Tag: گرفتار

  • لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر 2 ٹیکسٹائل فیکٹریاں بند، مالکان گرفتار

    لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر 2 ٹیکسٹائل فیکٹریاں بند، مالکان گرفتار

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں 2 ٹیکسٹائل فیکٹریوں کو لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے پر بند کروا دیا گیا، دونوں فیکٹریوں کے مالکان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل انسپکٹر جنرل (آئی جی) غلام نبی میمن نے ایس ایس یو ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا، اس دوران انہوں نے کہا کہ آج سے ہم نے سختی بڑھائی، کئی شہریوں کو گرفتار بھی کیا، مجموعی صورتحال کافی بہتر ہے۔

    ایڈیشنل آئی جی کا کہنا تھا کہ کل سے سختی میں مزید اضافہ کریں گے، حکومت سندھ کے احکامات پر عمل کروا رہے ہیں۔ حکام کرونا وائرس پر مستقبل کے لیے ایس او پی بنا رہے ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر 2 ٹیکسٹائل مالکان کو گرفتار کیا ہے، ایک ٹیکسٹائل مل کی انتظامیہ کے چند افراد کو بھی گرفتار کیا۔

    مذکورہ فیکٹریوں کو کچھ دیر قبل بند کروایا گیا تھا، ایس ایس پی ملیر علی رضا کے مطابق دونوں فیکٹریز میں کئی روز سے پابندی کے باوجود کام چل رہا تھا، ایک فیکٹری کا مینیجر ملیر پولیس نے چند روز پہلے گرفتار کیا تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ فیکٹری مالکان کے معاملے پر بااثر مالکان کی جانب سے دباؤ ڈالا جارہا ہے۔

    دوسری جانب شہر کے مختلف فیکٹری مالکان نے ملازمین کو نوٹس جاری کرنا شروع کردیے ہیں، نوٹس میں کہا گیا ہے کہ فیکٹری کھلنے کی اجازت ملنے پر صرف ضروری اسٹاف کو بلایا جائے گا۔

    نوٹس کے مطابق بقایا ملازمین بغیر تنخواہ کے چھٹی پر رہیں گے۔ فیکٹری مالکان کا کہنا ہے کہ جون 2020 میں صورتحال دیکھ کر مستقبل کا فیصلہ کیا جائے گا۔

  • سعودی عرب: غذائی قلت کی افواہ پھیلانے والا غیر ملکی شخص گرفتار

    سعودی عرب: غذائی قلت کی افواہ پھیلانے والا غیر ملکی شخص گرفتار

    ریاض: سعودی عرب میں گمراہ کن ویڈیو بنا کر غذائی قلت کی افواہ پھیلانے والے غیر ملکی شخص کو گرفتار کرلیا گیا، مذکورہ شخص پر سائبر کرائم کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق مشرقی ریجن پولیس نے غذائی بحران کی افواہ پھیلانے والے ایک غیر ملکی کو گرفتار کر لیا ہے، مذکورہ شخص نے ایک سپر مارکیٹ میں جا کے ویڈیو بنائی اور دعویٰ کیا کہ دکانوں میں غذائی اشیا کی قلت ہے جس کے باعث بحران پیدا ہونے والا ہے۔

    مشرقی ریجن پولیس کے ترجمان بریگیڈیئر زیاد الرقیطی کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر غذائی بحران کا دعویٰ کرنے والے شخص کا سراغ لگا لیا گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پولیس کی متعلقہ ٹیم نے اس کی شناخت کرلی اور اسے گرفتار کر لیا، مذکورہ شخص ایک یمنی تارک وطن ہے جس کی عمر 30 سال کے لگ بھگ ہے۔

    ترجمان کے مطابق گرفتار شدہ شخص نے سوشل میڈیا پر افواہ پھیلانے، لوگوں کو گمراہ کرنے، غذائی قلت اور بحران کا بے بنیاد دعوی کیا تھا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ مذکورہ شخص پر سائبر کرائم کی دفعات لاگو ہوتی ہیں، ضابطے کی کارروائی کے بعد اسے متعلقہ محکمے کے حوالے کر دیا جائے گا۔

