Tag: گلوکارہ

  • معروف گلوکارہ کی جانب سے ملازم پر تشدد، پولیس کی کارروائی

    معروف گلوکارہ کی جانب سے ملازم پر تشدد، پولیس کی کارروائی

    معروف امریکی پاپ گلوکارہ برٹنی اسپیئرز کے خلاف امریکی ریاست کیلی فورنیا کی پولیس نے ملازم پر تشدد کرنے کی تفتیش شروع کردی۔

    امریکی میڈیا کے مطابق گلوکارہ کے خلاف لاس اینجلس کی شیرف کاؤنٹی کی پولیس نے ملازم کی جانب سے شکایت درج کروانے پر تفتیش شروع کی ہے۔

    پولیس حکام نے بتایا کہ برٹنی اسپیئرز کے ایک ملازم نے شکایت درج کروائی کہ گلوکارہ نے ان پر تشدد کیا۔ واقعے کی اب تک ہونے والی تفتیش میں کسی کے شدید زخمی ہونے کی تصدیق نہیں ہو سکی، البتہ معاملے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔

    حکام کا کہنا تھا کہ تفتیش مکمل کرنے کے بعد رپورٹ پراسیکیوٹرز کے حوالے کی جائے گی، جو گلوکارہ کے خلاف کسی بھی قانونی کارروائی کا فیصلہ کریں گے۔

    دوسری جانب برٹنی اسپیئرز کے وکیل نے مذکورہ معاملے پر بتایا کہ کوئی بھی زخمی نہیں ہوا، مسئلے کو بلا وجہ اچھالا جا رہا ہے اور اس کی تفتیش فوری طور پر بند ہو جانی چاہیئے۔

    فی الوقت لاس اینجلس کی عدالت میں برٹنی اسپیئرز کا سرپرستی کا کیس بھی زیر سماعت ہے۔

    برٹنی اسپیئرز کی جانب سے عدالت میں والد کی سرپرستی ختم کروانے کے لیے درخواست دائر کی گئی ہے جو گزشتہ 13 سال سے قانونی طور پر ان کے سرپرست ہیں۔

    مذکورہ عدالت میں گلوکارہ کے والد جیمز اسپیئرز نے بھی گزشتہ ہفتے ایک درخواست جمع کروائی تھی، جس میں انہوں نے بیٹی کی خوشی کی خاطر سرپرستی سے دستبرداری کی رضا مندی ظاہر کی تھی۔

  • مومنہ مستحسن کی سوشل میڈیا پر واپسی

    مومنہ مستحسن کی سوشل میڈیا پر واپسی

    پاکستان کی نامور گلوکارہ مومنہ مستحسن سوشل میڈیا سے بریک کے ڈیڑھ ماہ بعد واپس آگئیں، انہوں نے آف لائن زندگی کو خوبصورت ترین قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق مومنہ مستحسن نے 25 جون کو اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر اپنی تصویر کے ساتھ کہا تھا کہ ہم عارضی طور پر بند ہیں۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Momina Mustehsan (@mominamustehsan)

    تاہم گزشتہ روز گلوکارہ نے انسٹا گرام پوسٹ پر آن لائن آنے کے بعد آف لائن زندگی کو خوبصورت ترین قرار دے دیا۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Momina Mustehsan (@mominamustehsan)

    انہوں نے کہا کہ آف لائن زندگی بہت خوبصورت ہے، سوشل میڈیا پر بہت زیادہ مواد اورمعلومات سے آپ کو تقریباً یہ یقین ہونے لگتا ہے کہ یہ ایک بہت بری دنیا ہے لیکن سچ میں ایسا نہیں ہے۔

    مومنہ مستحسن نے اپنے مداحوں کو پیغام دیا کہ زندگی ایک پہیلی ہے اور ہم سب زندگی کی بڑی تصویر کے مختلف ٹکڑے ہیں۔ ہم سب کی زندگی میں بہت مسئلے ہیں، ہمیں صرف انسان ہونے کی ضرورت ہے۔

  • پاکستان کی مقبول ترین گلوکارہ نے ’الفا براوو چارلی‘ میں اداکاری کی پیش کش کیوں ٹھکرائی؟

    پاکستان کی مقبول ترین گلوکارہ نے ’الفا براوو چارلی‘ میں اداکاری کی پیش کش کیوں ٹھکرائی؟

    کراچی: پاکستان کی مقبول ترین پاپ گلوکارہ حدیقہ کیانی نے ایک انٹرویو میں پی ٹی وی کے مشہور زمانہ ڈرامے ’الفا، براوو، چارلی‘ میں اداکاری کی پیش کش ٹھکرانے کا انکشاف کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گلوکاری کی دنیا میں شہرت حاصل کرنے کے بعد اداکاری کے میدان میں قدم رکھنے والی ’بوہے باریاں‘ گلوکارہ نے یوٹیوب چینل کو انٹرویو میں بتایا کہ ماضی میں مجھے اداکاری کے لیے کئی بار پیش کش ہوئی، معروف ڈرامے ’الفا براوو چارلی‘ کے لیے بھی شعیب منصور نے اداکاری کی پیش کش کی تھی۔

