Tag: گلستان جوہر

  • گلستان جوہر میں تجاوزات کیخلاف آپریشن، شرپسند عناصر نے رینجرز اور پولیس پر گولیاں برسادیں

    گلستان جوہر میں تجاوزات کیخلاف آپریشن، شرپسند عناصر نے رینجرز اور پولیس پر گولیاں برسادیں

    کراچی : گلستان جوہر میں تجاوزات کیخلاف آپریشن کے دوران علاقہ میدان جنگ بن گیا، شرپسند عناصر نے رینجرز اور پولیس پر گولیاں برسادیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلستان جوہر بلاگ گیارہ میں عدالتی حکم پر  تجاوزات کیخلاف آپریشن شروع ہوا تو اینٹی انکروچمنٹ عملے کو مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔

    پولیس اورمظاہرین آمنے سامنے آگئے اور صورتحال کشیدہ ہوگئی، اس دوران شرپسندوں نے اینٹی انکروچمنٹ عملے پر حملہ کردیا۔

    شرپسند عناصرکی جانب سے رینجرز اور پولیس پر شدید فائرنگ کی گئی جبکہ مشتعل مظاہرین کی جانب سے پتھراؤ اور احتجاج کا سلسلہ جاری رہا۔

    مشتعل مظاہرین نے ٹائروں کو بھی آگ لگا دی ، پتھراؤ سے آج ٹی وی کی گاڑی کو بھی نقصان پہنچا جبکہ متعدد افراد بھی زخمی ہوگئے۔

    آپریشن کے دوران محرر گلستان جوہر عاصم اورایس ایچ او اینٹی انکروچمنٹ احمد بھی  پتھراؤ سے زخمی ہوئے ، جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    کشیدہ صورتحال کے باعث پولیس ، رینجرز اور کے ڈی اے کا عملہ پیچھے ہٹ گیا، پولیس کو نفری اور ہتھیاروں کی کمی کا سامنا تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ہم پر براہِ راست گولیاں چلائی گئیں، جب تک آپریشن مکمل نہں ہوجاتا پولیس علاقے میں موجود رہے گی، شر پسندوں کو گرفتارکررہی ہے۔

  • کراچی: گلستان جوہر میں ایک اور کوریئر کمپنی کا ملازم لٹ گیا

    کراچی: گلستان جوہر میں ایک اور کوریئر کمپنی کا ملازم لٹ گیا

    کراچی: شہر قائد کے علاقے گلستان جوہر میں ایک اور کوریئر کمپنی کا ملازم لٹ گیا، کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کی وارداتیں بے قابو ہو گئی ہیں، کراچی پولیس چیف نے بھی چند دن قبل وارداتوں میں اضافے کا اعتراف کیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلستان جوہر کے بلاک 3 میں کوریئر کمپنی کے ملازم کے ساتھ ہونے والی اسٹریٹ کرائم کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کی۔

    فوٹیج کے مطابق موٹر سائیکل سوار مسلح ڈاکو نے ملازم کو روکا، اور ا سے لوٹ مار کر کے فرار ہو گئے۔

    گزشتہ روز کراچی شہر میں ڈاکو راج نظر آیا، شہر قائد کے مختلف علاقوں میں وارداتیں ہوئیں، خواتین بھی اب اپنے گھروں کے باہر بھی محفوظ نہیں رہیں۔

    فیروز آباد میں بینک سے رقم لے کر نکلنے والے ایک شہری کو لوٹ لیا گیا، شہری بینک سے 23 لاکھ روپے لے کر نکلا تھا، موٹر سائیکل سوار ملزمان نے اسلحے کے زور پر روکا اور رقم چھین لی۔

    بینک سے رقم لے کر نکلنے والے ایک اور شہری سے بھی واردات ہوئی، کراچی کے علاقے پی ای سی ایچ ایس سوسائٹی میں نجی کمپنی کے ملازمین کو لوٹا گیا، ڈاکو مبینہ طور پر 3 لاکھ 50 ہزار کی رقم لوٹ کر فرار ہوئے۔

