Tag: گرمی

  • کراچی کا موسم مزید گرم ہوتا جائے گا

    کراچی کا موسم مزید گرم ہوتا جائے گا

    کراچی: محکمہ موسمیات نے خبردار کردیا کہ شہر قائد میں جون کا مہینہ بھی شدید گرمی کا ہوگا اور موسم گرما نہ صرف طویل بلکہ شدید ہوتا جائے گا، تاہم یہ جاننا ضروری ہے کہ اس کی وجوہات کیا ہیں اور شدید گرمی کے مسئلے سے کیسے نمٹا جاسکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ماہر ماحولیات رفیع الحق نے اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو باخبر سویرا میں شرکت کی اور کراچی کے موسم کے حوالے سے بات کی۔

    رفیع الحق کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں کلائمٹ چینج یعنی موسم میں تغیرات پیدا ہونا تو ایک حقیقت ہے لیکن ہماری سرگرمیاں بھی اسے بڑھاوا دے رہی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پہلے شہر کراچی کی شامیں نہایت خوبصورت ہوا کرتی تھیں جب ٹھنڈی ہوائیں چلتی تھیں، لیکن ہم نے بے تحاشہ اور کثیر المنزلہ تعمیرات کر کے ہوا کی آمد و رفت کو روک دیا۔

    رفیع الحق کا کہنا تھا کہ عمومی خیال ہے کہ شہروں میں اربن فاریسٹ لگا لینا کافی ہے لیکن یہ ایک غلط فہمی ہے۔ اربن فاریسٹ سب سے پہلے جاپان میں متعارف کروایا گیا تھا جہاں کا موسم ہمارے موسم سے مختلف ہے، وہاں باقاعدگی سے بارشیں ہوتی ہیں جن کی وجہ سے ان شہری جنگلات کو پھلنے پھولنے میں مدد ملی۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارے شہر کی صورتحال مختلف ہے، ہم نے فطرت کے ساتھ بہت چھیڑ چھاڑ کی ہے، جنگل کو کاٹ کر شہر بنا دیا ہے اور اب شہر میں جنگلات اگانا چاہ رہے ہیں۔

    رفیع الحق کا کہنا تھا کہ جب بارش ہوتی ہے تب شہر کے لیے صورتحال اور بھی خراب ہوجاتی ہے کیونکہ ہم نے نالوں میں یا تو درخت اگا دیے ہیں یا پھر انہیں کچرا کنڈی بنا کر رکھ دیا ہے، اس کی وجہ سے پانی کو نکاسی کا راستہ نہیں ملتا۔

    دوسری جانب کراچی میں ہر سال بڑی بڑی شجر کاری مہمات کا اعلان کیا جاتا ہے لیکن ہر منصوبہ اس لیے ناکام ہوجاتا ہے کیونکہ پھر ان ننھے پودوں کی حفاظت نہیں کی جاتی۔

    رفیع الحق کا کہنا تھا کہ فطرت کے ساتھ توازن میں رہنا ضروری ہے اور ہر چیز کو مناسب طریقے اور منصوبہ بندی کے ساتھ انجام دینا ضروری ہے۔

  • دھوپ سے گہری ہونے والی رنگت کو کیسے صاف کیا جائے؟

    دھوپ سے گہری ہونے والی رنگت کو کیسے صاف کیا جائے؟

    گرمیوں کے موسم میں جلد کا جھلس جانا عام بات ہے۔ باہر نکلنے والے افراد کو خاص طور پر اس مسئلے کا سامنا ہوتا ہے۔ جھلسی ہوئی جلد ایک دو دن تک تکلیف بھی دیتی ہے اس کے بعد اس کا رنگ گہرا ہوجاتا ہے۔

    اب جبکہ موسم گرما اپنے عروج پر ہے، ایسے میں اس موسم میں جھلس جانے والی جلد سے مندرجہ ذیل اجزا سے نجات پائی جاسکتی ہے۔

    دہی

    دہی کے ذریعے جھلسی ہوئی جلد سے نجات حاصل کی جا سکتی ہے۔ ایک کپ دہی میں کھیرا، لیموں اور ٹماٹر کا رس شامل کریں۔ اب اس میں تھوڑا بیسن شامل کرلیں۔

    اب اس ماسک کو چہرے یا جہاں جلد جھلسی ہے وہاں لگائیں اور 30 منٹ کے لیے چھوڑ دیں۔ بعد میں نیم گرم پانی سے چہرے کو صاف کرلیں۔