  • لاک ڈاؤن کے دوران شادی، دلہا دلہن گرفتار

    لاک ڈاؤن کے دوران شادی، دلہا دلہن گرفتار

    نئی دہلی: بھارتی ریاست اتراکھنڈ میں لاک ڈاؤن کے دوران شادی کی تقریب منعقد کرنے پر پولیس نے دلہا دلہن سمیت درجنوں افراد کو گرفتار کرلیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق کرونا وائرس کو روکنے کے لیے ملک بھر میں 14 اپریل تک لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا ہے اور اس کی پابندی کے لیے انتظامیہ سختی سے پیش آرہی ہے، اس کے باوجود لاک ڈاؤن کی خلاف ورزیاں جاری ہیں۔

    اتراکھنڈ میں بھی لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شادی کی تقریب منعقد کی گئی جس میں درجنوں افراد نے شرکت کی۔

    اس موقع پر پولیس نے مداخلت کرتے ہوئے فوری کارروائی کی اور دلہا، دلہن اور درجنوں مہمانوں کو گرفتار کرلیا، تمام افراد کے خلاف سی آر پی سی اور دفعہ 188 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

    گرفتار افراد میں دلہا کے والد اور گردوارہ کے انچارج بھی شامل ہیں جہاں پر شادی منعقد ہورہی تھی۔

    خیال رہے کہ بھارت میں کرونا وائرس کے اب تک 3 ہزار 82 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 86 ہوگئی ہے۔

  • وزیراعلیٰ سندھ کا ایس بی سی اے کے 28 افسران کوگرفتار کرنے کاحکم

    وزیراعلیٰ سندھ کا ایس بی سی اے کے 28 افسران کوگرفتار کرنے کاحکم

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے 28 افسران کوگرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے تبادلوں پر ایس بی سی اے افسران کی جانب سے آفس پر دھاوا بولنے والے 28 افسران کو گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی سندھ مشتاق مہر کو حکم دیا کہ افسران کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کیا جائے، گرفتاریاں کر کے مجھے فوری طور پر اطلاع دے یں۔

    مراد علی شاہ نے وزیربلدیات کو ہدایت کی کہ فوری ایس بی سی اے میں اپنا دفتر قائم کریں، ہم کسی کوغنڈہ گردی کی اجازت نہیں دے سکتے۔

    سپریم کورٹ آف پاکسان کے حکم پر عمل کرتے ہوئے حکومت سندھ نے ایک حکم نامے کے ذریعے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے 28 افسران کو بدعنوانی کے الزام میں معطل کیا تھا۔

    حکومت کی جانب سے معطل کیے جانے والے افسران نے گزشتہ روز ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل کے دفتر میں دھاوا بولا تھا۔ بعدازاں ایس بی سی اے انتظامیہ نے پولیس طلب جس کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو گھیرے میں لے لیا جس پر احتجاج کرنے والے افراد موقع سے غائب ہوگئے تھے۔

  • معروف خاتون ماڈل نے منشیات کا کالا دھندا شروع کردیا

    معروف خاتون ماڈل نے منشیات کا کالا دھندا شروع کردیا

    منیلا: فلپائن میں منشیات فروشی اور اسمگلنگ کے الزام میں خاتون سابقہ ماڈل گرفتار ہوگئی۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق 24 سالہ چارلینا نامی ماڈل مقبول ترین میگزین ’ایف ایم ایچ‘ کے لیے ماڈلنگ اور فوٹو شوٹ کرتی تھی جسے پولیس نے ڈرگ فروخت کرنے کے الزام میں کرفتار کیا ہے۔

