Tag: گریٹر اقبال پارک

  • گریٹر اقبال پارک کی تعمیر میں کروڑوں کی مالی بےضابطگیاں

    گریٹر اقبال پارک کی تعمیر میں کروڑوں کی مالی بےضابطگیاں

    لاہور: گریٹر اقبال پارک کی تعمیر میں کروڑوں کی مالی بےضابطگیوں کا انکشاف سامنے آیا ہے، آڈٹ رپورٹ پنجاب اسمبلی میں جمع کروادی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے آڈٹ رپورٹ پنجاب اسمبلی میں جمع کرائی ہے، گریٹر اقبال پارک کی تعمیر میں بے ضابطگی سے متعلق رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 21 کروڑ 98 لاکھ سے زائد کی رقم غیرضروری اشیا پر خرچ کی گئی۔

    آڈٹ رپورٹ میں کہا گیا کہ نیشنل ہسٹری میوزیم ملازمین کو بغیر ریکارڈ 17 کروڑ تنخواہوں کی مد میں تقسیم کیے گئے، نیشنل میوزم میں ناقص معاہدے سے پی ایچ اے کو 16 کروڑ 47 لاکھ کا نقصان ہوا۔

    8 کروڑ سے زائد اخراجات کا ریکارڈ فراہم نہیں کیا گیا، گریٹر اقبال پارک کے افتتاح پر رولز کی خلاف ورزی پر ایک کروڑ سے زائد خرچ کیے گئے۔

    آڈٹ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پارک انتظامیہ نے 25 کروڑ روپے سے زائد رقم نجی فرمز کو بطور ایڈوانس غیرقانونی طور پر دیے۔

  • مقبرہ نور جہاں اور مقبرہ جہانگیر کے پاس گریٹر اقبال پارک کی طرز پر پارک بنانے کی تجویز

    مقبرہ نور جہاں اور مقبرہ جہانگیر کے پاس گریٹر اقبال پارک کی طرز پر پارک بنانے کی تجویز

    لاہور : نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیرصدارت اجلاس میں مقبرہ نور جہاں اور مقبرہ جہانگیر کے پاس گریٹر اقبال پارک کی طرز پر پارک بنانے کی تجویز دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیرصدارت اجلاس ہوا، جس میں مقبرہ نور جہاں اور مقبرہ جہانگیر کے پاس گریٹر اقبال پارک کی طرز پر پارک بنانے کی تجویز دی گئی۔

    اجلاس میں لاہورکے 12 تاریخی دروازوں کی بحالی کے پراجیکٹ کا جائزہ لیا گیا، ڈی جی لاہور والڈ سٹی اتھارٹی نے تاریخی دروازوں،قدیم عمارتوں کے بحالی پربریفنگ دی۔

    محسن نقوی نے لاہور والڈ سٹی اتھارٹی کوتاریخی دروازوں کی بحالی کیلئے ٹائم لائن دے دی۔

    اجلاس میں کہا گیا کہ لاہور والڈ سٹی اتھارٹی کے ماہرین ریسرچ کے بعد ڈیزائننگ اورپراجیکٹ تیار کریں گے ، ٹیکسالی،لوہاری،شاہ عالمی، موچی، اکبری، دہلی، یکی، روشنائی اور شیراں والا کو بحال کیا جائے گا اور مستی گیٹ ودیگردروازوں کومرحلہ وار پروگرام کے تحت اصل حالت میں بحال کیا جائے گا۔

    نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے تاریخی دروازوں کے اردگرد تجاوزات ختم کرنے اور تاریخی عمارتوں پر وال چاکنگ اوربینرزفوراً ہٹانے کا حکم دیا۔

    محسن نقوی نے شاہی قلعہ کے بالمقابل مریم زمانی بیگم مسجد کی بحالی اور تجاوزات ختم کرنے کی ہدایت کردی۔

  • جلسے میں گریٹر اقبال پارک کو نقصان پہنچانے کا نوٹس: پی ٹی آئی کا عدالت سے رجوع کا فیصلہ

    جلسے میں گریٹر اقبال پارک کو نقصان پہنچانے کا نوٹس: پی ٹی آئی کا عدالت سے رجوع کا فیصلہ

