Tag: گرمی

  • جاپان میں شدید گرمی، ایک ہی دن میں 2 نئے ریکارڈ قائم

    جاپان میں شدید گرمی، ایک ہی دن میں 2 نئے ریکارڈ قائم

    جاپان میں شدید گرمی کی لہر کا سلسلہ جاری ہے، ایک ہی دن میں درجہ حرارت کے 2 نئے ریکارڈ قائم ہوگئے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق جاپان میں درجہ حرارت 41.6 اور پھر 41.8 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا، محکمہ موسمیات نے آئندہ مزید گرمی کی وارننگ جاری کردی ہے۔

    خبر ایجنسی کے مطابق جنوبی گنما کے شہر ایسسا کی میں شدید گرمی نے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیئے ہیں، 2020 اور 2018 میں جاپان میں 41.1 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا تھا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ ماہ جاپان کی تاریخ کاسب سے گرم مہینہ قرار دیا گیا، جولائی کا درجہ حرارت معمول سے 2.89 ڈگری زیادہ رہا۔

    کیوٹو میں درجہ حرارت 40 ڈگری تک پہنچ گیا ہے، جو 1880 سے اب تک کی بلند ترین سطح قرار دیا جا رہا ہے۔

    خبرایجنسی کے مطابق کیوٹو کے کسی بھی اسٹیشن پر اتنا درجہ حرارت پہلے کبھی ریکارڈ نہیں ہوا، گرم موسم کے باعث جاپانی چیری کے پھول وقت سے پہلے کھلنے لگے۔

    جاپان میں شدید گرمی کی نئی تاریخ رقم، درجہ حرارت بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

    ماؤنٹ فیوجی کی برف دیر سے نمودارہوئی، نومبر تک برف کا نام و نشان نہ تھا، جاپان کے کئی علاقوں میں پانی کی قلت کی بھی اطلاعات ہیں، جس کے باعث کاشتکاروں کو چاول اگانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

    جاپان میں کم بارش اور شدید گرمی نے دھان کی کاشت بھی متاثرکردی ہے، مغربی جاپان میں مون سون 3 ہفتے پہلے ختم ہوگئی یہ بھی ایک ریکارڈ ہے۔

  • برطانیہ میں ہیٹ ویو کا قہر اور پانی کا بحران، گرمی کا 130 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا (ویڈیو رپورٹ)

    برطانیہ میں ہیٹ ویو کا قہر اور پانی کا بحران، گرمی کا 130 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا (ویڈیو رپورٹ)

    برطانیہ کا شمار دنیا کے ٹھنڈے ممالک میں ہوتا ہے لیکن موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث آج اسے بھی تاریخ کی بدترین گرمی اور پانی بحران کا سامنا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق برطانیہ میں ہیٹ ویو کا قہر جاری ہے اور تاریخ کی اس بدترین گرمی میں پانی کا بھی شدید بحران جاری ہے۔

    ماحولیاتی ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ملک میں جاری ہیٹ ویو کی تیسری لہر سے برطانیہ کا بیشتر حصہ متاثر ہوگا اور کئی علاقوں میں درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری تک پہنچ سکتا ہے۔

    رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ برطانیہ میں اس سال گرمی کا 130 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے اور رواں موسم گرم ترین ہونے کے ساتھ خشک ترین بھی ہے، جس کی وجہ سے پانی کا بحران پیدا ہو رہا ہے۔

    ہیلتھ سیکیورٹی ایجنسی نے بھی ہیٹ ویو سے متعلق یلو وارننگ جاری کی ہے جس میں شہریوں کو اس گرم موسم میں احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    ریکارڈ گرمی کے باعث شام کے اوقات میں پارکس، واٹر پارکس اور ساحل سمندر پر شہریوں کا رش بڑھنے لگا ہے جبکہ پنکھوں کی مانگ میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔

    برطانیہ میں بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے باعث ملک میں پانی کا بحران بھی جنم لے رہا ہے اور اس وقت برطانیہ کے دو ریجن نارتھ ویسٹ اور یارکشائر کو سرکاری طور پر خشک سالی سے متاثرہ قرار دیا گیا ہے۔

    یارکشائر جس کی آبادی 50 لاکھ افراد پر مشتمل ہے۔ وہاں آبی ذخائر اس وقت 55 فیصد پر پہنچ چکے ہیں، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 26 فیصد کم ہیں۔ جس کے باعث یارکشائر میں جمعہ سے سوراخ والے پائپ (فواروں) کا استعمال روکتے ہوئے شہریوں کے اپنے گارڈنز کو پانی دینے اور گاڑیاں دھونے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اگر کوئی بھی ایسا کرتا پایا گیا تو اس پر جرمانہ بھی ہو سکتا ہے۔

    برطانیہ کی تاریخ میں پڑنے والی اس گرمی سے گورے تو گورے وہاں مقیم پاکستانی بھی بہت پریشان ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ اس سے قبل اتنی شدید گرمی پڑتے نہیں دیکھی۔ جب یہاں گرمی پڑتی ہے تو اتنا حبس ہوتا ہے کہ بندہ رات کو سو بھی نہیں سکتا۔

     

  • یورپ میں شدید گرمی، 10 دن میں 2300 اموات رپورٹ

    یورپ میں شدید گرمی، 10 دن میں 2300 اموات رپورٹ

    یورپ میں شدید گرمی کی لہر زوروں پر ہے، براعظم میں گرمی سے 10 دن کے دوران 2300 اموات نے حکام کے ہوش اڑا دیے ہیں۔

    غیرملکی میڈیا رپوٹس کے مطابق یورپ میں اس موسم گرما کے محض دس دنوں میں ہونے والے اموات پر تحقیقاتی رپورٹ جاری کی گئی ہے جس میں 10 دنوں میں 2300 ہلاکتوں کا بتایا گیا جبکہ یہ انکشاف بھی ہوا کہ گرمی سے 1500 ہلاکتیں انسان کی پیداکردہ ماحولیاتی تبدیلی سےمنسلک ہیں۔

    تحقیق میں بتایا گیا کہ گرمی کی لہر نے اسپین، فرانس، لندن، میڈرڈ، میلان سمیت12 شہروں کو متاثر کیا، ماحولیاتی تبدیلی نہ ہوتی تو گرمی کی شدت 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ کم ہوتی۔

    اسپین میں درجہ حرارت 40 ڈگری سےتجاوز کرگیا جبکہ فرانس میں جنگلات میں آگ لگی، اس کے علاوہ تحقیق میں 30ملین سے زائد آبادی والےعلاقوں میں گرمی سے اموات کا اندازہ لگایا گیا ہے۔

    تحقیقی رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ گرین ہاؤس گیسوں کےاخراج نے زمین کا اوسط درجہ حرارت کو پہلے سے زیادہ بڑھا دیا ہے۔

    یورپی یونین نے انتباہ جاری کیا ہے کہ گرمی کی لہر کئی بار، زیادہ شدت سے اور زیادہ افراد کو متاثر کریگی۔

    جون2025 دنیا کا تیسرا گرم ترین مہینہ رہا ہے، مغربی یورپ میں ریکارڈ توڑ گرمی رہی، تحقیقی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ 2023 میں یورپ بھر میں گرمی سے 61 ہزار ہلاکتیں ہوئی تھیں۔

    https://urdu.arynews.tv/europe-heat-wave-intensifies-as-fresh-warnings-issued/

  • برطانیہ اور یورپ میں شدید گرمی کی لہر نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

    برطانیہ اور یورپ میں شدید گرمی کی لہر نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

