لاہور : گرمیوں کی تعطیلات میں 31 اگست تک توسیع کے فیصلے پر آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن کا ردعمل سامنے آگیا۔
تفصیلات کے مطابق آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن نے پنجاب میں گرمیوں کی تعطیلات میں 31 اگست تک توسیع کے حکومتی فیصلے کو غیر ضروری اور بلاجواز قرار دے دیا ہے۔
ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر ابرار احمد خان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ "گرمیوں کی تعطیلات میں توسیع کا فیصلہ فوری طور پر واپس لیا جائے، کیونکہ اس سے طلبہ کا تعلیمی نقصان ہو رہا ہے، خاص طور پر میٹرک کی کلاسز بری طرح متاثر ہوں گی۔”
ابرار احمد خان نے کہا اسلام آباد میں نجی تعلیمی ادارے 4 اگست سے معمول کے مطابق کھل چکے ہیں جبکہ پاکستان کے دیگر صوبوں میں بھی اسکولز معمول کے مطابق تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز کر چکے ہیں۔
مزید پڑھیں : گرمیوں کی چھٹیوں میں اضافہ کردیا گیا
انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ "حکومت کو چاہیے تھا کہ 14 اگست سے قبل ہی اسکول کھول کر بچوں کو جشنِ آزادی کی تقریبات میں شرکت کا موقع دیتی، مگر چھٹیوں میں غیر ضروری توسیع نے تعلیمی عمل کو متاثر کیا ہے۔”
ایسوسی ایشن نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر فیصلے پر نظرِ ثانی کرے اور تعلیمی اداروں کو کھولنے کی اجازت دے تاکہ نصاب کی بروقت تکمیل اور امتحانی تیاری ممکن ہو سکے۔