    لاہور : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پی ایچ اے کی جانب سے گریٹر اقبال پارک کو نقصان کے نوٹس پر عدالت سے رجوع کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی پی ایچ اے کی جانب سے گریٹر اقبال پارک کونقصان پہنچانے کے نوٹس پرتحریک انصاف نے عدالت سے رجوع کا فیصلہ کرلیا۔

    پی ٹی آئی رہنما امتیاز شیخ نے کہا کہ پی ایچ اے نے 2کروڑ93لاکھ روپے کا نوٹس بھیجاہے ، پارک میں جا کر چیک کیا کوئی پودا نہیں ٹوٹا اور نہ کوئی نقصان ہوا تھا، ایک مقام سے گریل ٹوٹی تھی اس کو ٹھیک کروا دیا تھا۔

    رہنماپی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ نوٹس کا جواب بھیجا ہےاور جلسے سے پہلے اور بعد کی سی سی ٹی وی فوٹیج مانگی ہے ، فوٹیج میں دیکھیں گے جو نقصان ہوا وہ ٹھیک کرایا جائے گا۔

    یاد رہے گذشتہ روز پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی نے مینار پاکستان جلسے پر پی ٹی آئی کو جرمانہ کردیا تھا، پی ایچ اے نے کہا کہ تحریک انصاف نےمینارپاکستان جلسےمیں کروڑوں کانقصان کیا۔

    پی ایچ اے کا کہنا تھا کہ گریٹراقبال پارک کو2 کروڑ90لاکھ سےزائدکانقصان پہنچایاگیاپی ٹی آئی اداکرے، مارچ2022میں ہونے والے جلسے کے نقصان کے42لاکھ روپےبھی ادانہیں کئےگئے۔

  • گریٹر اقبال پارک میں جلسوں پر مکمل پابندی لگانے کا اعلان

    گریٹر اقبال پارک میں جلسوں پر مکمل پابندی لگانے کا اعلان

    لاہور : پنجاب کے دارلحکومت گریٹر اقبال پارک میں جلسوں پر مکمل پابندی لگانے کا اعلان کردیا گیا ، تحریک انصاف کے جلسے سے پارک کو تقریباً50 لاکھ روپے کا نقصان ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نےگریٹر اقبال پارک میں جلسوں پرپابندی لگانے کی اصولی منظوری دے دی۔

    اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تحریک انصاف کے جلسے سے گریٹر اقبال پارک میں پودے اور گھاس تباہ ہوئی، جلسے سے پارک کو تقریباً50 لاکھ روپے کا نقصان ہوا، تاریخی پارک کو جلسوں کیلئے استعمال کرنا کسی طور پر مناسب نہیں۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے گریٹر اقبال پارک میں داخلہ فیس لگانے کی تجویزمسترد کرتے ہوئےکہا یہ غریب آدمی کا پارک ہے، کسی صورت داخلہ فیس عائد نہیں کروں گا، تجویز پر غور کرنا تو دور کی بات، اسے اجلاس میں پیش کرنا بھی مناسب نہیں۔

    حمزہ شہباز نے سابق دور میں پودوں کے بیج بروقت نہ خریدنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے بروقت بیج نہ خریدنے کے حوالے سے انکوائری کا حکم دیا اور کہا خالی مقامات پر درخت، پودے اور گھاس لگانے کا کام جلد شروع کیا جائے۔

    وزیراعلیٰ نے پارکس اینڈ ہارٹیکلچر کا بورڈ جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گھروں میں کام کرنے والے مالیوں کو فی الفور واپس بلایا جائے، میرے گھر میں بھی اگر کوئی مالی ہے تو اسے بھی واپس بلا یا جائے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جائے، پی ایچ اے کے معاملات کو صاف اور شفاف طریقے سے چلایا جائے گا، کسی سفارش نہیں سنوں گا،پی ایچ کو پوری سپورٹ دوں گا، گروپ میں فیصلوں پر پیش رفت سےمتعلق روزانہ اپ ڈیٹ کیا جائے۔

  • مینار پاکستان واقعے کے بعد دنیا میں پاکستان کے خلاف غلط تاثر پھیلایا گیا: فواد چوہدری

