Tag: گریمی ایوارڈ

  • امریکی گلوکارہ بیونس نے گریمی ایوارڈز جیتنے کا ریکارڈ توڑ دیا

    امریکی گلوکارہ بیونس نے گریمی ایوارڈز جیتنے کا ریکارڈ توڑ دیا

    لاس اینجلس: امریکی پاپ گلوکارہ بیونس نے گریمی ایوارڈز جیتنے کا ریکارڈ توڑ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاپ سپر اسٹار بیونس نے اتوار کے روز اپنے پروفیشنل کیریئر میں سب سے زیادہ گریمی ایوارڈز جیتنے کا ریکارڈ توڑ دیا ہے، لیکن اس کے ساتھ ساتھ ایک بار پھر وہ برطانوی گلوکار ہیری اسٹائلز سے سال کے ممتاز البم کا مقابلہ ہار گئیں۔

    رپورٹ کے مطابق امریکی گلوکارہ اور ڈانسر بیونس نے ’بہترین ڈانس/الیکٹرانک البم‘ سمیت 4 گریمی ایوارڈز حاصل کیے، جس سے ان کے گریمی ایوارڈز کی کل تعداد 32 ہو گئی ہے۔

    یوں انھوں نے آنجہانی کلاسیکل کنڈکٹر جارج سولٹی کی جیتی ہوئی 31 ٹرافیوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

    وہ برسوں سے مسلسل کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں لیکن اس کے باوجود 41 سالہ بیونس کبھی بھی بہترین البم ٹرافی حاصل نہیں کر سکی ہیں، اس بار ہیری اسٹائلز نے اتوار کو اپنے البم ’ہیریز ہاؤس‘ کے لیے یہ اعزاز حاصل کر لیا۔

    امریکی گلوکارہ لیزو کے البم ’اباؤٹ ڈیمن ٹائم‘ نے ریکارڈ آف دی ایئر کا ایوارڈ جیتا، اور بونی ریٹ کے گانے ’جسٹ لائک دیٹ‘ نے سال کے بہترین گانے کا اعزاز حاصل کیا، اسی طرح امریکی جاز گلوکارہ سمارا جوئے کو بہترین نئی آرٹسٹ قرار دیا گیا۔

    واضح رہے کہ ان ایوارڈز کے لیے گلوکاروں کا انتخاب ریکارڈنگ اکیڈمی کے تقریباً 11 ہزار اراکین نے کیا۔

  • پاکستانی گلوکارہ کے گریمی ایوارڈ جیتنے پر ماہرہ خان کا رد عمل

    پاکستانی گلوکارہ کے گریمی ایوارڈ جیتنے پر ماہرہ خان کا رد عمل

    سپر اسٹار ماہرہ خان نے عروج آفتاب کے گریمی ایوارڈ جیتنے پر مسرت کا اظہار کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اداکارہ ماہرہ خان نے پاکستانی گلوکارہ عروج آفتاب کے دنیائے موسیقی کے اعلیٰ ترین گریمی ایوارڈز میں ’بیسٹ گلوبل میوزک پرفارمنس‘ کا ایوارڈ جیتنے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔

    ٹویٹر پر ماہرہ خان نے عروج آفتاب کے گریمی ایوارڈ جیتنے پر اپنا ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ اُنھیں عروج آفتاب پر بہت فخر ہے۔ ماہرہ نے عروج آفتاب کے لیے اپنی نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا اور لکھا ’اسی طرح وطن کا نام روشن کرتی رہیں‘۔

    واضح رہے کہ پاکستانی گلوکارہ عروج آفتاب نے 2022 کے گریمی ایوارڈز میں اپنے گانے محبت کے لیے بہترین گلوبل میوزک پرفارمنس کا ایوارڈ جیت لیا، یہ ان کی کے کیریئر کا پہلا گریمی ایوارڈ ہے۔

    عروج آفتاب، جو گریمی کے لیے نامزد ہونے والی پہلی پاکستانی خاتون ہیں، وہ بہترین نئے آرٹسٹ کی کیٹیگری کے لیے بھی نامزد تھیں۔

    عروج آفتاب نے 64 ویں گریمی ایوارڈز کے موقع پر اسٹیج پر کہا، میں نے یہ ریکارڈ ہر اس چیز کے بارے میں بنایا جس نے مجھے توڑا اور مجھے دوبارہ اکٹھا کیا، اسے سننے اور اسے اپنا بنانے کے لیے آپ کا شکریہ۔

    پاکستانی گلوکارہ نے گریمی ایوارڈ جیت لیا

    عروج اس سے پہلے بھی عالمی سطح پر سب کی نظروں میں آچکی ہیں، سابق امریکی صدر باراک اوباما نے ان کا گانا محبت اپنے آفیشل سمر 2021 پلے لسٹ میں شامل کیا تھا۔

