Tag: گرین لائن منصوبہ

  • گرین لائن منصوبہ: کم قیمت بسیں فراہم کرنے والی کمپنی مشکل کا شکار

    گرین لائن منصوبہ: کم قیمت بسیں فراہم کرنے والی کمپنی مشکل کا شکار

    کراچی: گرین لائن منصوبے میں تاخیر کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے، سب سے کم قیمت بسیں فراہم کرنے والی کمپنی کو قانونی پیچیدگیوں کا سامنا کرنا پڑ گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گرین لائن منصوبے کے لیے کم قیمت بسیں فراہم کرنے والی کمپنی مشکل کا شکار ہو گئی ہے، جس کی وجہ سے یہ منصوبہ بر وقت پورا نہ ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ گرین لائن کو بسیں فراہم کرنے کا ٹینڈر زونگ ٹانگ نامی کمپنی نے حاصل کیا تھا، تاہم اس کمپنی کو بی آر ٹی پشاور کو بسیں فراہم کرنے والی کمپنی گولڈن ڈریگن نے چیلنج کر رکھا ہے۔

    گولڈن ڈیگن کا دعویٰ ہے کہ زونگ ٹانگ نے اوریجنل کی بجائے فوٹو کاپی گارنٹی جمع کروائی تھی، ذرایع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں گولڈن ڈریگن نامی کمپنی کی جانب سے درخواست گریونسسز ری ڈریسل کمیٹی (شکایات کی ازالہ کمیٹی) نے مسترد کر دی ہے لیکن تحریری فیصلہ آنا ابھی باقی ہے، جس کے بعد ہی بسوں کا آرڈر جاری ہوگا۔

    گرین لائن منصوبے میں تاخیر، کے ایم سی کو ذمہ دار قرار دے دیا گیا

    ذرایع کے مطابق تحریری فیصلے کے 5 ماہ بعد بسیں آ سکیں گی، تاہم اگر گولڈن ڈریگن نے عدالت سے رجوع کر لیا تو یہ منصوبہ ایک بار پھر تاخیر کا شکار ہو سکتا ہے۔

    واضح رہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے جون 2021 تک گرین لائن بحال کرنے کا اعلان کیا گیا تھا، جب کہ ‎12 جون 2020 کو بسیں خریدنے کی اجازت جاری کی گئی تھی، ‎گرین لائن کا پورا منصوبہ 24 ارب روپے کی لاگت سے تیار ہونا ہے۔

    منصوبے کے تحت ‎پہلے مرحلے میں کراچی کے علاقے سرجانی سے نمائش تک 200 سے 250 افراد کی گنجائش والی 80 بسیں چلیں گی۔

  • گرین لائن منصوبے میں تاخیر، کے ایم سی کو ذمہ دار قرار دے دیا گیا

    گرین لائن منصوبے میں تاخیر، کے ایم سی کو ذمہ دار قرار دے دیا گیا

    کراچی: سندھ انفرا اسٹرکچر ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ نے مارچ 2021 تک گرین لائن منصوبہ مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ انفرا اسٹرکچر ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ نے ایڈمنسٹریٹر کراچی کو خط لکھا ہے جس میں کمپنی نے گرین لائن منصوبے میں تاخیر کا ذمہ دار کے ایم سی کو قرار دیا ہے۔

    خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ کے ایم سی رکاوٹوں کے باعث کام شروع نہیں ہو پا رہا،ایس آئی ڈی سی ایل نے ٹرام منصوبے کو بھی غیر اہم قرار دے دیا۔

    کمپنی کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ گرین لائن منصوبے کی قیمت پرٹرام چلانے سے تکنیکی دشواریاں پیدا ہوں گی،اس مرحلے پر ڈیزائن میں تبدیلی کی تو منصوبہ تاخیر کا شکار ہوسکتا ہے۔

    سندھ انفرا اسٹرکچر ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ نے کہا کہ سپریم کورٹ نے مارچ 2021 تک گرین لائن منصوبہ مکمل کرنے کی ڈیڈلائن دی ہے۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ ایڈمنسٹریٹر کراچی ٹرام منصوبے کے حوالے سے سندھ حکومت سے رجوع کریں،گرین لائن کے ایم اے جناح روڈ کوریڈور کی سندھ کابینہ منظوری دے چکی ہے۔

    خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ سندھ حکومت منصوبے کو نمائش تک محدود کرنا چاہتی ہے تو اس کی مرضی ہے۔

  • گرین لائن منصوبے سے متعلق گورنر سندھ کا اہم بیان

    گرین لائن منصوبے سے متعلق گورنر سندھ کا اہم بیان

    کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ گرین لائن منصوبے کا آئندہ سال مارچ میں افتتاح ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ترقیاتی منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں میئر کراچی وسیم اختر کا ساتھ رہا۔

    عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ شہر قائد کے عوام کی سہولت کے لیے مختلف منصوبوں پرعمل پیرا ہیں، منصوبوں کی تکمیل کے لیے سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر کام کر رہے ہیں۔

    گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے سندھ کے مختلف منصوبوں کے لیے 12ارب روپےمختص کیے ہیں،گرین لائن منصوبے کا آئندہ سال مارچ میں افتتاح ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سکھر حیدرآباد منصوبے پر وفاقی حکومت 210 ارب روپے خرچ کر رہی ہے۔

    کراچی کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے، وزیراعظم

    اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کراچی کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے، کراچی پاکستان کی معاشی سرگرمیوں کا مرکز ہے۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کراچی پاکستان کا وہ شہر ہے جس کے اوپر جانے سے ملک اوپر جائےگا، کراچی پر برا وقت آتا ہے تو پورے پاکستان پر برا اثر پڑتا ہے، سندھ میں پی ٹی آئی حکومت نہ ہونے کے باوجود بھی ترقی چاہتے ہیں۔

  • گرین لائن بس منصوبے پر وزیر ٹرانسپورٹ سندھ کا بڑا بیان سامنے آ گیا

    گرین لائن بس منصوبے پر وزیر ٹرانسپورٹ سندھ کا بڑا بیان سامنے آ گیا

    کراچی: گرین لائن بس منصوبے پر وزیر ٹرانسپورٹ سندھ اویس شاہ کا بڑا بیان سامنے آ گیا ہے، انھوں نے گورنر سندھ کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ گرین لائن فروری میں شروع نہیں ہو سکتی۔

    تفصیلات کے مطابق اویس شاہ نے کہا ہے کہ گرین لائن بس منصوبے کا فروری میں افتتاح نا ممکن ہے، منصوبے کو سندھ حکومت نے مکمل سپورٹ کیا ہے، تاہم وفاق جو اعلان کرتا ہے، اس پر یو ٹرن نہ لے۔

    صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ وفاق اگر نیت کر لے تو اس منصوبے کو جلد مکمل کر لیا جائے گا، منصوبے کے لیے بسوں کی خریداری میں ایک سال لگ سکتا ہے، صوبائی حکومت کرایہ اور سبسڈی کے لیے پلان بنا کر دے چکی ہے۔

    خیال رہے کہ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے گرین لائن منصوبے کا فروری 2020 میں افتتاح کا اعلان کیا ہے، تاہم گرین لائن منصوبے پر تا حال کام جاری ہے، بیش تر اسٹیشنز ابھی تک نا مکمل ہیں اور ملازمین کو 2 ماہ سے تنخواہیں بھی ادا نہیں کی گئیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیر اعظم گرین لائن منصوبے کا افتتاح کریں گے: گورنر سندھ

