Tag: گلگت

  • گلگت  : جی بی اسکاؤٹس کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ ،  دو اہلکار شہید

    گلگت : جی بی اسکاؤٹس کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ ، دو اہلکار شہید

    گلگت : دیامر ہو ڈور میں جی بی اسکاؤٹس کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں دو اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق گلگت میں دیامر ہوڈور کے مقام پر جی بی اسکاؤٹس کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں نے حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں 3 اہلکار زخمی ہوئے۔

    ترجمان گلگت بلتستان حکومت نے بتایا کہ زخمی اہلکاروں میں سے 2 دوران علاج شہید ہوگئے جبکہ ایک اسپتال میں زیرِ علاج ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ شہید ہونے والوں میں جی بی اسکاؤٹس کے نائب صوبیدار اور حوالدار شامل ہیں تاہم حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن شروع کردیا ہے۔

    ترجمان فیض اللہ فراق نے کہا کہ دہشتگردوں کا آخری دم تک پیچھا کیا جائے گا۔

    وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے چلاس میں جی بی اسکاؤٹس چیک پوسٹ پر دہشتگرد حملے کی مذمت کی اور شہید نائب صوبیدار کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور زخمی جوان کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔

    وزیر داخلہ نے کہا کہ شہید صوبیدار نے شہادت کا بلند رتبہ پایا ہے، ان کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔ پوری قوم جی بی اسکاؤٹس کے جوانوں کی قربانی کو سلام پیش کرتی ہے۔

  • گلیشیئر پھٹنے کے بعد سیکڑوں افراد کی جانیں کس طرح بچیں؟ غذر کے بہادر چرواہے نے بتادیا

    گلیشیئر پھٹنے کے بعد سیکڑوں افراد کی جانیں کس طرح بچیں؟ غذر کے بہادر چرواہے نے بتادیا

    گلگت: غذر میں سیکڑوں لوگوں کی جان بچانے کا سبب بننے والے چرواہے محمد خان نے کہا ہے کہ ہماری وجہ سے سیکڑوں افراد کی جانیں بچ گئیں۔

    گلیشئر پھٹنے کی برقت اطلاع دے کر بہادر چرواہا محمد خان کئی قیمتی جانیں بچانے کا سبب بنا تھا، اب واقعے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے محمد خان نے بتایا دھماکے کی آواز سن کر جاگا تھا، پھر بچوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا۔

    چرواہے محمد خان نے بتایا کہ جان کی پرواہ کیے بغیر لوگوں کو بچانے کی کوشش کی، ہماری اطلاع پر سیکڑوں جانیں بچ گئیں لیکن ہماری جان کو خطرہ تھا۔

    محمد خان نے مزید بتایا کہ پاک فوج بروقت ریسکیو نہ کرتی تو ہم 6 افراد زندہ نہ بچتے، ریسکیو کرنے پر پاک فوج کا انتہائی مشکور ہوں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ دنوں گلگت بلتستان کے ضلع غذر کے علاقے تلی داس میں رات گئے گلیشیئر پھٹنے سے شدید سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی تھی، جس کے باعث متعدد دیہات زیرآب آگئے اور درجنوں افراد پھنس گئے۔

    ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ فراق کا کہنا تھا کہ 50 سے زائد افراد کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا تھا، تاہم متاثرین کو شدید مالی نقصان اٹھانا پڑا۔

    فیض اللہ فراق کا کہنا تھا کہ گلیشیئر پھٹنے سے دریائے غذر کا بہاؤ رک گیا ہے اور پانی جھیل کی شکل اختیار کر چکا ہے

