Tag: گرلڈ سینڈوچ

  • برگر اور بن کباب میں درحقیقت کیا فرق ہے؟

    برگر اور بن کباب میں درحقیقت کیا فرق ہے؟

    برگر دنیا کا مشہور ترین کھانا ہے جس کی کئی اقسام بازاروں میں دستیاب ہیں جن میں چکن، بیف اور زنگر برگر زیادہ رغبت سے کھائے جاتے ہیں جبکہ اس کے برعکس عام بازاروں میں دستیاب بن کباب کی اہمیت سے بھی انکار نہیں کیا جاسکتا۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں خاتون شیف ثمرین جنید نے برگر اور بن کباب کی اقسام اور ان کی افادیت کے بارے میں تفصیلی گفتگو کی اور اسے بنانے کا طریقہ بھی بیان کیا۔

    انہوں نے کہا کہ شہر کی سڑکوں کے کنارے ٹھیلوں اور دکانوں پر ملنے والے ’’بن کباب‘‘ اس فاسٹ فوڈ ’’برگر‘‘ سے تھوڑے سے مختلف ہوتے ہیں، حالانکہ ان کا ذائقہ بھی اپنی مثال آپ ہوتا ہے جن میں دیسی اشیاء استعمال کی جاتی ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ برگر اور دیگر فاسٹ فوڈ اجزاء میں اکثر نمک چینی اور پروسیسڈ کیمیکلز شامل کیے جاتے ہیں جن کا تعلق صحت کے مسائل جیسے موٹاپا، ذیابیطس اور دیگر بیماریوں سے بھی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ان دونوں میں بنیادی فرق یہ ہوتا ہے کہ برگرز میں چکن، بیف اور زنگر اور دیگر شامل ہیں ان کے اندر چیز اور مایونیز اور کیچپ سمیت ساسز ڈالے جاتے ہیں جبکہ بن کباب میں دیسی اسٹائل سے بنی ہوئی چٹنی اور پیاز کا استعمال کیا جاتا ہے۔

     مزیدار ’گرلڈ سینڈوچ‘ بنانے کا طریقہ

     اس موقع پر انہوں نے مزیدار ’گرلڈ سینڈوچ‘ بنانے کا طریقہ بھی بتایا جس کے اجزاء میں ڈبل روٹی کے پیس، چکن قیمہ، ادرک، لہسن، سیاہ مرچ ، نمک اور کیچپ شامل ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ ان سب چیزوں کو ترتیب وار ملا کر یک جان پیسٹ بنالیں اور ڈبل روٹی کے دو ٹکڑوں کے درمیان چکن قیمے والا پیسٹ رکھ کر ٹکڑے جوڑ دیں اور باربی کیو اسٹک کے ساتھ ملا کر توے پر فرائی کرلیں۔

  • افطار میں گرما گرم گرلڈ سینڈوچ پیش کریں

    افطار میں گرما گرم گرلڈ سینڈوچ پیش کریں

    ہر روز افطار میں خاتون خانہ کو نہ صرف اہلخانہ کے لذت کام و دہن کا خیال رکھنا پڑتا ہے بلکہ یہ کوشش بھی ہوتی ہے کہ افطار میں پیش کی جانے والی اشیا صحت بخش بھی ہوں۔

    آج ہم آپ کو افطار میں مزیدار گرلڈ سینڈوچز بنانے کی ترکیب بتا رہے ہیں۔

    اجزا

    ڈبل روٹی: 1 عدد

    میدہ: 2 کھانے کے چمچ

    مکھن: 1 کھانے کا چمچ

    پنیر کدو کش کیا ہوا: 1 پیالی

    چینی: 1 چائے کا چمچ

    نمک: حسب ذائقہ

    سفید مرچ پاؤڈر: 1 چائے کا چمچ

    تازہ دودھ: 1 پیالی

    چکن ابلے ہوئے باریک ٹکڑے: آدھی پیالی

    ترکیب

    ایک پین میں پہلے آدھا مکھن ڈال کر گرم کریں، پھر میدہ ڈال کر ہلکا سا بھون لیں اور پین آنچ پر سے ہٹا لیں۔

    5 منٹ کے لیے ٹھنڈا کریں پھر دودھ ڈال کر لکڑی کا چمچ چلاتے رہیں اور 2 منٹ بعد چولہے پر دوبارہ پکنے کے لیے رکھ دیں۔

    جب یہ سوس گاڑھا ہوجائے تو سمجھ لیں کہ وائٹ سوس تیار ہے۔

    اب اس وائٹ سوس میں چینی٬ سفید مرچ اور چکن ملا دیں۔

    سلائسز کے درمیان میں سے دو ٹکڑے کرلیں۔ اس کے اوپر پہلے مکھن لگائیں پھر وائٹ سوس ملی چکن پھیلا کر لگائیں۔

    اس کے اوپر پنیر رکھیں اور کالی مرچ چھڑک کر ایک بڑی ٹرے میں پھیلا کر رکھ دیں۔

    اوون کو پہلے سے 370 ڈگری فارن ہائیٹ پر گرم کر لیں اور اس میں تمام سلائس دس منٹ کے لیے گرل کریں۔

    پنیر پگھلنے اور گولڈن براؤن ہونے کے بعد سینڈوچز تیار ہیں۔

    گرما گرم گرلڈ سینڈوچ سرو کریں۔