Tag: گلشن غازی

  • ذاتی دشمنی؟ گلشن غازی اور بلدیہ میں دو افراد فائرنگ سے جاں بحق

    ذاتی دشمنی؟ گلشن غازی اور بلدیہ میں دو افراد فائرنگ سے جاں بحق

    کراچی: شہر قائد کے دو مختلف علاقوں میں گزشتہ رات دو افراد کو فائرنگ کر کے جانوں سے محروم کر دیا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں واقعات ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے اتحاد ٹاؤن، گلشن غازی میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا ہے، مقتول کی شناخت 35 سالہ حبیب رحیم کے نام سے ہوئی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے، لاش اور زخمی کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، ملزمان فائرنگ کے بعد فرار ہو گئے تھے، جائے وقوعہ سے گولیوں کے خول اور شواہد جمع کیے گئے ہیں۔

    پولیس کے مطابق عینی شاہدین کے بیان قلم بند کیے گئے ہیں، جب کہ قتل کی واردات کے بعد فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔


    اگلے 36 گھنٹوں کے دوران شہر کو 100 ملین گیلن پانی کی کمی ہوگی، ترجمان واٹر کارپوریشن


    دوسرا واقعہ کراچی کے علاقے بلدیہ سیکٹر 14 سی میں پیش آیا، جس میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوا، جس کی شناخت 50 سالہ محمد ندیم کے نام سے ہوئی ہے، لاش اسپتال منتقل کر دی گئی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول سے کسی قسم کی لوٹ مار نہیں کی گئی، واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے، جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھےکر لیے ہیں، اور واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہے۔

  • گلشن غازی حادثے کے 25 گھنٹے بعد بھی گھر سے واٹر ٹینکر نہ نکالا جاسکا

    گلشن غازی حادثے کے 25 گھنٹے بعد بھی گھر سے واٹر ٹینکر نہ نکالا جاسکا

    کراچی: بلدیہ گلشن غازی گھر میں بے قابو واٹر ٹینکر حادثے کو 25 گھنٹے بیت گئے، مگر انتظامیہ کی بے حسی کے باعث واٹر ٹینکر کو تاحال گھر سے باہر نہ نکالا جاسکا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق انتظامیہ کی لاپرواہی کے باعث پولیس کو مشینری نہیں مل سکی، علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ گھرسے جنازہ اٹھ گیا ہے مگر پولیس نے تاحال ٹینکر کو نہیں نکالا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے بلدیہ گلشن غازی میں تیز رفتار واٹر ٹینکر بے قابو ہو کر گھر میں جا گھسا تھا جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 2 بچیوں سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

    پولیس حکام کے مطابق تیز رفتاری کے باعث واٹر ٹینکر ڈرائیور سے بے قابو ہو کر گھر سے جا ٹکرایا اور دیوار توڑتے ہوئے گھر میں داخل ہوگیا، جس سے گھر کے اندر سویا ہوا ایک شخص جاں بحق دو بچیوں سمیت تین افراد زخمی ہوئے، جاں بحق اور زخمیوں کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔

    ڈی آئی خان: چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کاحملہ ناکام

    جاں بحق شخص کی شناخت عامر ولد توفیق جبکہ زخمی نصیر حسین ولد توفیق کے نام سے ہوئی، تیرہ سال کی راحیلہ اور دو سال کی مناہل بھی زخمیوں میں شامل ہیں۔