    یورپ بھر میں شدید گرمی کی لہر نے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے، فرانس میں درجہ حرارت میں ریکارڈ اضافہ متوقع ہے جس کے باعث پیرس میں ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق فرانس، اسپین، اٹلی، پرتگال اور جرمنی میں صحت سے متعلق وارننگز جاری کی گئیں، یہاں تک کہ نسبتاً معتدل موسم کے لیے مشہور نیدرلینڈز نے بھی آئندہ دنوں میں شدید گرمی اور بلند نمی کے پیش نظر ہائی ٹیمپریچر الرٹ جاری کر دیا ہے۔

    برطانیہ کے مختلف شہروں میں درجہ حرارت تقریباً 34 ڈگری ہونے پر سال کا گرم ترین دن قرار دے دیا گیا اس کے علاوہ پرتگال میں درجہ حرارت 46 درجے کو چھو گیا۔

    پیرس میں درجہ حرارت 40 درجے ریکارڈ کیا گیا، آئفل ٹاور کو گرمی کی شدت کے باعث اگلے دو دن کے لیے بند کردیا گیا جبکہ اسکول پہلے ہی بند ہیں، اٹلی میں شدید گرمی کے باعث حکام ’’آؤٹ ڈور‘‘ ورک پر پابندی لگانے پر غور کررہے ہیں۔

    اسپین کے محکمہ موسمیات کے مطابق جون کا مہینہ ملکی تاریخ کا سب سے گرم جون بننے جا رہا ہے، جبکہ جنوبی شہر سیویل میں اقوام متحدہ کی کانفرنس کے دوران درجہ حرارت 42 ڈگری تک پہنچ گیا۔

  • برطانیہ سمیت یورپ کے مختلف ممالک شدید گرمی کی لپیٹ میں

    برطانیہ سمیت یورپ کے مختلف ممالک شدید گرمی کی لپیٹ میں

    لندن: برطانیہ سمیت یورپ کے مختلف ممالک شدید گرمی کی لپیٹ میں آ گئے ہیں، پرتگال، اسپین، یونان، فرانس اور اٹلی میں شدید گرمی ہے جس کی وجہ سے ہنگامی اقدامات کا اعلان کیا گیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانیہ اور یورپی ممالک میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر گیا ہے، جس کی وجہ سے شہری بے حال ہیں اور اسکول بند ہو رہے ہیں، اسپین اور پرتگال میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 46 ڈگری سے تجاوز کر گیا ہے۔

    برطانیہ میں ہیٹ ویو الرٹ جاری کیا گیا ہے، لندن میں درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر گیا، ہیتھرو ایئرپورٹ پر درجہ حرارت 33.1 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

    ویمبلڈن میں تاریخ کا سب سے گرم دن رہا، درجہ حرارت 32.9 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، برطانیہ کے چڑیا گھر میں جانوروں کے لیے برف کے بلاک رکھے گئے، مختلف علاقوں میں شدید گرمی کی وارننگ جاری کی گئی۔

    رپورٹس کے مطابق برطانیہ کے 16 علاقوں میں ریڈ الرٹ جاری ہوگا، جب کہ ہیٹ ہیلتھ الرٹ میں توسیع کر دی گئی ہے، گرمی کی شدت میں اضافے پر عوام نے ساحل کا رخ کر لیا، اور دوسری طرف گرمی کے باعث ٹرینوں کی آمد و رفت میں تاخیر ہونے لگی ہے۔

    برطانوی حکام کی جانب سے عوام کو زیادہ پانی پینے اور سائے دار جگہوں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ادھر سائنس دان توقع کر رہے ہیں کہ انسانوں کی طرف سے پیدا ہونے والی موسمیاتی تبدیلی کے نتیجے میں موسم کے مزید شدید واقعات رونما ہوں گے۔

  • "گرمی میں سیکیورٹی گارڈز کے گرم ترین کپڑے، ایجنسیاں اس طرف توجہ دیں”

    "گرمی میں سیکیورٹی گارڈز کے گرم ترین کپڑے، ایجنسیاں اس طرف توجہ دیں”

    شدید گرمی میں سیکیورٹی گارڈز جس طرح کے یونیفارم پہنتے ہیں وہ بہت تکلیف دہ ہوتے ہیں، اس معاملے پر اداکارہ فضا علی نے لب کشائی کی ہے۔