    انسداد منشیات کے حوالے سے قائم کیے گئے ادارے کی جانب سے کامیاب کارروائی کی گئی جس کے نتیجے میں ملزمہ کی گرفتار عمل میں آئی، ماڈل صوبہ ریزائل سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں منشیات کا دھندا کرتی تھی۔

    ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ منیلا میں خاتون سمیت اس کے ایک ساتھی کو رنگے ہاتھوں گھر سے گرفتار کیا گیا جن کے قبضے سے 1 ہزار پاؤنڈ مالیت کی منشیات برآمد ہوئی، اس دوران ڈرگ استعمال کیے جانے والے آلات بھی برآمد ہوئے ہیں۔

    متعلقہ ادارے کے مطابق خاتون نے 2013 میں ایف ایم ایچ کے لیے ماڈلنگ کی جس کے بعد ذاتی وجوہات کی بنیاد پر ادارہ اور ماڈلنگ سے راہیں جدا کرلیں، ملزمہ کے خلاف مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    دریں اثنا ایک اور کارروائی کے نتیجے میں ملزمہ کا ڈرگ سپلایئر بھی گرفتار ہوا جس کے قبضے سے تقریباً 5 پاؤنڈ مالیت کی منشیات برآمد ہوئی ہے۔

  • لڑکے سے بات کرنے کے شبے میں کم عمر لڑکی پر تشدد، بال کاٹ دیے گئے

    لڑکے سے بات کرنے کے شبے میں کم عمر لڑکی پر تشدد، بال کاٹ دیے گئے

    نئی دہلی: بھارت میں ایک نوعمر لڑکی کو ایک لڑکے سے بات کرنے کے شبے میں تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور اس کے بال کاٹ دیے گئے، پولیس نے 3 افراد کو گرفتار کرلیا۔

    مذکورہ واقعہ بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے علاقے علی راج پور میں پیش آیا، پولیس کا کہنا ہے کہ ایک نو عمر لڑکی پر، ایک لڑکے سے فون پر بات کرنے کے شبے میں تشدد کیا گیا جبکہ اس کے بال بھی کاٹ دیے گئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ جیسے ہی انہیں اس واقعے کی اطلاع ملی انہوں نے فوراً کیس رجسٹر کیا اور 3 افراد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔

    پولیس کے سب ڈویژنل افسر کے مطابق واقعے میں لڑکی کے خاندان کے ہی کچھ افراد ملوث تھے جنہوں نے نو عمر لڑکی کو چھڑیوں سے تشدد کا نشانہ بنایا اور بعد ازاں اس کے بال کاٹ دیے۔

    خیال رہے کہ بھارت میں خواتین کے خلاف جرائم کا سلسلہ طویل ہوتا جارہا ہے، گزشتہ روز ہی بھارتی ریاست حیدر آباد میں ایک شخص نے محبت ٹھکرانے پر کم عمر لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنایا اور اسے زندہ جلا دیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکی کا جسم 50 فیصد جھلس گیا ہے تاہم وہ خطرے سے باہر ہے۔

    پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب لڑکی گھر میں اکیلی تھی، ملزم نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اسے ہوس کا نشانہ بنایا اور گھر سے گھسیٹ کر جھاڑیوں میں لے کر جلا دیا۔

    پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا ہے جبکہ ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے بھی مارے جارہے ہیں۔

  • سعودی عرب میں دکانیں لوٹنے والے پاکستانی کا برا انجام

    سعودی عرب میں دکانیں لوٹنے والے پاکستانی کا برا انجام

    ریاض: سعودی پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے چوری کے الزام میں 2 افراد کو گرفتار کرلیا۔

    عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق گرفتار ملزمان میں ایک پاکستانی شامل ہے۔ دونوں پر الزام ہے کہ انہوں نے سعودی دارالحکومت ریاض میں کئی دکانوں کا صفایا کیا۔

