Tag: گرم موسم

  • سائنس دانوں نے دنیا کے درجہ حرارت سے متعلق تشویش ناک پیش گوئی کر دی

    سائنس دانوں نے دنیا کے درجہ حرارت سے متعلق تشویش ناک پیش گوئی کر دی

    واشنگٹن: سائنس دانوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگلے پانچ سال میں دنیا میں گرمی کا نیا ریکارڈ قائم ہو سکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ماہرینِ موسمیات نے یہ خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس بات کا 40 فی صد امکان ہے کہ اگلے پانچ برس میں دنیا کا درجہ حرارت اس حد سے آگے بڑھ جائے گا جس سے آب و ہوا سے متعلق پیرس معاہدے کے ذریعے بچنے کی کوشش کی گئی ہے۔

    موسمیاتی ماہرین کی عالمی تنظیم (ڈبلیو ایم او) نے تازہ پیش گوئی میں کہا ہے کہ دنیا میں 2025 کے اختتام تک گرم ترین سال کا نیا ریکارڈ بننے کا امکان 90 فی صد ہے، اور بحر اوقیانوس میں آئندہ برسوں میں جنم لینے والے سمندری طوفان زیادہ خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق اس سال شمالی نصف کرہ ارض پر خشکی کے زیادہ تر حصوں میں درجہ حرارت حالیہ عشروں کے مقابلے میں 1.4 ڈگری فارن ہائیٹ زیادہ ہوگا جو تقربیاً 0.8 ڈگری سینٹی گریڈ کے مساوی ہے۔

    خیال رہے کہ 2015 میں آب و ہوا سے متعلق پیرس معاہدے میں درجہ حرارت کو ایک ڈگری کے چند دسویں حصوں کے لگ بھگ گرم رکھنے کا ہدف طے کیا گیا تھا، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 40 فی صد امکان ہے کہ اگلے پانچ برسوں میں کم از کم ایک سال ایسا ہو سکتا ہے جس میں درجہ حرارت صنعتی دور سے قبل کے عالمی درجہ حرارت کے مقابلے میں ڈیڑھ ڈگری سینٹی گریڈ یعنی 2.7 ڈگری فارن ہائیٹ سے زیادہ ہو۔

    گزشتہ سال موسمیات کے ماہرین کی ٹیم نے اپنی پیش گوئی میں کہا تھا کہ درجہ حرارت میں اضافے کا امکان 20 فی صد کے لگ بھگ ہے۔ موسمیات کے ایک برطانوی سائنس دان لیون ہرمن سن کا کہنا ہے کہ درجہ حرارت میں اس دگنے اضافے کی وجہ ٹیکنالوجی کے شعبے میں ترقی کی رفتار ہے۔

    پنسلوانیا اسٹیٹ یونی ورسٹی کے موسمیاتی امور کے سائنس دان مائیکل مان کا کہنا ہے کہ کرہ ارض کا درجہ حرارت بڑھنے سے سمندری طوفانوں کی تعداد اور شدت میں اضافہ ہو رہا ہے جو بڑے پیمانے پر جانی اور مالی نقصان کا سبب بن رہے ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ صورت حال اگلے کئی عشروں تک برقرار رہ سکتی ہے، تاہم اس پر ٹھوس اقدامات کے ذریعے قابو پایا جا سکتا ہے۔

  • کیا کرونا وائرس گرمی میں ختم ہوسکتا ہے؟

    کیا کرونا وائرس گرمی میں ختم ہوسکتا ہے؟

    ریاض: سعودی وزارت صحت نے اس بات کی وضاحت کردی ہے کہ کرونا وائرس گرم موسم میں ختم ہوگا یا نہیں، ان کے مطابق وائرس سے بچنے کے لیے ہر موسم میں احتیاطی تدابیر اپنانی ضروری ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت صحت کے ترجمان محمد العبد العالی کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس دھات اور اس سے بنی اشیا پر زیادہ عرصے تک رہتا ہے، انہیں کسی بھی حالت میں چھونے سے گریز کیا جائے۔

