Tag: گلشن اقبال پارک

  • لاہور: گلشن اقبال پارک سےاغوا ہونے والا 5 سالہ بچہ بازیاب

    لاہور: گلشن اقبال پارک سےاغوا ہونے والا 5 سالہ بچہ بازیاب

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہورمیں دو روز قبل اغوا ہونے والے 5 سالہ بچے کو بازیاب کروا لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز لاہور میں گلشن اقبال پارک سے اغوا ہونے والے 5 سالہ سعد کو پولیس نے بازیاب کروا لیا۔

    ایس پی اقبال ٹاؤن علی رضا کے مطابق خاتون اغوا کار کو گرفتار کرکے بچے کو ورثا کے حوالے کردیا گیا ہے۔ ڈولفن فورس کے جوانوں نے اسنیپ چیکنگ کے دوران 5 سالہ بچے کو بازیاب کروایا۔

    لاہور: اغوا ہونے والا بچہ بازیاب نہ کرایا جاسکا

    پولیس نے بچے کے اغوا کا مقدمہ اس کے والد فہد امان کی مدعیت میں درج کیا تھا۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا گیا کہ کالے رنگ کا برقع پہنے ایک خاتون بچے کو اپنے ساتھ لے جا رہی تھی۔

    پولیس حکام کے مطابق 5 سالہ سعد اپنی فیملی کے ساتھ پارک آیا تھا اور جھولے لیتے ہوئے اہل خانہ سے بچھڑ گیا تھا۔

    گوجرانوالہ میں تاوان کے لیے اغوا کیا گیا بچہ قتل

    یاد رہے کہ رواں ماہ 2 جنوری کو صوبہ پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں ایک ماہ قبل تاوان کے لیے اغوا کیے گئے بچے کو قتل کرنے والے دو ملزمان کو پولیس نے گرفتار کرلیا تھا۔

    بچے کے والدین کے مطابق حنظلہ 30 نومبر کو گھر سے دادی کو پھوپھو کے گھر چھوڑنے گیا لیکن واپس نہ آیا اس کو ہر جگہ تلاش کرنے کے بعد پولیس کو اطلاع دی گئی تھی جس پرکوئی کاروائی نہ کی گئی۔

  • لاہورخود کش حملے کے دو مرکزی ملزمان گرفتار، اہم انکشافات

    لاہورخود کش حملے کے دو مرکزی ملزمان گرفتار، اہم انکشافات

    لاہور: گلشن اقبال پارک دھماکے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، حساس اداروں اور سی ٹی ڈی نے خود کش حملہ آور کے دو سہولت کار گرفتار کرلیے، گرفتار شدگان شاہد اور خان زیب نے انکشاف کیا ہے کہ خود کش حملہ مہمند ایجنسی کے رہائشی ناصر نے کیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ لاہورکے علاقے گلشن اقبال دھماکے میں ملوث 2 مرکزی ملزمان کو گرفتارکرلیا گیا ہے۔ مذکورہ دونوں ملزمان نے خود کش حملہ آور کی معاونت کی تھی۔

    دھماکے کے وقت دونوں ملزمان پارک کے باہر موجود تھے۔ ملزمان نے بتایا ہے کہ دہشت گردی کی منصوبہ بندی کالعدم تنظیم کے لاہور کے امیر محمد خان، حکم خان، مزمل خان، عبدالمنان، توکل جان اور شوکت نے کی۔

    حملہ آور کو شوکت اور توکل جان نے خود کش جیکٹ بنا کردی تھی، دھماکے میں ملوث 8 ملزمان تاحال مفرور ہیں۔ یاد رہے کہ 27 مارچ 2016 کو لاہور کے علاقے علامہ اقبال ٹاؤن کے گلشن پارک دھماکے میں خواتین اور بچوں سمیت 72 افراد شہید ہوئے تھے۔

    مزید پڑھیں : لاہور: گلشن اقبال پارک میں خود کش دھماکہ، 71 افراد جاں بحق

    سانحے میں 300 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ پارک میں موجود جھولوں کے نزدیک ہوا۔

    مسیحی برداری کے ایسٹر کے تہوار اوراتوار کے روز چھٹی کے دن کی وجہ سے پارک میں کافی رش تھا۔ سانحے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے صوبے میں تین روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا تھا۔