    مینار پاکستان واقعے کے بعد دنیا میں پاکستان کے خلاف غلط تاثر پھیلایا گیا: فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ جعلی اور اصلی خبروں سے متعلق فرق سمجھنے کی بہت ضرورت ہے، بھارتی چینل نے مینار پاکستان واقعے کو اچھالا اور یہ تاثر دیا کہ خواتین پاکستان میں غیر محفوظ ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق فواد چوہدری اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے، انھوں نے کہا مینار پاکستان واقعے کے بعد دنیا میں پاکستان کے خلاف غلط تاثر پھیلایا گیا، حالاں کہ اس کیس کا سیاست سے کوئی لینا دینا نہیں تھا، بھارتی میڈیا کی جانب سے فیک نیوز کا طوفان برپا کیا گیا، پڑوسی ملک کے میڈیا نے پاکستانی معاشرے پر بے جا تنقید کی۔

    غلط معلومات کے دور میں صحافت اور سیاست کے موضو ع پر منعقدہ تقریب میں انھوں نے کہا پہلے ادوار میں خبر کا ملنا مشکل تھا، اب سچی اور جھوٹی خبر کا فرق مشکل ہے، خبر کو پھیلانے کے بہت سے ذرائع ہو گئے ہیں، اس لیے خبر دینے والوں کی صحیح تربیت ہونا ضروری ہے۔

    فواد چوہدری نے کہا خبر کو توڑ مروڑ کر پیش کیا جائے تو اصل اور جعلی کی تمیز کرنا مشکل ہو جاتا ہے، ڈیجیٹل میڈیا وِنگ اب کسی بھی عالمی ادارے کے برابر ہے، اظہار رائے کی آزادی سے متعلق عالمی سطح پر قوانین مرتب کرنا ہوں گے۔

    وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا پاکستانی میڈیا میں بہت سے لوگ فیک نیوز پر چل رہے ہیں، خاص کر اب جو بہت سے یوٹیوب چینل بن گئے ہیں، ان کا خیال ہے کہ وہ جو مرضی کہتے رہیں ان پر پکڑ نہیں ہونی چاہیے۔

    انھوں نے فیک نیوز کے حوالے سے میڈیا کے اندر مباحثے کی اشد ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ فیک نیوز کے حوالے سے دنیا بھر کے ممالک قانون سازی کر رہے ہیں۔

  • عائشہ اور ریمبو نے ایف آئی اے کو چکر دینے کی منصوبہ بندی بھی کی، ایک اور ٹیپ سامنے آ گئی

    عائشہ اور ریمبو نے ایف آئی اے کو چکر دینے کی منصوبہ بندی بھی کی، ایک اور ٹیپ سامنے آ گئی

    لاہور: ٹک ٹاکر عائشہ اور ریمبو نے ایف آئی اے کو چکرا کر رکھ دیا، اب ایف آئی اے کو غلط بیان دینے کی منصوبہ بندی کی ٹیپ بھی سامنے آ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق گریٹر اقبال پارک واقعے سے جڑے کرداروں عائشہ اور ریمبو کی گفتگو کی ایک اور مبینہ ٹیپ سامنے آ گئی ہے۔

    یہ ٹیپ ایف آئی اے کو موبائل اور رقم سے متعلق غلط بیان دینے کی منصوبہ بندی پر مبنی ہے، آڈیو ٹیپ میں عائشہ کہتی ہے کہ ایف آئی اے میں موبائل کا نہیں لکھا ہوا، اور پیسے بھی تھوڑے لکھے گئے ہیں۔

    ریمبو کی آواز کہتی ہے میں انھیں یہ کہوں گا کہ موبائل ڈیڑھ لاکھ کا لیا ہے، اس پر ایپل آئی ڈی بنانا تھی۔ عائشہ نے کہا کہنا کہ میڈم یہ ڈیڑھ پونے دو لاکھ کا موبائل تھا، تم کہنا میڈم نے لیا ان کو پتا ہوگا، ان کا فون تھا وہ شوٹ کرتی تھی۔

    گریٹراقبال پارک کیس : عائشہ اکرم اور ریمبو کی تہلکہ خیز آڈیو ٹیپ سامنے آگئی

    دوسری طرف ٹک ٹاکر عائشہ اکرم نے دھمکیاں ملنے پر لاہور کے تھانہ شاہدرہ میں ایک اور درخواست جمع کرا دی ہے، درخواست میں عائشہ اکرم کا کہنا تھا کہ 8 افراد کی گرفتاری کے بعد لوکل اور انٹرنیشنل فون نمبرز سے انھیں دھمکی آمیز کالز آ رہی ہیں۔