    ماڈل کالونی میں گھر کی دہلیز پر لٹیروں نے خاتون سے زیورات اتروا لیے، تینوں واقعات کی سی سی ٹی وی فوٹیجز اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی ہیں۔

  • کراچی :  ملزم وزیراعلیٰ ہاؤس کے سینئر افسر کی گاڑی لے اڑا

    کراچی : ملزم وزیراعلیٰ ہاؤس کے سینئر افسر کی گاڑی لے اڑا

    کراچی : گلستان جوہر میں ملزم وزیراعلیٰ ہاؤس کے سینئرافسر کی گاڑی لے اڑا، چوری کے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلستان جوہربلاک13میں کار لفٹنگ کی واردات ہوئی، جہاں وزیراعلیٰ ہاؤس کے سینئر افسر کی گاڑی چوری ہوگئی۔

    واردات کا مقدمہ شارع فیصل تھانے میں درج کرکے تفتیش جاری ہے ، مدعی مقدمہ محمد علی کے مطابق وہ سرکاری افسر ہے۔

    مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ سرکاری افسر ہوں اس لیے گاڑی ملی ہوئی ہے، رات ایک بجے گاڑی گھر کے باہر کھڑی کی تھی۔

    مدعی مقدمے نے بتایا کہ کام کے سلسلے میں حیدرآباد گیا واپس آیا تو گاڑی نہیں تھی، نامعلوم ملزم میری گاڑی چوری کر کے لے گیا۔

    پولیس نے مقدمہ درج کرنے کے بعد تفتیش شروع کردی ہے۔

  • ویڈیو: کچرا چننے والے نوجوان پر گولی کیوں چلائی گئی؟

    ویڈیو: کچرا چننے والے نوجوان پر گولی کیوں چلائی گئی؟

    کراچی: شہر قائد کے علاقے گلستان جوہر میں کچرا چننے والے ایک لڑکے پر گولی کیوں چلائی گئی، اور جھگڑا کیسے پیش آیا، خصوصی مناظر پر مبنی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق گلستان جوہر کامران چورنگی کے قریب کچرا چننے والے افغان لڑکوں پر فائرنگ کے کیس میں گلستان جوہر پولیس نے ایک سیکیورٹی گارڈ کو گرفتار کر لیا ہے۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کچرا چُننے والے 3 لڑکے گلی میں داخل ہوئے تو سیکیورٹی گارڈ نے ان کے ساتھ جھگڑا شروع کر دیا اور پھر گولی بھی مار دی۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ جھگڑے کے بعد پیش آیا، تین افغان شہری کچرے کا تھیلا اٹھائے گلی میں داخل ہوئے، مسلح سیکیورٹی گارڈ نے تینوں کو واپس جانے کا کہا، اور سخت تلخ کلامی کے بعد ان میں ہاتھا پائی شروع ہو گئی۔

    فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سیکیورٹی گارڈ ہتھیار سے تینوں کو مارنے لگا، جس پر ایک افغان نوجوان نے اس کے رپیٹر کو پکڑا اور مزاحمت کرنے لگا، اسی اثنا میں دوسری جانب سے ایک اور سیکیورٹی گارڈ بھی بھاگتا ہوا آیا۔

    تاہم، سیکیورٹی گارڈ نے لڑکے پر اچانک سے گولی چلا دی، چھرے لگتے ہی افغان لڑکا زمین پر گر گیا، گولی کی آواز سنتے ہی باقی دونوں بچے گلی سے بھاگ گئے۔

    فوٹیج کے مطابق سیکیورٹی گارڈ نے گولی مارنے کے بعد بھی زخمی لڑکے کو گھسیٹا اور تشدد کیا، دونوں میں کافی دیر اس حالت میں زبانی تکرار چلتی رہی۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ زخمی لڑکے کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، اور اس سے بیان بھی لیا جا رہا ہے، جب کہ سیکیورٹی گارڈ کو گرفتار کر کے لاک اپ کر دیا گیا ہے۔