    7 سے 8 کلومیٹر کے علاقے میں جھیل بننے کے باعث متصل دیہات مزید زیرآب آنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے، تاہم پولیس اور مقامی رضاکاروں کی طرف سے بروقت اطلاع پر قیمتی انسانی جانیں بچ گئی تھیں۔

    https://urdu.arynews.tv/glacier-burst-wreaks-havoc-in-gbs-ghizer/

  • ہنزہ میں سیلاب سے تباہی، شاہراہ قراقرم ٹریفک کیلئے بند

    ہنزہ میں سیلاب سے تباہی، شاہراہ قراقرم ٹریفک کیلئے بند

    گلگت(13 اگست 2025): گلگت بلتستان میں دریائے ہنزہ پھر بپھر گیا، گلمت اور گوجال کے مقام پر سیلابی ریلوں نے تباہی مچادی دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دریائے ہنزہ میں طغیانی نے گوجال کے علاقے گلمت کو شدید متاثر کیا ہے گزشتہ روز سیلاب کے بعد شاہراہ قراقرم کو ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک چین بارڈر خنجراب کے اطراف مسافر پھنس گئے، آرسی سی پل سیلابی ملبے تلے دب چکا ہے، ایف ڈبلیو او کے ایکسویٹرز شاہراہ قراقرم کی بحالی کے کام میں مصروف ہیں۔

     دوسری جانب گلمت کے مقامی لوگ بھی مسافروں کی مدد میں پیش پیش ہیں، مقامی رضا کار مسافروں اور مقامی لوگوں کو عارضی پل پار کرا رہے ہیں، رضاکاروں نے بیماروں اور مسافروں کو پیٹھ پراٹھا کر بھی عارضی پل پار کرایا ہے۔

    اس کے علاوہ حکومت گلگت کے ترجمان فیض اللہ فراق نے کہا کہ  پہاڑی پھتر شاہراہ ریشم پر تواتر سے گرتے رہے، حکومت نے ہنزہ انتظامیہ کو امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    ترجمان کے مطابق سیلابی ریلوں سے واٹر چینلز ، کھڑی فیصلوں اور مکانات کا نقصان ہوا ہے، واٹر چینل کی بحالی کے دوران اچانک سیلاب آیا جس کے نتیجے میں 50 مزدوروں نے بھاگ کر جان بچائی۔

  • ’بامِ دنیا فلم فیسٹیول‘ میں جامعہ قراقرم کے طلبہ نے بڑا اعزاز اپنے نام کر لیا

    ’بامِ دنیا فلم فیسٹیول‘ میں جامعہ قراقرم کے طلبہ نے بڑا اعزاز اپنے نام کر لیا

    گلگت: قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغ عامہ کے طلبہ نے ’بامِ دنیا فلم فیسٹیول 2024‘ میں فلموں کی مختلف کیکٹگریز میں اعزاز اپنے نام کر لیا۔

    سرینہ گلگت میں پہاڑوں کے عالمی دن کے حوالے سے اپنی نوعیت کا منفرد ایک روزہ فلم فیسٹیول بعنوان ’بام دنیا فلم فیسٹیول 2024‘ منعقد کیا گیا، یہ خطہ ہندو کش، ہمالیہ اور قراقرم کا سب سے بڑا میلہ ہے۔

    اس فلم فیسٹیول کا مقصد طویل اور مختصر دورانیے کی فلموں اور فلم میکرز کی حوصلہ افزائی اور قدرتی وسائل کو درپیش خطرات سے متعلق شعور و آگاہی بیدار کرنا ہے۔

    بام دنیا فلم فیسٹیول 2024 میں شعبہ ابلاغ عامہ جامعہ قراقرم کے طلبہ کی فلم نے بہترین فلم کا ایوارڈ جیتا، فیسٹیول میں نوجوان فلم سازوں کی تیار کردہ شارٹ فلموں کی نمائش کی گئی، شعبہ ابلاغ عامہ قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے طلبہ سپنہ ضمیر، حفضہ، حکمہ اور رینگچن محمد امر شگری کی فلم نے بہترین فلم کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔

    ایک روزہ بام دنیا فلم فیسٹیول میں طویل اور محتصر دورانیے کی 16 فلمیں آخری مقابلے کے لیے منتخب کی گئی تھیں، جن میں سے تین دستاویزی فلموں کو ایوارڈ سے نوازا جا رہا ہے۔