    ریاض پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے ریاض کے مختلف علاقوں میں تقریباً آٹھ سے زائد دکانوں کو لوٹا۔ پولیس کی جانب سے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی تھی جس کے باعث یہ گرفتاری عمل میں آئی۔ گرفتار ملزمان کی عمریں 30 اور 40 سال کے درمیان ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ان کے قبضے سے وارداتوں میں استعمال ہونے والے اوزار بھی برآمد ہوئے ہیں۔

    سعودی عرب: ڈاکوؤں نے اے ٹی ایم کو دھماکے سے اڑا دیا، لاکھوں ریال چوری

    خیال رہے کہ رواں سال جنوری میں سعودی عرب کی مقامی پولیس نے مختلف گھروں اور دکانوں میں مجموعی طور پر 13 لاکھ ریال کا سامان چوری کرنے والے تین رکنی گروہ کو گرفتار کیا تھا۔

    واضح رہے کہ حال ہی میں چوروں نے اے ٹی ایم کو دھماکے سے اڑا کر لاکھوں ریال چوری کرلیے تھے۔

  • تیل سے بھرا ٹرک لوٹنے کا مقدمہ،  سابق  رکن قومی اسمبلی جمشیددستی گرفتار

    تیل سے بھرا ٹرک لوٹنے کا مقدمہ، سابق رکن قومی اسمبلی جمشیددستی گرفتار

    ملتان : سابق رکن قومی اسمبلی جمشیددستی کو گرفتار کرلیاگیا ، جمشیددستی پرآئل ٹینکرعملےکواغوااورتیل چوری کامقدمہ درج ہے اور مقدمے میں ان  کے 2سابق گن مین پولیس اہلکار اور 5دیگرساتھی نامزد ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سابق رکن قومی اسمبلی جمشیددستی ملتان سےگرفتار کرلیا گیا ، مظفرگڑھ پولیس نےجمشید دستی اور ان کے ساتھیوں کو گیلانی ہاؤس کےقریب سےگرفتارکیا، جمشیددستی پرآئل ٹینکرعملےکواغوااورتیل چوری کامقدمہ درج ہے اور مقدمے میں  جمشیددستی کے2سابق گن مین پولیس اہلکار اور 5 دیگر ساتھی نامزدہیں۔

    یاد رہے چند روز قبل پولیس نے عوامی راج پارٹی کے چیئرمین جمشید دستی کے خلاف تیل سے بھرے ٹرک لوٹنے پر دوسرا مقدمہ درج کرتے ہوئے ان کے 2 ساتھیوں سمیت دو پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرلیا تھا۔

    مزید پڑھیں : آسمان کھا گیا یا زمین نگل گئی، جمشید دستی کی گرفتاری میں پولیس ناکام

    پولیس کا کہنا تھا جمشید دستی کئی روز سے روپوش ہیں جبکہ موبائل فون بھی بند ہے، ان کی گرفتاری کے لیے پولیس چھاپے مار رہی ہے۔

    پولیس کے مطابق سابق یوسی چیئرمین ملک اجمل اور تاجر رہنما ملک عابد گرفتار ہیں جبکہ اہلکار فرخ شہزاد نے ساتھی اہلکاروں کے ساتھ آئل ٹینکر سے تیل لوٹا، گرفتار اہلکار فرخ شہزاد اور جمشید دستی کا گن مین رہ چکا ہے۔

    واضح رہے گزشتہ سال اکتوبر میں جمشید دستی کی ایک اور جعلی ڈگری پکڑی گئی تھی، اسلامیہ یونی ورسٹی بہاولپور نے سال 2017 میں بی اے کی حاصل کردہ ڈگری انٹر میڈیٹ کی سند کی تصدیق نہ ہونے کے سبب منسوخ کردی تھی۔

    خیال رہے کہ 2018 میں عوامی راج پارٹی کے چیئرمین جمشید دستی نے اپنے حلقے میں فری بس سروس شروع کر رکھی تھی، تاہم عام انتخابات ہارنے کے بعد یہ سروس بند کر دی گئی تھی۔