    عائشہ اکرم نے درخواست میں کہا کہ راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے ٹک ٹاکر علی شاہ اور اس کے ساتھی عرصہ دراز سے بلیک میل کر رہے ہیں، قوی امکان ہے کہ وہی کالز پر دھمکیاں دے رہے ہیں، ملزمان کو جلد گرفتار کیا جائے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی ایک تہلکہ خیز آڈیو ٹیپ سامنے آئی تھی جس میں دونوں کے مابین جیل میں شناخت ہونے والے ملزمان سے رقم لینے کی گفتگو کی گئی ہے۔

    ٹیلی فون کال میں ریمبو نے عائشہ سے سوال کیا مجرم 6 ہیں یا 7؟ عائشہ نے جواب دیا 6 ہیں، ریمبو نے پوچھا فی مجرم کتنے پیسے لیے جائیں، زیادہ تر غریب ہیں تو عائشہ نے کہا مشکل سے انھوں نے پانچ پانچ لاکھ دینے ہیں۔

  • گریٹر اقبال پارک میں  ٹک ٹاکر سے بد تمیزی ، گرفتار 98 افراد کا نام مقدمے سے نکالنے اور رہا کا حکم

    گریٹر اقبال پارک میں ٹک ٹاکر سے بد تمیزی ، گرفتار 98 افراد کا نام مقدمے سے نکالنے اور رہا کا حکم

    لاہور : مقامی عدالت نے گریٹر اقبال پارک میں ٹک ٹاکر سے بد تمیزی کیس میں حراست میں لیے گئے 98 افراد کا نام مقدمے سے نکالنے اور رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں جوڈیشل مجسٹریٹ حسن سرفراز چیمہ نے گریٹر اقبال پارک میں ٹک ٹاکر سے بد تمیزی کیس پر سماعت کی، عدالت کے روبرو 98 زیر حراست افراد کو پیش کیا گیا۔

    عدالت کو بتایا گیا کہ ملزمان کو گریٹر اقبال پارک میں خاتون سے دست درازی کے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا،104 افراد کو شناخت پریڈ کے لیے جیل بھجوایا گیا تھا، جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ ملزمان کو کس بنیاد پر گرفتار کیا گیا،ملزمان کو جیل بھجوانے سے پہلے کون سے ثبوت لیے گٸے۔

    عدالت کو بتایا گیا کہ 98 ملزمان کی شناخت پریڈ کے دوران شناخت نہیں ہو سکی، متاثرہ خاتون نے صرف چھ افراد کو شناخت کیا تھا، حراست میں لیے گئے ان افراد کو جیل میں رکھنے کا جواز نہیں ہے،عدالت رہا کرنے کا حکم دے۔

    عدالت نے حراست میں لیے گئے 98 افراد کو مقدمہ سے ڈسچارج اور رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

  • ٹک ٹاکر عائشہ اکرم کی ٹک ٹاک ویڈیوز، مسیحائی کے شعبے سے تعلق ہونے کا انکشاف

    ٹک ٹاکر عائشہ اکرم کی ٹک ٹاک ویڈیوز، مسیحائی کے شعبے سے تعلق ہونے کا انکشاف

    لاہور: وحشی ہجوم کا نشانہ بننے والی ٹک ٹاکر عائشہ اکرم کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی اسٹاف نرس ہیں۔

    پی آئی سی اسپتال انتظامیہ نے تصدیق کی ہے کہ عائشہ اکرم کا تعلق مسیحائی کے شعبے سے ہے، وہ پی آئی سی کی ایمرجنسی میں بطور اسٹاف نرس کام کرتی ہیں۔

    یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ عائشہ اکرم تین سال قبل کوٹ خواجہ سعید اسپتال میں بطور نرس خدمات انجام دیتی تھیں، اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ عائشہ اکرم کو ڈیوٹی کے دوران بھی ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے کا شوق رہا ہے، جس کے باعث انھیں موبائل استعمال کرنے پر دو بار نوٹسز جاری ہو چکے ہیں۔

