Tag: گرم ملبوسات

  • لنڈا بازاروں میں ملنے والے ملبوسات کی قیمتیں آسمان پر

    لنڈا بازاروں میں ملنے والے ملبوسات کی قیمتیں آسمان پر

    کراچی / لاہور : ملک کے مختلف شہروں میں سردی کا زور بڑھتے ہی لوگوں نے گرم ملبوسات کی خریداری کے لیے لنڈا بازاروں کا رخ کرلیا۔

    اس بار لنڈا بازار میں ہونے والی مہنگائی نے خریداروں کی ہمت توڑ دی ہے، ان کا کہنا ہے کہ لنڈے میں سستی اشیاء کی تلاش میں آئے لیکن قیمتیں سن کر سردی میں بھی پسینے چھوٹ گئے ہیں۔

    لاہور :

    پنجاب کے شہر لاہور میں پہلی بارش کے بعد لنڈا بازار میں گرم ملبوسات کی خریداری جاری ہے تاہم کم آمدنی والے شہری سستے کپڑوں اور جوتوں کی تلاش میں سرگرداں دکھائی دیے لیکن انہیں کافی حد تک مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔

     لنڈا بازار

    کراچی :

    شہر قائد میں لگنے والے مختلف بچت بازاروں میں بھی لنڈے کے کپڑے فروخت کیے جاتے ہیں، اس کے علاوہ سویٹر، جرسی، جیکٹ اور جرابوں کی مانگ میں اضافے سے شہر کے اہم گلی محلے اور سڑکیں لنڈے بازاروں میں تبدیل ہوگئیں۔

    صورتحال کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے دکانداروں نے بھی قیمتوں میں من مانا اضافہ کردیا, لنڈا بازار جانے والوں کے ہوش اس وقت اڑے، جب انہیں معلوم ہوا کہ اب لنڈے کے مال کی قیمت بھی ان کی دسترس سے باہر ہوچکی ہے۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کراچی روحہ فاطمہ کی رپورٹ کے مطابق خریداروں کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال کی نسبت رواں سال ان بازاروں میں غریب اور متوسط طبقے کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، استعمال شدہ پرانے گرم ملبوسات کی قیمتیں دگنی ہوگئی ہیں۔

    دوسری جانب دکاندار بھی مال مہنگا ملنے کا شکوہ کرتے دکھائی دے رہے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ مال پیچھے سے ہی مہنگا مل رہا ہے سستا کیسے فروخت کرسکتے ہیں۔

  • کیا آپ ٹھنڈ سے بچنے کے لیے موزے پہن کر سوتے ہیں؟

    کیا آپ ٹھنڈ سے بچنے کے لیے موزے پہن کر سوتے ہیں؟

    سرد اور ٹھنڈی ہواؤں سے بچنے کے لیے گرم ملبوسات استعمال کرنے کے ساتھ ہم اپنے پیروں کو بچانے کے لیے گھر اور گھر سے باہر نکلتے ہوئے موزے پہنتے ہیں جو کہ عام بات ہے، لیکن اکثر لوگ اس موسم میں سوتے وقت بھی موزے نہیں اتارتے جو طبّی ماہرین کے مطابق ہماری صحّت پر منفی اثرات مرتب کرسکتا ہے۔

    ماہرین اسے صحّت مند رجحان یا طرزِ عمل نہیں سمجھتے۔ ان کے مطابق موزے پہن کر سونے سے دورانِ نیند مجموعی صحّت پر منفی اثر پڑتا ہے۔ یہ نیند میں خلل ڈالتا ہے جب کہ بلڈ پریشر کا بڑھ جانا اور اگر تنگ موزے پہنے گئے ہوں تو اس سے ہماری جلد پر انفیکشن ہوسکتا ہے۔

    طبّی ماہرین کے مطابق کئی گھنٹے تک سونے کے دوران اگر کسی شخص نے موزے پہن رکھے ہوں تو اس کا بلڈ پریشر بڑھ جاتا ہے اور یہ براہِ راست دل پر اثرانداز ہوتا ہے۔ اس لیے احتیاط ضروری ہے۔

    طبّی ماہرین کے مطابق پیروں‌ کی صحّت اور ان کی صفائی کا خیال رکھنا ضروری ہے۔ ان کی جلد پر بھی مسام موجود ہوتے ہیں جنھیں تازہ ہوا کی ضرورت ہوتی ہے اور اگر سردیوں‌ میں ٹھنڈ سے بچنے کے لیے موزے پہن کر سونے کو معمول بنا لیا جائے تو یہ ان مساموں کے لیے نقصان دہ ہے۔ پیروں کی جلد کے یہ مسام بند ہو سکتے ہیں اور ان کی صحّت متاثر ہوتی ہے۔

    ماہرین کے مطابق سردیوں‌ میں‌ جلد خاص طور پر پیروں پر لوشن یا پیٹرولیم جیل لگانا عام بات ہے، لیکن رات کو سونے سے قبل یہ کام انجام دینے کے بعد اکثر لوگ موزے پہن لیتے ہیں اور موزوں کی وہی جوڑی کئی دن تک اسی طرح استعمال میں‌ رہتی ہے جو جلدی مسائل کا سبب بنتی ہے اور پیروں کی جلد انفیکشن کا شکار ہوسکتی ہے۔

    ایک عام مسئلہ جسمانی درجہ حرارت میں اضافہ بھی ہے اور موزے پہن کر سونے کے دوران ضرورت سے زیادہ درجہ حرارت بڑھ جانے سے نیند متاثر ہوتی ہے اور ایسا فرد بے چین رہتا ہے۔

    طبّی ماہرین کہتے ہیں‌ کہ اگر پیروں کو گرم کرنے کی ضرورت محسوس ہو تو سونے سے کچھ دیر قبل گرم موزے پہن لیں اور جب اس طرف سے پُرسکون ہوجائیں‌ تو موزے اتار کر لحاف اوڑھ لیں۔