Tag: گرفتار

  • غیر اخلاقی ویڈیو چیٹ پر سعودی نوجوان گرفتار

    غیر اخلاقی ویڈیو چیٹ پر سعودی نوجوان گرفتار

    ریاض: سعودی عرب کے دارالحکومت میں مقیم ابوسن نامی بچے کو امریکی خاتون بلاگر کرسٹینا کروکیٹ کے ساتھ غیر اخلاقی آن لائن ویڈیو چیٹ کے الزام میں پولیس نے گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کچھ ماہ قبل سوشل میڈیا پر ایک آن لائن ویڈیو چیٹ منظر عام پر آئی جس میں 19 سالہ ابو سن نامی لڑکے کو امریکی بلاگر کے ساتھ گفتگو کرتے دکھایا گیا تھا، جس میں 21 سالہ امریکی خاتون اور سعودی نوجوان ایک دوسرے سے محبت کا اظہار کررہے تھے۔

    سعودی لڑکے کی مزاحیہ ویڈیو چیٹ کے بعد صارفین کی بہت بڑی تعداد نے اُس سے گفتگو کی خواہش ظاہر کی، ابو سن کی مزاحیہ باتیں عرب دنیا کے عوام کو متاثر کرنے میں کامیاب رہیں۔ لائیو براڈکاسٹنگ کی ویب سائٹ پر ویڈیو چیٹ کرتے ہوئے صارفین کی بہت بڑی تعداد اس بات چیت کو سننے کے لیے جمع ہوجاتی تھی اور اس سے خوب لطف اندوز ہوتے تھے۔

    سعودی نوجوان کو روزانہ کی بنیاد پر امریکی لڑکیوں سےٹوٹی پھوٹی انگریزی میں بات کرتے ہوئے دیکھ کر سماجی رابطے کی ویب سائٹ استعمال کرنے والے صارفین بہت محظوظ ہوتے نظر آتے تھے تاہم اس کے مداحوں میں دن بہ دن اضافہ بھی دیکھنے میں آرہا تھا۔

    saudi-1

    ریاض کی مقامی پولیس نے سعودی نوجوان کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’ابو سن کی ویڈیوز نوجوانوں کے ذہن میں غلط اور منفی رجحانات پیدا کرنے کا سبب بن رہیں تھیں جس کی کئی افراد نے شکایات بھی درج کروائیں‘‘۔

    پولیس نے ابو سن کی گرفتاری کے حوالے سے مزید بتایا کہ ’’نوجوان کو اُس وقت گرفتار کیاگیا تھا جب وہ کویتی نوجوان کے ساتھ ویڈیو چیٹ میں مصروف تھا، ملزم کی گرفتار ی کے وقت اُس کے دو دوست اُس کے ہمراہ موجود تھے تاہم انہیں ابتدائی تفتیش کے بعد چھوڑ دیا گیا ہے‘‘۔

  • برلنگٹن شاپنگ مال میں فائرنگ کرنے والاحملہ آورگرفتار

    برلنگٹن شاپنگ مال میں فائرنگ کرنے والاحملہ آورگرفتار

    واشنگٹن: مریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن کے علاقے برلنگٹن کے کیس کیڈ شاپنگ مال میں فائرنگ کرکے پانچ افراد کو موت کے گھاٹ اتارنے والے مشبتہ حملہ آور کو گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کےمطابق واشنگٹن پولیس کے ترجمان مارک فرانسس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پرٹوئٹر پر واشنگٹن میں فائرنگ کرنے والے حملہ آور کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔

    ایف آئی کے مطابق ملزم کا بظاہر دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں ہےتاہم ابھی تک حملہ آور کے بارے میں تفصیلات جاری نہیں کی گئی۔

    مزید پڑھیں:واشنگٹن کے شاپنگ مال میں فائرنگ،5افراد ہلاک

    یاد رہے کہ کہ گزشتہ روز امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن کے علاقے برلنگٹن کے کیس کیڈ شاپنگ مال میں نامعلوم شخص کی فائرنگ سے5 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا۔

