Tag: گلاسکو

  • زمین کے مستقبل کے لیے اہم سمجھوتا ہو گیا

    زمین کے مستقبل کے لیے اہم سمجھوتا ہو گیا

    گلاسکو: اسکاٹ لینڈ میں ہونے والی یو این کانفرنس کوپ 26 میں شرکا آخرکار ایک سمجھوتے پر متفق ہو گئے ہیں، اجلاس میں عالمی درجۂ حرارت میں اضافہ 1.5 ڈگری تک رکھنے کا ہدف مقرر کر دیا گیا۔

    اسکاٹ لینڈ کے شہر گلاسکو میں آب و ہوا سے متعلق اقوام متحدہ کی کانفرنس میں ایک روز کی توسیع کے بعد، بالکل آخری لمحات میں تبدیلیاں کی گئیں، اور شرکار ایک سمجھوتے پر متفق ہو گئے۔

    اراکین نے اس پر اتفاق کیا کہ عالمی درجۂ حرارت میں اضافے کی اوسط شرح کو، صنعتی دور سے پہلے کی سطحوں سے، 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ تک محدود کرنے کی کوششوں کو آگے بڑھایا جائے گا۔

    سمجھوتے کے مطابق ممالک 2022 کے آخر تک 2030 تک کے اپنے اخراج میں کمی کے اہداف کا جائزہ لیں گے اور انھیں مستحکم بنائیں گے۔

    اس سمجھوتے میں ممالک سے 2015 کے پیرس معاہدے سے زیادہ مضبوط اقدامات کا مطالبہ کیا گیا ہے، جس میں مذکورہ اضافے کو 2 ڈگری سینٹی گریڈ سے خاصا کم رکھنے کا کہا گیا تھا، اب نیا ہدف اس حد کو 1.5 ڈگری رکھنا ہے۔

    آب و ہوا سے متعلق گلاسکو سمجھوتے کے تحت ترقی پذیر ممالک کو اقدامات اٹھانے کے لیے دی جانے والی مالی امداد میں اضافہ کیا جائے گا، تاکہ وہ کوئلے سے بجلی کی بے دریغ پیداوار کو مرحلہ وار کم کرنے کی جانب کوششوں میں تیزی لائیں۔

  • شہری انجانے میں اپنی سائیکل چرانے والے چور کی مدد کرنے پہنچ گیا

    شہری انجانے میں اپنی سائیکل چرانے والے چور کی مدد کرنے پہنچ گیا

    اسکاٹ لینڈ میں ایک سائیکل چور اس وقت عجیب وغریب صورتحال کا شکار ہوگیا جب اس کی چرائی ہوئی سائیکل عین سائیکل کے مالک کے گھر کے سامنے خراب ہوگئی اور سائیکل کا مالک ہی اس کی مدد کرنے پہنچ گیا۔

    جان ڈیولن نامی شہری نائٹ شفٹ مکمل کر کے اپنے گھر آرہا تھا کہ گھر کے قریب اس نے ایک شخص کو سائیکل کے ساتھ زور آزمائی کرتے ہوئے پایا، وہ اس شخص کی مدد کے لیے پہنچ گیا۔

    اس دوران اسے سائیکل پر ایک اسٹیکر دکھائی دیا جو اسے جانا پہچانا لگا، سائیکل کے ساتھ لگا ہیلمٹ بھی اسے شناسا لگا، تب اچانک اسے احساس ہوا کہ یہ اسی کی سائیکل ہے جو چند روز قبل گھر کے باہر سے چوری ہوگئی تھی۔

    جان نے اس شخص کو بتایا کہ یہ اس کی سائیکل ہے تو چور نے دوبارہ سائیکل اٹھائی اور بھاگنے لگا، اس دوران اس نے جیب سے چاقو نکال کر جان کو دھمکیاں بھی دیں۔

    جان نے چور کا پیچھا کرتے ہوئے پولیس کو فون کردیا جو فوراً ہی موقع پر پہنچ کر چور کو پکڑنے میں کامیاب ہوگئی۔ بعد ازاں چور نے جان کے گھر کے بیرونی حصے میں نقب لگانے اور سائیکل چرانے کا اعتراف کرلیا۔

    مقامی عدالت نے چور کو 15 ماہ قید کی سزا سنا دی۔

  • یورپ اسمگل کی گئی لڑکیوں سے پاکستانیوں کی فرضی شادیوں کا انکشاف

    یورپ اسمگل کی گئی لڑکیوں سے پاکستانیوں کی فرضی شادیوں کا انکشاف

    گلاسکو: برطانیہ میں مشرقی یورپ سے اسمگل کرکے لائی جانے والی لڑکیوں سے پاکستانی شہریوں کی فرضی شادیوں کا انکشاف ہوا ہے، جرائم پیشہ گروہ خواتین کو جنسی استحصال اور انہیں جعلی شادیوں پر مجبور کررہے ہیں۔

    بی بی سی کے مطابق مشرقی یورپ سے ملازمت کا جھانسہ دے کر اسمگل کی جانے والی خواتین کو گلاسکو لاکر ان کی فرضی شادیاں کرائی جاتی ہیں جن میں سب سے زیادہ افراد کا تعلق پاکستان سے ہے۔

    برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے پروگرام بعنوان ’انسان برائے فروخت‘ میں ایک رپورٹ پیش کی گئی ہے جس میں بتایا گیا کہ سلواکیہ سے تعلق رکھنے والی ایک لڑکی کو تین مرتبہ اسمگل کر کے گلاسگولایا گیا۔