    فیسٹیول میں شامل فلم سازوں میں سے زیادہ تر یونیورسٹی کے طلبہ تھے جن کے پاس وسائل اور نیٹ ورک کی کمی ہے، منتظمین کے مطابق بام دنیا فلم فیسٹیول گلگت بلتستان کا سب سے بڑا فیسٹیول ہے، جو پہاڑوں والے علاقائی ممالک کے ساتھ مضبوط روابط کے ساتھ ہر سال منعقد کیا جاتا ہے۔

    فیسٹیول میں مجموعی طور پر 18 شارٹ فلمیں نمائش کے لیے پیش کی گئیں، بدھ کو فیسٹیول کے آخری دن جیوری کے ممبران نے 9 کیٹگریز میں فاتحین کو ایوارڈز اور سرٹیفکیٹس تقسیم کیے۔

  • گلگت : سیاحوں کی کار 100 فٹ گہری کھائی میں جاگری،  5 افراد جاں بحق

    گلگت : سیاحوں کی کار 100 فٹ گہری کھائی میں جاگری، 5 افراد جاں بحق

    گلگت : نلتر میں سیاحوں کی کار سو فٹ گہری کھائی میں گرنے سے پانچ افراد جاں بحق ہوگئے، جاں بحق تمام افراد کا تعلق گلگت سے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق گلگت کے مضافاتی سیاحتی مقام نلتر کی سیر کو جانے والی فیملی کو حادثہ پیش آیا۔

    موڑ کاٹتے ہوئے کار سوفٹ کھائی میں جا گری، ریسکیو ورکرز نے بتایا کار میں چھ افراد سوار تھے، انہیں شدید زخمی حالت میں پی ایچ کیو اسپتال گلگت پہنچایا گیا۔

    جہاں دوران علاج پانچ افراد نے دم توڑ دیا جبکہ ایک شخص زیرعلاج ہے، مرنے والوں میں دو بچے اور دو خواتین شامل ہیں۔

    حادثے کا شکار فیملی کا تعلق گلگت شہرسے ہے، فیملی عید پر پکنک منانے کار میں وادی پہنچی تھی۔

  • مارخور کا شکار کرنے والے ملزم کو 2 سال قید،  5 کروڑ سے زائد کا جرمانہ

    مارخور کا شکار کرنے والے ملزم کو 2 سال قید، 5 کروڑ سے زائد کا جرمانہ

    گلگت: مارخور کا غیر قانونی شکار کرنے والے ملزم کو 2 سال قید کی سزا سنادی گئی اور مارخور کی قیمت کی مد میں 5 کروڑ 15لاکھ روپے ادا کرنے کا حکم بھی دیا۔

    تفصیلات کے مطابق گلگت کے نواحی علاقے جوٹیال نالہ میں قیمتی استور مارخور کا غیر قانونی شکار کیا گیا، جس کی اطلاع ملنے پر محکمہ جنگلات،جنگلی حیات اورایف سی کے اہلکاروں نے کارروائی کرکے ملزم کو گرفتار کیا۔

    ملزم کو مجسٹریٹ جنگلی حیات کی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں ملزم نے سمری ٹرائل میں اعتراف جرم کرلیا۔

    محکمہ جنگلی حیات نے بتایا کہ وائلڈلائف مجسٹریٹ نے مارخور کا غیرقانونی شکار کرنے والے ملزم کو دو سال قید کی سزا سناتے ہوئے استور مارخور کی قیمت کی مد میں 5 کروڑ 15لاکھ روپے اور 10 ہزار روپے جرمانہ بھی ادا کرنے کا حکم دیا۔

    مجسٹریٹ نے رقم ادا نہ کرنے کی صورت میں مجرم کو مزید 2سال قید کی سزا کا بھی حکم دے دیا۔