    ایلو ویرا

    ایلو ویرا جھلسی ہوئی جلد سے نجات کا بہترین طریقہ ہے۔ سونے سے پہلے ایلو ویرا کو متاثرہ جلد پر لگائیں اور صبح اٹھ کے اچھی طرح دھو لیں۔ جب تک جلن ختم نہ ہو ایلو ویرا کا استعمال جاری رکھیں۔

    آلو

    آلو بھی جلن سے نجات کے لیے بے حد مفید ہے۔ آلو میں وٹامن سی موجود ہوتا ہے اور وٹامن سی جلد کے لیے بہت فائدہ مند ہوتا ہے، آلو کو قدرتی فیشل بھی کہا جاتا ہے۔

    آلوؤں کو چھیل کے ٹکڑوں میں کاٹ لیں اور بلینڈر میں پیس لیں۔ اب اس پیسٹ کو متاثرہ جلد پر 30 منٹ تک لگائیں۔ اس کے بعد ٹھنڈے پانی سے دھولیں۔ بہترین نتائج کے لیے اس پیسٹ میں لیموں بھی شامل کرلیں۔

    بیسن

    بیسن سن برن ختم کرنے کا بہترین نسخہ ہے۔ بیسن کے ذریعے سے جلد کے مردہ خلیے نکل جاتے ہیں اور اس سے آپ کی جلد تروتازہ ہوجاتی ہے۔

    بیسن کو سادے پانی میں حل کریں اور گاڑھا سا پیسٹ بنا کے سن برن والے حصے پر لگالیں۔ 20 منٹ بعد اس پیسٹ کو صاف کرلیں۔ یہ عمل ہفتے میں 2 بار کرنے سے نہ صرف سن برن ختم ہوگا بلکہ آپ کا رنگ بھی صاف ہوجائے گا۔

  • وہ طریقہ جس سے آپ کے گھر کی بجلی کا بل کم آئے گا

    وہ طریقہ جس سے آپ کے گھر کی بجلی کا بل کم آئے گا

    موسم گرما عروج پر پہنچ چکا ہے اور کراچی میں ہیٹ ویو بھی آچکی ہے، موسم گرما میں گرمی اور دھوپ سے بچنے کے لیے سخت احتیاط کی ضرورت ہے۔

    دوسری جانب گرمیوں کے موسم میں پنکھوں اور اے سی کا استعمال بڑھ جاتا ہے جس کے باعث بجلی کے بل میں بھی اضافہ ہوجاتا ہے۔ ایسے میں گھر کو پھول پودوں سے سرسبز و شاداب بنانا گھر کو ٹھنڈا رکھتا ہے۔

    گھروں میں پودے لگانا اور انہیں سرسبز رکھنا گھر کے مجموعی درجہ حرارت اور بجلی کے بل کو کم رکھتا ہے تاہم کچھ پودے ایسے بھی ہیں جو نہایت کم قیمت میں فوری طور پر آپ کے گھر کو ٹھنڈا کر سکتے ہیں۔

    آج ہم آپ کو ایسے ہی پودوں کے بارے میں بتانے جارہے ہیں۔

    ایلو ویرا

    ایلو ویرا کا پودا اپنے اندر بے شمار فوائد رکھتا ہے، ایلو ویرا ہوا کو جراثیموں اور زہریلے اشیا سے پاک کر کے اسے صاف بناتا ہے جبکہ یہ کمرے کے درجہ حرارت میں بھی کمی کرتا ہے۔

    آریکا پام ٹری

    یہ پودا کم روشنی میں بھی ہرا بھرا رہتا ہے اور ہوا کو صاف رکھنے کے ساتھ ساتھ درجہ حرارت میں کمی کرتا ہے۔

    ویپنگ فگ

    ویپنگ فگ نامی پودا گرمی سے پیدا ہونے والی بدبو کو ختم کر کے کمرے کی فضا کو خوشبو دار بناتا ہے جبکہ گرمی میں بھی کمی کرتا ہے۔

    بے بی ربڑ پلانٹ

    یہ پودا بھی کمرے کو ٹھنڈا رکھنے اور گرمی کم کرنے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔

  • سعودی عرب میں قیامت خیز گرمی، درجہ حرارت 50 ڈگری تک جانے کا امکان

    سعودی عرب میں قیامت خیز گرمی، درجہ حرارت 50 ڈگری تک جانے کا امکان

    ریاض: سعودی عرب میں محکمہ موسمیات نے قیامت خیز گرمی پڑنے اور درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی پیشنگوئی ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی محکمہ موسمیات نے امکان ظاہر کیا ہے کہ مشرقی ریجن اور شمالی حدود ریجن میں پیر 27 جولائی سے جمعرات تک درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ جائے گا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس بات کا بڑا امکان ہے کہ شدید گرمی کی لہر سے دارالحکومت ریاض، اس کی کمشنریاں اور تحصیلیں بھی متاثر ہوں گی۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق القصیم اور مدینہ منورہ ریجنز میں درجہ حرارت 48 سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔

    دوسری جانب اتوار کو باحہ ریجن میں گرد و غبار کے طوفان سے حد نظر محدود ہوگئی، بعد ازاں تیز ہواؤں کے ساتھ کہیں موسلا دھار اور کہیں ہلکی بارش نے منظر نامہ بدل دیا۔ کئی علاقوں میں ژالہ باری بھی ہوئی۔

    باحہ سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق باحہ شہر المخواۃ، المندق، بلجرشی، الہجرۃ، بنی حسن اور غامد الزنان میں رات 8 بجے تک بارش ہوتی رہی ہے۔

  • ملک کے بڑے شہر پر بدستور اندھیروں کا راج، کے الیکٹرک کے آگے سب بے بس

    ملک کے بڑے شہر پر بدستور اندھیروں کا راج، کے الیکٹرک کے آگے سب بے بس

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت اور ملک کے بڑے صنعتی شہر پر بدستور اندھیروں کا راج ہے، بجلی تقسیم کار کمپنی کے الیکٹرک کے آگے سب بے بس نظر آنے لگے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں بد ترین لوڈ شیڈنگ جاری ہے، مرکز میں حکومت کرنے والی پارٹی کے وزرا سمیت عدالتی احکامات اور سیاسی جماعتوں اور عوام کے احتجاج تک ہر تدبیر کے الیکٹرک کے آگے ناکام ہو چکی ہے۔

    کراچی کے علاقوں کورنگی کراسنگ، لکھنؤ سوسائٹی، ناصر کالونی میں کئی گھنٹے سے بجلی غائب ہے، لانڈھی، قائد آباد، ملیر، کھوکھراپار، کالا پل میں بھی بجلی کی طویل بندش کا سلسلہ جاری ہے۔

    کراچی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ، فاروق ستار کا کے الیکٹرک کے دفتر کے باہر دھرنا دینے کا اعلان

    شاہ فیصل کالونی، لیاری، نارتھ کراچی، لائنز ایریا، رنچھوڑ لائن، پاک کالونی میں بھی رات گئے بجلی بند رہی، گلستان جوہر، موسمیات، صفورا گوٹھ، جمشید کوارٹر، گلستان جوہر، لیاقت آباد میں بھی بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔

    طویل لوڈ شیڈنگ کے باعث گھروں میں پانی کی قلت کا سامنا ہے، اور شہری دوہری پریشانیوں میں مبتلا ہے۔ کے الیکٹرک ان علاقوں میں بھی لوڈ شیڈنگ کر رہی ہے جو مستثنیٰ قرار دیے جا چکے ہیں، جہاں کرونا وائرس کے مریضوں کو قرنطینہ کیا گیا۔

    ایک طرف کراچی والے عذاب میں مبتلا ہیں اور مختلف علاقوں میں شہریوں نے رات جاگ کر گزاری، دوسری طرف کے الیکٹرک کا دعویٰ ہے کہ کراچی میں کہیں لوڈ شیڈنگ نہیں ہو رہی۔ ادھر ترجمان پاور ڈویژن نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں بجلی کا کوئی شارٹ فال نہیں، تقسیم کار کمپنیاں ضرورت کے مطابق سسٹم سے بجلی لے رہی ہیں۔

    ذرایع پاور ڈویژن نے ملک میں بجلی کی مجموعی طلب اور رسد کہا ہے کہ ملک میں بجلی کی مجموعی طلب 18196 میگا واٹ ہے جب کہ مجموعی پیداوار 22000 میگا واٹ ہے، ملک میں بجلی کا شارٹ فال صفر ہو گیا، بجلی کی طلب میں نمایاں کمی کی وجہ بارشیں ہیں۔

  • کے الیکٹرک نے صارفین کو لوڈ شیڈنگ کے لیے ایس ایم ایس بھیجنا شروع کر دیے

    کے الیکٹرک نے صارفین کو لوڈ شیڈنگ کے لیے ایس ایم ایس بھیجنا شروع کر دیے

    کراچی: کے الیکٹرک نے وزارتِ پانی و بجلی کے احکامات ہوا میں اڑا دیے، لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ علاقوں میں فنی خرابی اور لوڈ مینجمنٹ کے نام پر لوڈ شیڈنگ شروع کر دی، کئی علاقوں میں کیبل اور پی ایم ٹی کے فالٹس کے نام پر بجلی کی بندش کا سلسلہ جاری ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں بدترین لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، کے الیکٹرک نے صارفین کو لوڈ شیڈنگ کے لیے ایس ایم ایس بھیجنا شروع کر دیے، کئی علاقوں میں لوڈ شیڈنگ سے معمولات زندگی درہم برہم ہو گئے۔

