Tag: گلشن حدید

  • کراچی میں 15 ہزار لیٹر تیل سے بھرا ٹینکر الٹ گیا، ڈرائیور فرار

    کراچی میں 15 ہزار لیٹر تیل سے بھرا ٹینکر الٹ گیا، ڈرائیور فرار

    کراچی: شہر قائد کے علاقے گلشن حدید میں قومی شاہراہ پر 15 ہزار لیٹر تیل سے بھرا ٹینکر بے قابو ہو کر الٹ گیا، ڈرائیور اور کلینر حادثے کے بعد فرار ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن حدید کے قریب آئل ٹینکر تیز رفتاری کے باعث الٹ گیا، جس سے قومی شاہراہ پر تیل بہنے لگا، ٹینکر میں 15 ہزار لیٹر تیل موجود تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ یہ حادثہ رات گئے پیش آیا، حادثے کے بعد ٹینکر کا ڈرائیور اور کلینر فرار ہو گئے، شبہ ہے ڈرائیور نشے میں تھا، تحقیقات کر رہے ہیں، حادثہ مبینہ طور پر تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔

    حادثے کے بعد ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، ہیوی مشنری کی مدد سے آئل ٹینکر کو سیدھا کیا گیا، جب کہ ٹینکر میں رہ جانے والا 10 ہزار لیٹر ڈیزل دوسرے ٹینکر میں منتقل کیا گیا، بعد ازاں، گلشن حدید قومی شاہراہ پر شہر سے باہر جانے والے ٹریک پر ٹریفک بحال ہو گیا۔

    آئل ٹینکر سے رساؤ کے باعث ڈیزل بہہ کر سڑک پر پھیل گیا تھا، ٹینکر ہٹانے اور سڑک پر موجود ڈیزل پر مٹی ڈالنے کے بعد ٹریک کلیئر قرار دے دیا گیا ہے۔ قبل ازیں مزید کسی حادثے سے بچنے کے لیے ریسکیو ٹیمیں، فائر بریگیڈ کی گاڑی اور پولیس اہل کار جائے حادثہ پر موجود رہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں جانی نقصان نہیں ہوا، حادثے کے بعد شاہراہ کا ایک کلومیٹر سے زائد ٹریک بند کر دیا گیا تھا۔

  • گلشن حدید دھماکے میں بیرونی ہاتھ ملوّث ہے، آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ

    گلشن حدید دھماکے میں بیرونی ہاتھ ملوّث ہے، آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ

    کراچی : آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے کہا ہے کہ گلشن حدید دھماکے میں بیرونی ہاتھ ملوّث ہے، کراچی میں امن پولیس کے شہداء کی قربانیوں کا نتیجہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے گلشن حدید دھماکے میں غیرملکی ہاتھ ملوث قرار دے دیا، ان کا کہنا ہے کہ ملک دشمن عناصر کو پاک چائنا تعلقات دوستی ہضم نہیں ہورہی، دشمن قوتیں کراچی سمیت ملک بھر کا امن تباہ کرنا چاہتی ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے گارڈن پولیس ہیڈ کوارٹر میں پولیس شہداء کی تقریب سےخطاب کرتے ہوئے کیا۔

    اے ڈی خواجہ نے کہا کہ پولیس کے شہداء کی قربانیوں سے کراچی میں امن قائم ہوا،جو ملک دشمن عناصر کو ایک آنکھ نہیں بھا رہا لیکن ان کی تمام سازشیں ناکام بنادیں گے۔

    مزید پڑھیں: گلشن حدید میں گاڑی کے قریب دھماکہ،چینی انجینیئر سمیت تین افراد زخمی

    گلشن حدید میں ہونے والے دھماکے کے بارے میں آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ اس واقعے میں بھی غیر ملکی ہاتھ ملوث ہے۔ تقریب میں شریک شہداء کےاہلِ خانہ کا کہنا تھا کہ وہ اپنے شہداء کا غم نہیں بھلاسکتے،تاہم مشکل وقت میں پولیس افسران نےان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔

    ایک شہید پولیس افسر کی بیوہ نے اپنے یتیم بچوں کو اچھی تعلیم دلوانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ تقریب میں ٹریفک پولیس افسران نےشہداء کےاہلِ خانہ میں رمضان المبارک کا راشن اور تحائف بھی تقسیم کئے۔

     

  • کراچی: سیکیورٹی ادارے متحرک، گینگ وار اور دیگر ملزمان سمیت تین ہلاک متعدد گرفتار

    کراچی: سیکیورٹی ادارے متحرک، گینگ وار اور دیگر ملزمان سمیت تین ہلاک متعدد گرفتار

    کراچی: کراچی کے مختلف علاقوں میں رینجرز اور پولیس کی کاروائیوں میں گینگ وار اورکلعدم تنظیم کے کارندوں سمیت تین ہلاک اور متعدد گرفتار کر لئے گئے ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کےعلاقےگلشن بونیر میں سرچ آپریشن کے دوران ملزمان اور رینجرز اہلکاروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جاری ہوا ہے۔ آپریشن کالعدم تنظیم کے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا تھا۔

    رینجرز کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران  دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں ایک ہلاک اور دو گرفتار کر لئے گئے ہیں۔ گرفتار ہو نے والوں کو نامعلوم مقام پر منتقل کرکے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔

    دوسری جانب کراچی کے علاقے کلاکوٹ میں رینجرز کی کارروائی کے دوران اہلکاروں اور گینگ وار ملزمان کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں گینگ وار ملزم عرفان عرف کالو مارا گیا ہے۔ ترجمان رینجرز کے مطابق ہلاک ملزم ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور اغوا برائے تاوان سمیت متعدد جرائم میں ملوث تھا۔

    ادھر گلشن حدید میں ڈاکووٴں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں گینگ وار کا ایک اور ملزم مارا گیا۔ پولیس کے مطابق ہلاک ملزم اویس عرف ٹیکو کا تعلق گینگ وار سے تھا اور وہ ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھا۔

    بعد ازاں نیو کراچی میں رینجرز کی اسپیشل ٹاسک فورس نے کارروائی کرکے تین بھتہ خوروں کو گرفتار کرلیا ہے۔ ملزمان کا تعلق مذہبی تنظیم سے ہے اور ملزمان کے قبضے سے بھتے کی رقم بھی برآمد کی گئی ہے۔

    اس کے علاوہ نیپئیر کے علاقے رحمانیہ چوک کے قریب پولیس مقابلے کے بعد گرفتار زخمی ملزم دم توڑ گیا ہے۔