  • سعودی عرب میں خواتین کے بال کاٹنے والے حجام گرفتار کر لیے گئے

    سعودی عرب میں خواتین کے بال کاٹنے والے حجام گرفتار کر لیے گئے

    ریاض: سعودی عرب میں خواتین کے بال کاٹنے والے حجاموں کو گرفتار کرلیا گیا، مذکورہ عمل کی نشاندہی سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو کے ذریعے ہوئی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق ریاض پولیس نے مردانہ سیلون میں خواتین کے بال کاٹنے والے مرد حجاموں کو گرفتار کر لیا ہے، سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دکھایا گیا تھا کہ مرادنہ باربر شاپ میں خواتین مرد حجاموں سے بال کٹوا رہی ہیں۔

    ویڈیو کے ذریعے نشاندہی ہونے کے بعد مردانہ سیلون پر کام کرنے والے تمام حجاموں کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔

    سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہوتے ہی لوگوں کی بڑی تعداد نے اس کے خلاف آواز بلند کی اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ اس طرح کے رحجان کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔

    لوگوں کا کہنا تھا کہ اس قسم کے رجحانات کی یہاں قطعی گنجائش نہیں ہے، ایسے اقدامات ہماری حیا و شرم کو مجروح کرنے کا باعث بنیں گے جبکہ یہ عام قانون کی بھی صریح خلاف ورزی ہے۔

    مذکورہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد لوگوں نے یہ تاثر بھی دینا شروع کر دیا تھا کہ مرادنہ سیلونز پر اب خواتین باربر بھی رکھی جائیں گی تاہم بلدیہ کی جانب سے فوری وضاحت کی گئی کہ مرادنہ سلیونز میں خواتین باربرز کی تعیناتی کا کوئی ارادہ نہیں۔

  • سعودی عرب میں گرفتار پاکستانی خاتون کی 4 سالہ بچی کو وطن واپس بھیجنے کی اجازت

    سعودی عرب میں گرفتار پاکستانی خاتون کی 4 سالہ بچی کو وطن واپس بھیجنے کی اجازت

    اسلام آباد: ہیروئن اسمگلنگ کے جرم میں سعودی عرب میں گرفتار سوات کی خاتون کی 4 سالہ بچی آج پاکستان پہنچا دی جائے گی، خاتون کو عمر قید یا سزائے موت سنائے جانے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سوات کی رہائشی خاتون رانی بی بی کو ہیروئن اسمگلنگ کی کوشش میں سعودی عرب میں گرفتار کرلیا گیا تھا اور انہیں جدہ میں عمر قید یا سزائے موت سنائے جانے کا امکان ہے۔

    رانی بی بی مئی 2019 میں 4 سالہ بچی کے ہمراہ جدہ روانہ ہوئی تھیں، سعودی حکام نے جدہ ائیرپورٹ پر ہیروئن بھرے کیپسول برآمد ہونے پر انہیں گرفتار کیا تھا۔

    وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر معاون خصوصی زلفی بخاری اور وزارت اوور سیز نے سعودی حکام سے رابطے کیے جس کے بعد 4 سالہ ایمان کو سعودی عرب سے پاکستان لانے کی اجازت مل گئی۔

    ماں کو جیل بھیجے جانے کے بعد ایمان کو سوشل پروٹیکشن ڈپارٹمنٹ منتقل کردیا گیا تھا۔ اب ننھی ایمان کی جدہ کی جیل میں ماں سے الوداعی ملاقات کروا دی گئی اور اسے پاکستانی حکام کے حوالے کر دیا گیا۔

    ایمان آج رات 9 بجے جدہ سے پاکستان پہنچے گی۔ ایمان کو پشاور ائیرپورٹ پر اس کے انکل کے حوالے کیا جائے گا۔

    معاون خصوصی زلفی بخاری نے حکام کو بچی کی مکمل دیکھ بھال، تعلیمی ضروریات کی تکمیل اور بہتر ماحول فراہم کرنے کی ہدایت کردی ہے۔