    حدیقہ کیانی کا کہنا تھا کہ شعیب منصور کو انکار نہیں کیا جا سکتا تھا، لیکن یہ پیش کش ایک ایسے وقت میں ہوئی جب وہ برطانیہ میں تھیں اور ایک پروجیکٹ کو مکمل کرنا تھا، اسی لیے انھوں نے انکار کر دیا۔

    حدیقہ کا کہنا تھا کہ انھیں اس کے بعد بھی کئی بار پیش کش ہوئی، تاہم دل نہیں مانا، دل چسپ بات یہ ہے کہ اس کے بعد حدیقہ نے اپنے کئی انٹرویوز میں یہ کہا کہ انھیں اداکاری نہیں آتی اور نہ ہی کرنی ہے۔

    خیال رہے کہ حدیقہ کیانی نے ڈرامے ’رقیب سے‘ میں اداکاری کی دنیا میں قدم رکھا، اور چھوٹی اسکرین کے شائقین کو اپنی بھرپور اداکاری کی صلاحیتوں سے حیران کر دیا۔ انھوں نے کہا گلوکاری کرتے ہوئے انھیں کئی برس بیت گئے لیکن وہ بہت بعد میں اداکاری کے میدان میں آئیں، اس کے لیے اللہ نے میرے لیے موقع بنایا۔

    اپنے انٹرویو میں پاپ گلوکارہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان کی زندگی میں جتنے بھی اتار چڑھاؤ آئے، ہمیشہ ان کی کوشش رہی کہ جذبات قابو میں رہیں، اور کسی کو ان کے دکھی ہونے کا پتا نہ چلے۔

  • امریکا میں مقیم پاکستانی نژاد گلوکارہ کے لیے اعزاز

    امریکا میں مقیم پاکستانی نژاد گلوکارہ کے لیے اعزاز

    امریکا میں مقیم پاکستانی نژاد گلوکارہ عروج آفتاب کے گانے کو معروف آن لائن میگزین نے بہترین ٹریک قرار دیا ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق موسیقی کے معروف آن لائن میگزین پچ فورک نے پاکستانی گلوکارہ عروج آفتاب کے گیت محبت کو بہترین نیا ٹریک قرار دیا ہے۔

    36 سالہ عروج آفتاب نے سنہ 2018 سے شہرت حاصل کرنا شروع کی جب امریکا کے نیشنل پبلک ریڈیو نے ان کے گیت کو اکیسویں صدی میں خواتین کے عظیم ترین گیتوں میں سے ایک قرار دیا تھا۔

    نیویارک ٹائمز نے ان کے ایک اور گانے کو سال کے 25 بہترین کلاسیکل میوزک ٹریکس میں سے ایک قرار دیا۔

    عروج پاکستان میں پیدا ہوئیں لیکن اب وہ بروکلین میں رہتی ہیں، وہ مغربی موسیقی کے ساتھ ساتھ ریشماں اور عابدہ پروین سمیت کئی ممالک کی موسیقی سے متاثر ہیں۔

  • خواتین کے پرس چرانے والی بھارتی گلوکارہ گرفتار

    خواتین کے پرس چرانے والی بھارتی گلوکارہ گرفتار

    نئی دہلی: بھارت میں شاپنگ مالز اور بیوٹی پارلرز میں خواتین کے پرس چرانے والی ایک گلوکارہ کو پولیس نے گرفتار کرلیا، گلوکارہ اب تک لاکھوں روپے مالیت کی اشیا چرا چکی ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ارچنا بروا نامی آرکسٹرا گلوکارہ مختلف شہروں میں سفر کرتی تھی اور وہاں بیوٹی سیلونز اور شاپنگ مالز میں خواتین کے پرس اور ہینڈ بیگز چرا لیتی تھی۔

    گزشتہ برس اپریل میں ارچنا نے ایک مال میں مبینہ طور پر ایک خاتون کا پرس چرایا تھا جس میں لگ بھگ 15 لاکھ روپے مالیت کے سونے کے زیورات اور نقد رقم موجود تھی۔

    اس کے بعد پولیس کو شکایت درج کروائی گئی اور پولیس نے مال کی سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھنے کے بعد تحقیقات کا آغاز کیا۔

    بعد ازاں گلوکارہ کی ایک اور واردات سامنے آئی، ممبئی کے ایک بیوٹی سیلون میں اس نے ایک خاتون کا پرس چرایا جس میں 4 لاکھ روپے مالیت کے زیورات اور رقم موجود تھی۔

