Tag: گرمی

  • ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات، تھائی لینڈ میں 61 افراد ہلاک

    ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات، تھائی لینڈ میں 61 افراد ہلاک

    بنکاک: ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات کے باعث تھائی لینڈ میں گرمی کی لہر سے 61 افراد ہلاک ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق تھائی وزارت صحت نے جمعہ کو کہا کہ رواں سال تھائی لینڈ میں ہیٹ اسٹروک سے اب تک 61 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جو کہ 2023 کے تمام عرصے کے مقابلے زیادہ ہیں۔

    خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق گزشتہ چند ہفتوں کے دوران تھائی لینڈ میں درجہ حرارت غیر معمولی طور پر زیادہ رہا اور حکام روزانہ کی بنیاد پر وارننگ جاری کرتے رہے ہیں، درجہ حرارت بڑھنے سے کئی افراد ہیٹ اسٹروک کا شکار ہوئے۔

    تھائی وزارت صحت کے مطابق پچھلے پورے سال میں ہیٹ اسٹروک سے 37 شہریوں کی موت واقع ہوئی تھی، رواں برس تھائی لینڈ کے زرعی شمالی علاقوں میں زیادہ ہلاکتیں ہوئیں۔ واضح رہے کہ سائنس دان کئی سالوں سے خبردار کر رہے ہیں کہ انسانوں کی وجہ سے پیدا ہونے والی ماحولیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں اب اکثر گرمی کی شدید لہروں کا سامنا رہے گا، جو پہلے سے زیادہ طویل ہوں گی۔

    اقوام متحدہ کی میٹریولاجیکل آرگنائزیشن کا کہنا ہے کہ ایشیا کا خطہ تیزی سے گرم ہو رہا ہے۔ تھائی لینڈ میں مون سون کے موسم میں تاخیر کے باعث بھی غیر معمولی طور پر درجہ حرارت زیادہ ہے۔

  • موسم کی خبر: دن کے اوقات میں گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان

    موسم کی خبر: دن کے اوقات میں گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان

    کراچی: شہر قائد میں آج موسم آج گرم اور مرطوب رہے گا، دن کے اوقات میں گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں درجہ حرارت 35 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، جب کہ موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گرمی کی شدت 30 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی جا رہی ہے، کم سے کم درجہ حرارت 27.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، کراچی میں ہوا میں نمی کا تناسب 67 فی صد ہے۔

    جنوب مغربی سمت سے ہلکی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، کراچی کا فضائی معیار بہتر ہے، دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی آج 42 ویں نمبر پر آیا، ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 56 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    ملک بھر کا موسم

    محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیش تر علاقوں میں موسم خشک جب کہ وسطی اور جنوبی علاقوں میں گرم رہے گا، بالائی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے، چند مقامات پر تیز ہواؤں، جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

    جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ میں آندھی اور جھکڑ چلنے کا بھی امکان ہے، اسلام آباد میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ آندھی، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

    خیبر پختونخوا کے بیش تر اضلاع میں مطلع ابر آلود رہے گا، وزیرستان، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک میں آندھی اور جھکڑ چلنے، گرج چمک سے بارش کا امکان ہے، بنوں، کوہاٹ، کرم، خیبر، باجوڑ، چترال میں بھی آندھی اور جھکڑ چلنے اور گرج چمک سے بارش کا امکان ہے۔ سوات، دیر، کوہستان، مالاکنڈ، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، صوابی، نوشہرہ اور پشاور میں چند مقامات پر آندھی اور جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔

    پنجاب کے بیش تر بالائی اضلاع میں مطلع ابر آلود رہے گا، مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، میانوالی، بھکر، منڈی بہاؤالدین، لاہور اور گوجرانوالہ میں آندھی، جھکڑ چلنے اور گرج چمک سے بارش کی توقع ہے۔ بلوچستان اور سندھ کے بیش تر اضلاع میں موسم خشک اور گرم رہے گا، بالائی سندھ میں آندھی اور جھکڑ چلنے کا بھی امکان ہے۔ کشمیر اور جی بی میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