    واضح رہےکہ اس سے قبل مشتبہ شخص کی تلاش کے دوران حکام نے اسے ہسپانوی نڑاد قرار دیا تھا۔

  • پاکستانی ایجنٹ ہونے کا الزام، بھارت میں ایک اور کبوتر گرفتار

    پاکستانی ایجنٹ ہونے کا الزام، بھارت میں ایک اور کبوتر گرفتار

     

    ممبئی: بھارتی پنجاب کے شہر ہوشیار پور میں پولیس نے ایک کبوتر کو پکڑلیا اور اسے پاکستانی ایجنٹ قرار دے دیا۔

    جنگی جنون میں مبتلا بھارت ایک بار پھر پرندے سے خوفزدہ ہو گیا اور امن کی علامت کبوتر کو پاکستانی ایجنٹ قرار دے دیا، بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ کبوتر کے پروں پر اردو لکھی ہوئی ہے۔


    جاسوسی کا الزام ، بھارت میں کبوتر گرفتار


    بھارتی پولیس نے گاؤں ہوشیار پور سے اردو مہر والے کبوتر کو پاکستانی قرار دے کر گرفتار کر لیا ہے، جس کا ایکسرے بھی کرایا گیا کبوتر کے جسم کے اندر کہیں کسی قسم کی کمپیوٹرائزڈ خفیہ چپ تو موجود نہیں۔

    hoshiarpur-india-harpreet-pigeon-photo-inscription-feathers_53409d9a-8189-11e6-b856-2be417b599e5

    واضح رہے کہ پچھلے برس بھی بھارتی فوج نے ایک پاکستانی کبوتر کو پکڑ کر اسے دہشت گرد قرار دیا تھا جس پر پوری دنیا میں بھارت کی خوب جگ ہنسائی ہوئی تھی ۔

    آج بھی ہوشیار پور کی مقامی پولیس نے ایک کبوتر پکڑا ہے جس کے پروں پر ہفتے کے دنوں کے نام لکھے ہوئےہیں۔

  • بلوچستان سےکالعدم تنظیموں کے 7’کارکنان‘ گرفتار

    بلوچستان سےکالعدم تنظیموں کے 7’کارکنان‘ گرفتار

    کوئٹہ :بلوچستان کے ضلع چاغی سے سرکاری حکام نے کالعدم شدت پسند تنظیموں سے تعلق کے شبے میں سات افراد کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کےمطابق کوئٹہ میں سرکاری ذرائع کے مطابق یہ کارروائی چاغی میں پاک افغان سرحدی علاقے میں کی گئی۔ذرائع کا کہنا تھا کہ یہ لوگ اس علاقے میں ایک کمپاؤنڈ میں تھے جہاں حساس اداروں اور سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے مشترکہ کاروائی کی۔

    حساس اداروں کی کارروائی کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور ان افراد نے ہتھیار ڈال دیے۔ذرائع کے مطابق ان افراد کا تعلق کالعدم شدت پسند تنظیم سے ہے اور ان سے لٹریچر اور دیگر تخریبی مواد بھی برآمد کیا گیا ہے۔

    ضلع چاغی کی شمال میں افغانستان جبکہ مغرب میں ایران سے سرحد لگتی ہے۔اس سے قبل ضلع چاغی سے متصل ضلع نوشکی سے بھی سرکاری حکام نے ایک ایسی کارروائی میں چھ افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

    بلوچستان کے وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی نے ان چھ افراد کی گرفتاری کے بعد ایک پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ ان افراد کا تعلق القاعدہ اور داعش سے تھا۔

    مزید پڑھیں: بلوچستان کے وزیربلدیات کا مغوی بیٹا بازیاب

    واضح رہے دو روز قبل بلوچستان کےصوبائی وزیر بلدیات سردار مصطفیٰ خان ترین کے مغوی بیٹے اسد ترین کو افغانستان سے متصل بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ کے علاقے دو لنگی سے بازیاب کرایا گیا تھا۔