  • لاہور: گلشن اقبال پارک میں خود کش دھماکہ، 71 افراد جاں بحق

    لاہور: گلشن اقبال پارک میں خود کش دھماکہ، 71 افراد جاں بحق

    لاہور : علامہ اقبال ٹاؤن کے علاقے میں واقع گلشن اقبال پارک میں خود کش دھماکے سے کم از کم 71 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، جس میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، جبکہ 300 سے زائد افراد زخمی ہو گئے ۔

    زخمیوں کو تشویش ناک حالت میں قریبی ہسپتالو ں میں منتقل کردیا گیا ہے جبکہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

    دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری اور امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ چکی ہیں جنہوں نے علاقے کو مکمل گھیرے میں لے کر سیل کر دیا ہے۔

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق خود کش حملہ آور کا سر بھی مل گیا ہے دھماکہ گلشن اقبال پارک کے گیٹ نمبر ایک پر ہوا ہے۔

    ڈی سی او لاہور نے اب تک 68 افراد کی ہلاکت اور 300افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کردی ہے۔

    عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ پارک میں موجود جھولوں کے نزدیک ہوا۔ یاد رہے کہ آج مسیحی برداری کا ایسٹر کا تہوار اور چھٹی کے دن کی وجہ سے پارک میں کافی رش تھا۔

    اطلاعات کے مطابق مذکورہ فیملی پارک کے باہر سیکیورٹی کے انتہائی ناقص انتظامات تھے۔ سیکیورٹی گارڈ بغیر چیکنگ کئے لوگوں کو اندر جانے دے رہے تھے۔

    شام چھ بج کر 44 منٹ پر خود کش حملہ آور اندر داخل ہوا اور اس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، دھماکے کی آواز اتنی زور دار تھی کہ آس پاس کی عمارتیں لرز اٹھیں۔ دھماکے کے بعد پارک کو خالی کرا لیا گیا ۔

    صدر، وزیر اعظم اور وفاقی وزراء کا اظہار افسوس

    صدرپاکستان ممنون حسین وزیراعظم نواز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف وفاقی وزراء چوہدری نثار علی خان، پرویز رشید سمیت دیگر شخصیات نے سانحہ لاہور میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر انتہائی دکھ اور مذمت کا اظہار کیا ہے۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ سانحہ لاہور پر دل خون کے آنسو رورہا ہے،وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ میرے بچے،بچیوں اور بہن بھائیوں کو نشانہ بنایاگیا، ہر حال میں دہشتگردوں کو کیفر کردار تک پہنچانا ہے۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گرد اپنا انجام دیکھ کر بزدلانہ وارکررہےہیں ،انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت قومی یکجہتی کا متقاضی ہے،بحیثیت قوم تفرقات سےآزادہوکردہشتگردی کامقابلہ کرناہے،

    وزیر اعلیٰ پنجاب نے دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب نے زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کا بھی حکم دیاہے۔

    تین روزہ سوگ کا اعلان

    وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے صوبے میں تین روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے، اپنے ایک بیان میں میاں شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پارک میں معصوم بچوں، خواتین اور عام شہریوں کو نشانہ بنانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، اس کے ذمہ دار قانون کی گرفت سے بچ نہیں پائیں گے۔

    عالمی برادری کی جانب سے سانحہ لاہور کی مذمت

    لاہور دھماکے کی عالمی سطح پر بھرپور مذمت کی جارہی ہے۔امریکی حکومت کا کہنا ہےکہ معصوم لوگوں پر حملہ بزدلانہ کارروائی ہے، پاکستان کے ساتھ تعاون کو جاری رکھیں گے۔

    امریکا کا کہناہے کہ وہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، دھماکے کی مذمت اور لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہیں،

    اتحادیوں سے ملکر خطے میں دہشتگردی کا خاتمہ کرینگے۔ کینیڈین وزیر اعظم نے بھی گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

    پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف کو بھارتی ہم منصب نریندر مودی نے ٹیلی فون پر افسوس کا اظہار کیا۔ نریندر مودی نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بزدل دہشت گردوں نے خواتین اور بچوں کو نشانہ بنایا جوقابل مذمت اور افسوسناک ہے۔

    علاوہ ازیں بھارتی ادا کار رشی کپور نے بھی سانحہ لاہور پر اپنے گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے اپنے ٹوئٹر پیغام میں ان کا کہناہے کہ ہم اس مشکل گھڑی میں ان بھائی بہنوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں، جو اس سانحے سے متاثر ہوئے۔

     


    At least 10 killed in Lahore suicide blast by arynews