    نجی چینل پر پروگرام کی میزبانی کے دوران گفتگو کرتے ہوئے معروف اداکارہ فضا علی نے کہا کہ آج کل مجھے بھی گارڈ رکھنا پڑا ہے، بیچارے ایک دو گارڈ میرے ساتھ بھی گھوم رہے ہیں، میں روز ان کے کپڑے دیکھ کر کہتی ہوں کہ آپ یہ گارڈ والے کپڑے نہ پہینں، اتنی گرمی میں آپ عام کپڑے پہنیں۔

    فضا علی نے کہا کہ مجھے سیکیورٹی گارڈز کے کپڑوں سے بڑی الرجی ہورہی ہوتی ہے، میں یہ دیکھ کر حیران ہوتی ہوں کہ ان کے کپڑوں کو گرمی کے حساب سے ڈیزائن نہیں کیا گیا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ جب میں سیکیورٹی گارڈز کو دیکھتی ہوں تو افسوس ہوتا ہے کہ وہ کس طرح اتنی گرمی میں اس طرح کے کپڑے پہن کر ڈیوٹی سرانجام دیتے ہیں، آپ کبھی ان کی وردی کو چھوکر دیکھیں تو وہ گرمی کے حساب سے ڈیزائن ہیں نہیں ہیں۔

    فضا علی کا کہنا تھا کہ جو بھی سیکیورٹی ایجنسیز ہیں وہ اس طرف توجہ کریں، گرمی کے حساب سے گرمی کے کپڑے ہونے چاہئیں، تاہم سیکیورٹی گارڈز کو بہت گرم کپڑے فراہم کیے جاتے ہیں۔

    https://urdu.arynews.tv/temperature-felt-in-karachi-reached-46-degrees/

  • ملک شدید گرمی کی لہر، محکمہ موسمیات نے بارش کی نوید سنادی

    ملک شدید گرمی کی لہر، محکمہ موسمیات نے بارش کی نوید سنادی

    اسلام آباد: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک بھرمیں شدید گرمی کی لہر آج بھی برقرار رہے گی، درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری زیادہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد و گرد و نواح میں دن میں موسم شدید گرم، شام یارات میں بارش کا 30 فیصد امکان موجود ہے، جبکہ شہر اقتدار میں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے۔

    محکمہ موسمیات نے بالائی کے پی، پوٹھوہار، کشمیر اور جی بی میں شام یا رات کو بارش اورآندھی کی پیش گوئی کی ہے، انتباہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ صبح 11 سے شام 4 بجے تک دھوپ سے بچیں، پانی زیادہ سے زیادہ پئیں۔

    کے پی کے میدانی علاقوں میں شدیدگرمی، چترال، دیر، سوات، پشاور، وزیرستان میں بارش کا امکان ہے جبکہ پنجاب کے میدانی علاقوں میں شدیدگرمی، پنڈی، مری، چکوال، جہلم میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

    اس کے علاوہ لاہور، ملتان، فیصل آباد، پشاور میں درجہ حرارت 45 سے 46 ڈگری رہے گا جبکہ سندھ، جنوبی پنجاب، بلوچستان کے میدانی علاقے شدید گرم اور خشک موسم، گرد آلود ہواؤں کی توقع ہے۔

    زمین پر موسموں کا نظام نہایت پیچیدہ اور نازک ہوتا ہے، جانیے کیسے؟

    بیان کے مطابق گلگت بلتستان اور کشمیر میں دن میں موسم گرم اورخشک، رات کو جزوی بادل اوربارش کی توقع ہے۔