  • چرچ میں پوکے مون گیم کھلینے پر روسی بلاگر گرفتار

    چرچ میں پوکے مون گیم کھلینے پر روسی بلاگر گرفتار

    ماسکو: روس میں ایک بلاگر کو چرچ میں اپنے سمارٹ فون پر پوکےمون گو گیم کھیلنے کے جرم میں گرفتار کر کے جیل بھیج دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق روس کے شہر یکیٹرنبرگ کی مقامی عدالت نے کہا کہ چرچ میں پوکےمون گو گیم کھیلنے والے شخص نے رہائی کے لیے درخواست دائر کی ہے۔

    روسی پولیس نے 21 سالہ روسی بلاگر روسلن سوکولوسکی کو اس وقت گرفتار کیا جب انہوں نے آرتھوڈاکس چرچ میں پوکےمون گیم کھیلتے ہوئے اپنی ویڈیو بنائی۔

    روسلن سوکولوسکی پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے مذہبی عقائد کا مذاق اڑایا ہے۔

    مزید پڑھیں: مقبول ترین موبائل ویڈیو گیم ’پوکی مون گو‘ کھیلنا حرام قرار

     پوکےمون گو میں لوگ اپنے اسمارٹ فون کی کیمرا ایپ کی مدد سے اصل دنیا میں چھپے پوکیمون کے غیرحقیقی کردار ڈھونڈنے کی کوشش کرتے ہیں.یہ گیم دنیا بھر میں نے پناہ مقبولیت حاصل کر چکی ہے۔

    مزید پڑھیں: ایران نے پوکے مون گو گیم کھیلنے پر پابندی لگادی

    تحقیق کارروں اور چرچ اہلکاروں نے کہا ہےکہ روسلن سوکولوسکی کو چرچ میں ویڈیو بنانے پرگرفتار کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ جولائی میں روسی ٹی وی پر پوکےمون گو گیم کھیلنے والوں کو خبردار کیا گیا تھا کہ چرچ میں گیم کھیلنے کی صورت میں وہ تین سال کے لیے جیل جا سکتے ہیں۔

  • اے آر وائی حملہ، متحدہ کی 3 خواتین ضمانت پر رہا

    اے آر وائی حملہ، متحدہ کی 3 خواتین ضمانت پر رہا

    کراچی: اے آر وائی نیوز پر حملہ کرنے والی تین خواتین کا ضمانت پر رہا ہونے کے بعد متحدہ کی جانب سے ان کا والہانہ استقبال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیوایم کی گرفتار تین خواتین ضمانت پر رہا کردی گئیں، خواتین جیل سے رہا ہونے پر ایم کیو ایم کے عارضی دفتر گھانچی ہال پی آئی بی پہنچیں تو ان کا پرتپاک استقبال ہوا اور پھولوں کی پتیاں نچھاورکی گئیں۔

    استقبال کرنے والوں میں ایم کیو ایم پاکستان کے اہم رہنما عامر خان ، خواجہ اظہار الحسن سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے نعرے لگا کر استقبال کیا۔

    تینوں خواتین کو 22 اگست کو اے آر وائی نیوز پرحملے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا، ایم کیو ایم کے بانی کی تقریرکے بعد کارکنوں نے حملہ کیا تھا۔

    ایم کیو ایم کی گرفتار خواتین کی گذشتہ روز ضمانت ہوگئی تھی لیکن سیونگ سرٹیفکیٹ کی تصدیق نہ ہونے کی وجہ سے انہیں رہائی آج ملی۔

     

    اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنما خواجہ اظہار الحسن کا کہنا تھا کہ خواتین کارکنان کی گرفتاری تکلیف دہ لمحات تھے، گرفتار خواتین کارکنان کو دیکھ کر دکھ ہوا، ایم کیو ایم 22 اگست کے نقصان کا ازالہ کررہی ہے۔

    ایم کیو ایم رہنما کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کو جتنا دیوار سے لگایا جائے گا وہ اتنی قوت سے ابھرے گی، بینرز لگانے والوں کی نشاندہی کی ذمے داری قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ہے۔

  • بھارتی وزیرجنسی زیادتی کے الزام میں گرفتار

    بھارتی وزیرجنسی زیادتی کے الزام میں گرفتار

    دہلی : بھارتی دارالحکومت دہلی میں پولیس نےعام آدمی پارٹی کے سابق وزیر برائے خواتین اور بچوں کی بہبود سندیپ کمار کو جنسی زیادتی کا الزام لگنے کے بعدگرفتار کر لیا.

