Tag: گروگرام

  • پالتو کتے نے واک پر جانیوالی خاتون کو بھنبھوڑ دیا، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    پالتو کتے نے واک پر جانیوالی خاتون کو بھنبھوڑ دیا، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    گروگرام(31 جولائی 2025): بھارت میں چہل قدمی کے دوران خاتون پر پالتو کتے نے بے دردی سے حملہ کردیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ہریانہ میں گروگرام کے گالف کورس روڈ پر ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے جہاں چہل قدمی کے لیے آنے والی خاتون پر ایک پالتو ہسکی نے حملہ کردیا۔

    خاتون پر حملہ کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کتے نے خاتون پر اچانک حملہ کردیا اور دائیں ہاتھ کو کاٹ لیا۔

    پالتو کتے کے حملے میں خاتون شدید زخمی ہو گئی انہیں متعدد چوٹیں لگیں ہیں، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے ہسکی کی خاتون مالک نے بڑی جدوجہد کے بعد  خاتون سے نجات دلائی۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ آس پاس کے لوگ موقع پر پہنچ گئے اور خاتون کو کتے کے چنگل سے چھڑانے کی کوشش کی اور کافی کوشش کے بعد کتے کو وہاں سے ہٹادیا۔

    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ زخمی خاتون کو قریبی اسپتال لے جایا گیا جہاں ابتدائی علاج کے بعد انہیں ڈسچارج کردیا گیا، کتوں کے حملوں کی بڑھتی ہوئی رپورٹ سے رہائشیوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔

    منگل کے روز بھی دہلی کے ایک پارک میں صبح کی سیر کے دوران آوارہ کتوں کے حملے میں ایک 55 سالہ شخص کی موت ہو گئی تھی۔

  • تھپڑ کا بدلہ لینے کیلئے نوجوان نے سابق مالک مکان کو گولیوں سے بھون ڈالا

    تھپڑ کا بدلہ لینے کیلئے نوجوان نے سابق مالک مکان کو گولیوں سے بھون ڈالا

    گھر کے باہر بیٹھے سابق مالک مکان کو 20 سالہ نوجوان نے گولیاں مار کر قتل کردیا اور موقع سے فرار ہوگیا۔

    بھارتی شہر گروگرام میں 20 سالہ نوجوان نے تھپڑ مارنے کی پاداش میں اپنے سابق مالک مکان پر گولیوں کی بوچھاڑ کردی اور ایک کے بعد ایک پے درپے پانچ گولیاں اس کے جسم میں اتار دیں جس کے باعث وہ ہلاک ہوگیا۔

    پولیس نے بتایا کہ مرنے والے کی شناخت 35 سالہ دیپک کے نام سے ہوئی ہے جبکہ مذکورہ واقعہ جمعرات کی شام 7:15 پر پیش آیا۔

    ملزم کیلاش اپنی موٹر سائیکل پر آیا اور اس نے دیپک پر پانچ فائر کیے جس کے بعد مقتول زمین پر گرگیا، اسے فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹرز نے اسے مردہ قرارت دیدیا۔

    واقعے کے چشم دید گواہ دیپک کے کزن سدیپ نے ایف آئی آر درج کروائی ہے، اس نے بتایا کہ گولی چلنے کی آواز سننے کے بعد لوگ گھروں سے باہر آگئے اور مقتول کو اسپتال لے کر گئے۔

    اس دوران کچھ لوگوں نے ملزم کیلاش کو پکڑنے کی کوشش کی تاہم وہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، پولیس نے ملزم کے خلاف سیکشن 302 کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔

    تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ کیلاش پہلے بھی مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث رہا ہے اور روہٹاک میں اس کے خلاف پہلے سے دو مقدمات درج ہیں۔

  • وائرل ویڈیو: تیندوا گھر میں داخل ہونے کا دہشت ناک واقعہ

    وائرل ویڈیو: تیندوا گھر میں داخل ہونے کا دہشت ناک واقعہ

    ہریانہ: بھارتی شہر گروگرام میں بدھ کو جنگل سے نکل کر آنے والا تیندوا ایک گھر میں داخل ہو گیا، جس نے علاقے میں دہشت پھیلا دی، تیندوے کے حملے میں ایک 16 سالہ لڑکا زخمی بھی ہو گیا ہے۔