    ترجمان کے مطابق ابھی تک کسی بھی سائنٹفک جائزے سے یہ بات ثابت نہیں ہوئی کہ کرونا وائرس 30 سینٹی گریڈ درجہ حرارت یا کسی بھی درجہ حرارت میں اپنا اثر کھو بیٹھتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اس قسم کی باتوں پر اعتبار نہ کیا جائے اور اس بات کو ہمیشہ پیش نظر رکھا جائے کہ کرونا وائرس دھات والی چیزوں سے گھنٹوں چپکا رہتا ہے، اس سے بچنے کے لیے تمام ضروری تدابیر پر عمل کیا جائے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ دھات کی کسی بھی چیز کو چھونے سے گریز کریں اور درجہ حرارت کے حوالے سے کہی جانے والی باتوں پر بھروسہ نہ کریں۔

    یاد رہے کہ سوشل میڈیا پر کہا جارہا ہے کہ کرونا وائرس 30 سینٹی گریڈ درجہ حرارت میں بے اثر ہوجاتا ہے، کئی افراد نے دھوپ میں بیٹھنے اور چلنے کو کرونا وائرس سے بچاؤ کا ذریعہ بھی بتا رہے ہیں۔

  • خبردار! یہ گرمی موت کا سبب بن سکتی ہے

    خبردار! یہ گرمی موت کا سبب بن سکتی ہے

    پاکستان میں موسم گرما اپنے عروج پر ہے اور بعض علاقوں میں پارہ 47 ڈگری سے بھی اوپر جارہا ہے ، ایسے موسم میں بے احتیاطی موت کا سبب بن سکتی ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ انسانی جسم کا درجہ حرارت 41 ڈگری پر پہنچ جائے تو موت واقع ہونے کے امکانات 90 فیصد تک بڑھ جاتے ہیں۔ یہ درجہ حرارت موسمی درجہ حرارت نہیں بلکہ انسانی جسم کا درجہ حرارت ہے، جس کی تیزی سے بخار کا مرض لاحق ہوتا ہے۔

    یہی سبب ہے کہ شدید گرمی سے بزرگ، خواتین اور بچے سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔ اس شدید موسم میں کچھ ایسی تدابیر ہیں جن کا جاننا اور ان پر عمل پیرا ہونا بے حد ضروری ہے

    گرمی کا سدباب کرنے والی غذائیں

    کدو ، ٹنڈے ، اروی ، گھیا توری ، شلجم ، پیٹھا ، مولی ، گاجر ، کھیرا ، دودھ ، دیسی گھی ، شربت بزوری ، بلنگو اور شربت بادام پھلوں میں تربوز ، کیلا خوبانی اور خربوزہ ، یہ ایسی غذائیں ہیں کہ ان کا استعمال موسم گرما میں جسم کا درجہ حرارت کم کرنے میں مدد دیتا ہے ۔

    املی اور آلو بخارے کا لال شربت پیاس کی شدت کو انتہائی کم کر دیتا ہے اورساتھ ہی ساتھ سونف اور الائچی کا قہوہ گرمی کا بہترین توڑ ہے۔
    جس قدر ممکن ہو پانی کا استعمال زیادہ کریں اور اگر فریج کے بجائے مٹکے کا پانی استعمال کریں تو بہتر ہے کہ اس کی قدرتی فرحت پیاس کی شدت کو کم کرنے میں مدد دیتی ہے۔

    کون سی غذائیں نہ کھائی جائیں

    گرمی کی آمد کے ساتھ ہی گوشت ، انڈہ ، اچار ، کولڈ ڈرنکس ، تیز مرچ مصالحے ، پالک ، میتھی وغیرہ کھانے سے اجتناب کریں اور اپنے کھانے میں نمک کا کم سے کم استعمال کریں۔