    مردوں کی اکثریت کا تعلق پاکستان سے ہے

    علاوہ ازیں اور بہت سی خواتین کو ان مردوں سے جعلی شادیوں پر مجبور کیا گیا جن میں اکثریت کا تعلق پاکستان سے تھا اور جو برطانیہ کی شہریت حاصل کرنے کے خواہاں تھے۔

    لڑکیوں کا تعلق پسماندہ طبقات سے ہے

    جعلی شادیوں کے لیے استعمال کی جانے والی لڑکیوں کا تعلق غریب اور پسماندہ طبقوں سے ہوتا ہے، جوملازمت کے جھانسے میں آکر ان جرائم پیشہ افراد کے چنگل میں پھنس جاتی ہیں۔

    لڑکیاں ملازمہ بننے پر مجبور، جنسی استحصال بھی ہوتا ہے

    یورپول میں انسداد انسانی اسمگلنگ کی اہلکار انجیلا مولنر نے کہا ہے کہ شادی کے خواہش مند مرد برطانیہ کی شہریت حاصل کرنے کے لیے یورپی شہریت رکھنے والی کسی خاتون سے شادی کرنا چاہتے ہیں۔

    خواتین جرائم پیشہ گروہوں کے شکنجے میں رہتی ہیں

    مولنر کے مطابق ان فرضی شادیوں کے بعد خواتین جرائم پیشہ گروہوں کے شکنجے میں رہتی ہیں اور انہیں یا تو فرضی شوہروں کے گھروں میں گھریلو ملازماؤں کے طور پر رہنا پڑتا ہے جہاں ان کا جنسی استحصال بھی کیا جاتا ہے۔

    منشیات کے بعد انسانی اسمگلنگ سب سے منافع بخش کاروبار ہے

    ان کا مزید کہنا تھا کہ انسانی اسمگلنگ منشیات کے بعد سب سے زیادہ منافع بخش کاروبار ہے اور جبری مشقت اور جنسی استحصال خواتین کو اسکاٹ لینڈ سمگل کیے جانے کی دو بڑ ی وجوہات ہیں۔

  • کامن ویلتھ گیمز:پاکستانی باکسرمحمد وسیم کا مقابلہ آسٹریلیا کے اینڈریو مولونی سے ہوگا

    کامن ویلتھ گیمز:پاکستانی باکسرمحمد وسیم کا مقابلہ آسٹریلیا کے اینڈریو مولونی سے ہوگا

    گلاسکو : کامن ویلتھ گیمز کے باون کلو گرام باکسنگ کیٹگری کے فائنل آج پاکستان کے محمد وسیم کا مقابلہ آسٹریلیا کے اینڈریو مولونی سے ہوگا۔کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کا پہلا گولڈصرف ایک فتح کی دوری پرہے۔ محمد وسیم کی باکسنگ میں عمدہ کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے۔ کامن ویلتھ گیمز میں طلائی تمغے کی امید پھر سے روشن ہوگئی ہے۔

    محمد وسیم نے باون کلو گرام کیٹگری کے سیمی فائنل میں گھانا کے باکسر عبدالعمر کو شکست دیکر فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ اس کامیابی کے بعد کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کا چوتھا میڈل یقینی ہوگیا ہے۔ گولڈ میڈل کے معرکے میں محمد وسیم کا مقابلہ آسٹریلوی باکسر اینڈریو مولونی سے ہوگا۔ اس سے قبل پاکستان نے جوڈو میں چاندی اور ریسلنگ کے ایونٹ میں کانسی اور چاندی کا تمغہ جیتا ہے۔

  • گلاسکو: بیسویں کامن ویلتھ گیمز کا میلہ سج گیا

    گلاسکو: بیسویں کامن ویلتھ گیمز کا میلہ سج گیا

    گلاسگو  : بیسویں کامن ویلتھ گیمز کا میلہ سج گیا ،ملکہ برطانیہ نے رنگارنگ تقریب میں دولت مشترکہ کھیلوں کا افتتاح کیا۔

    گلاسگو میں رنگ و نور کی برسات ہوئی، بیسویں کامن ویلتھ گیمز کا رنگارنگ تقریب کیساتھ آغاز ہوا،طیاروں کے فضائی مظاہرے نے شائقین کے دل موہ لیے، سیلٹک پارک میں سجنے والی افتتاحی تقریب میں دوہزار افراد نے حصہ لیا، معروف پاپ سنگرز نے اپنی آواز کا جادو جگایا۔

    شرکاء نے پاپ میوزک اور روایتی دھنوں کے ساتھ اسکاٹش کلچر سے بھی لطف اٹھایا، کامن ویلتھ گیمز کی پر رونق تقریب میں اکہتر ممالک کے چار ہزار پانچ سو ایتھلیٹ نے اپنے ملکوں کی نمائندگی کرتے ہوئے مارچ پاسٹ کیا، پاکستانی ایتھلیٹس نے پریڈ میں قومی لباس میں شرکت کی، وہ آٹھ مقابلوں میں حصہ لیں گے۔

    ملکہ برطانیہ کے اعلان کے ساتھ گیمز کے باقاعدہ آغاز ہوا، کامن ویلتھ گیمز میڈلز کے حصول کے لیے جنگ کا آغاز آج سے ہوگا، جو تین اگست تک جاری رہے گا، گیمز کی اختتامی تقریب تین اگست کو ہیمڈن اسٹیڈیم میں ہوگی۔