    واضح رہے کہ مارخور کی ٹرافی ہنٹنگ سے قیمتی زرمبادلہ حاصل ہوتا ہے، جس کا 80 فیصد حصہ مقامی لوگوں کو اور20 فیصد سرکار کو ملتا ہے، اگراس قیمتی جنگلی حیات کا شکار کیا جائے تو عوام کو کروڑوں روپوں کا نقصان ہوتا ہے۔

  • اسکردو میں زلزلے کے جھٹکے، سڑکوں پر لینڈ سلائیڈنگ، متعدد افراد زخمی

    اسکردو میں زلزلے کے جھٹکے، سڑکوں پر لینڈ سلائیڈنگ، متعدد افراد زخمی

    گلگت: گلگت بلتستان کے شہر اسکردو کے علاقے روندو میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، اب تک 5 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسکردو کے علاقے روندو میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 4.6 ریکارڈ کی گئی تاہم اس کی گہرائی صرف 10 کلومیٹر تھی۔

    زلزلے کے باعث جگلوٹ اسکردو روڈ کئی مقامات پر بند ہوگئی، ملوپہ کے مقام پر پہاڑی تودہ گرنے سے شاہراہ بند ہوگئی، سڑکوں کی بندش کے باعث مسافر پھنس کر رہ گئے جبکہ ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی ہے۔

    اسسٹنٹ کمشنر روندو محمد اویس کا کہنا ہے کہ زلزلے میں 5 افراد زخمی ہوگئے، 3 زخمیوں کو اسکردو اور 2 کو گلگت منتقل کیا گیا ہے، زلزلے سے جگلوٹ اسکردو روڈ مختلف مقامات پر بند ہوگئی۔

    اے سی کا کہنا ہے کہ علاقے میں سڑکوں اور واٹر چینلز کا بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے، یلبو کے مقام پر آفٹر شاکس کی بھی اطلاعات ہیں، فی الحال سڑکیں بند ہیں حتمی تفصیلات رابطے بحال ہونے پر فراہم ہوسکیں گی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ انتظامیہ کی ٹیمیں مکمل طور پر متحرک ہیں۔

    دوسری جانب گلگت بلتستان کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (جی بی ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ اسکردو میں زلزلے کی وجہ سے نقصانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

  • شیشپر گلیشیئر کے متاثرہ علاقے میں امدادی کارروائیاں جاری

    شیشپر گلیشیئر کے متاثرہ علاقے میں امدادی کارروائیاں جاری

    گلگت: وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے شیشپر گلیشیئر کے نقصانات کا ازالہ اور بحالی کے کاموں کو تیز کرنے کی ہدایت کی ہے، متاثرہ علاقے میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان کے وزیر اعلیٰ خالد خورشید کی زیر صدارت شیشپر گلیشیئر کی صورتحال پر اجلاس ہوا، اجلاس میں گلیشیئر کی جھیل پھٹنے کے نقصانات اور بحالی کے کاموں کا جائزہ لیا گیا۔

    سیکریٹری داخلہ گلگت بلتستان نے اجلاس کو صورتحال پر بریفنگ دی۔

    وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے تعاون سے حسن آباد پر اسٹیل کا پل تعمیر کیا جائے، چیئرمین این ایچ اے نے 6 ماہ میں نیا پل تعمیر کرنے کی یقین دہائی کروائی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بڑے گلیشئیر گلگت بلتستان میں ہیں، گلوبل وارمنگ کا خطرہ بھی سب سے زیادہ گلگت بلتستان کو ہے، ماحولیاتی تبدیلی اور گلیشیئرز کے معاملے پر عالمی ماہرین کی کانفرنس کروائی جائے گی۔

    وزیر اعلیٰ نے سیکریٹری داخلہ کو شیشپر گلیشیئر کے معاملے پر رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت کی، انہوں نے بحالی کے کاموں کو تیز کرنے کے لیے کمیٹی بھی تشکیل دی۔

