Tag: گلاب جامن

  • باجوڑ کے گلاب جامن کو سوشل میڈیا پر ’فیک نیوز‘ دینا مہنگا پڑ گیا

    باجوڑ کے گلاب جامن کو سوشل میڈیا پر ’فیک نیوز‘ دینا مہنگا پڑ گیا

    پشاور: باجوڑ کے گلاب جامن کو سوشل میڈیا پر اپنے دوست کے ساتھ مذاق پر مبنی پوسٹ لگانا پڑ گیا، پولیس نے محمد گلاب نامی شہری کو گرفتار کر کے اس کے خلاف فیک نیوز پھیلانے کا مقدمہ درج کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق باجوڑ سے تعلق رکھنے والے شہری محمد گلاب کو اپنے ایک دوست کے پیچھے بیرون ملک سے گوری کے آنے کی خبر دینے کا مذاق مہنگا پڑ گیا، پولیس نے افواہ اڑانے کے الزام میں اسے جیل بھیج دیا ہے، جب کہ باجوڑ کے نوجوانوں نے سوشل میڈیا پر گلاب جامن کی رہائی کے لیے مہم شروع کر دی ہے۔

    قبائلی ضلع باجوڑ کے علاقے سالار زئی میں محمد گلاب ولد گل حبیب جان نے اپنے فیس بک آئی ڈی ’گلاب جامن پی ٹی آئی‘ سے اپنے دوست محمد اسحاق کے ساتھ مذاق کرتے ہوئے پوسٹ کی، جس میں ان کی تصویر کے ساتھ کسی گوری کی تصویر لگا کر لکھا کہ باجوڑ سالار زئی سے تعلق رکھنے والے پاکستانی نوجوان محمد اسحاق کی محبت میں گرفتار برطانوی لڑکی ایلا باجوڑ پہنچ گئی۔

    گلاب جامن کی یہ پوسٹ جب پولیس تھانہ سالارزئی کے ایڈیشنل ایس ایچ او ظاہر شاہ خان نے دیکھی تو فوری طور پر اپنے ساتھ نفری لے کر محمد اسحاق کے گھر پہنچ گئے، تاکہ باجوڑ آنے والی برطانوی دوشیزہ کو سیکیورٹی فراہم کی جا سکے، تاہم محمد اسحاق اور ان کے گھر والوں نے کسی برطانوی دوشیزہ کی آمد کی تردید کر دی۔

    جب پولیس کی جانب سے محمد اسحاق کو گلاب جامن کی مذکورہ فیس بک پوسٹ کا بتایا گیا تو انھوں نے گلاب جامن کی پوسٹ کو مذاق قرار دیا، اور پولیس کو واپس بھجوانے کی کوشش کی، تاہم ایڈیشنل اس ایچ او ظاہر شاہ نے ان سے گلاب جامن پی ٹی آئی کے پیچھے چھپے محمد گلاب کے گھر کا پتا لیا، اور انھیں گھر سے اٹھا کر پولیس اسٹیشن لے گئے، اور ایڈیشنل ایس ایچ او ظاہر شاہ خان نے اپنی مدعیت میں گلاب جامن پر افواہ سازی کے الزام میں مقدمہ درج کر دیا۔

    انھوں نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ قبائلی ضلع باجوڑ کے علاقہ سالارزئی میں برطانوی لڑکی کی آمد کا پتا چلنے کے بعد وہ سیکیورٹی دینے کی غرض سے محمد اسحاق کے گھر گئے جہاں پتا چلا کہ یہ تو گلاب جامن نے مذاق کیا تھا اس لیے افواہ اڑانے کے الزام میں گلاب جامن کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے، جس میں پیکا آرڈیننس کی دفعہ 13 بھی شامل کی گئی ہے۔ ظاہر شاہ خان کے مطابق ملزم گلاب جامن کو ایک رات تھانے میں مہمان بنانے کے بعد اتوار کے روز ڈسٹرکٹ جیل باجوڑ بھیج دیا گیا۔