  • کے الیکٹرک آفس میں شہری پر تشدد، معافی نامہ بھی لکھوا لیا

    کے الیکٹرک آفس میں شہری پر تشدد، معافی نامہ بھی لکھوا لیا

    کراچی: شہر قائد کے علاقے گلستان جوہر میں کے الیکٹرک آفس میں ایک شہری کو تشدد کا نشانہ بنا دیا گیا، آفس عملے نے شہری کو زبردستی اندر لے جا کر معافی نامہ بھی لکھوا لیا۔

    تفصیلات کے مطابق رمضان کے مقدس مہینے میں بھی کراچی میں ایک طرف بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ جاری ہے، دوسری طرف شکایت درج کرانا بھی جرم بنا دیا گیا ہے، اس سلسلے میں گلستان جوہر کے ایک شہری کو بجلی کی شکایت کے لیے کے ای دفتر جانا بہت مہنگا پڑ گیا۔

    شہری نے تشدد کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کی ہے، جس میں اس پر کے ای آفس میں ہونے والے تشدد کو دیکھا جا سکتا ہے، شہری نے دعویٰ کیا ہے کہ تشدد کے بعد انھیں اندر لے جایا گیا اور معافی نامہ بھی لکھوایا گیا۔

    شہری کے مطابق وہ آئی بی سی 2 گلستان جوہر میں شکایت لے کر کے الیکٹرک دفتر پہنچا تھا، لیکن شہری کو دفتر اندر جانے سے روکے جانے پر گارڈز کے ساتھ تلخ کلامی ہوئی۔

    شہری نے دعویٰ کیا ہے کہ گارڈز نے ان سے رشوت لے کر شکایت دور کرنے کا کہا تھا لیکن انھوں نے پیسے دینے سے منع کر دیا، جس پر تلخ کلامی ہوئی اور دیکھتے ہی دیکھتے سیکیورٹی گارڈز نے شہری پر تشدد شروع کر دیا۔

    فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک پولیس اہل کار تشدد کے دوران سیکیورٹی گارڈ کو دور کرتا رہا، متاثرہ شہری کو اندر لے جایا گیا تھا اور اس پر آفس کے اندر تشدد کیا گیا۔

    شہری نے کہا کہ پولیس بھی پہنچ گئی تھی اور بلیک میل کر کے مجھ سے زبردستی تحریری معافی نامہ لکھوایا گیا، میں نے اس ڈر سے معافی نامہ لکھا کہ کہیں کے الیکٹرک والے میرے گھر پر ہک کنیکشن کا بل نہ ڈال دے۔

    متاثرہ شہری نے مطالبہ کیا کہ اعلیٰ حکام اس واقعے کا نوٹس لیں تاکہ مجھ پر جرمانہ نہ لگایا جا سکے، میرے ساتھ زیادتی ہوئی ہے، کے الیکٹرک حکام بھی ویڈیو دیکھ کر معاملے کی تحقیق کریں اور گارڈز کے خلاف کارروائی کی جائے۔

  • موٹر سائیکل چور نے شرمناک حرکت کر ڈالی، ویڈیو دیکھیں

    موٹر سائیکل چور نے شرمناک حرکت کر ڈالی، ویڈیو دیکھیں

    کراچی: موٹر سائیکل چوری کے واقعات سے بری طرح متاثر شہر قائد میں ایک لفٹر نے موٹر سائیکل چرانے کے لیے شرمناک حرکت کر ڈالی، واردات کے لیے اس نے بچے کا سہارا لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق حال ہی میں نئے کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن کی جانب سے موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں کو روکنے کے لیے خصوصی احکامات کے باوجود شہر میں وارداتوں کی کمی نہیں آئی ہے۔

    تازہ واقعے میں کراچی کے علاقے گلستان جوہر بلاک 4 میں ایک گھر کے باہر سے چور نے موٹر سائیکل چرائی، لیکن واردات کے لیے اس نے کم عمر بچے کا سہارا لیا، سی سی ٹی وی فوٹیج میں بارہ تیرہ سال کا پینٹ شرٹ میں ملبوس لڑکا واضح طور پر دکھائی دیتا ہے۔

