Tag: گلبدین حکمت یار

  • افغان عبوری حکومت، گلبدین حکمت یار کا اہم اعلان

    افغان عبوری حکومت، گلبدین حکمت یار کا اہم اعلان

    کابل: حزب اسلامی کے امیر گلبدین حکمت یار نے افغان عبوری حکومت کی حمایت کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق گلبدین حکمت یار نے ایک بیان میں طالبان عبوری حکومت کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حزب اسلامی نئی افغان حکومت کا ساتھ دے گی۔

    گلبدین حکمت یار نے ہدایت کی کہ حزب اسلامی کے کارکنان اور رہنما عبوری حکومت سے تعاون کریں، کیوں کہ گزشتہ 5 دہائیوں میں پہلی بار ایک اچھی نمائندہ کابینہ تشکیل دی گئی ہے۔

    سربراہ حزب اسلامی نے طالبان کو مشورہ دیا کہ وہ تمام ممالک کے ساتھ سفارتی تعلقات ضرور قائم کریں، اور عبوری انتظامیہ افغانستان کے عوام کا مفاد مقدم رکھے۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل 21 اگست کو افغانستان کے سابق وزیر اعظم اور حزب اسلامی کے رہنما گلبدین حکمت یار نے طالبان رہنما خلیل الرحمان حقانی سے ملاقات میں طالبان حکومت کی حمایت کا عندیہ دیا تھا۔

    واضح رہے کہ افغانستان کی نئی حکومت کی تقریب حلف برداری ملتوی کر دی گئی ہے، ادھر امریکا نے افغان حکومت کی مدد جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے، ترجمان محکمہ خارجہ نے گزشتہ روز کہا کہ نئی افغان حکومت کے ساتھ تعلقات کا جائزہ لے رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ افغان بینک کے منجمد 10 ارب ڈالرز کا معاملہ فیڈرل ریزرو دیکھ رہا ہے۔

  • گلبدین حکمت یار نے دوبارہ الیکشن کا مطالبہ کردیا

    گلبدین حکمت یار نے دوبارہ الیکشن کا مطالبہ کردیا

    کابل: افغان تنظیم حزبِ اسلامی کے سربراہ گلبدین حکمت یار نے کہا کہ ووٹوں کی دوبارہ گنتی سے مسئلہ حل نہیں ہوگا، صدارتی انتخاب دوبارہ کرایا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق افغان تنظیم حزبِ اسلامی کے سربراہ گلبدین حکمت یار نے دوبارہ الیکشن کا مطالبہ کردیا۔ انہوں نے کہا کہ ووٹوں کی دوبارہ گنتی سے مسئلہ حل نہیں ہوگا، آئندہ موسم بہار میں افغان صدارتی انتخاب دوبارہ کرایا جائے۔

    دوسری جانب افغانستان کے چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی رکوانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ انتخابات کے جعلی نتائج کو قبول نہیں کریں گے۔

    عبداللہ عبداللہ نے افغان صدارتی انتخابات جیتنے کا دعویٰ کردیا

    عبداللہ عبداللہ نے دعویٰ کیا کہ ان ووٹوں میں کچھ بیلٹ کے ساتھ جو تصاویر ہیں وہ اصلی شناختی کارڈ کے بجائے نقلی شناختی کارڈ سے لی گئی ہیں۔ افغانستان کے چیف ایگزیکٹو کے اس بیان سے 28 ستمبر کو افغانستان میں ہونے والے انتخابات کے نتائج مزید غیر یقینی کا شکار ہوگئے ہیں۔

    واضح رہے کہ افغان انتخابات کے نتائج کا اعلان 19 اکتوبر کو ہونا تھا لیکن اس میں 2 مرتبہ پہلے ہی تاخیر کردی گئی جبکہ حکام نے اس کی وجہ تکنیکی خرابی قرار دیا۔

  • اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے افغان رہنما گلبدین حکمت یار کی ملاقات

    اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے افغان رہنما گلبدین حکمت یار کی ملاقات

    اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے افغان رہنما گلبدین حکمت یار نے ملاقات کی ہے، جس میں پاک افغان تعلقات، خطے کی سیاسی اور معاشی صورت حال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق افغان رہنما گلبدین حکمت یار نے قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر سے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات پر گفتگو کی گئی۔

    اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان پر امن، خوش حال اور مستحکم افغانستان کا خواہاں ہے، خطے کی ترقی اور خوش حالی کے لیے پر امن افغانستان نا گزیرہے، پاکستان افغان امن کے لیے کاوشوں کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

    گلبدین حکمت یار کا کہنا تھا کہ افغان امن کے لیے پاکستان کی کاوشیں قابل ستایش ہیں، پاکستان کی جانب سے افغان مہاجرین کی میزبانی پر شکر گزار ہیں، افغانستان میں امن کے لیے فریقین کی شمولیت ضروری ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  افغان صدر رواں ہفتے پاکستان کا 2 روزہ دورہ کریں گے

    خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ٹویٹر پر کہا تھا کہ پاکستان نے افغان امن عمل کے لیے بھرپور کوششیں کی ہیں، ہم افغانستان میں پائیدار امن یقینی بنانا چاہتے ہیں، چاہتے ہیں دونوں ممالک ایک ساتھ ترقی کریں اور خوش حال ہوں۔

    پڑوسی ملک افغانستان کے صدر اشرف غنی رواں ہفتے پاکستان کا دورہ کریں گے، وہ 2 روزہ دورے پر پاکستان آ رہے ہیں۔