    کراچی کے متعدد علاقوں میں کیبل اور پی ایم ٹی کے فالٹس کے نام پر بجلی بند کی جا رہی ہے، کے الیکٹرک کی جانب سے لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ علاقوں میں بھی لوڈ شیڈنگ ہونے لگی ہے، کے الیکٹرک حکام کی جانب سے صارفین کو لوڈ شیڈنگ کے پیغامات بھی موصول ہونا شروع ہو گئے۔

    کے الیکٹرک نے دن میں گرمی کے ستائے شہریوں سے رات کا سکون بھی چھین لیا، لیاقت آباد، اولڈ سٹی ایریا، صدر، کورنگی، لانڈھی کے علاقے شدید متاثر ہیں، شہر کے مختلف علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 15 گھنٹے تک پہنچ گیا، گلشن حدید، نارتھ کراچی، لیاری، کیماڑی میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے، گلشن معمار، ڈیفنس، گلستان جوہر اور دیگر علاقوں میں بھی لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔

    شدید گرمی میں لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے پانی کا بحران بھی شہریوں کو پریشان کر رہا ہے، عثمان آباد، گلبہار، شو مارکیٹ گارڈن، آگرہ تاج میں 12 گھنٹے بجلی غائب، شیر شاہ، سائٹ، بلدیہ کے علاقوں میں بھی 12 گھنٹوں تک لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔ کیماڑی، سرجانی، اورنگی ٹاؤن، بنارس، قصبہ کالونی میں بجلی گھنٹوں غائب رہنے لگی ہے۔

    دوسری طرف ذرایع کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کو این ٹی ڈی سی سے 800 میگا واٹ بجلی فراہم کی جا رہی ہے، کے الیکٹرک کو مقدار سے زیادہ گیس اور تیل بھی فراہم کیا جا رہا ہے، جب کہ کے الیکٹرک نے بن قاسم کے دو یونٹ بند کیے ہوئے ہیں، بوسیدہ ترسیلی نظام اور پیداوار میں کمی لوڈ شیڈنگ کی بنیادی وجہ قرار دی گئی ہے۔

  • کراچی میں موسم آج گرم اور خشک رہے گا، محکمہ موسمیات

    کراچی میں موسم آج گرم اور خشک رہے گا، محکمہ موسمیات

    کراچی: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج موسم گرم، خشک اور مطلع مکمل صاف رہے گا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج کراچی میں موسم گرم اور خشک رہے گا، شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت37 سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 71 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔

    صوبہ سندھ کے شہر جیکب آباد میں آج صبح سے سورج تیور دکھا رہا ہے جہاں درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، لاڑکانہ میں 38 ڈگری، خانیوال فیصل آباد اور گوجرانولہ میں درجہ حرارت 35 ڈگری تک پہنچ گیا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات سے منگل تک موسم ابرآلود رہے گا، پنجاب،خیبرپختونخوا،، کشمیر،سندھ اور شمال مشرقی بلوچستان میں بارش برسے گی اور تیز ہوائیں بھی چلیں گی۔

    کے پی میں بارشوں کا نیا سلسلہ آج رات سے شروع ہونے کا امکان ہے،پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو ایڈوائزری جاری کر دی۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کے پی میں آج سے 2 جون تک تیز ہواؤں،بارشوں کا امکان ہے۔

    ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بارشوں کے پیش نظرضلعی انتظامیہ،ریسکیو1122،متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی۔پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ کسان گندم کی کٹائی میں احتیاتی تدابیر اختیار کریں۔

  • محکمہ موسمیات نے کراچی کے شہریوں کو خبردار کر دیا

    محکمہ موسمیات نے کراچی کے شہریوں کو خبردار کر دیا

    کراچی: محکمہ موسمیات نے کراچی کے شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے ہیٹ ویو کی پیش گوئی کر دی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ کل 17 مئی کے بعد درمیانے درجے کی ہیٹ ویو کراچی کا رخ کرے گی، 17 سے 21 مئی تک درجہ حرارت 39 سے 41 ڈگری تک جا سکتا ہے، اس دوران سمندری ہوائیں بند رہیں گی۔

    موسمیات کے مطابق کراچی میں آج موسم گرم اور مرطوب رہے گا، شہر کا موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، جب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 58 فی صد ہے۔