    دوران ڈکیتی اجتماعی زیادتی کرنے والے ڈاکوؤں کی واردات کی فوٹیج سامنے آ گئی

    اے آر وائی نیوز کو موصول واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں ایک شلوار قمیض میں ملبوس چور کو سکون سے واردات کرتے دیکھا جا سکتا ہے، جس نے بچے، جو امکانی طور پر اس کا بیٹا ہو سکتا ہے، کو چند قدم کے فاصلے پر ایک کار کے پیچھے بٹھا رکھا تھا۔

    موٹر سائیکل لفٹر نے واردات کے دوران پہلے گھر کے سامنے آس پاس کا جائزہ لیا، گھر کے اندر سے آوازیں سننے کی کوشش کی، اور پھر اطمینان سے آگے بیٹھ کر موٹر سائیکل کو اَن لاک کر دیا۔

    بے رحم باپ کے ہاتھوں معصوم بیٹی کی پٹائی، ویڈیو وائرل (حساس دل افراد ویڈیو نہ دیکھیں)

    فوٹیج کے مطابق چور موٹر سائیکل کو ان لاک کرنے کے بعد کار کے پیچھے گیا اور بچے کو بلایا، واپس موٹر سائیکل کی طرف آتے ہوئے چور نے ایک بازو سے منہ چھپانے کی بھی کوشش کی، ادھر ادھر دیکھا اور موٹر سائیکل پر بیٹھ گیا، ایک بڑا شاپنگ بیگ کندھے سے لٹکائے بچہ بھی پیچھے بیٹھ گیا۔

    پولیس ذرائع کے مطابق متاثرہ شہری نے موٹر سائیکل چوری کا مقدمہ درج کروا دیا ہے، ممکنہ طور پر ملزم نے بچے کو اس لیے ساتھ رکھا تاکہ کوئی اس پر شک نہ کرے، پولیس کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم کی گرفتاری کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔

  • عید اور رمضان شاپنگ: لٹیروں نے مارکیٹ کے باہر فیملی کو لوٹ لیا (ویڈیو)

    عید اور رمضان شاپنگ: لٹیروں نے مارکیٹ کے باہر فیملی کو لوٹ لیا (ویڈیو)

    کراچی: شہر قائد میں عید اور رمضان کی شاپنگ کے لیے شہری مارکیٹوں کا رخ کر رہے ہیں، ایسے میں جرائم پیشہ عناصر نے بھی مارکیٹوں میں پھیل کر منظم انداز میں وارداتیں کرنا شروع کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں گزشتہ روز شاپنگ کے لیے آنے والی ایک فیملی کو 2 لٹیروں نے اسلحے کے زور پر لوٹ لیا، اور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

    گلستان جوہر میں ہونے والی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز پر بھی نشر کی گئی، اس فوٹیج سے معلوم ہوتا ہے کہ لٹیروں نے مارکیٹوں کو آماج گاہ بنا لیا ہے، اس لیے شہریوں کو بھی بہت احتیاط کرنی ہوگی۔

    فوٹیج کے مطابق ہفتے کو شام 7 بجے گلستان جوہر کے ایک شاپنگ سینٹر میں خریداری کے لیے آنے والی ایک فیملی نے گاڑی جیسے ہی پارکنگ میں روکی، دو لٹیروں نے انھیں موبائل فونز اور دیگر اشیا سے محروم کر دیا۔

    لٹیروں نے الگ الگ سمت سے آ کر واردات کی، ان میں سے ایک موٹر سائیکل پر سوار تھا جب کہ دوسرا دوسری سمت سے پیدل آیا، دونوں شلوار قمیض پہنے تھے، ایک کے سر پر سفید ٹوپی تھی جب کہ دوسرے نے سبز مائل جیکٹ پہن رکھی تھی۔

    فیملی کے افراد گاڑی سے نکل کر شاپنگ کے لیے جانے کی تیاری کر رہے تھے کہ اس دوران موٹر سائیکل سوار لٹیرا اس فیملی کو دیکھتا ہوا پاس سے گزر گیا، عین اسی وقت دوسری جانب گلی سے سفید ٹوپی والا کریمنل پیدل چلتا آ رہا تھا، موٹر سائیکل والے نے پیدل آنے والے کو فیملی کی جانب اشارہ کیا۔

    فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ موٹر سائیکل سوار لٹیرے نے بائیک ایگزٹ پر تیار حالت میں کھڑی کی، اور دوسری طرف سفید ٹوپی والے نے پستول نکال کر فیملی کے افراد سے سر عام لوٹ مار شروع کر دی۔

    اس کے بعد موٹر سائیکل سوار بھی آ گیا اور اس نے گاڑی کے دوسری طرف آ کر کھڑے بچوں سے سیل فون لے لیے، اس نے گاڑی کے اندر ڈیش بورڈ بھی چیک کیا اور سیٹوں پر بھی ہاتھ مارے، اس کے بعد لٹیرے موٹر سائیکل پر بیٹھ کر فرار ہو گئے۔

    گزشتہ روز ایک اور علاقے ڈیفنس بخاری کمرشل میں بھی تالہ توڑ گروپ نے واردات کی تھی، 25 لاکھ کی کار میں آنے والے ملزمان 12 لاکھ کے جوڑے لوٹ کر فرار ہوگئے تھے، لٹیرے بوتیک سے قیمتی جوڑے بوریوں میں بھر کر لے گئے، ان لٹیروں نے کیپ اور ماسک لگا رکھے تھے۔

  • زہریلی چیز کھانے سے 3 بچے جاں بحق، ماں کی حالت نازک

    زہریلی چیز کھانے سے 3 بچے جاں بحق، ماں کی حالت نازک

    کراچی: شہر قائد کے علاقے گلستان جوہر میں زہریلی چیز کھانے سے 3 بچے جاں بحق ہو گئے جب کہ ان کی ماں کی حالت نازک ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج گلستان جوہر کراچی میں خاتون اور 3 بچوں کے کوئی زہریلی چیز کھانے کا واقعہ پیش آیا تھا، نجی اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جب انھیں اسپتال لایا گیا تو بچے مردہ حالت میں تھے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق بچوں کی شناخت ارشان، میشال اور زیدان کے ناموں سے ہوئی ہے، اسپتال انتظامیہ کے مطابق بچوں میں 2 لڑکے اور ایک لڑکی تھی، پولیس کے مطابق بچوں کی والدہ کا نام نورین عمران ہے، متاثرہ خاندان گلستان جوہر بلاک 19 کا رہائشی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون نورین کی حالت تشویش ناک ہے، نجی اسپتال کے ترجمان نے بھی کہا کہ جب خاتون کو لایا گیا تھا تو ان کی سانسیں چل رہی تھیں، پولیس نے کہا 4 سے 7 سال کی عمر کے تینوں بچوں کا اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی انتقال ہو گیا تھا۔

    پولیس حکام کے مطابق متاثرہ خاندان کے گھر کا پتا بھی خاتون ہی نے بتایا ہے، ایک ٹیم فوری طور پر وہاں بھیجی گئی ہے، تاکہ اصل معاملہ واضح ہو۔

    ایس ایس پی ایسٹ نے بتایا کہ واقعہ فوڈ پوائزننگ کا معلوم ہوتا ہے، ساجد سدوزئی کے مطابق بلاک 19 میں واقع فلیٹ میں اینٹی سیپٹک اسپرے کیا گیا تھا۔

  • دہشت گردوں کو اسلحہ فراہم کرنے والا ایم کیو ایم لندن کا دہشت گرد گرفتار

    دہشت گردوں کو اسلحہ فراہم کرنے والا ایم کیو ایم لندن کا دہشت گرد گرفتار

    کراچی: کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے ایک کارروائی میں کراچی کے علاقے گلستان جوہر سے ایم کیو ایم لندن کا دہشت گردگرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی نے گلستان جوہر کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ لندن کے ایک دہشت گرد کو گرفتار کر لیا، ایس ایس پی عارف عزیز نے میڈیا کو بتایا کہ دہشت گرد واحد حسین عرف گڈو عرف سوداگر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گرد واحد حسین کے قبضے سے دستی بم برآمد کیے گئے۔

    ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عمر شاہد نے دہشت گرد واحد حسین سے متعلق جے آئی ٹی تشکیل دینے کے لیے آئی جی سندھ کو خط بھی لکھ دیا ہے۔

    کراچی بڑی تباہی سے بچ گیا، سی ٹی ڈی کی کارروائی میں 5 دہشتگرد گرفتار 1 ہلاک

    ایس ایس پی عارف عزیز کے مطابق گرفتار دہشت گرد ایم کیو ایم لندن کے سلیم عرف سلیم بلوچ عرف سلیم بیلجئیم کا ساتھی ہے، اور سلیم بیلجیئم کے کہنے پر پارٹی کے دہشت گردوں کو اسلحہ فراہم کرتا تھا۔

    گرفتار ملزم واحد، سلیم بیلجئیم کے ساتھ دہشت گردی کی تخریب کاریوں میں بھی ملوث رہا، حوالہ ہنڈی سے رقوم کی ترسیل کا دھندہ بھی کرتا رہا۔

    ملزم نے انکشاف کیا ہے کہ وہ پارٹی کے لیے جلاؤ گھیراؤ، بد نظمی اور دیگر کارروائیوں میں ملوث رہا ہے۔

  • 60 ہزار کی ڈکیتی کرکے فرار ہونے والا ایک ملزم پولیس فائرنگ سے ہلاک، دیگر فرار

    60 ہزار کی ڈکیتی کرکے فرار ہونے والا ایک ملزم پولیس فائرنگ سے ہلاک، دیگر فرار

    کراچی: شہر قائد کے علاقے گلستان جوہر میں پولیس کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہو گیا، جس کی شناخت صفدر کے نام سے کی ہوئی ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ مرنے والا شخص واردات کر کے فرار ہو رہا تھا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں گلستان جوہر تھانے کے قریب فائرنگ سے ایک شخص کی ہلاکت کی اطلاع ملی تھی، بعد ازاں معلوم ہوا کہ ہلاک ہونے والا ڈاکو ہے، جس کی شناخت صفدر کے نام سے ہوئی۔

    ایس ایس پی ایسٹ ساجد سدوزئی کا کہنا تھا کہ ہلاک ملزم دیگر ساتھیوں کے ہمراہ فیروزآباد سے لوٹ مار کر کے نکلا تھا، ملزمان فیروزآباد میں 60 ہزار کی ڈکیتی کر کے یونی ورسٹی روڈ کی جانب فرار ہو رہے تھے، تاہم یونی ورسٹی روڈ پر پولیس نے مشتبہ ملزمان کو روکنے کی کوشش کی، جس پر انھوں نے فائرنگ کر دی۔

    ایس ایس پی کے مطابق ملزمان کی فائرنگ کے جواب میں پولیس اہل کاروں کی فائرنگ سے موٹر سائیکل سوار ملزم زخمی ہوا، جو بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ گیا، جب کہ ایک ملزم موٹر سائیکل پر اور دیگر کار میں فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

    ملزم کا کریمنل ریکارڈ

    پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ ملزمان ڈکیتی کے لیے کار اور موٹر سائیکل استعمال کرتے تھے، ہلاک ملزم صفدر کا سابقہ مجرمانہ ریکارڈ بھی حاصل ہو گیا ہے، ملزمان کا تعلق گھروں میں ڈکیتی کرنے والے گروپ سے ہے۔

    ایس ایس پی نے بتایا کہ ملزمان نے فیروزآباد میں ایک گھر سے 60 ہزار روپے اور 8 تولے سونا لوٹا تھا، متاثرہ خاندان نے مرنے والے ڈاکو کو شناخت کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق سائٹ سپر ہائی وے تھانے میں ملزم کے خلاف دو مقدمات درج ہیں، کل بھی گلشن میں انھوں نے ڈکیتی کی تھی جس کے متاثرین نے بھی ملزم کو شناخت کر لیا ہے۔