    عروج آفتاب 37 سالہ پاکستانی گلوکارہ ہیں، جن کی پیدائش سعودی عرب میں ہوئی لیکن والدین کے ساتھ وطن آ کر لاہور سے اپنی موسیقی کا آغاز کیا، اور امریکا کے برکلے کالج آف میوزک سے تعلیم حاصل کی، اب تک ان کی 3 سولو البم آچکی ہیں، عروج کو بچپن سے کلاسیکی موسیقی، غزل اور قوالی سے لگاؤ رہا ہے، وہ گلوکاری کے علاوہ موسیقار اور پروڈیوسر بھی ہیں۔

  • پاکستانی گلوکارہ نے گریمی ایوارڈ جیت لیا

    پاکستانی گلوکارہ نے گریمی ایوارڈ جیت لیا

    پاکستانی گلوکارہ عروج آفتاب نے 2022 کے گریمی ایوارڈز میں اپنے گانے محبت کے لیے بہترین گلوبل میوزک پرفارمنس کا ایوارڈ جیت لیا، یہ ان کی کے کیریئر کا پہلا گریمی ایوارڈ ہے۔

    عروج آفتاب، جو گریمی کے لیے نامزد ہونے والی پہلی پاکستانی خاتون ہیں، وہ بہترین نئے آرٹسٹ کی کیٹیگری کے لیے بھی نامزد ہیں۔

    عروج آفتاب نے 64 ویں گریمی ایوارڈز کے موقع پر اسٹیج پر کہا، میں نے یہ ریکارڈ ہر اس چیز کے بارے میں بنایا جس نے مجھے توڑا اور مجھے دوبارہ اکٹھا کیا۔ اسے سننے اور اسے اپنا بنانے کے لیے آپ کا شکریہ۔

    انجلیک کڈجو اور برنا بوائے، فیمی کوٹی، اینجلیک کڈجو کے ساتھ یو یو ما، اور وِزکیڈ فٹ ٹیمز اس کیٹیگری کے لیے نامزد امیدوار تھے۔

    گریمی کے لیے دی ریکارڈنگ اکیڈمی نے عروج کا نام 2 ایوارڈز کے لیے نامزد کیا تھا، بیسٹ نیو آرٹسٹ (بہترین نئے گلوکار) کے علاوہ ان کا گانا محبت بیسٹ گلوبل میوزک پرفارمنس (عالمی سطح پر بہترین کارکردگی) کے ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

    عروج اس سے پہلے بھی عالمی سطح پر سب کی نظروں میں آچکی ہیں، سابق امریکی صدر باراک اوباما نے ان کا گانا محبت اپنے آفیشل سمر 2021 پلے لسٹ میں شامل کیا تھا۔

    حفیظ ہوشیار پوری کی ایک غزل پر مبنی یہ گانا عروج کے ہٹ گانوں میں سے ہے جسے ان سے پہلے مہدی حسن گا چکے ہیں، سنہ 2020 میں عروج کو اسٹوڈنگ اکیڈمی ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا۔

  • دنیائے موسیقی کے اعلیٰ ترین گریمی ایوارڈ کے لیے پاکستانی گلوکارہ نامزد

    دنیائے موسیقی کے اعلیٰ ترین گریمی ایوارڈ کے لیے پاکستانی گلوکارہ نامزد

    پاکستانی گلوکارہ عروج آفتاب کو دنیائے موسیقی کے اعلیٰ ترین گریمی ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یہ پہلا موقع ہے جب کسی پاکستانی گلوکارہ کو 2 کیٹیگریز میں نامزد کیا گیا، عروج آفتاب کو بیسٹ گلوبل میوزک پرفارمنس اور بیسٹ نیو آرٹسٹ کی کیٹیگریز میں نامزد کیا گیا ہے۔

    حیران کن طور پر اس بار لیڈی گاگا اور ٹیلر سوئفٹ جیسی گلوکارائیں زیادہ نامزدگیاں حاصل نہیں کر سکیں، عروج آفتاب کی غزل کو سابق امریکی صدر بارک اوباما نے بھی اپنی پسندیدہ گانوں میں شمار کیا تھا۔

    بیسٹ نیو آرٹسٹ (بہترین نئے گلوکار) کے علاوہ ان کا گانا ’محبت‘ بیسٹ گلوبل میوزک پرفارمنس (عالمی سطح پر بہترین کارکردگی) کے ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

    عروج آفتاب 37 سالہ پاکستانی خاتون سنگر ہیں، جن کی پیدائش سعودی عرب میں ہوئی لیکن والدین کے ساتھ وطن آ کر لاہور سے اپنی موسیقی کا آغاز کیا، اور امریکا کے برکلے کالج آف میوزک سے تعلیم حاصل کی اور اب تک ان کی تین سولو البم آ چکی ہیں۔

