Tag: گروپوں میں تصادم

  • مری : دو مسلح گروپوں میں تصادم کے واقعے میں اہم پیشرفت

    مری : دو مسلح گروپوں میں تصادم کے واقعے میں اہم پیشرفت

    مری میں دو تاجر گروپوں کے درمیان مسلح تصادم میں 3 افراد زخمی ہوگئے، پولیس نے 10 ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق مری میں دو مسلح گروپوں کے درمیان تصادم کے بعد پولیس نے دس افراد کو گرفتارکرکے ان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔

    پولیس حکام کے مطابق جی پی او چوک کے قریب دو تاجر گروپوں میں جھگڑا ہوا تھا، اس موقع پر دونوں کی جانب سے کئی گھنٹے فائرنگ اور پتھراؤ کیا گیا۔

    فائرنگ اور پتھراؤ سے سیاحوں کی گاڑیوں کے شیشےٹوٹ گئے، اس حوالے سے ترجمان پولیس نے بتایا کہ مری میں حالات اب مکمل طور پر کنٹرول میں ہیں اور مال روڈ کے حالات اب معمول پر آگئے ہیں، سیاحوں نے پھرسیروتفریح شروع کردی ہے۔

    ترجمان مری پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں گروپوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جارہی ہے، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

    قبل ازیں کئی گھنٹے تک فائرنگ اور پتھراؤ کے باعث ملک بھر سے آنے والے سیاحوں میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔

    ان حالات میں پولیس اہلکار مداخلت کے بجائے اپنے موبائل فونز سے ویڈیو بناتے نظر آئے، ذرائع کے مطابق جھگڑا موجودہ اور سابق انجمن تاجران کے دو گروپوں میں ہوا۔

  • شکارپور: مرزا پور میں دو گروپوں میں تصادم، 6 افراد ہلاک

    شکارپور: مرزا پور میں دو گروپوں میں تصادم، 6 افراد ہلاک

    شکار پور: کچے کے علاقے مرزاپور میں زمین کے تنازع پر دو گروپوں میں تصادم کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق شکار پور میں کچے کے علاقے مرزاپور میں جونیجو اور کلہوڑو برادری میں زمین کے تنازع پر تصادم ہوا، دونوں گروپوں میں فائرنگ کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے ساتھ ہی مزید نفری طلب کرلی ہے، دونوں گروپوں میں فائرنگ کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔

    ایس ایس پی امجد شیخ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ فائرنگ میں ہلاک افراد میں اکثریت جرائم پیشہ افراد کی ہے جس کے لیے ہلاک ہونے والے افراد کا ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے۔

    پولیس کا مزید کہنا ہے کہ ہلاک افراد کی لاشیں جائے وقوع پر اب بھی موجود ہے، فائرنگ میں جدید اسلحے کا استعمال کیا گیا ہے۔

  • کراچی: لیاری میں 2مختلف گروپوں میں تصادم، 2افراد جاں بحق

    کراچی: لیاری میں 2مختلف گروپوں میں تصادم، 2افراد جاں بحق

    کراچی کے علاقے لیاری میں دو مختلف گروپوں میں تصادم کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ علاقہ مکین گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔

    کراچی کے علاقہ لیاری آج پھر میدان جنگ بن گیا، علاقے میں گولیوں تڑتڑاہٹ اور بم دھماکوں کی گونج نے علاقے میں خوف کی فضا طاری کر دی۔

    آج صبح سویرے لیاری کے علاقے رانگی واڑہ میں دو گروپوں میں تصادم کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے، جس کے بعد لیاری کے مختلف علاقے فائرنگ سے گونج اٹھے، علاقے میں کشیدگی کی وجہ سے علاقہ مکین گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔

    لیاری کے علاقے جھٹ پٹ مارکیٹ میں بھی نامعلوم افراد نے دستی بم حملہ کیا، جس کے نتیجے میں کینگ وار کا اہم ملزم ملا نثار کے زخمی ہونے کے اطلاعات ہیں، کلا کوٹ اور لیاری جنرل اسپتال کے اطراف میں بھی فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار ابھی تک ان علاقوں میں داخل نہیں ہوسکے۔

    لیاری کے علاقے میوہ شاہ سے ایک شخص کے تشدد زدہ لاش ملی ہے، دوسری جانب رینجرز اور پولیس نے رات گئے شہر کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران متعدد افراد کو گرفتار کرلیا۔