شامل تھے۔

  • دھوکے سے 30 لاکھ ڈالر لوٹنے والا بھارتی شہری امریکا میں گرفتار

    دھوکے سے 30 لاکھ ڈالر لوٹنے والا بھارتی شہری امریکا میں گرفتار

    نئی دہلی: امریکا میں مقیم ایک بھارتی شخص نے امریکی شہریوں سے دھوکا دہی کر کے 30 لاکھ ڈالر کی رقم وصول کی تاہم جلد ہی وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی گرفت میں آگیا اور اسے 3 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق مذکورہ شخص کا تعلق بھارتی ریاست ہریانہ سے تھا، 29 سالہ ساحل نارنگ مئی کو 2019 میں امریکا میں گرفتار کیا گیا تھا جس کے بعد اب اسے 3 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

    عدالتی دستاویزات کے مطابق نارنگ امریکی شہریوں خصوصاً بزرگ شہریوں کو دھوکا دینے کے لیے آن لائن ٹیلی مارکیٹنگ اسکیموں کا اہم حصہ تھا۔ قائم مقام امریکی اٹارنی رچرڈ بی مائرے نے کہا کہ نارنگ نے گزشتہ سال دسمبر میں اپنے جرم کا اعتراف کیا تھا۔

    بدھ کے روز نارنگ کو 36 ماہ کے لیے وفاقی جیل بھیج دیا گیا، اس کے بعد اس کی 3 سال تک نگرانی کی جائے گی۔

    عدالت میں پیش کردہ معلومات کے مطابق نارنگ نے اپنی اسکیموں کے ذریعے ہزاروں لوگوں کے ساتھ دھوکا دہی کی اور اس دوران تقریباً 15 لاکھ سے 30 لاکھ ڈالر تک کی رقم حاصل کی۔

    ایف بی آئی کے مطابق 9 ماہ کی مدت میں نارنگ نے روزانہ تقریباً 70 سے زائد فون کالز مراکز کو منتقل کیں اور ایک اندازے کے مطابق اس کی جعلی اسکیمیں 30 فیصد تک کامیاب رہیں۔

  • پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث انتہائی مطلوب دہشت گرد گرفتار

    پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث انتہائی مطلوب دہشت گرد گرفتار

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں محکمہ انسداد دہشت گردی نے کارروائی کرتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ لندن کے انتہائی مطلوب دہشت گرد کو گرفتار کرلیا، ملزم پولیس اہلکاروں سمیت دیگر شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ انسداد دہشت گردی انویسٹی گیشن نے انٹیلی جنس بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے ایم کیو ایم لندن کے انتہائی مطلوب دہشت گرد خواجہ فیصل کو گرفتار کرلیا۔

    سی ٹی ڈی کا کہنا تھا کہ خواجہ فیصل ٹارگٹ کلنگ کی متعدد واردارتوں میں ملوث ہے، ملزم نے سنہ 2005 میں گلبرگ کے علاقے میں پولیس پر حملہ کیا۔ حملے میں اے ایس آئی اقبال نیازی اور ایک شہری جاں بحق ہوئے۔

    سی ٹی ڈی کے مطابق ملزم کی کلنگ ٹیم میں ذاکر، عرفان سندھی، ابو عرفان، یامین اور آصف بڈھا نامی ملزمان شامل تھے۔ ٹیم نے سنہ 2010 میں رسالہ تھانے کی حدود میں 2 مخالفین کو قتل کیا۔

    سنہ 2008 میں ڈی ایس پی رحیم بنگش شہید کیس میں ملزم کا چالان ہوا، بعد ازاں ایس پی جیل امان اللہ شہادت کیس میں بھی ملزم کا چالان ہوا۔

    سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ ملزم ایس ایچ او بریگیڈ ناصر الحسن شہادت کیس میں بھی ملوث تھا، ڈی ایس پی نواز رانجھا کیس میں بھی ملزم پولیس کو ملوث تھا۔

    کارروائی کے دوران ملزم سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے جس کا فارنزک کروایا جا رہا ہے، سی ٹی ڈی کی مزید بھی تفتیش جاری ہے۔

  • منشیات رکھنے والے امریکی شخص نے خود ہی پولیس کو اپنے گھر بلا لیا

    منشیات رکھنے والے امریکی شخص نے خود ہی پولیس کو اپنے گھر بلا لیا

    امریکا میں ایک شخص نے پولیس کو فون کر کے جعلی ڈکیتی رپورٹ کی تاہم پولیس نے اس کے گھر سے بھاری مقدار میں منشیات اور نقد رقم برآمد کرلی۔

    امریکی ریاست ایریزونا میں 42 سال جون ہربسن نے پولیس کو کال کی اور کہا کہ ان کے گھر کی کھڑکی ٹوٹی ہوئی ہے اور کسی نے ان کے گھر میں نقب لگائی ہے۔

    پولیس موقع پر پہنچی تو جون نے دروازہ کھول دیا اور انہیں اندر داخل ہونے کی دعوت دی۔ تاہم پولیس نے دیکھا کہ وہاں نقب زنی کے کوئی آثار موجود نہیں تھے۔