    انٹرنیٹ پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جو دراصل ایک سی سی ٹی وی فوٹیج ہے جس میں تیندوے کو ایک گھر میں داخل ہوتے دیکھا جا سکتا ہے، اس واقعے نہ صرف گھر والوں میں بلکہ پورے محلے میں سنسنی پھیلا دی تھی۔

    علاقہ مکینوں نے واقعے کے بعد فوری طور پر پولیس اور وائلڈ لائف کو مطلع کر دیا، جس پر تیندوے کو پکڑنے کے لیے ایک ٹیم بھیجی گئی۔ فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ محکمہ جنگلی حیات کے اہل کار تیندوے کو پکڑنے کے لیے جال اور بے ہوشی کی ڈارٹ بھی لے کر آئے ہیں اور وہ تیاری میں مگن ہیں۔

    بڑی تعداد میں علاقے کے لوگ مذکورہ گھر کے سامنے جمع ہو گئے تھے، اہلکاروں نے 5 گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد تیندوے کو ریسکیو کیا، اور اسے جنگل میں لے گئے۔

    وائلڈ لائف انسپکٹر راجیش چاہل کے مطابق انھیں چار سالہ نر تیندوے کی اطلاع اس وقت ملی جب اسے نرسنگھ پور میں صبح 8 بجے کے قریب گاؤں والوں نے دیکھا، انسپکٹر کے مطابق انھوں نے دیکھا کہ جانور دیواروں کو پھلانگ کر ایک زیر تعمیر مکان میں چلا گیا تھا، اور ادھر ادھر گھومتا رہا پھر دوسرے گھر چلا گیا۔

    تیندوے کو دوپہر کے قریب ڈیڑھ بجے ایک ٹرانکولائزر ڈارٹ مار کر پکڑا گیا، جب کہ زخمی لڑکے کو طبی امداد کے لیے اسپتال پہنچایا گیا۔

  • میوزک فیسٹیول میں بجلی بند ہونے پر درجنوں افراد کے موبائل چوری

    میوزک فیسٹیول میں بجلی بند ہونے پر درجنوں افراد کے موبائل چوری

    بھارت میں ایک میوزک فیسٹیول کے دوران اچانک بجلی بند ہونے پر درجنوں لوگ اپنے موبائل فون سے محروم ہوگئے۔

    تفصیلا کے مطابق گروگرام میں ایک میوزک فیسٹیول میں جاری تھا کہ اسی دوران بجلی کی بندش کا واقعہ پیش آیا۔ اتنی سی دیر میں دو درجن سے زیادہ موبائل فون چوری کرلیے گئے۔ پولیس نے 12 مشتبہ افراد کو گرفتار کرتے ہوئے کچھ مسروقہ موبائل فون برآمد کر لیے۔

    پولیس نے بتایا کہ گروگرام کے بیک یارڈ اسپورٹس کلب میں منعقد ہونے والے میوزک فیسٹیول میں دو درجن سے زیادہ موبائل فون چوری ہونے کی اطلاع ملی تھی۔ اتوار کو سنبرن فیسٹیول میں پاور ٹرپ کے دوران مذکورہ واقعات پیش آئے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ جب پنڈال میں اچانک بجلی کا بریک ڈاؤن ہوا تو وہاں تقریباً 10 کے قریب لوگ موجود تھے۔ تاہم جیسے ہی بجلی بحال ہوئی تو کئی افراد اپنے فون سے محروم ہوچکے تھے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ انھوں نے موقع سے 12 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا اور ان سے چوری شدہ دو موبائل فون بھی برآمد کر لیے ہیں۔

    سیکٹر 65 پولیس اسٹیشن کے ڈی سی پی سدھانت جین نے بتایا کہ پولیس کو صرف سات لوگوں کی جانب سے شکایات موصول ہوئی ہیں۔ ہم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 12 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا اور دو چوری شدہ موبائل برآمد کیے

    اتر پردیش کے رہائشی ہمانشو وجے سنگھ نے بتایا کہ میوزک فیسٹول میں بجلی جانے کے بعد وہ اور ان کی بیوی اونتیکا پودار دونوں ہی اپنے موبائل فون سے محروم ہو گئے۔