    ممبئی پولیس کے مطابق تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ اسی نوعیت کے 3 کیسز ممبئی پولیس کو درج کروائے گئے تھے۔

    پولیس نے تینوں کیسز میں جائے وقوعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیجز چیک کیں جس کے بعد ارچنا کی تلاش شروع کی گئی، بعد ازاں اسے بنگلورو سے گرفتار کرلیا گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ نے اپنی وارداتوں کا اعتراف کرلیا ہے اور مزید کارروائی جاری ہے۔

  • میڈونا کی زندگی پر فلم: میڈونا ہی رائٹر، وہی ڈائریکٹر

    میڈونا کی زندگی پر فلم: میڈونا ہی رائٹر، وہی ڈائریکٹر

    معروف امریکی پاپ گلوکارہ میڈونا نے اپنی زندگی پر بننے والی فلم خود ہی لکھنے اور خود ہی اس کی ہدایات دینے کا اعلان کیا ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق یونیورسل پکچرز نے میڈونا کی زندگی پر مبنی فلم بنانے کا اعلان کیا ہے، تاحال فلم کو کوئی نام نہیں دیا گیا۔

    اس حوالے سے میڈونا کا کہنا ہے کہ وہ اپنی زندگی پر مبنی فلم خود ہی لکھیں گی اور خود ہی اس کی ہدایت بھی دیں گی۔

    میڈونا کا کہنا تھا کہ وہ زندگی میں بطور ایک گلوکارہ، موسیقار اور رقاصہ اس دنیا میں آگے بڑھنے کے سفر کو خود لوگوں تک پہنچانا چاہتی ہیں، بہت ساری ان سنی اور متاثر کن کہانیاں موجود ہیں لیکن میری کہانی کو مجھ سے بہتر انداز میں کون بیان کرسکتا ہے۔

    یونیورسل پکچرز کے مطابق اس فلم میں میڈونا معاون مصنفہ ہوں گی جبکہ ان کے ساتھ دوسری مصنفہ ڈیابو کوڈی ہوں گی۔ فلم کو ایمی پاسکل پروڈیوس کریں گے جنہوں نے سنہ 1992 میں میڈونا کی فلم اے لیگ آف دیئر اون بھی پروڈیوس کی تھی۔

  • معروف گلوکارہ اپنی موت کی 5 دہائیوں بعد پھر سے اپنی آواز کا جادو جگانے پہنچ گئیں

    معروف گلوکارہ اپنی موت کی 5 دہائیوں بعد پھر سے اپنی آواز کا جادو جگانے پہنچ گئیں

    مصر کی ایک معروف عرب گلوکارہ ام کلثوم اپنی موت کی 5 دہائیوں بعد ہولو گرام ٹیکنالوجی کے ذریعے ایک بار پھر اپنی آواز کا جادو جگانے کے لیے آگئیں۔

    مصری دارالحکومت قاہرہ کے اوپرا ہاؤس میں پیش کیے جانے والے اس شو میں معروف گلوکارہ ام کلثوم کا ہولو گرام پیش کیا گیا۔ سنہری رنگ کے ہالے میں لپٹے ان کے ہولو گرام نے مسحور کن آواز کا جادو جگا کر لوگوں کو سحر زدہ کردیا۔

    ام کلثوم مصر کی نہایت معروف گلوکارہ تھیں، انہوں نے کئی مغربی گلوکاروں کو بھی متاثر کیا جن میں سے ایک باب ڈیلن بھی تھے۔ مصر کے بازاروں اور قہوہ خانوں میں اب بھی ام کلثوم کے نغمے سنائی دیتے ہیں۔

    ان کے ہولوگرام کے کنسرٹ میں ہزاروں افراد شریک ہوئے۔ کسنرٹ دیکھنے آئے ایک شخص کا کہنا تھا کہ میں نے اپنی دادی سے ام کلثوم کی سحر انگیزی کے بارے میں سنا ہے کہ جب وہ لائیو پرفارمنس پیش کیا کرتی تھیں تو لوگوں کے دلوں کی دھڑکن رک جاتی تھی۔

    انہوں نے کہا کہ میں سوچا کرتا تھا کہ کاش میں بھی ان کے کسی کنسرٹ میں شریک ہو پاتا۔ آج اس جدید ٹیکنالوجی کی بدولت میری یہ خواہش کسی حد تک پوری ہوگئی۔

    معروف گلوکارہ کو اس طرح پیش کرنے پر مصری سوشل میڈیا پر مختلف آرا کا اظہار بھی کیا جارہا ہے۔