    گزشتہ روز گورنر سندھ عمران اسماعیل نے اعلان کیا کہ گرین لائن منصوبے کا افتتاح سات فروری کو کر دیں گے، جس پر صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ نے ان کی دی ہوئی تاریخ کو حقایق کے منافی قرار دیا، انھوں نے کہا گورنر سندھ کو سوچ سمجھ کر بولنا چاہیے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گرین لائن منصوبے کا ٹریک کئی مقامات پر نا مکمل ہے، اسٹیشن ادھورے پڑے ہیں، بسوں کا کچھ پتا نہیں، اس کے باوجود گورنر سندھ نے بیان جاری کیا کہ سات فروری کو ٹریک پر بسیں رواں دوں ہو جائیں گی، اویس شاہ نے ان کےاعلان پر تنقید کی اور کہا منصوبے کا فروری میں افتتاح نا ممکن ہے۔ پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی جمال صدیقی کہتے ہیں جب تک بسیں فراہم کرنے والی کمپنی تاریخ نہیں دیتی، منصوبے کے افتتاح کی تاریخ نہیں دے سکتے، دوسری طرف گورنر سندھ کے اعلان اور صوبائی وزیر کے اختلافی بیان کے بعد ایک بار پھر یہ معاملہ لٹکتا ہوا نظر آ رہا ہے، شہری بھی سوال کر رہے ہیں کہ کیا یہ منصوبہ 2020 میں مکمل ہو جائے گا؟

  • کراچی: گرین لائن منصوبہ تاخیر کا شکار، شہری 3 سال سے منصوبے کی تکمیل کے منتظر

    کراچی: گرین لائن منصوبہ تاخیر کا شکار، شہری 3 سال سے منصوبے کی تکمیل کے منتظر

    کراچی: شہرِ قائد میں ٹرانسپورٹ کے دیرینہ مسئلے کے حل کے لیے لایا جانا والا گرین لائن بس منصوبہ تین سال بعد بھی تاخیر کا شکار ہے، شہری تا حال منصوبے کی تکمیل کے منتظر ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کا گرین لائن بس پروجیکٹ تا حال تاخیر کا شکار ہے، شہری تین سال سے منصوبے کی تکمیل کے منتظر ہیں۔

    وفاق اور سندھ میں اختلافات کے بعد وفاق نے یہ منصوبہ اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے، بسوں کی خریداری کے لیے نئے بجٹ میں ڈھائی ارب روپے بھی مختص کر دیے گئے ہیں۔

    نمایش چورنگی پر زیر تعمیر انڈر پاس اور بس ڈیپو کی وجہ سے ایم اے جناح روڈ عرصہ دراز سے بند پڑا ہوا ہے، گرین لائن منصوبے کے پہلے مرحلے میں سرجانی ٹاؤن سے گرو مندر تک مکمل ہونا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں:  گرین لائن منصوبہ، گورنر سندھ کی کراچی کے لیے بڑی خوشخبری

    24 ارب روپے کی لاگت سے کراچی انفرا اسٹرکچر ڈیولپمنٹ کمپنی نے یہ منصوبہ جب شروع کیا تھا تو سندھ حکومت بھی شراکت دار تھی، لیکن پھر یہ وفاق اور صوبے کے درمیان الزامات کی نذر ہو گیا۔

    یہ منصوبہ اب وفاقی حکومت نے مکمل طور پر اپنے ہاتھ میں لے لیا ہے، نئے مالی سال کے بجٹ میں اس کے لیے ڈھائی ارب روپے بھی مختص کر دیے ہیں، جب کہ حکومتِ سندھ ایم اے جناح روڈ پر دو انڈر پاسز بنوانے کا مطالبہ کر رہی ہے۔

    22 کلومیٹر پر مشتمل گرین لائن بس منصوبے کے ٹریک پر 22 اسٹیشن تھے لیکن یہ اسٹیشنز ابھی تک مکمل نہیں کیے گئے ہیں اور تعمیراتی کام تا حال جاری ہے۔

  • وزیراعظم عمران خان آج کراچی پیکج کا اعلان کریں گے

    وزیراعظم عمران خان آج کراچی پیکج کا اعلان کریں گے

    کراچی : وزیراعظم عمران خان آج کراچی پیکج کا اعلان کریں گے، گرین لائن منصوبہ سرجانی سے نمائش تک فعال کرنے کیلئے8ارب روپے جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان دورہ سندھ کیلئے کراچی پہنچ گئے، وزیراعظم آج کراچی پیکج کا اعلان کریں گے، کراچی ٹرانسفارمیشن کمیٹی اور گورنر سندھ نے کراچی پیکج کو حتمی شکل دے دی۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ گرین لائن منصوبہ سرجانی سے نمائش تک فعال کرنے کیلئے8ارب روپے جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس کے علاوہ کراچی کا نیاماسٹر پلان بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