  • ملک میں شدید گرمی کی لہر کا الرٹ جاری

    ملک میں شدید گرمی کی لہر کا الرٹ جاری

    کراچی: محکمہ موسمیات کی جانب سے ملک میں آئندہ ہفتے شدید گرمی کی لہر کا الرٹ جاری کردیا گیا ہے، 9 سے 12 جون اسلام آباد، بالائی پنجاب میں درجہ حرارت 5 سے 7 ڈگری زیادہ رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کے پی، کشمیر، جی بی میں درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری زیادہ رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جنوبی پنجاب، سندھ، بلوچستان میں درجہ حرارت4 سے 6 ڈگری زیادہ رہنے کا امکان ہے۔

    لاہور، ملتان، فیصل آباد، پشاور میں درجہ حرارت 44 سے 45 ڈگری تک پہنچنے کی توقع ہے، سندھ، جنوبی پنجاب، بلوچستان میں شدید گرمی، گرد آلود ہواؤں کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات نے چترال، دیر اور بالائی علاقوں میں شام یا رات کو ہلکی بارش کی پیشگوئی کی ہے جبکہ پنجاب کے بیشتر علاقوں میں گرم وخشک موسم، دوپہر کے بعد گرد آلودہواؤں کا امکان ہے۔

    کشمیر،جی بی میں موسم گرم و خشک، شام کو جی بی میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کی توقع ظاہر کی جارہی ہے۔

    دوسری جانب محکمہ موسمیات نے پاکستان میں مون سون بارشوں کے حوالے سے خطرے کی گھنٹی بجادی ہے۔

    مون سون سے متعلق فیڈرل فلڈ کمیشن کا اجلاس ہوا، اجلاس کی صدارت وفاقی وزیرآبی وسائل میاں معین وٹو نے کی، سیکرٹری آبی وسائل، چیئرمین فلڈکمیشن اجلاس میں شریک ہوئے۔

    اجلاس میں مون سون سے قبل تیاریوں اورخطرات کا جائزہ لیا گیا، محکمہ موسمیات نے بتایا کہ جولائی تا ستمبر معمول سے زیادہ بارش کاامکان ہے، شمال مشرقی پنجاب،کشمیر میں زیادہ بارش متوقع ہے۔

    درجہ حرارت مزید بڑھ سکتا ہے، محکمہ موسمیات کا انتباہ

    اجلاس میں بریفنگ میں کہا گیا کہ شمالی خیبرپختونخوا،گلگت بلتستان میں کم بارش کاامکان اور ملک بھر میں درجہ حرارت زیادہ رہنے کی توقع ہے، درجہ حرارت بڑھنے سے موسمی خطرات میں اضافہ ہو سکتا ہے جبکہ شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

  • سعودی عرب: وزارت صحت کی عازمین حج کو خاص ہدایات جاری

    سعودی عرب: وزارت صحت کی عازمین حج کو خاص ہدایات جاری

    سعودی عرب میں وزارت صحت نے عازمین حج کو خاص ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’براہ راست سورج کی گرمی سے خود کو محفوظ رکھیں، کوشش کریں کہ زیادہ دیر باہر نہ ٹہریں، چھتری کا استعمال ضرور کریں۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وزارت صحت نے مشاعر مقدسہ میں ’ہیٹ اسٹروک‘ سے بچنے کے لیے پانی کا استعمال زیادہ سے زیادہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق انسانی جسم گرمی کی شدت کو 10 سے 15 منٹ تک برداشت کر سکتا ہے جس کے بعد ہیٹ اسٹروک کا خدشہ لاحق ہو سکتا ہے۔

    ہیٹ سٹروک یا لو لگنے کی علامات کے حوالے سے بتایا گیا کہ شدید سردرد، چکر آنا، زیادہ پسینہ، شدید پیاس اور متلی کا احساس ہوتا ہے۔ اس صورت میں فوری طبی مداخلت ضروری ہوجاتی ہے۔