    تفصیلات کے مطابق تین روز قبل ایک مبینہ ٹیپ منظر عام پر آنے کے بعد سندیپ کمار کو ان کے عہدے سے برطرف کر دیا گیا ہے.اس ویڈیو میں انہیں ایک خاتون کے ساتھ مبینہ طور پردیکھا جاسکتا تھا.

    ویڈیو میں نظر آنے والی خاتون کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ تقریباً ایک برس قبل کا ہے اور یہ ویڈیو ان کے علم کے بغیر بنائی گئی ہے.اس خاتون نے اب سابق وزیر پر زیادتی کا الزام لگایا ہے.

    دوسری جانب سندیپ کمار کا کہنا ہے کہ وہ کسی قسم کی غلط حرکت نہیں کی ہے اور مبینہ ویڈیو جعلی ہے.

    انہوں نے کہا کہ جس سی ڈی کے حوالے سے انہیں برطرف کیا گیا ہے اس میں وہ نہیں ہیں. یہ تفتیش کا معاملہ ہے اور میرا میڈیا ٹرائل کیا جارہا ہے.

    دہلی میں اس وقت عام آدمی پارٹی کی حکومت کا کہنا ہے کہ وہ اسکینڈل یا بدعنوانی کو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کرے گی.

    اس سے قبل دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کا کہنا تھا کہ ان کو سندیپ کمار کی ایک ’قابل اعتراض‘ سی ڈی موصول ہوئی تھی اور کمار کو عہدے سے ہٹا دیا گیا.

    واضح رہے کہ عام آدمی پارٹی کی دہلی میں حکومت ہے اور وہ اس جماعت کے ایسے دوسرے وزیر ہیں جن کو عہدے سے برطرف کیا گیا.گذشتہ سال وزیر خوراک کو رشوت لینے کے الزام میں برطرف کیا گیا تھا.

  • امریکی گلوکار کرس براؤن خاتون پر حملے کے الزام میں گرفتار

    امریکی گلوکار کرس براؤن خاتون پر حملے کے الزام میں گرفتار

    لاس اینجلس : امریکی شہر لاس اینجلس کی پولیس نےخاتون کی شکایت پرگلوکار کرس براؤن کو دھمکانے کے شک میں گرفتار کر لیا.

    تفصیلات کے مطابق ملکہ حسن بیلی کرن کا کہنا ہےکہ وہ کر س براؤن کے دوست کی جیولری کی تعریف کر رہی تھیں جب براؤن نے ان کے چہرے پر پستول تان دی.

    ملکہ حسن بیلی کرن کی جانب سے ایمرجنسی کال موصول ہونے پر پولیس براؤن کے مکان پہنچی،اس وقت تک بیلی کرن پارٹی سے جا چکی تھیں.

    انہوں نے بتایا کہ وہ براؤن کے ایک دوست کے ہیرے کے نیکلس کی تعریف کر رہی تھیں جب وہ شخص غصے میں آ گیا.

    پولیس کافی دیر تک کرس براؤن کو حراست میں لینے کے لیے ان کے مکان کے باہر موجود رہی اور آخر کار کرس براؤن نے اپنے آپ کو پولیس کے حوالے کر دیا.

    واضح رہے کہ کرس براؤن کو پہلے بھی تشدد کرنے پر سزائیں ہو چکی ہیں،2009 میں انہوں نے اپنی گرل فرینڈ ریانا پر تشدد کیا تھا جس کے بعد کرس نے خود کشی کرنے کے بارے میں بھی سوچا تھا.