    بعد ازاں پولیس نے گھر سے بھاری مقدار میں منشیات اور نقد رقم برآمد کرلی، رقم کی مالیت 4 ہزار ڈالرز سے زائد تھی۔

    پولیس نے مذکورہ شخص کو حراست میں لے کر جیل منتقل کردیا۔

  • کراچی سے  ایس آر اے کا مبینہ دہشت گرد گرفتار،  دوران تفتیش اہم انکشافات

    کراچی سے ایس آر اے کا مبینہ دہشت گرد گرفتار، دوران تفتیش اہم انکشافات

    کراچی:سی ٹی ڈی اور وفاقی حساس ادارے نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ایس آر اے کے مبینہ دہشت گرد کو گرفتار کرلیا اور اس کے قبضے سے ہینڈ گرنیڈ برآمد کرلئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں سی ٹی ڈی اور وفاقی حساس ادارے نے مشترکہ کارروائی کی ، جس کے دوران یونیورسٹی روڈ موسمیات چورنگی سے ایس آر اے کے مبینہ دہشت گرد کو گرفتار کرلیا ، ملزم سجادعرف ببلو سندھ ریولوشنری آرمی کاتربیت یافتہ دہشت گرد ہے جبکہ اس کے قبضے سے ہینڈ گرنیڈ برآمد کرلئے۔

    سی ٹی ڈی نے کہا ملزم نے دوران تفتیش انکشافات کرتے ہوئے بتایا کہ 19جون2020 کو ملزم نے لیاقت آباد میں رینجرز گاڑی پر حملے میں معاونت کی ، حملے میں ایک شخص جاں بحق ، رینجرز اہلکار سمیت 7افراد زخمی ہوئےتھے۔

    ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا تھا کہ 8جولائی 2020کو ملزم نے ریٹائرڈ رینجرزافسرکی دکان پر حملہ کیا، حملے میں ریٹائرڈ رینجرز اہلکار جاں بحق ہواتھا، ملزم نے14  اگست کو قیادت کے احکامات پر چائنیز وین پرحملے کی منصوبہ بندی کی۔

    ملزم نے انکشاف کیا نیاز لاشاری کی ہلاکت کے بعد قیادت نے بدلہ لینے کے احکامات دیئے جبکہ ملزم اور اسکے ساتھی جاوید منگریو کی بشیر شر سے محمد  خان گوٹھ میں ملاقات ہوئی ، جہاں ایئرپورٹ کے قریب ملیر کینٹ پر رینجرز چیک پوسٹ پرحملہ کا منصوبہ بنایاگیا، جاوید منگریو کی جانب سے دستی بم فراہم نہ کرنے سے حملہ ملتوی کیاگیا۔

    گرفتار ملزم نے بتایا کہ 3روز بعد لیاقت آباد میں رینجرز کی موبائل پر ہینڈ گرنیڈ سےحملہ کیا اور 11اگست2020کو غازی گوٹھ میں کارروائی کی منصوبہ بندی کی، ساتھیوں کے ہمراہ مبینہ ٹاؤن پولیس اسٹیشن پر حملے کا منصوبہ بنایا تاہم سیکیورٹی سخت ہونےکی وجہ سے کارروائی ترک کرناپڑی۔

    ملزم نے مزید انکشاف کیا کہ یونیورسٹی روڈ اور جوہر کمپلیکس پر آزادی اسٹال پرحملےکی منصوبہ بندی کی لیکن فیملیز اور بچوں کی وجہ سے حملے کا ارادہ  ترک کیا، کراچی میں جشن آزادی کی ریلیوں پر حملوں کی منصوبہ بندی کی، سجاد شاہ عرف سوڈھوکی ہدایت پرایس آر اے ٹیموں کوہدایت کی گئی۔

    گرفتار ملزم  کا کہنا تھا کہ ہدایت  ملی14اگست پر ریلیوں میں دستی بم، بوتل بم ،فائرنگ کرنی ہے تاہم بڑے پیمانے پر ہلاکتوں کی منصوبہ بندی کی مگر ساتھیوں  کی گرفتاری سے کام نہ ہوسکا۔

  • سعودی عرب: ڈیڑھ لاکھ ریال کی چوریاں کرنے والا گروہ گرفتار

    سعودی عرب: ڈیڑھ لاکھ ریال کی چوریاں کرنے والا گروہ گرفتار

    ریاض: سعودی عرب میں پونے 2 لاکھ ریال کی چوریاں کرنے والے گروہ کو گرفتار کرلیا گیا، گرفتار ملزمان میں سے 5 افراد کا تعلق یمن سے ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کے شہر مکہ مکرمہ پولیس نے ایک غیر ملکی کارکن کو لوٹنے اور 5 تجارتی مراکز میں چوری کی وارداتیں کرنے والے 6 افراد کو گرفتارکیا ہے۔