    ٹک ٹاک ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ اسٹاف نرس کےیونیفارم میں ملبوس ہیں، عائشہ اکرم کو پی آئی سی میں بھی دوران ڈیوٹی ٹک ٹاک بناتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    ’بے بسی کا یہ عالم تھا کہ موت کی دعائیں کیں‘

    یاد رہے کہ لاہور گریٹر اقبال پارک میں 14 اگست کو ٹک ٹاک ویڈیو بناتے وقت اچانک وحشی ہجوم نے عائشہ اکرم پر حملہ کر دیا تھا، اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے متاثرہ خاتون نے کہا کہ مجھے اندازہ نہیں تھا کہ اپنے شہر ہی میں محفوظ نہیں ہوں۔

    متاثرہ خاتون نے بتایا کہ ایک کلپ ہی بنایا تھا کہ 400 سے 500 لوگوں نے مجھ پر حملہ کر دیا، میرے ساتھ 10 سے 12 ساتھی تھے، لوگوں نے ان سب کو الگ کر کے مجھے قابو کیا، مجھ پر تشدد کیا گیا، کوئی عریاں لباس بھی نہیں پہنا تھا مناسب لباس میں تھی، مجھے بار بار ہوا میں اچھالا گیا، پتا ہی نہیں میرا قصور کیا ہے۔

    انھوں نے کہا میرے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ ایسا واقعہ ہو جائے گا، اب تک یقین نہیں آ رہا میرے ساتھ یہ سب ہوا، بے بسی کا یہ عالم تھا کہ موت کی دعائیں کیں۔

  • مینار پاکستان: یوم آزادی کے روز خواتین سے دست درازی کے مزید واقعات کا انکشاف

    مینار پاکستان: یوم آزادی کے روز خواتین سے دست درازی کے مزید واقعات کا انکشاف

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں مینار پاکستان کی سیکیورٹی کا پول کھل گیا، یوم آزادی کے روز خواتین سے دست درازی کے مزید واقعات سامنے آگئے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے گریٹر اقبال پارک میں یوم آزادی کے روز خواتین سے دست درازی کے مزید واقعات سامنے آگئے، گریٹر اقبال پارک میں 2 خواتین سے متعدد افراد کی دست درازی کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں۔

    ویڈیو میں سینکڑوں افراد 2 خواتین کو ہراساں کرتے اور ان کے ساتھ دست درازی کرتے دیکھے جا سکتے ہیں۔ خواتین کے ساتھ موجود لڑکے انہیں بچانے کی کوشش کرتے رہے۔

    بعد ازاں متاثرہ خواتین کی شکایت پر اینٹی رائٹ فورس کے ڈنڈا بردار جوانوں نے انہیں بچایا، خواتین کو ہراساں کرنے کی مذکورہ ویڈیوز نے مینار پاکستان کی سیکیورٹی کا پول کھول دیا ہے۔

    یاد رہے کہ 14 اگست کے روز مینار پاکستان پر موجود خاتون عائشہ اکرم کو وہاں موجود 400 افراد کی جانب سے تشدد، جنسی حملے اور لوٹ مار کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ واقعے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر آنے پر پولیس نے 3 روز بعد مقدمہ درج کیا تھا۔

    وزیر اعظم عمران خان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے خاتون سے دست درازی کرنے والوں کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا۔ وزیر اعظم نے آئی جی پنجاب سے رابطہ کر کے ہدایت دی ہے کہ خاتون سے دست درازی کرنے والوں کو فوری گرفتار کیا جائے۔

    گزشتہ رات گئے لاہور پولیس نے راوی روڈ، بادامی باغ، لاری اڈا اور شفیق آباد کے علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیاں بھی کی ہیں اور 15 افراد کو حراست میں لے کر تھانہ لاری اڈا منتقل کردیا۔

    پولیس کا کہنا ہے زیر حراست افراد کے موبائل نمبرز کی 14 اگست کو لوکیشن ٹریس کی جائے گی اور زیر حراست افراد کو ویڈیوز میں نظر آنے والے ملزمان سے میچ کیا جائے گا۔

    بعد ازاں پولیس نے مزید 20 کے قریب مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کی، تاہم پوچھ گچھ کے بعد انہیں چھوڑ دیا گیا۔ پولیس کے مطابق مشتبہ افراد کی ویڈیو سے شناخت کرنے کی کوشش کی گئی۔