  • کراچی میں گرمی کی شدت کتنی رہے گی، محکمہ موسمیات نے بتادیا

    کراچی میں گرمی کی شدت کتنی رہے گی، محکمہ موسمیات نے بتادیا

    کراچی: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر قائد میں آج بھی موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 24.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈرہنے کاامکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق ہوامیں نمی کا تناسب 80 فیصدریکارڈ کیا گیا، شہر میں جنوب مغربی سمت سے ہلکی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔

    ایرانی صدر کی آمد پر کراچی کی کون سی سڑکیں بند رہیں گی؟

    ائیرکوالٹی انڈیکس کی اگر بات کی جائے تو ہوا میں آلودہ زرات کی مقدار 105 پرٹیکیلیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی جبکہ دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی دسویں نمبر پر ہے۔

  • آج بارش کہاں کہاں ہوگی؟

    آج بارش کہاں کہاں ہوگی؟

    کراچی: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیش تر علاقوں میں آج اتوار کو موسم خشک اور جنوبی علاقوں میں گرم رہے گا۔

    بالائی کے پی، وزیرستان، جی بی، کشمیر اور خطہ پوٹھوہار میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے، اسلام آباد اور گر دو نواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، جب کہ چند مقامات پر بوندا باندی ہو سکتی ہے۔

    خیبر پختونخوا میں چترال، دیر، سوات، ایبٹ آباد، مانسہرہ، کوہستان، مالاکنڈ، باجوڑ، مہمند، خیبر، پشاور، کرم اور جنوبی و شمالی وزیرستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیش تر اضلاع میں موسم خشک اور جنوبی علاقوں میں گرم رہے گا، مری، گلیات، اٹک، راولپنڈی، جہلم اور گرد و نواح میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش، بوندا باندی ہو سکتی ہے، جب کہ شام یا رات کے اوقات میں رحیم یار خان، خانپور، بہاولپور، بہاولنگر، ڈیرہ غازی خان میں جھکڑ چلنے کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔

    بلوچستان کے بیش تر اضلاع میں موسم خشک رہے گا، ژوب، موسیٰ خیل اور گرد و نواح میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہو سکتی ہے، سندھ کے بیش تر اضلاع میں موسم خشک رہے گا، سکھر، کشمور اور جیکب آباد میں شام یا رات میں تیز ہواؤں اور جھکڑ چلنے کے ساتھ ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ جب کہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

  • شدید گرمی کی لہر: بھارتی محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کردیا

    شدید گرمی کی لہر: بھارتی محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کردیا

    بھارت میں رواں سال اپریل اور جون کے درمیان معمول سے زیادہ گرمی پڑنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، اس حوالے سے محکمہ موسمیات نے خبردار کردیا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق بھارتی محکمہ موسمیات نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت میں اپریل تا جون درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہے گا، اگلے تین ماہ میں شدید گرمی کی لہروں کا سامنا ہو گا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق بھارت میں عام انتخابات کا انعقاد اپریل سے جون کے درمیان ہو رہا ہے، عام انتخابات کے دوران گرم موسم کی شدت رہے گی۔

    رمضان میں کراچی والوں پر موسم مہربان

    واضح رہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کے باعث دنیا کا تقریباً ہر ملک متاثر ہوا ہے، پاکستان کے بعض علاقوں میں بھی جہاں ان دنوں شدید گرمی ہوا کرتی تھی، بارشوں اور سردی کی صورتحال ہے۔

  • بھارت: گرمی میں اچانک اضافہ، درجہ حرارت 36 ڈگری تک پہنچ گیا

    بھارت: گرمی میں اچانک اضافہ، درجہ حرارت 36 ڈگری تک پہنچ گیا

    بھارتی شہر حیدرآباد میں اچانک گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، مونڈا مارکیٹ اور بیگم پیٹ میں درجہ حرارت 36 ڈگری سیلسیس سے تجاوز کرگیا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق گرمیوں کی آمد سے قبل ہی حیدرآباد شہر میں دھوپ کی شدت اور درجہ حرارت میں اضافہ ہوگیا ہے، جس کے باعث شہری بھی حیران ہیں۔