  • افغان حکومت اور گلبدین حکمت یار کے درمیان امن معاہدے پر دستخط

    افغان حکومت اور گلبدین حکمت یار کے درمیان امن معاہدے پر دستخط

    کابل: افغان حکومت اور جہادی تنظیم حزب اسلامی کے رہنما گلبدین حکمت یار کے درمیان امن معاہدے پر دستخط ہوگئے جس کے تحت اب حزب اسلامی عسکری سرگرمیاں ترک کرکے سیاسی سرگرمیاں شروع کرے گی، گلبدین حکمت یار بھی اب پندرہ سال بھی منظر عام پر آجائیں گے۔

    اطلاعات کے مطابق افغان حکومت اور حزب اسلامی کے درمیان 25 نکاتی معاہدے پر دستخط کردیے گئے۔

    معاہدے کے مطابق حزب اسلامی کو سیاسی سرگرمیوں کی مکمل اجازت دی جائے وہ ملک بھر میں اپنے دفاتر کھول سکے گی، اپنی عسکری سرگرمیاں ترک کرکے جہادی تنظیموں سے قطع تعلق کا اعلان کرے گی۔

    معاہدے کے مطابق گل بدین حکمت یار دو ماہ بعد منظر عام پر آجائیں گے،افغان حکومت گلبدین حکمت یار کا نام مطلوب افراد کی فہرست سے نکال دے گی امریکا سے بھی درخواست کرکے مطلوب افراد کی فہرست سے نام خارج کرایا جائےگا۔

    یہ بھی پڑھیں: گلبدین حکمت یار اور افغان حکومت کے درمیان امن معاہدے پر اتفاق

  • گلبدین حکمت یار اور افغان حکومت کے درمیان امن معاہدے پر اتفاق

    گلبدین حکمت یار اور افغان حکومت کے درمیان امن معاہدے پر اتفاق

    کابل / پشاور: افغان حکومت اور جہادی تنظیم حزب اسلامی کے رہنما گلبدین حکمت یار کے درمیان امن معاہدے پر اتفاق رائے کرلیا گیا، حزب اسلامی عسکری سرگرمیاں ترک کرکے سیاسی سرگرمیاں شروع کرے گی، گلبدین حکمت یار پندرہ سال بھی جلد منظر عام پر آجائیں گے۔

    اے آر وائی نیوز پشاور کے بیورو چیف ضیا الحق کے مطابق افغان حکومت اور حزب اسلامی کے درمیان پچیس نکاتی معاہدے پراتفاق ہوا ہے باضابطہ معاہدہ کل ہوگا اور افغان حکومت کی جانب سے باقاعدہ اعلان بھی کیا جائے گابعد ازاں گلبدین حکمت یار پندرہ سالہ روپوشی ختم کرکے منظر عام پر آئیں گے۔

    معاہدے کے مطابق حزب اسلامی کو سیاسی سرگرمیوں کی مکمل اجازت دی جائے وہ ملک بھر میں اپنے دفاتر کھول سکے گی، اپنی عسکری سرگرمیاں ترک کرکے جہادی تنظیموں سے قطع تعلق کا اعلان کرے گی۔
    ترجمان حزب اسلامی نے کہا ہے کہ امید ہے کہ اگلے چوبیس گھنٹوں میں معاہدے پر دستخط ہوجائیں گے۔

  • ملا منصور کی ہلاکت امریکہ و ایران کی مشترکہ کاروائی ہے،گلبدین حکمت یار

    ملا منصور کی ہلاکت امریکہ و ایران کی مشترکہ کاروائی ہے،گلبدین حکمت یار

    کابل: افغانستان کی معروف جہادی تنظیم حزب اسلامی کے سربراہ افغانستان گلبدین حکمت یار نے ملا اختر منصور کی ہلاکت کو امریکہ اور ایران کی مشترکہ کاروائی کا نتیجہ قرار دے دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملا اختر منصور کی ڈرون حملے کے بعد افغانستان کی کسی جہادی تنظیم کے سربراہ کی طرف سے پہلا مذمتی بیان سامنے آگیا ہے،تنظیم حزبِ اسلامی کے سربراہ اور اور سابقہ وزیرِ اعظم گلبدین حکمت یار کا کہنا تھا کہ ملا منصور اختر کو ایرانی خفیہ ایجینسی کی اطلاع پر ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

    Rahimullah-Mullah-Mansoor

    افغان مجاہدین کے رہنما گلبدین حکمت یار نے الزام عائد کیا کہ ایران کی حکومت نے ملا اختر منصور کی نقل و حرکت سے امریکہ کو آگاہ کیا، جیسے ہی ملا اختر منصور ایران سے پاکستان میں داخل ہوئے،ایران کی خفیہ ایجینسی نے امریکہ کو اطلاع دے دی اور عین اسی وقت ڈرون نے افغانستان سے پرواز بھرکرنوشکی کے مقام پر ملا اختر منصور کو نشانہ بنا کر قتل کر دیا۔


    طالبان رہنما ملا منصور کی ہلاکت کی تصدیق 


    انہوں نے ملا اختر منصور کی ہلاکت پر غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملا اختر منصور کی ہلاکت ناقابلِ تلافی نقصان ہے،جس کا خمیازہ ایران کو بھگتنا پڑے گا۔

    Mulla

    یاد رہے افغان طالبان کے مقتول امیر ملا اختر منصور کو چند روز قبل امریکی ڈرون طیارے نے نوشکی کے مقام پر اس وقت نشانہ بنایا جب وہ ایران سے پاکستان آرہے تھے ملا منصور محمد ولی کے نام سے جعلی دستاویزات پر کئی بار پاکستان سے بیرون ملک سفر کیا تھا، ایران کا بہ راستہ سڑک یہ سفر ان کا آخری سفر ثابت ہوا۔