    منصوبے کوماسٹرپلان2047 کا نام دیا گیا ہے، لیاری ایکسپریس وے کو ہیوی ٹریفک کے لئے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، دوطرفہ ٹریک کو مزید بہتر بنانے کیلئے 2دو ارب روپے کا خصوصی فنڈ جاری کیا جائے گا۔

    مزید پڑھیں : وزیراعظم عمران خان کی کراچی آمد، بغیرپروٹوکول گورنر ہاؤس پہنچے

    ذرائع کے مطابق کورنگی میں سیوریج کا پانی قابل استعمال بنانے کے لئے پلانٹ قائم کرنے کی فنڈنگ کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ پانی کے منصوبے کے فور کی نئی لاگت کی50فیصد فنڈنگ وفاقی حکومت کرے گی۔

  • گرین لائن منصوبہ، گورنر سندھ کی کراچی کے لیے بڑی خوشخبری

    گرین لائن منصوبہ، گورنر سندھ کی کراچی کے لیے بڑی خوشخبری

    کراچی: گورنرسندھ عمران اسماعیل نے نمائش کے مقام پر گرین لائن منصوبے کا دورہ کیا، جہاں انھوں نے کراچی کے لیے اہم اعلانات کیے۔

    تفصیلات کے مطابق اس موقع پر گورنر سندھ کو گرین لائن منصوبے پر کے آئی سی ایل نے بریفنگ دی.

    گورنر سندھ نے کہا کہ منصوبے کا معیار، بر وقت تکمیل میں سب نے حصہ لیا، ستمبر میں وزیر اعظم تمام منصوبوں کا افتتاح کریں گے، 6 ماہ میں تمام منصوبےکی تکمیل ہو جائے گی.

    گورنرسندھ نے مزید کہا کہ کے فورپر بھی اب وزیراعظم کو صبح بریفنگ دی جائے گی، کے آئی سی ایل کی فارمولیشن پروزیراعظم منظوری دیں گے، اربوں کے منصوبےکی کابینہ سے منظوری کے بعد اعلان ہوگا.

    عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ گرین بسیں 100 فیصد وفاقی حکومت خود فراہم کرے گی، ورلڈ بینک بھی اس منصوبے میں شامل ہے نیا پروپوزل جلد دیں گے، آنے والے وقت میں خوشخبریاں ہیں، کراچی میں بہتری ہوگی.

    گورنرسندھ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم گھوٹکی میں بھی بڑے پیکیج کا اعلان کریں گے، سندھ کے 5 اضلاع ہیلتھ کارڈ میں کام کیا جارہا ہے.

    خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے سندھ کی اپوزیشن جماعتوں کا مشترکہ اجلاس30مارچ کو گھوٹکی میں طلب کیا ہے، وزیر اعظم29 مارچ کو کراچی پہنچیں گے۔

    وزیر اعظم عمران خان دورہ سندھ میں کراچی میں اہم اجلاس کی صدارت کریں گے، وزیر اعظم کو کراچی میں ترقیاتی پیکج کے تحت جاری منصوبوں پر بریفنگ دی جائے گی اور کراچی کے لیے زیرغور منصوبوں سے آگاہ کیا جائے گا۔

  • کراچی، اہم سڑکوں پر ترقیاتی کام جاری، ٹریفک جام، عوام پریشان

    کراچی، اہم سڑکوں پر ترقیاتی کام جاری، ٹریفک جام، عوام پریشان

    کراچی: شہر قائد میں ایک ہی وقت میں کئی اہم سڑکوں پر ترقیاتی کام جاری ہیں، شہری ٹریفک جام کے باعث منٹوں کا سفر گھنٹوں میں کرنے پر مجبور ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں ترقیاتی کام عوام کے لیے درد سر بن گئے، شہری ٹریفک جام کے باعث منٹوں کا سفر گھنٹوں میں کرنے پر مجبور ہوگئے، انتظامیہ کی جانب سے یہ نہیں سوچا گیا کہ ٹریفک کہاں سے گزرے گی۔

