Tag: گلگت ایئرپورٹ

  • گلگت ایئر پورٹ پر طیارے میں آگ، حقیقت یا فرضی مشق؟

    گلگت ایئر پورٹ پر طیارے میں آگ، حقیقت یا فرضی مشق؟

    کراچی: گلگت ایئر پورٹ پر طیارے میں آگ لگ گئی، تاہم یہ ایک فرضی مشق تھی جس میں ریسکیو ٹیموں نے کامیابی سے اپنے ہدف کو مکمل کیا۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے گلگت ایئر پورٹ پر کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے فل اسکیل مشق کا انعقاد کیا گیا۔

    اس مشق میں سی اے اے کے شعبہ فائر، ایئر سائیڈ، اور اے ایس ایف سمیت مختلف ریسکیو ٹیموں نے حصہ لیا۔

    فرضی مشق میں گلگت ایئر پورٹ پر طیارے میں لگی آگ بجھائی گئی، ہنگامی صورت حال کے دوران مسافروں کو ریسکیو کر نے کی عملے کی صلاحیتوں کو بروئے کار لایا گیا، اور کوئیک رسپانس میں عملے نے اپنے ہدف کو بروقت مکمل کیا۔

    سی اے اے کا کہنا ہے کہ فل اسکیل مشقوں کا مقصد کسی بھی ہنگامی صورت حال اور ایمرجنسی کی صورت میں ایئر پورٹ پر موجود متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو جانچنا اور مزید فعال بنانا تھا۔

    گلگت ایئر پورٹ مینجر محسن احمد غوری نے بتایا کہ بین الاقوامی شہری ہوا بازی کے قوانین کے مطابق ایئر پورٹ پر ہنگامی مشقوں سے سول ایوی ایشن اور متعلقہ اداروں کے معیار کو مؤثر بنانا ہے۔

  • گلگت ایئر پورٹ پر کچے میں اترنے والے طیارے کی ریکوری کا کام شروع

    گلگت ایئر پورٹ پر کچے میں اترنے والے طیارے کی ریکوری کا کام شروع

    گلگت: پی آئی اے کے انجینئرز نے دو دن قبل گلگت ایئر پورٹ پر کچے میں اترنے والے طیارے کی ریکوری کا کام شروع کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گلگت ایئر پورٹ پر پی آئی اے کا طیارہ کچے میں اتر گیا تھا، جس کے باعث اسے شدید نقصان پہنچا تھا، پی آئی اے کے انجینئرز نے اس کی ریکوری کا کام شروع کر دیا۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کے انجینئرز نے اے ٹی آر طیارے کو کرینوں کی مدد سے سیدھا کر دیا ہے، آج طیارے کو کچے سے رن وے کے ذریعے ہینگر پر منتقل کر دیا جائے گا۔

    ذرایع کے مطابق پی آئی اے کے انجینئرز نے کل شام طیارے کا معائنہ بھی کیا تھا، طیارے کے دائیں وِنگ کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

    تفصیل یہاں پڑھیں:  گلگت ایئرپورٹ : طیارہ کچے میں اترنے کا واقعہ

    انجینئرز طیارے کو پہنچنے والے نقصان کی حتمی رپورٹ تیار کریں گے جس کے بعد یہ رپورٹ سی ای او ملک ارشد کو ایک ہفتے میں پیش کی جائے گی۔

    یاد رہے کہ بیس جولائی کو پی آئی اے کی پرواز پی کے 605 اسلام آباد سے گلگت پہنچی تھی، ایئر پورٹ پر طیارہ رن وے سے پھسلا اور پائلٹ کے قابو سے باہر ہوکر کچے میں اتر گیا، تاہم تمام مسافروں کو فوراً جہاز سے بہ حفاظت باہر نکالا گیا۔

    بعد ازاں پی آئی اے نے طیارے کی کپتان مریم اور فرسٹ آفیسر کو تحقیقات مکمل ہونے تک گراؤنڈ کر دیا تھا۔

  • گلگت ایئرپورٹ : طیارہ کچے میں اترنے کا واقعہ : کپتان اور فرسٹ آفیسر کو گراؤنڈ کردیا گیا

    گلگت ایئرپورٹ : طیارہ کچے میں اترنے کا واقعہ : کپتان اور فرسٹ آفیسر کو گراؤنڈ کردیا گیا

    کراچی : پی آئی اے کے سی ای او ایئرمارشل ارشد ملک نے گلگت ایئرپورٹ پر طیارے کے کچے میں اترنے کے واقعے کا نوٹس لے لیا، جہاز کی کپتان مریم اور فرسٹ آفیسر کو گراؤنڈ کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کا اے ٹی آر طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا، گلگت ائیر پورٹ پر طیارہ رن وے سے پھسلا اور پائلٹ کے قابو سے ہوکر کچے میں اتر گیا تھا تمام مسافروں کو جہاز سے بحفاظت نکال لیا گیا۔

    پی آئی اے کی پرواز پی کے608 اسلام آباد سے گلگت پہنچی تھی۔ پی آئی اے نے کپتان مریم اور فرسٹ آفیسر کو گراؤنڈ کردیا، پی آئی اے کے سی ای او ایئرمارشل ارشد ملک نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی شفاف تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

    اس حوالے سے ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ تحقیقاتی عمل میں غلطی ثابت ہونے پر ایوی ایشن قوانین کے تحت کارروائی کی جائے گی، تحقیقات مکمل ہونے تک مذکورہ پرواز آپریٹ کرنے والے دونوں پائلٹس کو گراؤنڈ کردیا گیا ہے۔

    دوسری جانب سیفٹی انویسٹی گیشن بورڈ کی ٹیم نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر تحقیقات شروع کردی ہے۔ ٹیم نے طیارے کے کچے میں اترنے کے حوالے سے تحقیقات شروع کردی ہے۔

    تحقیقاتی ٹیم نے رن وے کا بھی معائنہ کیا، اس کے علاوہ گلگت ایئرپورٹ کے منیجر نے اے ٹی آر طیارے کی کپتان مریم اور فرسٹ آفیسر کا طبی معائنہ بھی کیا۔

    سی اے اے ذرائع نے کہا ہے کہ قواعد کے مطابق کپتان کے تمام ٹیسٹ کئے گئے ہیں، واضح رہے کہ طیارہ گلگت ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران کچے میں اتر گیا تھا خوش قسمتی سے حادثے میں تمام مسافر محفوظ رہے تھے۔