    تلنگانہ اسٹیٹ ڈیولپمنٹ پلاننگ سوسائٹی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ راجندر نگر، مہدی پٹنم، کیپرا، سرور نگر، چارمینار، جوبلی ہلز، خیریت آباد میں بھی درجہ حرارت 35 ڈگری سے تجاوز کرگیا ہے۔

    جبکہ مونڈا مارکیٹ، حیات نگر اور بیگم پیٹ کے علاقوں میں منگل کو سب سے زیادہ درجہ حرارت 36.3 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا تھا۔

    شہر قائد کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش سے موسم خوشگوار

    انہوں نے کہا کہ درجہ حرارت میں اگلے دو روز تک نمایاں اضافہ ہوسکتا ہے، لوگوں کو اس سلسلے میں محتاط رہنے کا کہا گیا ہے۔

  • دریائے ایمیزون میں سیکڑوں ڈولفنوں کی پراسرار ہلاکت کی وجہ معلوم ہو گئی

    دریائے ایمیزون میں سیکڑوں ڈولفنوں کی پراسرار ہلاکت کی وجہ معلوم ہو گئی

    دریائے ایمیزون میں ڈولفنوں کی پراسرار ہلاکت کی وجہ معلوم ہو گئی، ماہرین نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ ایمیزون ڈولفنیں شدید خشک سالی اور گرمی کی وجہ سے ہلاک ہوئیں۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ ہفتے برازیل میں دریائے ایمیزون کی ایک معاون دریا میں 120 دریائی ڈولفنوں کی لاشیں تیرتی ہوئی اس طرح پائی گئی تھیں، جن کے بارے میں اب ماہرین کو شبہ ہے کہ یہ شدید خشک سالی اور گرمی کی وجہ سے مر گئی تھیں۔

    محققین کا خیال ہے کہ شدید خشک سالی کے دوران دریا کی سطح کم ہو گئی جس کی وجہ سے پانی گرم ہو گیا اور درجہ حرارت اتنا بڑھا کہ ڈولفن کے لیے ناقابل برداشت ہو گیا۔ ایمزون دریا میں درجہ حرارت 102 ڈگری فارن ہائیٹ تک ریکارڈ کیا گیا۔

    پانی میں آکسیجن کی کمی کی وجہ سے حال ہی میں ایمیزون کے دریاؤں پر ہزاروں مچھلیاں مر چکی ہیں۔ برازیل کی وزارت سائنس اور ٹیکنالوجی کے ایک تحقیقی گروپ نے کہا ہے کہ پیر کو ٹیفے جھیل کے آس پاس کے علاقے میں دو اور مردہ ڈولفنیں پائی گئی ہیں۔

    ڈولفنیں مرنے کے بعد گل سڑ گئی تھیں اور علاقے میں بدبو پھیلنے لگی، حفاظتی لباس پہنے ماہرین حیاتیات نے ان کی لاشیں نکال کر پوسٹ مارٹم کیا تاکہ مرنے کی وجہ معلوم کی جا سکے، پیر کے روز بھی ماہرین نے ایک جھیل سے مردہ ڈولفنوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے نکالنے کا سلسلہ جاری رکھا۔

    واضح رہے کہ دریائے ایمیزون کی ڈولفن زیادہ تر حیرت انگیز گلابی رنگ کی ہوتی ہے، یہ میٹھے پانی کی ایک منفرد ڈولفن ہے جو صرف جنوبی امریکی دریاؤں میں پائی جاتی ہے، جب کہ دنیا میں میٹھے پانی کی ڈولفنوں کی انواع بہت کم رہ گئی ہیں، اس کی وجہ سست تولیدی سائیکل ہے، جس کے سبب ان کی آبادی خطرات کا شکار ہے۔

  • اس ہفتے موسم کیسا رہے گا؟ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کردی

    اس ہفتے موسم کیسا رہے گا؟ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کردی

    محکمہ موسمیات نے آئندہ 4 سے 5 روز کے دوران ملک میں شدید گرمی کی لہر کی پیشگوئی کر دی۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے 24 جون تک گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگا، سندھ ،جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں درجہ حرارت دو سے چار ڈگری سینٹی گریڈ معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بالائی اور وسطی پنجاب، اسلام آباد، بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں درجہ حرارت چار سے چھ ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھ سکتا ہے۔