    دوسری طرف باجوڑ کے عوام نے گلاب جامن کی گرفتاری کا پتا چلتے ہی سوشل میڈیا پر اس کی رہائی کے لیے مہم شروع کر دی ہے، بشیر نگار نامی نوجوان نے گلاب جامن کو رہا کرو کے عنوان سے پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ کئی دنوں سے سوشل میڈیا پر مسلسل ٹرینڈ چل رہا تھا کہ فلاں ملک سے ایک لڑکی کے پاکستانی لڑکے سے سوشل میڈیا پر دوستی ہوئی اور اب وہ لڑکی پاکستان آ گئی ہے، اس کو سوشل میڈیا پر نوجوانوں نے ایک مزاحیہ ٹرینڈ بنا دیا تھا۔ حیرت کی بات ہے کہ سینکڑوں کے تعداد میں پوسٹیں ہوئیں لیکن کسی نے کوئی نوٹس تک نہیں لیا، تاہم جب ’گلاب جامن‘ نے ایک مزاحیہ پوسٹ کی تو پولیس نے اس پر ایف آئی آر کاٹ دی۔

    ایک اور ٹویٹر صارف عمر ثانی نے پوسٹ میں لکھا کہ ہم نے بدامنی کے خلاف کے خلاف ٹرینڈ چلایا تو قانون کے رکھوالے خاموش رہے، پھر منشیات کے خلاف ٹرینڈ چلایا اور قانون کے رکھوالے خاموش رہے لیکن اس غریب نوجوان نے ایک مزاحیہ پوسٹ لگائی تو قانون حرکت میں آ گیا۔

    جعفر خان لالا نامی صارف نے لکھا کہ ڈی پی او صاحب سے نظر ثانی کی اپیل کرتا ہوں، ایسی پوسٹیں بہت سے لوگوں نے کی تھیں جو ایک دوسرے کا مذاق اڑانے پر مبنی تھیں، باجوڑ میں ویسے بھی لوگ ناخوش گوار واقعات کی وجہ سے ڈپریشن کے شکار ہیں، ایسے میں اگر کوئی مذاق میں کوئی بات یا پوسٹ کرے تو اس پر اتنا بڑا ایکشن نہیں لینا چاہیے۔

    ادھر خیبر پختون خوا پولیس نے اپنے آفیشل فیس بک پیچ پر یہ پوسٹ کچھ اس انداز سے کی ہے کہ گزشتہ روز سوشل میڈیا پر غیر ملکی خاتون کی باجوڑ آمد کی فیک خبر چلانے پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر باجوڑ نذیر خان (PSP) نے ایکشن لیتے ہوئے صارف محمد گلاب خان ولد گل حبیب جان سکنہ تلے سالارزئی کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا۔

    واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر جعلی اور جھوٹی خبریں پھیلانا قانوناً جرم ہے، جس کی سزا قانون میں واضح ہے، لہٰذا تمام سوشل میڈیا صارفین اس قسم کی حرکات سے گریز کریں اور ایک اچھے شہری بننے کا ثبوت دیں ورنہ قانونی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

  • شادی کی تقریب میں جھگڑا، وجہ گلاب جامن کیوں بنا؟

    شادی کی تقریب میں جھگڑا، وجہ گلاب جامن کیوں بنا؟

    شادیوں میں اکثر جہیز یا دیگر مسائل پر جھگڑے کی کہانیاں آپ نے سنی ہوگی لیکن مٹھائی پر لڑائی کا واقعہ سن کر آپ یقینی طور پر محظوظ ہونگے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق واقعہ بھارتی ریاست مہاراشٹر کے علاقے پونے میں پیش آیا جہاں کیٹررز اور شادی میں آئے مہمانوں کے درمیان گلاب جامن پر لڑائی ہوئی جس کے نتیجے میں ایک شخص شدید زخمی بھی ہوا جو اب اسپتال میں زیر علاج ہے۔

    رپورٹ کے مطابق واقعہ تئیس اپریل کو پیش آیا تھا۔

    پولیس نے واقعے سے متعلق میڈیا کو بتایا کہ اتوار کو لوکھنڈے اور کامبلے خاندان کی شادی کی تقریب تھی، ہال کو سنجے لوکھنڈے نے بک کیا تھا،شادی کی تقریب دوپہر ڈیڑھ بجے شروع ہوئی، جس میں مہمانوں کو کھانا پیش کیا گیا۔

    طعام کے بعد کئی رشتہ دار آہستہ آہستہ کھانا کھا کر اپنے گھروں کو لوٹ گئے تھے، اسی دوران ایک رشتہ دار یہ دیکھنے پہنچا کہ کتنا کھانا بچا ہے؟ اس نے باقی مہمانوں سے کہا کہ رشتے دار، کیٹررز کا بچا ہوا کھانا پیک کر کے گھر لے جائیں، بس پھر کیا تھا کچھ رشتہ داروں نے گلاب جامن ڈبوں میں بھرنا شروع کر دیا۔