    دوسری طرف آج ملک بھر میں موسم گرم رہنے اور کہیں کہیں بارش کا امکان ہے، مقبوضہ جموں و کشمیر اور لداخ میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی، یہ وہ علاقے ہیں جن پر بھارت برسوں سے قابض ہے اور مظلوم کشمیری عوام اپنے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں۔

    موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود اور موسم خشک اور گرم رہے گا، کم سے کم درجہ حرارت 31 ڈگری اور زیادہ سے زیادہ 33 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا، پنجاب کے مختلف شہروں راولپنڈی، مری میں مطلع ابر آلود جب کہ لاہور میں صاف رہے گا، لاہور میں پارہ 35 سے 37 ڈگری رہنے کا امکان ہے۔

    پشاور سمیت بالائی خیبر پختون خوا میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا اور کہیں کہیں بارش کا امکان ہے، پشاور میں درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری رہنے کا امکان ہے۔ کوئٹہ میں مطلع ابر آلود اور درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے۔ سندھ کے بیش تر شہروں میں سخت گرمی کا راج ہے البتہ سکھر اور لاڑکانہ کے بعض علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں اتوار سے جمعہ تک ہیٹ ویو کا خدشہ ہے، گلگت بلتستان میں بادل چھائے رہیں گے، گلگت میں آج درجہ حرارت 31 سے 33 ڈگری رہنے کی توقع ہے، آزاد کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے، مظفرآباد میں درجہ حرارت 31 سے 33 ڈگری رہے گا۔

    بھارت کے زیر قبضہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھی بارشیں جاری ہیں، سری نگر میں درجہ حرارت 22 سے 24، جموں میں 33 سے 35 اور لداخ میں 10 سے 12 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے۔

  • کیا کرونا وائرس گرمی میں ختم ہوسکتا ہے؟

    کیا کرونا وائرس گرمی میں ختم ہوسکتا ہے؟

    ریاض: سعودی وزارت صحت نے اس بات کی وضاحت کردی ہے کہ کرونا وائرس گرم موسم میں ختم ہوگا یا نہیں، ان کے مطابق وائرس سے بچنے کے لیے ہر موسم میں احتیاطی تدابیر اپنانی ضروری ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت صحت کے ترجمان محمد العبد العالی کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس دھات اور اس سے بنی اشیا پر زیادہ عرصے تک رہتا ہے، انہیں کسی بھی حالت میں چھونے سے گریز کیا جائے۔

    ترجمان کے مطابق ابھی تک کسی بھی سائنٹفک جائزے سے یہ بات ثابت نہیں ہوئی کہ کرونا وائرس 30 سینٹی گریڈ درجہ حرارت یا کسی بھی درجہ حرارت میں اپنا اثر کھو بیٹھتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اس قسم کی باتوں پر اعتبار نہ کیا جائے اور اس بات کو ہمیشہ پیش نظر رکھا جائے کہ کرونا وائرس دھات والی چیزوں سے گھنٹوں چپکا رہتا ہے، اس سے بچنے کے لیے تمام ضروری تدابیر پر عمل کیا جائے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ دھات کی کسی بھی چیز کو چھونے سے گریز کریں اور درجہ حرارت کے حوالے سے کہی جانے والی باتوں پر بھروسہ نہ کریں۔

    یاد رہے کہ سوشل میڈیا پر کہا جارہا ہے کہ کرونا وائرس 30 سینٹی گریڈ درجہ حرارت میں بے اثر ہوجاتا ہے، کئی افراد نے دھوپ میں بیٹھنے اور چلنے کو کرونا وائرس سے بچاؤ کا ذریعہ بھی بتا رہے ہیں۔

  • کراچی میں آج موسم گرم اور مطلع صاف رہے گا

    کراچی میں آج موسم گرم اور مطلع صاف رہے گا

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت سندھ میں آج موسم گرم اور مطلع صاف رہے گا، درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 35 ڈگری رہنے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں آج بھی موسم گرم اور مرطوب رہے گا ، شہرکا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ، ہوا کی رفتار 6 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 24.5 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 63 فیصد ریکارڈ کیا گیا تھا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے اکثر علاقوں میں موسم خشک جبکہ شمالی علاقہ جات میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے تاہم بالائی خیبرپختونخواہ اور گلگت بلتستان کے اضلاع میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

    دوسری جانب کوئٹہ سمیت بلوچستان کے اکثر علاقوں میں موسم خشک ہے جبکہ صوبے کے شمال مغربی اضلاع میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