  • کراچی :گلشن اور صدر کے علاقوں سے دو بھارتی شہری گرفتار

    کراچی :گلشن اور صدر کے علاقوں سے دو بھارتی شہری گرفتار

    کراچی : شہر قائد کے مختلف علاقوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائیاں کرتے ہوئے دو بھارتی شہریوں کو گرفتار کرلیا گیا۔

    پولیس ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے داروں نے گلشن اور صدر کے علاقوں میں کارروائیوں کے دوران دو بھارتی باشندوں کو گرفتار کیا جن کا تعلق گجرات سے تھا۔

    Two Indian citizens arrested from Karachi by arynews

    گرفتار بھارتی شہری کراچی میں گذشتہ 8 سال سے غیر قانونی طور پر رہائش پذیر تھے، گرفتار بھارتی باشندوں کی شناخت وسیم اور حسن کے ناموں سے ہوئی ہے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتارافراد سے مزید پوچھ گچھ کی جارہی ہے ۔

    ٹھٹہ سے گرفتار بھارتی ایجنٹ صدام حسین کے انکشافات

    اس سے قبل کئی بھارتی ایجنٹوں کی گرفتاری عمل میں لائی جاچکی ہے چند ماہ قبل بھی بھارتی ایجنسی را کے ایجنٹ صدام حسین عرف روشن ماچھی کو گرفتار کیا جاچکا ہے ، دوران تفتیش بھارتی ایجنٹ کا کہنا تھا کہ میں مچھیرے کے روپ میں بھارتی ایجنٹ اور سہولت کار تھا۔

     

     

  • کوئٹہ میں غیر قانونی طور پر مقیم،350افغانی گرفتار

    کوئٹہ میں غیر قانونی طور پر مقیم،350افغانی گرفتار

    کوئٹہ : بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں سیکورٹی فورسز نے قانونی دستاویزات کے بغیر پاکستان میں مقیم 350 افغان شہریوں کو گرفتار کرلیا.

    تفصیلات کےمطابق فرنٹیئر کور کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایف سی نےکوئٹہ کے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر افغان شہریوں کو حراست میں لیا.

    ترجمان کا کہنا ہے کہ جن افغان شہریوں کوگرفتار کیا گیا وہ کاروبار وغیرہ کے سلسلے میں یہاں کسی قانونی دستاویز کے بغیر مقیم تھے.ان افغان باشندوں کو افغانستان واپس بھیجنے کے لیے ایف آئی اے کے حوالے کردیا گیا ہے.

    درایں اثناء کوئٹہ شہر کے مشرقی بائی پاس کے علاقے میں عبد اللہ بن زبیر کے نام سےمدرسے کو بھی سیل کردیا گیا ہے.

    *چمن سے افغان انٹلی جنس ایجنٹ گرفتار، بھاری اسلحہ برآمد

    سرکاری حکام کے مطابق اس مدرسے کو سیل کرنے کے علاوہ اس سے سو کے قریب افغان شہریوں کو بھی گرفتار کیا گیا تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ مدرسے سے گرفتار ہونے والے لوگ ان ساڑھے تین سو افراد میں شامل ہیں یا نہیں ہیں.

    *کراچی پولیس کی کارروائی،6 افغان باشندوں سمیت 20 ملزمان گرفتار

    ذرائع کےمطابق رواں سال اب تک غیر قانونی طور پر بلوچستان میں مقیم ایک ہزار سے زائد افغان باشندوں کو گرفتار کرکے واپس ان کے ملک بھیجا گیا ہے.

    واضح رہے کہ کوئٹہ شہر اور بلوچستان کے دیگر علاقوں میں افغان شہریوں کے خلاف گذشتہ دو سال سے کارروائیوں میں تیزی آئی ہے لیکن یہ پہلا موقع ہے کہ سرکاری حکام کی جانب سے اتنی بڑی تعداد میں افغان شہریوں کی گرفتاری ظاہر کی گئی.