    اس کے علاوہ محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران کراچی، کوئٹہ، پشاور سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور شدید گرم رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔

    شہریوں کو گرمی سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور کسانوں کو فصلوں کو پانی دینے کے مناسب اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔

  • محکمہ موسمیات نے خیبر پختونخوا میں گرمی کی لہر کی پیش گوئی کر دی

    محکمہ موسمیات نے خیبر پختونخوا میں گرمی کی لہر کی پیش گوئی کر دی

    پشاور: محکمہ موسمیات نے خیبر پختونخوا میں گرمی کی لہر کی پیش گوئی کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں 20 سے 24 جون تک گرمی کی لہر کا امکان ہے، بعض حصوں میں دوپہر اور رات کےاوقات میں تیز ہوائیں چلنے اور بارش کا بھی امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختون خوا کے بیش تر علاقوں میں منگل سے دن کے درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ ہو سکتا ہے، اس سلسلے میں پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو ایک مراسلہ بھی جاری کر دیا ہے۔

    پی ڈی ایم اے کے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ دن کےاوقات میں درجہ حرارت میں 3 سے 5 سینٹی گریڈ اضافے کا امکان ہے، گرمی اور خشک موسمی حالات ہیٹ اسٹروک اور آبی ذخائر پر دباؤ کا سبب بن سکتے ہیں، اس لیے کسان فصلوں کے لیے پانی کا مناسب انتظام کریں۔

    ڈجی جی پی ڈی ایم اے کی جانب سے یہ ہدایت بھی کی گئی ہے کہ عوام سورج کی روشنی میں باہر نکلتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں، بزرگ اور بچے صبح 10 سے شام 5 بجے تک براہ راست دھوپ میں نہ نکلیں۔

  • گرمی کی شدت میں اضافہ: سعودی عرب میں محنت کشوں کی سہولت کے لیے پابندی عائد

    گرمی کی شدت میں اضافہ: سعودی عرب میں محنت کشوں کی سہولت کے لیے پابندی عائد

    ریاض: سعودی عرب میں موسم گرما کی شدت میں اضافے کے ساتھ کھلے مقامات پر کام لینے پر پابندی عائد کردی گئی، ہر سال کی طرح رواں سال بھی یہ پابندی 15 جون سے 15 ستمبر تک ہوگی۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے کہا ہے کہ پرائیوٹ سیکٹر کے تمام اداروں و کمپنیوں سے کھلے مقامات پر دوپہر کے وقت ڈیوٹی لینے پر پابندی کے فیصلے پر عمل کروایا جائے گا۔

    حکام کا کہنا ہے کہ دوپہر 12 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک کھلے مقامات پر ڈیوٹی لینے پر پابندی ہوگی، عمل درآمد جمعرات 15 جون سے 15 ستمبر 2023 تک جاری رہے گا۔

    وزارت افرادی قوت کا کہنا ہے کہ پابندی پر عمل درآمد نیشنل کاؤنسل برائے سلامتی و پیشہ ورانہ صحت کے ساتھ تعاون سے کروایا جائے گا۔

    وزارت کا کہنا ہے کہ پابندی کا فیصلہ پرائیوٹ سیکٹر کے ملازمین کی صحت و سلامتی کے تحفظ اور انہیں صحت خطرات سے بچانے کی خاطر کیا گیا ہے۔ پیشہ وارانہ صحت و سلامتی کے حوالے سے بین الاقوامی معیار اپنایا جارہا ہے۔

    وزارت نے پرائیوٹ کمپنیوں و اداروں کے مالکان سے کہا ہے کہ وہ اپنے یہاں اوقات کار منظم کریں اور پابندی کو مد نظر رکھ کر ڈیوٹی کے نئے شیڈول جاری کریں، دوپہر کے وقت کام پر پابندی نہ کرنے کی رپورٹ موبائل پر وزارت کی ایپ کے ذریعے کی جاسکتی ہے۔