    یہ منظر دیکھ کر کیٹرز نے باراتیوں کو مخاطب کیا کہ یہ گلاب جامن آپ کے لیے نہیں ہے، دوسری شادی کے لیے بنائے گئے ہیں اس بات پر جھگڑا شروع ہوا اور آہستہ آہستہ بات لڑائی تک پہنچ گئی، رشتہ داروں نے مل کر منیجر دیپانشو گپتا کی پٹائی کی جس میں وہ شدید زخمی ہو گیا۔

    پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرتے ہوئے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔

  • گلاب جامن قومی مٹھائی قرار

    گلاب جامن قومی مٹھائی قرار

    اسلام آباد: حکومت پاکستان  نے ’گلاب جامن‘ کو قومی مٹھائی قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت پاکستان کے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر ایک پول کیا گیا جس میں صارفین سے پوچھا گیا کہ ’پاکستان کی قومی مٹھائی کون سی ہے؟‘۔ پول میں ’جلیبی، گلاب جامن اور برفی‘ کے آپشنز رکھے گئے تھے۔

    ووٹنگ میں 15 ہزار 196 صارفین نے اپنی پسند سے متعلق آگاہ کیا۔ گلاب جامن کو 47 فیصد ووٹ ملے جبکہ جلیبی کو 34 فیصد اور برفی کو 19 فیصد ووٹ ملے۔

    سب سے زیادہ ووٹ ملنے پر ’گلاب جامن‘ کو قومی مٹھائی کا اعزاز دیا گیا ساتھ ہی حکومت پاکستان کے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ نے اس ضمن میں ایک ٹویٹ بھی کیا۔

    گلاب جامن کے بارے میں کچھ معلومات

    خوشی کا کوئی بھی موقع ہو یا کوئی بھی تہوار ہو منہ میٹھا کرنے کے لیے عام طور پر ہر گھر یا تقریب میں گلاب جامن کا ذکر ضرور ہوتا ہے۔

    دیسی مٹھائیوں میں گلاب جامن نہایت اہمیت کا حامل سمجھا جاتا ہے، عید کا کوئی تہوار ہو یا پھر شادی کی تقریب غرض یہ کہ رزلٹ کی خوشی اور کسی کی آمد پر بھی یہ مٹھائی ہمارے درمیان ضرور موجود ہوتی ہے۔

    دکان سے ملنے والی گلاب جامن کی لذت علیحدہ ہوتی ہے مگر دماغ اس پر کھٹکتا رہتا ہے کہ آیا یہ صحت کے اصولوں کو مدنظر رکھ کر بنائے گئے ہیں یا نہیں؟

    شیرے سے تیار ہونے والی مزیدار مٹھائی کو بنانے میں پاؤڈر والا دودھ استعمال ہوتا ہے جبکہ اسے گھی میں بھی تلا جاتا ہے۔

    گلاب جامن گھر میں تیار کرنے کا آسان طریقہ

    اجزاء

    سوکھا دودھ (پاؤڈر والا دودھ) 250 گرام

    تازہ دودھ 170 گرام

    گھی 50 گرام

    سوجی 50 گرام

    میدہ 75گرام

    الائچی کے دانے

    پھیٹا ہوا انڈے 2 عدد

    بیکنگ سوڈا 2 چٹکی

    زعفران ایک چٹکی

    چینی ایک کلو گرام

    پانی آدھا کلو گرام

    گھی 1 کلو (فرائی کرنے کے لیے)

    طریقہ کار

    چولہے پر فرائی پان رکھ کر اُس میں پانی بھر کر چینی ڈال دیں اور اُس کا شیرا بنالیں۔

    کھوئے میں مکس آٹے کو ڈالیں اور اُس میں بیکنگ سوڈا، الائچی، بادام، پستا، زعفران ڈالیں، اب تمام اشیاء کو گوند کر چھوٹی چھوٹی بالیں بنا لیں۔

    مزید پڑھیں: بنگال نے رس گلے کا مقدمہ جیت لیا

    فرائی پان میں گھی ڈال کر ان بالز کو تھوڑی دیر کے لیے چولہے پر چھوڑ دیں اور جب یہ اپنا کلر  تبدیل کر کے کتھی کلر اختیار کرلیں تو اسے برتن سے نکال کر شیرے میں ڈال دیں۔

    دس پندرہ منٹ بعد اُسے میٹھے شیرےمیں سے نکالیں مزیدار گلاب جامن تیار ہیں۔