  • بھارتی گلوکارہ نے خودکشی کر لی

    بھارتی گلوکارہ نے خودکشی کر لی

    بنگلورو: بھارتی پلے بیک گلوکارہ ششمتا نے سسرالیوں کے رویے سے تنگ آ کر خود کشی کر لی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 26 سالہ گلوکارہ نے بنگلورو میں واقع اپنے گھر میں خود کو پھندا لگا کر زندگی کا خاتمہ کر لیا، ان کی پنکھے سے پھندا لگی لاش برآمد ہوئی تھی۔

    گلوکارہ کی قریباً ڈیڑھ سال قبل شراتھ کمار سے شادی ہوئی تھی اور شادی کے بندھن میں بندھنے کے آغاز سے ہی ان میں اختلافات پیدا ہوگئے اور لڑائی جھگڑ امعمول بن گیا تھا۔

    Sushmitha married Sharath Kumar, a manager at a car showroom, one-and-a-half years ago.

    خود کشی سے قبل گلوکارہ نے ایک پیغام واٹس ایپ کے ذریعے والدہ اور بھائی کو بھیجتے ہوئے آگاہ کیا کہ وہ آج زندگی کا خاتمہ کرنے جارہی ہیں۔

    پیغام میں ششمتا نے شوہر اور سسرالیوں پر الزام لگایا کہ انہیں جہیز کے معاملے پر ذہنی اذیت دی جارہی ہے، پیغام ملنے کے بعد جب بھائی نے گھر کا دروازہ کھولا تو ششمتا گلے میں ڈوپٹہ لپیٹ کر پنکھے کے ساتھ جھول چکی تھی۔

    بھارتی گلوکارہ نے کئی فلموں کے لیے پلے بیک گیت گائے، جس میں ہالو تھوپا اور سرسمانیا سرفہرست ہیں۔

  • گلوکارہ کے شوہر نے ڈکیت کو مار ڈالا

    گلوکارہ کے شوہر نے ڈکیت کو مار ڈالا

    بیروت: لبنان کی نامور گلوکارہ نینسی عجرم کے شوہر نے واردات کے لیے بنگلے میں گھنسنے والے چور کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق معروف لبنانی گلوکارہ کے بنگلے میں واردات کے لیے داخل ہونے والے نقاب پوش چور نے نینسی کے شوہر کو دیکھتے ہی فائرنگ کر دی، گلوکارہ کے شوہر کی جانب سے جوابی فائرنگ میں چور ہلاک ہو گیا۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز کے اہلکار شواہد جمع کرنے کے لیے جائے وقوعہ پر پہنچے۔ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

    معروف گلوکارہ کے شوہر ڈاکٹر فادی الہاشم نے چور کو بھاگنے کے لیے رقم کی پیشکش بھی تھی، چور بچیوں کے بیڈ روم کی جانب جانے لگا اور ساتھ ہی دھمکی دے رہا تھا کہ جو بھی اس کے راستے میں آئے گا وہ اسے گولی مار دے گا۔

    چور نے جب نینسی عجرم کے شوہر ڈاکٹر فادی الہاشم کی بات نہیں مانی تو انہوں نے اسے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔

    سعودی عرب میں گھروں میں نقب لگانے والا ماہر چور گرفتار

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ ریاض پولیس نے گھروں میں نقب لگانے والا ماہر چور گرفتار کیا تھا، ملزم کی تلاش کے لیے خفیہ پولیس اہلکاروں کو ٹاسک دیا گیا تھا۔

  • گلوکارہ مہ جبین قزلباش کو دل کا دورہ

    گلوکارہ مہ جبین قزلباش کو دل کا دورہ

    پشاور: پشتو زبان کی گلوکارہ مہ جبین قزلباش کو دل کا دورہ پڑنے پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    اطلاعات کے مطابق گلوکارہ مہ جبین قزلباش کو ہارٹ اٹیک کے باعث فوری طور پر لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ماہر ڈاکٹرز کی زیر نگرانی ان کا علاج جاری ہے۔

    معلوم ہوا ہے کہ گلوکارہ کی حالت تشویشناک ہے اور انہیں انتہائی نگہداشت وارڈ (آئی سی یو) میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

    ترجمان لیڈی ریڈنگ اسپتال کا کہنا ہے کہ گلوکارہ کو دل میں تکلیف کے باعث ایمرجنسی میں لایا گیا تھا جہاں انہیں ہنگامی طبی امداد دی گئی۔

    واضح رہے کہ معروف گلوکارہ مہ جبین نے بے شمار پشتو اور اردو گیت گائے ہیں جب کہ اردو میں ان کی کئی غزلیں بھی بے پسند کی گئیں۔

    مہ جبین نے عمران خان سے متاثر ہو کر تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا تھا اور وہ پی ٹی آئی کے دھرنے میں بھی شریک ہوئی تھیں۔