    کپڑوں میں احتیاط

    جب درجہ حرارت زیادہ ہو تو سفید ، گلابی ، سبز اور ہلکے رنگ کے کپڑوں کا استمعال کریں اورکالا ، نیلا ، لال ، میرون ، جامنی اور گہرے رنگ والے کپڑے پہننے سے پرہیز کریں۔

    کوشش کریں کہ کالے رنگ کے اور مکمل بند جوتے کم سے کم پہنیں اور ان کی جگہ ہوا دار جوتوں کا استعمال کریں۔

    گھر سے نکتے وقت گیلا تولیہ ضرور ساتھ رکھیں۔ اگر یہ ممکن نہ ہو تو سر اور گردن کو کسی کپڑے سے ضرور ڈھانپیں اور دھوپ کی عینک کا استعمال بھی کریں، یاد رکھیں سورج کی تپش آنکھوں کے لیے شدید نقصان دہ ہے ۔

    ضروری تدابیر

    انتہائی گرمی کے اوقات یعنی صبح10 سے شام 4 بجے تک بلا ضروری سفر نا کریں اور جتنی بار ممکن ہو، دن میں غسل کریں کہ غسل انسانی جسم کے درجہ حرارت کو نارمل رکھنے کا تیر بہدف نسخہ ہے۔

    سنت نبوی ﷺ بھی ہے اور انسانی فریضہ بھی کہ زیادہ سے زیادہ درخت لگائے جائیں جو کہ جو نہ صرف موجودہ گرمی کو کم کرتے ہیں بلکہ سردی میں پڑنے والی سموگ کا بھی توڑ ہیں ۔ ساتھ ہی ساتھ درخت بارش برسانے میں مدد دیتے ہیں اور ماحول میں موجود کاربن ڈائی آکسائیڈ کو جذب کرکے آب و ہوا کو صاف ستھرا کرتے ہیں۔

    گھروں اور دوکانوں کے باہر راہ گیروں کے لیے ٹھنڈے پانی کا اہتمام کریں اور جب بھی اس موسم میں کوئی برف مانگنے آئے تو اسے منع نہ کریں۔

    انسانوں کے ساتھ جانوروں کا بھی خیال رکھیں اور اپنے گھر کی سایہ دار جگہوں پر پرندوں کے لئے لازمی پانی کا بندوبست کریں۔

  • شہرقائد سے ہیٹ ویوکا خطرہ ٹل گیا

    شہرقائد سے ہیٹ ویوکا خطرہ ٹل گیا

    کراچی: شہر قائد کے شہریوں کے سر پر منڈلاتا ہیٹ ویو کا خطر ہ ٹل گیا ہے تاہم خلیج ِ بنگال میں ہوا کے کم دباؤ کے سبب آئندہ چار دن تک شہر کا موسم گرم رہنے کا امکان ہے۔

    ڈائریکٹر محکمہ موسمیات عبدالرشید نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ 22 سے 26 ستمبر تک کراچی کا درجہ حرارت بڑھنےکا امکان ہے، شہر میں آج بھی سمندری ہوائیں بند رہیں گی جس کے سبب درجہ حرارت میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کل سے چار دن تک خلیج بنگال میں ہوا کے کم دباؤ کے باعث شدید گرمی کی لہر شہر قائد کو لپیٹ میں لے لے گی۔ان کا کہنا تھا کہ گرمی بڑھنےکی وجہ خلیج بنگال میں ہوا کاکم دباؤ ہے، درجہ حرارت میں اضافہ ہواؤں کی سمت تبدیل ہونےکی وجہ سے ہوگا، تاہم تازہ اطلاع کے مطابق آج شام تک شہر میں سمندری ہوائیں چلنا شروع ہوجائیں گی جس کے سبب ہیٹ ویو کا خطرہ پیدا نہیں ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی میں ہفتے اور اتوار کو پارہ 38 ڈگری کو چھوسکتا ہے البتہ 26 ستمبر کے بعد گرمی میں کمی آنا شروع ہوجائے گی خلیج بنگال میں بننےوالاہواکاکم دباؤ مدھیہ پردیش اورمغربی راجھستان میں ہے، شہر میں بارشوں کا کوئی نیا سسٹم داخل نہیں ہورہا ہے۔