    کمیٹی سیکریٹری داخلہ، سیکریٹری تعمیرات اور جی بی ڈی ایم اے پر مشتمل ہوگی۔

    امدادی کارروائیاں جاری

    دوسری جانب شیشپر گلیشیئر کے متاثرہ لوگوں کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں، ڈیزاسٹر مینجمنٹ گلگت بلتستان کی جانب سے لوگوں کو امدادی سامان مہیا کیا جارہا ہے۔

    ہنزہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ نے متاثرین کو 15 خیمے، 10 گدے، 10 قالین اور ایک عارضی واش روم فراہم کیا گیا، علاوہ ازیں واٹر ٹینک، فوڈ پیکجز اور ہائی جین کٹس بھی دی گئیں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ حکومت مالی نقصانات کا تخمینہ لگا کر ازالہ کرے گی۔

    متبادل روٹ

    ضلع نگر کے ڈپٹی کمشنر نے قراقرم بندش پر متبادل روٹ کے حوالے سے نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے، قربان علی روڈ، ساس ویلی، نگر اور ہنزہ آنے جانے والی چھوٹی گاڑیوں کے لیے کھلا ہے۔

    نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ درمیانی گاڑیاں بھی گزر سکتی ہیں۔

  • گلگت میں یکے بعد دیگرے زلزلے کے 3 جھٹکے

    گلگت میں یکے بعد دیگرے زلزلے کے 3 جھٹکے

    گلگت: گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں یکے بعد دیگرے زلزلے کے 3 جھٹکے محسوس کیے گئے، ضلعی پولیس کا کہنا ہے کہ جھٹکے شدید تھے تاہم کسی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

    تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں استور، جگلوٹ اور بونجی میں یکے بعد دیگرے زلزلے کے 3 جھٹکے محسوس کیے گئے۔

    زلزلے سے مقامی افراد خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے اور کلمہ طیبہ کا ورد شروع کردیا۔

    ضلعی پولیس کا کہنا ہے کہ جھٹکے شدید تھے تاہم کسی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

    اس سے چند روز قبل صوبہ خیبر پختونخوا کے علاقوں مالاکنڈ، بٹگرام، لوئر دیر، صوابی اور گرد و نواح میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔

    زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.3 ریکارڈ کی گئی، زلزلے کی گہرائی 108 کلو میٹر تھی اور مرکز افغانستان تاجکستان بارڈر تھا۔

  • گلگت بلتستان اسمبلی کی نشست کے لیے ضمنی انتخاب

    گلگت بلتستان اسمبلی کی نشست کے لیے ضمنی انتخاب

    گلگت: گلگت بلتستان اسمبلی کے حلقہ جی بی اے 4 ۔ نگر 1 میں ضمنی انتخاب جاری ہے، مذکورہ نشست پیپلز پارٹی کے امجد حسین کے مستعفی ہونے پر خالی ہوئی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان اسمبلی کے حلقہ جی بی اے 4 ۔ نگر 1 میں ضمنی انتخاب جاری ہے، حلقے کے 42 پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ جاری ہے۔

    پولنگ بلا تعطل شام 5 بجے تک جاری رہے گی، حلقے میں 4 امیدوار مدمقابل ہیں، حلقے میں کل ووٹرز کی تعداد 23 ہزار 497 ہے۔ مرد ووٹرز کی تعداد 12 ہزار 858 جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 10 ہزار 639 ہے۔

    ضمنی الیکشن کے لیے 42 پولنگ اسٹیشنز اور 98 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں، 16 پولنگ اسٹیشن مردوں اور خواتین کے لیے مخصوص ہیں۔ 10 پولنگ اسٹیشنز میں مردوں اور خواتین دونوں کی پولنگ جاری ہے۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پولنگ پر امن طریقے سے جاری ہے۔

    نگر کے ضمنی انتخاب میں پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں میں سخت مقابلہ متوقع ہے، مذکورہ نشست پیپلز پارٹی کے امجد حسین کے مستعفی ہونے پر خالی ہوئی تھی۔ گلگت بلتستان کے الیکشن میں امجد حسین 2 نشستوں سے کامیاب ہوئے تھے۔