    ایم اے جناح روڈ اور نمائش ٹریفک کے لیے بند کردئیے گئے، ناگن چورنگی سے بورڈ آفس تک گرین لائن کے کام کی وجہ سے ٹریفک شدید متاثر ہے، گردو غبار کے باعث شہریوں اور رہائشیوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

    پاک کالونی سے گارڈن جانے والی سڑک بھی کھود دی گئی ہے، گارڈن کے قریب بھی ترقیاتی کام کی وجہ سے ٹریفک متاثر ہے، مصروف شاہراہ پر ترقیاتی جام ہونے کے باعث عوام اذیت سے دوچار ہیں۔

    مزید پڑھیں: گرین لائن منصوبہ: ایم اے جناح روڈ کا دوسرا روڈ بھی بند

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ سندھ حکومت نے شہر قائد میں گرین لائن بس منصوبہ وفاق کے بجائے اپنے وسائل سے چلانے کا فیصلہ کیا تھا، بلاول بھٹو زرداری نے منصوبے کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی تھی۔

    یاد رہے کہ تین روز قبل ٹریفک پولیس نے گرین لائن منصوبے کے انڈر پاس کے تعمیراتی کام کے باعث مورخہ یکم دسمبر سے ایم اے جناح روڈ پر کیپری سنیما سے نمائش تک کا روڈ بند کرنے کا اعلامیہ جاری کیا تھا۔

    محکمہ ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی تھی کہ وہ پریشانی سے محفوظ رہنے کے لیے ہدایت پر عمل کریں تاکہ شہر میں ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔

  • گرین لائن منصوبہ: ایم اے جناح روڈ کا دوسرا روڈ بھی بند، متبادل راستے کا اعلامیہ جاری

    گرین لائن منصوبہ: ایم اے جناح روڈ کا دوسرا روڈ بھی بند، متبادل راستے کا اعلامیہ جاری

    کراچی : ٹریفک پولیس کراچی نے گرین لائن منصوبے کے انڈر پاس کے تعمیراتی کام کے باعث مورخہ یکم دسمبر سے ایم اے جناح روڈ پر کیپری سنیما سے نمائش تک کا روڈ بند کرنے کا اعلامیہ جاری کیا ہے۔

    تفصیلات کےمطابق شہر قائد میں گرین لائن بس منصوبے کی تعمیر کا کام جاری ہے، تعمیراتی کام کے دوران کسی بھی نقصان سے بچنے کے لیے انتظامیہ اور ٹریفک پولیس نے ایم اے جناح روڈ کو بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے متبادل روٹ پلان جاری کردیا۔

    اعلامیہ میں شہریوں کو زحمت اور پریشانی سے بچنے کیلئے متبادل راستہ اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ مورخہ یکم دسمبر بروز ہفتہ انڈر پاس پر تعمیراتی کام کے باعث ایم اے جناح روڈ پر کیپری سنیما سے نمائش تک دوسرا روڈ بھی بند کردیا جائے گا، شہری زحمت اور پریشانی سے بچنے کیلئے متبادل راستہ اختیار کریں۔

    لیاقت آباد نمبر دس اور گرومندر سے جانے والے حضرات پیپلز سیکریٹریٹ چورنگی سے کوریڈور تھری صدر دواخانہ والا راستہ اختیار کریں، بہادریار جنگ روڈ سولجر بازار ، ہولی فیملی ، کیپری سنیما سگنل ایم اے جناح روڈ کے راستے سے سفر کریں۔

    اسی طرح ٹاور سے گرومندر جانے والے حضرات تبت چوک ، گارڈن چوک، آغا خان سوئم روڈ، انکل سریا چوک سے دائیں جانب بہادریار جنگ روڈ سولجر بازار سے گرومندر  کا راستہ اختیار کریں۔

    اس کے علاوہ تبت چوک، کیپری چوک سے دائیں صدر دواخانہ سے بائیں جانب کوریڈور تھری کا راستہ اختیار کریں۔ محکمہ ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پریشانی سے محفوظ رہنے کے لیے ہدایت پر عمل کریں تاکہ شہر میں ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