    یاد رہے کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شہر میں ممکنہ شدید گرمی کے اندیشے کے سبب ’کے الیکٹرک‘ کو بھی ہدایت کی ہے کہ شدید گرمی میں شہریوں کو بلا تعطل بجلی فراہم کی جائے، انھوں نے واٹر بورڈ کو حکم دیا ہے کہ شہریوں کو پانی کی فراہمی کا نظام مزید بہتر کرے۔

  • ملک کے مختلف شہروں میں سورج آگ برسانے لگا

    ملک کے مختلف شہروں میں سورج آگ برسانے لگا

    کراچی: محکمہ موسمیات نے ملک کے میدانی علاقوں میں پارہ ہائی رہنے کی پیشن گوئی کی ہے، جس کے مطابق آج درجہ حرارت چالیس ڈگری سینٹی گریڈ سے باون ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتاہے، جبکہ ملک کے بیشترعلاقوں میں بھی موسم گرم اورخشک رہنےکی توقع ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان اور سندھ کے میدانی علاقوں میں شدید گرمی پڑے گی۔جس کی وجہ سے دن کے درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ رہیں گےاور وسطی علاقوں میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔

    آج سب سے زیادہ گرمی سندھ کے شہر مونجھوداڑو ، دادو میں 52 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ لاڑکانہ اور سکھر اور اس سے ملحقہ علاقوں میں میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج گرمی کی شدت 40 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کی گئی، جو آئندہ دو تین روز تک جاری رہے گی، اس کے علاوہ کشمیر اور اس سے ملحقہ علاقوں میں آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ہلکی بارش کی توقع ہے۔

     

    واضح رہے کہ گزشتہ روز ریکارڈ کیے گئے گرم ترین مقامات کے درجہ حرارت: لاڑکانہ50، دادو، سبی، سکھر، موہنجوداڑو، جیکب آباد48، تربت47، رحیم یار خان، روہڑی46، کوٹ ادو، بہاولنگر45ڈگریسینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

  • کراچی میں درجہ حرارت مزید دو دن تک گرم رہنے کا امکان

    کراچی میں درجہ حرارت مزید دو دن تک گرم رہنے کا امکان

    کراچی میں سورج مزید دو دن آگ برسائے گا پارہ اڑتیس سے چالیس ڈگری رہنے کا امکان ہے.

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسیمات نے خبردار کیا کہ ملک بھر میں آئندہ کچھ دنوں تک موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے . جبکہ کراچی میں مزید دو دن تک درجہ حرارت اڑتیس سے چالیس ڈگری رہے گا.

    کراچی والوں کو ہیٹ اسٹروک سے چھٹکارا ملا ہی تھا کہ محکمہ موسمیات نے مزید دو دن موسم گرم رہنے کی پیشنگوئی کردی. محمکہ موسمیات کے مطابق شہری غیر ضروری باہر نکلنے سے احتیاط کریں اور گرمی سے بچنے کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

    سیاسی اور سماجی تنظیموں کی جانب سے شہریوں کے لئے شہر کے مختلف حصوں میں کمیپس لگائے گئے ہیں جہاں شہریوں کے لئے پانی کے ساتھ ساتھ گرمی سے بچنے کے لئے دیگر مشروبات کا انتظام کیا گیا ہے.

    سندھ حکومت کی جانب سے اسپتالوں میں ڈاکٹرز کو الرٹ رہنے کی ہدایات کی گئی ہیں تاکہ کسی بھی غیر معمولی صورتحال سے نپٹا جا سکے.

    واضح رہے گزشتہ دنوں کراچی میں شدید گرمی سے تین شہری جان کی بازی ہار گئے تھے۔