  • چلتی کار سے پٹاخے پھینک کر لوگوں کو تنگ کرنے کی ویڈیو وائرل

    چلتی کار سے پٹاخے پھینک کر لوگوں کو تنگ کرنے کی ویڈیو وائرل

    چلتی کار کی کھلی چھت سے سڑک پر پٹاخے پھینکنے کر لوگوں کو تنگ کرنے والے نوجوانوں کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس کے بعد پولیس نے انھیں گرفتار کرلیا۔

    سوشل میڈیا پر بھارتی شہر گروگرام کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں سیاہ فورڈ گاڑی کے کھلے سن روف سے نوجوانوں کا ایک گروپ پٹاخے پھوڑ رہا ہے۔ گروگرام پولیس نے گزشتہ روز تینوں افراد کو گرفتار کرلیا۔

    پولیس نے کہا کہ تینوں کی شناخت وویک، جتن اور لوکیش کے نام سے ہوئی جو چلتی کار کی چھت سے پٹاخے پھوڑ رہے تھے اور انھیں وائرل ویڈیو کے بعد گرفتار کیا گیا۔

    پولیس نے مزید بتایا کہ ملزمان کو بعد میں ضمانت دے دی گئی ہے جبکہ مزید تفتیش کے پیش نظر انھیں چھوڑ دیا گیا ہے۔

    وائرل ہونے والی ویڈیو میں سے ایک نوجوان ایس یو وی کے آدھے کھلے دروازے سے لٹکا ہوا ہے اور گاڑی تیز رفتاری سے شہر کے گالف کورس روڈ سے گزر رہی ہے جب کہ دیگر لڑکے پٹاخے پھوڑ رہے ہیں۔

    اس خطرناک اسٹنٹ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس حرکت میں آئی جس کے بعد تین ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔

    ایک سینئر پولیس اہلکار نے بتایا کہ سیاہ فورڈ کو قبضے میں لے لیا گیا ہے۔ کار راجپال نامی ایک شخص کی ہے، جو ملزم لوکیش کا رشتہ دار ہے۔

    پولیس نے ہیڈ کانسٹیبل بلجیت سنگھ کی جانب سے شکایت دائر کرنے کے بعد کارروائی کی۔ جس میں کہا گیا تھا کہ ڈرائیور نہ صرف اپنی زندگی کو خطرے میں ڈال رہا تھا بلکہ دوسروں کی جان کو بھی خطرے میں ڈال رہا تھا۔ قانون کے مطابق کارروائی کی جانی چاہیے۔

  • ’’عزت بچانی تو دو دنوں میں گھر خالی کر دیں‘‘ بھارت میں مسلم دشمن پوسٹرز لگ گئے

    ’’عزت بچانی تو دو دنوں میں گھر خالی کر دیں‘‘ بھارت میں مسلم دشمن پوسٹرز لگ گئے

    نئی دہلی: بھارت کے مشہور مسلم اکثریتی علاقے گروگرام (گڑگاؤں) میں مسلمان مخالف پوسٹرز لگ گئے ہیں جن میں دھمکی دی گئی ہے کہ اگر عزت بچانا چاہتے ہیں تو دو دن میں گھر خالی کر دیں۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست ہریانہ کے علاقے گروگرام میں مسلمانوں کی اکثریتی کچی آبادی میں ہندو انتہا پسندوں نے ایسے پوسٹرز آویزاں کر دیے ہیں جن پر مسلمانوں کو اپنے گھر خالی کرنے کی دھمکی دی گئی ہے۔

    این ڈی ٹی وی کے مطابق گروگرام کے سیکٹر 69 اے میں لگے پوسٹرز پر لکھا ہے: ’’کچی آبادی میں رہنے والے اپنے گھر 28 اگست تک خالی کر دیں ورنہ ان کو سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے، اگر آپ اپنی عزت بچانا چاہتے ہیں تو دو دنوں میں گھر خالی کریں۔‘

    پولیس نے ایکشن لیتے ہوئے مذکورہ پوسٹرز ہٹا دیے اور نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا، اسسٹنٹ پولیس کمشنز منوج کمار کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہاں موجود کچھ کچی آبادیاں ’غیر قانونی‘ ہیں۔

    یاد رہے کہ گروگرام میں کچھ ہی عرصہ قبل ایک مسجد پر حملہ کیا گیا تھا جس میں نائب امام جاں بحق ہو گئے تھے۔