    عروج کو بچپن سے کلاسیکی موسیقی، غزل اور قوالی سے لگاؤ رہا ہے، وہ گلوکاری کے علاوہ موسیقار اور پروڈیوسر بھی ہیں۔

    وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے عروج آفتاب کی نامزدگی پر ایک بیان میں کہا ہے کہ گریمی ایوارڈ کے لیے پاکستانی گلوکارہ کی نامزدگی پر انھیں فخر ہے، یہ بڑی کامیابی ہے، عروج آفتاب کی آواز لاکھوں لوگوں کے کانوں تک پہنچے گی۔

  • ٹیپ ریکارڈر نے اصلیت ظاہر کردی، گریمی ایوارڈ یافتہ گلوکار جعلی نکلے!

    ٹیپ ریکارڈر نے اصلیت ظاہر کردی، گریمی ایوارڈ یافتہ گلوکار جعلی نکلے!

    1980 میں پاپ میوزک کے شائقین کے سامنے ملی وینلی سے متعارف ہوئے۔

    یہ جرمنی کے دو آرٹسٹوں Rob Pilatus اور Fab Morvan کا میوزیکل بینڈ تھا۔ قسمت کی دیوی ان پر ایسی مہربان ہوئی کہ دیکھتے ہی دیکھتے شہرت اور مقبولیت کی بلندیوں کو چھونے لگے۔ انھوں نے اس زمانے میں صرف پاپ میوزک کے شیدا نوجوانوں کو ہی نہیں بلکہ موسیقی اور گائیکی کے اہم ناقدین کو بھی اپنی جانب متوجہ کر لیا۔
    1988 میں جب گریمی ایوارڈ کا مرحلہ آیا تو نئے آرٹسٹ کے زمرے میں اس میوزک بینڈ کو بھی شامل کیا گیا اور یہ گریمی ایوارڈ لے اڑا۔ یہ ان دونوں آرٹسٹوں کی بڑی اور اہم کام یابی تھی۔ یوں ان کی شہرت دور دور تک پھیل گئی اور مداحوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوتا چلا گیا۔

    یہ دونوں جب اسٹیج پر آتے تو پرستاروں کی جانب سے داد و تحسین کا وہ شور اٹھتا کہ کان پڑی آواز سنائی نہ دیتی۔ یہ آرٹسٹ شائقین کی فرمائشیں پوری کرتے کرتے تھک جاتے اور بڑی مشکل سے ان کی واپسی ہوتی۔

    ایک روز عجیب بات ہوئی۔ یہ شہرت، مقبولیت، عزت اور مقام سب برباد ہو گیا!

    ہوا کچھ یوں کہ انگلینڈ کے ایک لائیو شو میں یہ دونوں آرٹسٹ اسٹیج پر نہایت پُرجوش انداز میں اپنا آئٹم پرفارم کررہے۔ حاضرین کا جوش بھی دیدنی تھا، مگر اچانک ہی ٹیپ ریکارڈ نے ان نام نہاد پاپ سنگرز کا ساتھ چھوڑ دیا۔ آڈیو ٹیپ پھنس گئی تھی جب کہ وہ لائیو شو تھا!

    اس روز شائقین جب کی سماعتوں سے گیت کا ایک ہی بول بار بار ٹکرایا تو معلوم ہوا کہ ان کے پسندیدہ آرٹسٹ فقط اپنے ہونٹوں کو جنبش دے رہے تھے اور یقیناً کہیں کوئی ٹیپ چل رہا تھا۔ ریکارڈر میں موجود ٹیپ، گیت کے اسی بول Girl, you know it’s true پر اٹکا ہوا تھا۔ ان دونوں پاپ سنگرز نے حالات کی نزاکت کو بھانپ کر وہاں سے فرار ہونے کا فیصلہ کیا اور اسٹیج سے اتر کر باہر کی طرف دوڑ لگا دی۔

    بعد میں اس واقعے کا خوب چرچا ہوا اور اخبارات کے مطابق دونوں نوجوان شائقین کو دھوکا دیتے رہے اور اپنے ٹیپ ریکارڈز کی بدولت خوب دولت کمائی۔ وہ نہایت چالاکی اور مہارت سے کسی مقامی گلوکار کی آواز پر صرف پرفارمنس دیتے تھے۔ اگر اس روز آڈیو ٹیپ نہ پھنستی تو یہ سلسلہ جانے کب تک جاری رہتا۔ بعد میں ان دونوں کے خلاف دھوکا دہی اور جعل سازی کا مقدمہ درج کیا گیا۔