    گرفتار افراد میں سے ایک سعودی شہری اور 5 یمنی تارکین وطن ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ لوٹ مار اور چوری کی وارداتیں کرنے والے گروہ میں شامل افراد نے اقبال جرم کرلیا ہے۔

    پولیس کے مطابق ملزمان نے 1 لاکھ 80 ہزار ریال مالیت سے زیادہ کا سامان چوری کیا، دوران حراست انہوں نے مسروقہ سامان چھپانے کے مقام کی بھی نشاندہی کی۔

    پولیس نے مزید بتایا کہ ملزمان کو حراست میں لے کر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور پبلک پراسیکیوشن کو تمام معلومات سے آگاہ کردیا گیا ہے۔

  • پشاور: نیو ایئر نائٹ پر خوفناک ماسک پہن کر شہریوں کو ڈرانے والا شخص گرفتار

    پشاور: نیو ایئر نائٹ پر خوفناک ماسک پہن کر شہریوں کو ڈرانے والا شخص گرفتار

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور میں بلا کا روپ دھار کر لوگوں کو ڈرانے والے شخص کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور میں نیو ایئر نائٹ پر بلا کا ماسک پہن کر شہریوں کو ڈرانے والے شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار شخص علاقے شاہ قبول میں بلا کا روپ دھار کر خوف و ہراس پھیلا رہا تھا، پولیس نے ملزم کو رات گئے گرفتار کر کے حوالات میں بند کر دیا۔

    دوسری جانب صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں بھی ہوائی فائرنگ کرنے والے 8 افراد کو گرفتار کیا گیا۔

    ترجمان کراچی پولیس کا کہنا تھا کہ ہوائی فائرنگ سے متعلق کراچی پولیس کے جاری کردہ واٹس ایپ نمبر 03435142770 پر 22 شکایات موصول ہوئیں۔

    ہوائی فائرنگ سے خاتون سمیت 4 فراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا تھا۔ کراچی میں ون ویلنگ کرنے والے 8 موٹر سائیکل سواروں کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔

  • برطانوی اسپتال میں نوزائیدہ بچوں کی پے در پے اموات، پولیس چکرا کر رہ گئی

    برطانوی اسپتال میں نوزائیدہ بچوں کی پے در پے اموات، پولیس چکرا کر رہ گئی

    لندن: برطانیہ کے ایک اسپتال میں نوزائیدہ بچوں کی پے در پے اموات کے بعد وارڈ کی ایک نرس کو گرفتار کرلیا گیا، تاحال پولیس اس نرس کے خلاف شواہد ڈھونڈنے میں ناکام رہی ہے۔

    برطانیہ کے کاؤنٹیس چیسٹر اسپتال میں مارچ 2015 سے جولائی 2016 کے درمیان 17 نوزائیدہ بچوں کی اموات ہوئیں جبکہ 16 بچوں کی حالت اتنی تشویشناک ہوئی کہ وہ مرتے مرتے بچے۔

    پولیس نے اسپتال کے نوزائیدہ یونٹ میں کام کرنے والی 30 سالہ نرس کو گرفتار کرلیا تھا، پولیس نے 2 دن تک نرس کو حوالات میں رکھ کر اس سے تفتیش کی جبکہ اس دوران اس کے گھر کی بھی تلاشی لی گئی تاہم وہ کچھ بھی تلاش کرنے میں ناکام رہے۔

    3 سال بعد بھی اس واقعے کی تحقیقات کا کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوسکا جس کے بعد اب پولیس نے ایک بار پھر اس نرس کو گرفتار کیا ہے۔

    اس عرصے میں رائل کالج آف پیڈیا ٹرکس سے بھی ماہرین کی ٹیم کو بلوایا گیا اور بچوں کی اموات کی وجوہات جاننے کی کوشش کی گئی، جس میں ناکامی کے بعد پولیس نے قتل اور اقدام قتل کا مفروضہ قائم کرتے ہوئے تیسری بار نرس کو گرفتار کیا ہے۔

    30 سالہ نرس کے ساتھیوں کا کہنا ہے کہ وہ بہت پیشہ وارانہ انداز میں اپنی ذمہ داریاں انجام دیتی رہی ہے اور وہ اس ملازمت سے نہایت خوش تھی۔

    ان کے مطابق اس کی شخصیت ایسی ہے کہ وہ کسی مکھی کو بھی نہ مار سکے، کجا کہ متعدد نوزائیدہ بچوں کو مار ڈالے جو اپنا دفاع بھی نہیں کر سکتے۔

    نرس کے پڑوسی بھی واقعے کے بارے میں جان کر پریشان ہیں، ایک پڑوسی کا کہنا ہے کہ وہ بچپن سے اسے جانتے ہیں، اور بڑی ہونے کے بعد وہ نہایت نرم دل اور خوش مزاج شخصیت ثابت ہوئی، وہ اس کی گرفتاری کا سن کر سخت حیران ہیں۔

    پولیس واقعے کی تہہ تک پہنچنے کے لیے سر توڑ کوششیں کر رہی ہے، اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وہ اس ضمن میں حکام کے ساتھ مکمل تعاون کر رہے ہیں۔