Tag: گلبہار

  • کراچی: ڈی ایس پی آفس بڑی تباہی سے بچ گیا، پھینکا گیا ہینڈ گرنیڈ پھٹ نہ سکا

    کراچی: ڈی ایس پی آفس بڑی تباہی سے بچ گیا، پھینکا گیا ہینڈ گرنیڈ پھٹ نہ سکا

    کراچی: شہر قائد کے علاقے گلبہار میں موٹر سائیکل سوار ملزمان ڈی ایس پی کے دفتر پر ہینڈ گرنیڈ پھینک کر فرار ہو گئے، تاہم خوش قسمتی سے بم پھٹ نہ سکا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں ڈی ایس پی گلبہار کے دفتر پر بم حملہ ہوا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ ہینڈ گرنیڈ پورے طریقے سے پھٹ نہ سکا، واقعے کے بعد پولیس کے اعلیٰ حکام ڈی ایس پی کے دفتر پہنچ گئے۔

    بم حملے کے بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی فوری طور پر طلب کیا گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ 3 سے 4 موٹر سائیکل سوار ملزمان نے بم پھینکا تھا، حملے کے وقت ڈی ایس پی اور دیگر عملہ دفتر میں موجود تھا، تاہم خوشی قسمتی سے بم پھٹ نہ سکا، اس لیے کوئی نقصان نہ ہوا۔

    بم ڈسپوزل اسکواڈ نے ابتدائی رپورٹ بھی تیار کر لی ہے، تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ اسٹاک ایکس چینج حملے سے مماثلت رکھتا ہے، اسٹاک ایکس چینج حملے میں ہلاک دہشت گردوں سے ایسے ہی ہینڈ گرنیڈ ملے تھے۔

    اسٹاک ایکسچینج حملے کا مقدمہ درج، بی ڈی ایس رپورٹ تیار

    تفتیشی حکام نے بتایا ہے کہ ہینڈ گرنیڈ تقریباً 400 گرام سے زائد وزن کا تھا، فیکٹری میں تیار ہینڈ گرنیڈ کا صرف ڈیٹونیٹر ہی پھٹا تھا۔

  • کراچی: ریگل ٹریڈ سینٹر میں چور گروہ کی ایک اور بڑی واردات

    کراچی: ریگل ٹریڈ سینٹر میں چور گروہ کی ایک اور بڑی واردات

    کراچی: شہر قائد کے علاقے صدر میں ریگل ٹریڈ سینٹر میں چور گروہ نے ایک اور بڑی واردات کر لی ہے، چوروں نے گودام سے 23 لیپ ٹاپ چوری کر لیے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے ریگل ٹریڈ سینٹر میں 6 ملزمان گاہک بن کر مارکیٹ میں داخل ہوئے اور الیکٹرونک سامان کے گودام سے 23 لیپ ٹاپ چوری کر کے فرار ہو گئے۔

    ملزمان نے مزدوروں جیسا حلیہ بنا رکھا تھا، انھوں نے مارکیٹ میں گھوم پھر دکانوں اور گوداموں کا جائزہ لیا، اور بہت کم وقت میں واردات کی، ملزمان نے آسان ہدف بھانپ کر گودام سے لیپ ٹاپ چوری کیے اور فرار ہو گئے۔

    یاد رہے کہ ریگل ٹریڈ سینیٹر مارکیٹ میں اپنی نوعیت کی یہ پانچویں واردات ہے، متاثرہ شہری نے پولیس کو درخواست بھی دے دی ہے۔

    تازہ ترین:  کراچی پولیس کی کارروائی، ایم کیو ایم لندن کا ٹارگٹ کلر گرفتار

    کراچی کے علاقے گلبہار میں ہونے والی ایک اور واردات میں پولیس کے ہاتھوں دو ڈاکو ہلاک جب کہ ایک زخمی ہوا، اے آر وائی نیوز کو موصول سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈاکو پاک کالونی میں واردات کے دوران زمین پر گرے ہوئے ہیں۔

    پولیس کے مطابق یہ واردات گزشتہ روز صبح پیش آئی تھی، ہلاک اور زخمی ہونے والے ڈاکو بھائی ہیں، ملزمان کو ایک سال قبل گرفتار کیا گیا تھا، اور تینوں بھائی ایک ماہ قبل ہی جیل سے رہا ہوئے تھے، پولیس نے تینوں ڈکیت بھائیوں کے ساتھیوں کی بھی تلاش شروع کر دی ہے۔

  • گلبہارمیں بھتہ خوروں کا بلڈرکے دفتر پردستی بم حملہ

    گلبہارمیں بھتہ خوروں کا بلڈرکے دفتر پردستی بم حملہ

    کراچی : گلبہار میں بھتہ نہ دینے پر گینگ وار کے کارندوں نے بلڈر کے دفتر پر دستی بم مارا، بلڈر کو چند ماہ پہلے بھتے کی پرچی ملی تھی۔ تاہم کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

    تفصیلات کے مطابق بھتہ خوری کا جن پھربوتل سے نکلنے لگا، کراچی کے علاقے گلبہار میں نامعلوم افراد کی جانب سے بلڈرکے دفترپردستی بم سے حملہ کیا گیا۔

    ملزمان موٹرسائیکل پرآئے اوردستی بم پھینک کرفرارہوگئے دستی بم پھٹنے سے دفتر کے شیشوں کو نقصان پہنچا، دو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے دستی بم پھینکا اورفرارہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ہیلمٹ پہنے شخص نے سڑک کی دوسری طرف سے کریکر پھینکا جو دیوارسے ٹکرا کرسڑک پر آگرا اور دھماکہ ہوگیا۔

    سیکورٹی گارڈ نے پولیس کو بتایا کہ ہم چائے پی رہے تھے کہ دھماکہ سنا، باہر آکر دیکھا تو دور دور تک کوئی نہیں تھا، پولیس کا کہنا ہے کہ بلڈرکوایک ماہ پہلے بھتے کی پرچی ملی تھی۔

    حملہ کرنے والوں کا تعلق سلیم چاکلیٹی گروپ سے ہے۔ ذرائع کے مطابق عمارت کی تعمیر کرنے والے بلڈرز سے ایک ماہ قبل 50 لاکھ روپے بھتہ طلب کیا گیا تھا۔

    کراچی میں جاری آپریشن سے بھتہ خوری کی وارداتوں میں کمی تو ضرور آئی ہے لیکن وارداتیں پوری طرح ختم نہیں ہوئیں۔ سوال یہ ہے کہ شہرمیں بارود کیا اتنی آسانی سےمل جاتا ہے کہ کوئی بھی کریکر بنالے؟