    رپورٹس کے مطابق ان علامات کی صورت میں متاثرہ شخص کے جسم کو فوری طور پر ٹھنڈا کیا جائے ہاتھوں، چہرے اور گردن کو ٹھنڈے پانی سے دھویا جائے اور کسی سایہ دار یا ایئرکنڈیشن جگہ پر لے جانے کے بعد زیادہ مقدار میں ٹھنڈا پانی پینے کے لیے دیں تاکہ ’لو‘ کے اثرات کو کم کیا جاسکے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق 7 ذی الحجہ بمطابق 4 جون 2025 سے 13 ذی الحجہ تک مشاعرمقدسہ میں درجہ حرارت 44 سے 47 ڈگری جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 20 سے 60 فیصد تک رہنے کا امکان ہے۔

    مناسک حج کا آغاز:

    سعودی عرب مکہ مکرمہ میں مناسک حج کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے، لاکھوں عازمین وادی منی پہنچنا شروع ہوگئے۔

    عازمین حج اپنی رہائش گاہوں سے منیٰ کیلئے روانہ ہوگئے، جہاں وہ ظہر، عصر، مغرب اور عشاء کی نمازیں ادا کریں گے۔

    مناسک حج میں عازمین نو ذوالحج نماز فجر کے بعد حج کے رکن اعظم وقوف کیلئے میدان عرفات پہنچیں گے۔ نو ذوالحج کو خطبہ حج سننے کے بعد ظہر اور عصر ایک ساتھ ادا کریں گے اور غروب آفتاب تک میدان عرفات میں وقوف کریں گے۔

    اذان مغرب کے بعد حجاج کرام میدان عرفات سے مزدلفہ روانہ ہوں گے۔ مزدلفہ میں حجاج کرام مغرب اور عشا کی نمازیں ملا کر پڑھیں گے اور رمی کیلئے کنکریاں جمع کریں گے۔

    مناسک حج کا آج سے آغاز، لاکھوں عازمینِ حج منیٰ کیلئے روانہ

    حجاج کرام دس ذوالحج کو وقوف مزدلفہ کے بعد رمی کیلئے جمرات روانہ ہوں گے۔ جمرات پر شیطان کوکنکریاں مارنے کے بعد حجاج قربانی کریں گے اور اس کے ساتھ ہی عازمین کا فریضہ حج مکمل ہو جائے گا۔

  • کراچی میں قیامت خیز گرمی :  پارہ 42 ڈگری تک جانے کا امکان

    کراچی میں قیامت خیز گرمی : پارہ 42 ڈگری تک جانے کا امکان

    کراچی : شہر قائد میں گرمی غضب ڈھا رہی ہے، آج پارہ 42 ڈگری تک جانے کا امکان ہے جبکہ گرمی کی شدت 49 ڈگری تک محسوس کی جاسکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے، محکمہ موسمیات نے شہر میں آج درجہ حرارت میں اضافہ کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 سے 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔

    موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا تھا کہ گرمی کی شدت 49 ڈگری سینٹی گریڈ محسوس کی جائے گی اور دن بھر خشک ہوائیں چلیں گی ساتھ لو کی کیفیت محسوس کی جائے گی۔

    محکمہ موسمیات نے کہا کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم انتہائی گرم اور خشک رہے گا، شہر کا موجودہ درجہ حرارت 37 ڈگری ہے جبکہ گرمی کی شدت 44 ڈگری محسوس کی جارہی ہے۔

    کراچی گرمی

    شہر میں شمالی سمت سے 6 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے اور ہوا میں نمی کا تناسب 78 فیصد ہے۔

    جیکب آباد، تربت اورسبی اس وقت ملک کا سب سے گرم ترین مقام ہے، جہاں درجہ حرارت سینتالیس سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

    دادو، نواب شاہ اور حیدرآباد میں 45 ڈگری رہنے کا امکان ہے جبکہ بہاولپور، ملتان، ساہیوال اور سرگودھا میں چوالیس جبکہ لاہور میں 41 ڈگری تک جاسکتا ہے۔

    آج شام اسلام آباد،پنجاب ، بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اورگلگت بلتستان میں آندھی۔جھکڑ چلنے اوربارش کی توقع ہے، اس دوران چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہے گا تاہم تیز اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