Tag: گرین لائن بسیں

  • چین سے گرین لائن کی  40 بسیں کراچی آنے کیلئے تیار

    چین سے گرین لائن کی 40 بسیں کراچی آنے کیلئے تیار

    کراچی : گورنرسندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ گرین لائن کی 40بسیں کراچی آرہی ہیں، اگست کے وسط میں جہاز چین کے تیانجن پورٹ سے روانہ ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق گورنرسندھ عمران اسماعیل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ گرین لائن کی بسیں پورٹ پر آنا شروع ہوگئی ، دو جہاز میں 40بسیں کراچی آرہی ہیں، اگست کےوسط میں جہازچین کےتیانجن پورٹ سےروانہ ہوں گے ، امید ہے بسیں ایک ہفتے کے اندر ان لوڈ ہوکر انشااللہ جلد کراچی پہنچ جائیں گی۔

    یاد رہے رواں سال اپریل میں گورنرسندھ عمران اسماعیل نے شہرقائد کے شہریوں کو خوش خبری سناتے ہوئے کہا تھا کہ گرین بس رواں سال چلا دیں گے، ٹینڈر ہوچکے ہیں۔

    انہوں نے کہا تھا کہ گرین لائن بس سندھ کا پہلا ٹرانزٹ سسٹم ہوگا، کراچی کو نئی بسز اور ٹرانسپورٹ کی بے انتہاضرورت ہے۔

    خیال رہے گذشتہ سال وفاقی حکومت میں گرین لائن میٹرو بس منصوبے کے لیے 80 بسوں کی خریداری کا انٹرنیشنل ٹینڈر جاری کیا تھا ، جس کے بعد ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں میٹرو بس چلنے کی امید نظر آنے لگی تھی۔

  • گرین لائن منصوبہ: کم قیمت بسیں فراہم کرنے والی کمپنی مشکل کا شکار

    گرین لائن منصوبہ: کم قیمت بسیں فراہم کرنے والی کمپنی مشکل کا شکار

    کراچی: گرین لائن منصوبے میں تاخیر کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے، سب سے کم قیمت بسیں فراہم کرنے والی کمپنی کو قانونی پیچیدگیوں کا سامنا کرنا پڑ گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گرین لائن منصوبے کے لیے کم قیمت بسیں فراہم کرنے والی کمپنی مشکل کا شکار ہو گئی ہے، جس کی وجہ سے یہ منصوبہ بر وقت پورا نہ ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ گرین لائن کو بسیں فراہم کرنے کا ٹینڈر زونگ ٹانگ نامی کمپنی نے حاصل کیا تھا، تاہم اس کمپنی کو بی آر ٹی پشاور کو بسیں فراہم کرنے والی کمپنی گولڈن ڈریگن نے چیلنج کر رکھا ہے۔

    گولڈن ڈیگن کا دعویٰ ہے کہ زونگ ٹانگ نے اوریجنل کی بجائے فوٹو کاپی گارنٹی جمع کروائی تھی، ذرایع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں گولڈن ڈریگن نامی کمپنی کی جانب سے درخواست گریونسسز ری ڈریسل کمیٹی (شکایات کی ازالہ کمیٹی) نے مسترد کر دی ہے لیکن تحریری فیصلہ آنا ابھی باقی ہے، جس کے بعد ہی بسوں کا آرڈر جاری ہوگا۔

    گرین لائن منصوبے میں تاخیر، کے ایم سی کو ذمہ دار قرار دے دیا گیا

    ذرایع کے مطابق تحریری فیصلے کے 5 ماہ بعد بسیں آ سکیں گی، تاہم اگر گولڈن ڈریگن نے عدالت سے رجوع کر لیا تو یہ منصوبہ ایک بار پھر تاخیر کا شکار ہو سکتا ہے۔

    واضح رہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے جون 2021 تک گرین لائن بحال کرنے کا اعلان کیا گیا تھا، جب کہ ‎12 جون 2020 کو بسیں خریدنے کی اجازت جاری کی گئی تھی، ‎گرین لائن کا پورا منصوبہ 24 ارب روپے کی لاگت سے تیار ہونا ہے۔

    منصوبے کے تحت ‎پہلے مرحلے میں کراچی کے علاقے سرجانی سے نمائش تک 200 سے 250 افراد کی گنجائش والی 80 بسیں چلیں گی۔

  • گرین لائن بسیں رواں سال دسمبر سے آنا شروع ہو جائیں گی،گورنر سندھ

    گرین لائن بسیں رواں سال دسمبر سے آنا شروع ہو جائیں گی،گورنر سندھ

    کراچی:گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ گرین لائن بسیں رواں سال دسمبر سے آنا شروع ہو جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی کی زیر صدارت ترقیاتی منصوبوں پر اجلاس ہوا۔وفاقی وزیر نجکاری محمد میاں سومرو بھی اجلاس میں موجود تھے۔

    اجلاس میں سندھ میں تعمیر وترقی کے وفاقی منصوبوں میں پیشرفت، شہر قائد میں پانی،انفراسٹرکچر کے منصوبوں کی جلد تکمیل کے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔

    گورنر سندھ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کو سندھ کے عوام کو درپیش مسائل کا مکمل ادراک ہے،سندھ کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

    عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت صوبہ کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی،گرین لائن بسیں اس سال دسمبر سے آنا شروع ہو جائیں گی۔

    انہوں نے کہا کہ کے فور پانی کی فراہمی کا اہم منصوبہ ہے، ہر حال میں مکمل کریں گے،سندھ انفرا اسٹرکچر ڈیولپمنٹ کمپنی کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

    دوسری جانب وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر سندھ کے ترقیاتی منصوبوں کو اہمیت دی جا رہی ہے۔

    وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ کے فور پر ریویو کمیٹی کی سفارشات 4 ماہ کے بعد بھی موصول نہیں ہوئیں،وفاقی حکومت کے فور منصوبے کے ضمن میں ذمہ داریاں پوری کرے گی۔